Tag: Abu Dhabi

  • پاکستان اور آسٹریلیا کا دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا

    پاکستان اور آسٹریلیا کا دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا

    ابوظہبی : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے ابوظہبی میں شروع ہوگا، گرین شرٹس سیریز میں کلین سوئپ اور کینگروز کم بیک کے لئے پرعزم ہیں۔

    دبئی کے صحرا میں پاکستانی شاہینوں کی فتح کے بعد اب ابوظہبی میں بھی گرین شرٹس اونچی اڑان بھرنے کے لئے تیار ہیں، ادھر آسٹریلیا بھی زخمی شیر کی طرح پاکستان پر جھپٹنے کے لیے بیتاب ہے۔

    پہلے ٹیسٹ کے ہیرو یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کی یلغار نے کینگروز کا برا حال کیا تھا، دبئی کے میدان میں تجربہ کار بیٹسمین یونس خان  کی دو سینچریز نے قومی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری دلائی، ایک اور کامیابی پاکستان کی ناکامیوں کا ازالہ کردے گی۔

    پاکستان کو بیس سال سے جس کا انتظار تھا اب وہ گھڑی آگئی ہے، مصباح الیون کے پاس نہ صرف سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے بلکہ گرین شرٹس آخری ٹیسٹ جیت کر انیس سو بیاسی کے بعد کینگروز کو سیریز میں کلین سوئپ بھی کرسکتے ہیں۔

  • دبئی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی

    دبئی ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی

    ابوظہبی : پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کے لئے ابوظہبی پہنچ گئی، سیریز میں کامیابی کے لئے قومی ٹیم بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔

    دبئی میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے کے بعد قومی ٹیم ابوطہبی پہنچ گئی ہے، گرین شرٹس دوسرے ٹیسٹ میں بھی فتح کے لئے پُر عزم ہیں، مصباح الیون نے ابوظہبی میں پریکٹس کا آغاز کردیا ہے۔

    سخت گرمی میں کھلاڑی دبئی ٹیسٹ کی خامیوں کے دور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ منیجمنٹ فیلڈنگ میں بہتری کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پاکستان دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر نہ صرف بیس سال بعد سیریز اپنے نام کرسکتا ہے بلکہ ٹیسٹ رینکنگ میں دنیا تین بہترین ٹیموں میں بھی شامل ہوجائے گا۔

    یہ اکتیس سال بعد پہلا موقع ہوگا جب پاکستان آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کرے گا۔

    اسے قبل انیس سو تیراسی میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا کو تین صفر سے کلین سوئپ کیا تھا۔

    قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو سیریز میں شکست دینے کا یہ سنہری موقع ہے، جسے وہ ضائع نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہے امید ہے ابوظہبی ٹیسٹ میں بھی کامیابی پاکستان کے قدم چومے گی۔

  • ابو ظہبی تیسرا ون ڈے، آسٹریلیا نے پاکستان کوہرادیا

    ابو ظہبی تیسرا ون ڈے، آسٹریلیا نے پاکستان کوہرادیا

    ابو ظہبی: آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دیکر سیریز تین صفر سے جیت لی۔

    ابو ظہبی میں پاکستان ٹیم جیت کا جھنڈا گاڑنے میں ناکام رہی، کینگروز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دیکر سیریز میں وائٹ واش کی ہیٹرک کرلی۔

    آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، وارنر اور فنچ نے ٹیم کو اڑتالیس رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ناصرف آسٹریلیا کی وکٹیں گرائی بلکہ رن زپر بھی بریک لگائی، مہمان ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں پر دو سو اکتیس رنز ہی بناسکی۔

    ہدف کے تعاقب میں پاکستانی کو احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے چھپن رنز کا آغاز تو فراہم کیا لیکن ایک وکٹ گرتے ہوئے بلے بازوں نے تین وکٹوں کا تحفہ آسٹریلیا کی جھولی میں رکھ دیا، اسد شفیق اور صہیب مقصود کی شراکت نے میچ میں پاکستان کی فتح کو یقینی بنا دیا اور پھر وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔

    ایک وکٹ گرتے ہی بلے باز وکٹ پر جم نہ سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہی، آخری اوور میں دو کھلاڑی بھی دو رنز نہ بنا سکے، اور پوری ٹیم دو سو تیس رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

  • پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: ابو ظہبی میں آخری ون ڈے آج کھیلا جائیگا

    پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا: ابو ظہبی میں آخری ون ڈے آج کھیلا جائیگا

     ابو ظہبی: پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے آج ابو ظہبی میں کھیلا جائےگا۔ آسٹریلیا کو سیریز میں پہلے ہی دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، امکان ہے کہ مصباح الحق کی جگہ شاہد آفریدی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    پاکستانی ٹیم کے پاس عزت بچانے کا آخری موقع ہے، سیریز گنوانے کے بعد شاہینوں پر کلین سوئپ کے بادل منڈلانے لگے، گرین شرٹس کو وائٹ واش سے بچنے اور اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کیلئے ایک جیت درکار ہے۔

    دوسری جانب کینگروز بھی شاہینوں کو مسلسل تیسری شکست دیکر جیت کی ہیٹرک مکمل کرنے کیلئے میدان میں اتریں گے، شارجہ ون ڈے میں ترانوے رنز سے آؤٹ کلاس کرنے کے بعد دبئی میں بھی کینگروز نے پانچ وکٹوں سے شاہینوں کو قابو کیا۔

    دونوں میچز میں شکست کی وجہ ناقص بیٹنگ رہی ۔ بڑے بڑے نام ہونے کے باوجود قومی ٹیم سیریز میں ایک بار بھی پچاس اوورز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکی، مصباح، عمر اکمل، آفریدی اور فواد عالم سمیت کوئی بھی وکٹ پر نہ جم سکا۔

    دبئی ون ڈے میں ایک سو چھبیس رنز کے شاندار آغاز کے بعد بھی قومی ٹیم مقررہ اوورز سے پہلے ہی ڈھیر ہوگئی۔ بلے بازوں نے غلطیوں سے کچھ نہ سیکھاتو ایک بار پھر جیت آسٹریلیا کے قدم چومے گی۔