Tag: Abu Dhabi

  • ابو ظہبی: ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے پر رعایت کس صورت میں مل سکتی ہے؟

    ابو ظہبی: ٹریفک خلاف ورزی کے جرمانے پر رعایت کس صورت میں مل سکتی ہے؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں پر رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ابو ظہبی ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے پہلی فرصت میں جمع کرانے والوں کے لیے رعایت کا اعلان کیا ہے۔

    60 دن کے اندرجرمانہ جمع کروانے پر 35 فیصد اور 60 دن سے ایک سال کے اندر جرمانہ ادا کرنے پر 25 فیصد رعایت ملے گی۔

    ابو ظہبی ٹریفک پولیس نے کا کہنا تھا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے کسی منافع کے بغیر مقررہ بینکوں کے ذریعے قسطوں میں بھی جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

    ابو ظہبی نیشنل بینک، الامارات الاسلامی، المشرق، ابو ظہبی کمرشل اورابو ظہبی اسلامی بینکوں میں سے کسی ایک بینک میں ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ قسطوں میں ادا کیا جاسکتا ہے۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ جرمانوں کی ادائیگی 4 چینلز کے ذریعے کی جا سکتی ہے، ان میں ابو ظہبی پولیس کی ویب سائٹ، سمارٹ ایپ (تم، شرطہ ابو ظہبی)، اسعاد سروس سینٹر اور براہ راست ادائیگی شامل ہیں۔

    ابو ظہبی پولیس کی جنرل کمانڈ نے آگے بڑھو اور فائدہ اٹھاؤ کے سلوگن کے تحت آگہی مہم شروع کی ہے، اس کے ذریعے عوام کو ٹریفک خلاف ورزیوں کے چالان جلد جمع کروانے پر مختلف سہولتوں اور رعایتوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔

  • ارجنٹینا فٹبال ورلڈ کپ کی تیاری ابو ظہبی میں کرے گا

    ارجنٹینا فٹبال ورلڈ کپ کی تیاری ابو ظہبی میں کرے گا

    رواں برس قطر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم ابو ظہبی میں قیام کرے گی اور دوستانہ میچ کھیلے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن اور ابو ظہبی اسپورٹس کونسل کے درمیان اسٹریٹجک تعاون معاہدہ کے بعد ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم اس سال قطر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے ابو ظہبی میں قیام کرے گی۔

    2 بار ورلڈ کپ فٹ بال جیتنے والی ارجنٹینا کی ٹیم اپنی تیاریوں کے لیے ابو ظہبی میں دوستانہ میچ کھیلے گی۔

    ارجنٹینا کے سپر اسٹار لیونل میسی کے لیے ٹرافی جیتنے کا یہ آخری موقع ہوگا کیونکہ وہ ٹورنامنٹ شروع ہونے تک 35 سال کے ہو جائیں گے۔

    ابو ظہبی اسپورٹس کونسل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مشترکہ کام کے کئی مہینوں کے تبادلے کے بعد ابو ظہبی اسپورٹس کونسل نے ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایک طویل معاہدے کو مضبوط کیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابو ظہبی 2022 کے ورلڈ کپ کے لیے ارجنٹینا کی قومی ٹیم کی تیاری کے کیمپ کی میزبانی کرے گا جس میں نومبر میں دوستانہ میچ بھی شامل ہوں گے۔

    ارجنٹینا کے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کے ایک حصے کے طور پر ابو ظہبی میں سپر کوپا ارجنٹینا فائنلز 2023 سے 2026 تک مسلسل 4 سال تک کھیلے جائیں گے۔

    ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن لاطینی امریکا کی پہلی فیڈریشن بن گئی ہے جس نے مشرق وسطیٰ کے خطے میں اعلی عالمی اثر والے کھیلوں کے ایونٹ کو برآمد کیا۔

    ارجنٹینا کو گروپ سی میں رکھا گیا ہے جو 22 نومبر کو سعودی عرب کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، اس کے بعد وہ 26 نومبر کو میکسیکو کا سامنا کرے گا اور 30 نومبر کو پولینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

    یاد رہے کہ فٹ بال کا عالمی کپ رواں برس 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں کھیلا جائے گا۔

  • ابو ظہبی ایئرپورٹ پر سفری پابندیوں میں نرمی، گرین لسٹ سسٹم منسوخ

    ابو ظہبی ایئرپورٹ پر سفری پابندیوں میں نرمی، گرین لسٹ سسٹم منسوخ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں غیر ملکی مسافروں کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے گرین لسٹ سسٹم منسوخ کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی میں سیاحت و ثقافت کے ادارے نے کہا ہے کہ ابو ظہبی آنے والے مسافروں کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کی گئی ہے، گرین لسٹ سسٹم منسوخ کردیا گیا ہے۔

    ابو ظہبی میں حکام ایسے ممالک کی فہرست اپ ڈیٹ کرتے رہے ہیں جہاں سے ابو ظہبی سفر کرنے والوں پر پابندیاں عائد نہیں تھیں، اب گرین لسٹ کا سلسلہ ختم کردیا گیا ہے۔

    ابو ظہبی آنے والوں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری نہیں رہا، مسافروں سے صرف کیو آر کوڈ پر مشتمل ویکسین سرٹیفکیٹ طلب کیا جاتا ہے۔

    بغیر ویکسین والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ ضروری ہے، اس کا نمونہ سفر سے 48 گھنٹے قبل کا نہ ہو۔

    ویکسین نہ لگوانے والوں میں ایسے افراد بھی شامل ہوتے ہیں جو کرونا سے صحت یاب ہوچکے ہوتے ہیں، ان سے صحت یابی کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جاتا ہے، بشرطیکہ وہ سفر سے پہلے 30 دن کے اندر اور کیو آر کوڈ پر مشمل ہو۔

    12 برس سے کم عمر بچے پی سی آر ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہیں۔

  • ابوظبی: تارکین وطن کے لئے سول میرج اور طلاق کے قانون سے متعلق اہم فیصلہ

    ابوظبی: تارکین وطن کے لئے سول میرج اور طلاق کے قانون سے متعلق اہم فیصلہ

    ابوظبی: ابوظبی نے تارکین وطن یا غیر ملکیوں کے لیے سول میرج اور طلاق کے قانون کے نفاذ کے لیے قواعد و ضوابط کی منظوری دے دی ہے۔

    عرب نیوز نے اماراتی نیوز ایجنسی وام کے حوالے سے بتایا کہ ان قواعد کے تحت سول میرج اور اس کے اثرات بشمول عدالتی طلاق، بچوں کی مشترکہ تحویل، طلاق کی وجہ سے پیدا ہونے والے مالی مسائل، وصیت، وراثت اور گود لینے سے متعلق معاملات کی تشریح کی گئی ہے۔

    عرب امارات کے نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید النہیان، وزیر برائے صدارتی امور اور ابو ظبی جوڈیشل ڈیپارٹمنٹ کے چیئر مین نے سال2022 کا فیصلہ نمبر 8 جاری کیا ہے جس میں سال 2020 کے سول میرج اور طلاق کے قانون نمبر 14 کے نفاذ کے لیے ظابطوں کی منظوری دی ہے۔

    نئے قانون کے تحت سول میرج کو بیوی اور شوہر دونوں کی رضامندی کی بنیاد پر لاگو کیا جائے گا، شادی کرنے کے لیے خاتون کو اپنی فیملی کی رضامندی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں: ابوظبی میں آپ جب چاہیئں بس بلاسکتے ہیں، آن ڈیمانڈ بس سروس کا آغاز آج سے ہوگیا

    اس کے علاوہ طلاق لینے کی صورت میں میاں بیوی کو شادی کے دوران ہونے والے ممکنہ نقصان کو ثابت کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔

    اماراتی اخبار خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’قانون کے مطابق تارکین وطن جوڑوں کے لیے پہلی سماعت میں ہی طلاق کے حق میں فیصلہ سنا دیا جائے گا جبکہ فیملی کی آگہی سے متعلق محکموں کے پاس بھی نہیں جانا پڑے گا اور نہ ہی علیحدگی اختیار کرنے والے جوڑے کو مفاہمتی سیشنز لینا پڑیں گے۔‘

    بیوی کے مالی حقوق چند نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیے جائیں گے، جن میں شادی کا عرصہ، بیوی کی عمر، بیوی اور شوہر کے مالی حالات کے علاوہ دیگر بھی شامل ہیں۔

    نئے قانون کے مطابق دونوں والدین کے درمیان بچوں کی تحویل کا معاملہ مساوی حقوق کی بنیاد پر طے کیا جائے گا۔

  • ابو ظہبی میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت

    ابو ظہبی میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں 2 ٹریلین مکعب فٹ سے زائد قدرتی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی کی نیشنل پیٹرولیم کمپنی ادنوک نے کہا ہے کہ ابو ظہبی کے سمندر میں 2 ٹریلین مکعب فٹ سے زیادہ قدرتی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

    ابو ظہبی نے 2019 کے دوران پیٹرول اور گیس کے ذخائر دریافت کرنے کے لیے جو نئے لائسنس جاری کیے تھے یہ اس کے مسابقتی عمل کا پہلا حصہ ہے۔

    اماراتی وزیر صنعت و ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان الجابر نے کہا کہ یہ کامیابی قیادت کی فراست اور دور اندیشی کا نتیجہ ہے۔

    علاوہ ازیں ادنوک کمپنی نے اسمارٹ شراکت کی جو پالیسی اپنائی ہے اس کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

    گیس کے نئے ذخائر اٹلی کے اینی کمپنی اور تھائی لینڈ کی بی ٹی ٹی کمپنی کی شراکت سے دریافت ہوئے ہیں، مذکورہ کمپنیاں ابو ظہبی کے شمال مغرب میں 4 ہزار 33 مربع کلو میٹر کے رقبے میں ذخائر دریافت کررہی ہیں۔

  • ابوظبی میں داخل ہونے والوں کے لیے بڑی شرط عائد

    ابوظبی میں داخل ہونے والوں کے لیے بڑی شرط عائد

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے پیش نظر ابوظبی نے آنے والوں پر بوسٹر شاٹس کا ثبوت دکھانا لازمی کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں داخلے کے لیے اب بوسٹر شاٹس کا ثبوت دکھانا ضروری قرار دے دیا گیا ہے، گرین پاس کی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے کرونا کا نیگیٹو رپورٹ بھی دکھانی ہوگی۔

    وزارت صحت کی ہیلتھ ایپ کے ذریعے رواں ہفتے کے آغاز میں واضح کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں داخل ہونے والے افراد کو اپنی ویکسینیشن کی حیثیت کی تصدیق کرتے ہوئے گرین پاس دکھانا ہوگا۔

    ہیلتھ ایپ میں اب ایسے افراد جنھوں نے ویکسینیشن کی دونوں ڈوز مکمل کر لی ہیں اور 6 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے انھیں بوٹسر ڈوز لینا ضروری ہے ورنہ انھیں مکمل طور پر ویکسین شدہ نہیں سمجھا جائے گا۔

    ابوظبی میں داخل ہونے والے افراد کے لیے بھی ایپ پر اپنے گرین پاس کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے 2 ہفتوں کے اندر کرونا وائرس کا نیگیٹو رزلٹ دکھانا ہوگا۔

    ابوظبی کے محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام افراد پر لازمی ہے کہ عوامی مقامات یا سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے سے پہلے ہیلتھ ایپ پر اپنا گرین پاس ضرور دکھائیں۔

    وزارت صحت کے مطابق امارات نے اپنی 90 فی صد سے زیادہ آبادی کی مکمل ویکسینیشن کر دی ہے، یہ شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے، خیال رہے کہ امارات میں دسمبر 2021 میں کرونا کیسز میں واضح کمی دیکھی گئی تھی تاہم اب ایک بار پھر کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

  • ابو ظہبی کووڈ 19 کے مریضوں کو انفیکشن سے بچانے والی دوا خریدے گا

    ابو ظہبی کووڈ 19 کے مریضوں کو انفیکشن سے بچانے والی دوا خریدے گا

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت نے ابو ظہبی ایسٹرا زینیکا کمپنی کی دوائی اے زیڈ ڈی 7442 خریدنے کا اعلان کیا ہے، یہ دوائی کووڈ 19 کے ایسے مریضوں کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے لیے پر تیار کی گئی ہے جنہیں کسی طبی وجہ سے ویکسین نہیں لگائی جاسکی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اماراتی دارالحکومت ابوظہبی نے ایسٹرا زینیکا کمپنی کی دوائی اے زیڈ ڈی 7442 خریدنے کا اعلان کیا ہے، یہ خریداری ضروری میڈیکل آلات فراہم کرنے والے متحدہ عرب امارات کے گروپ پرچیزنگ ادارے رافد کے تعاون سے کی جائے گی۔

    یہ دوائی کووڈ 19 کے انتہائی خطرے کے حامل ایسے مریضوں کو انفیکشن سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے جنہیں کسی طبی وجہ سے ویکسین نہیں لگائی جاسکی۔

    ابو ظہبی نے اے زیڈ ڈی 7442 کے حصول کے لیے رافد کے ذریعے ایک ہموار سپلائی چین قائم کی ہے جو رافد ڈسٹری بیوشن سنٹر کے ذریعے اس دوائی کی خریداری، ذخیرہ کرنے اور تقسیم کرنے میں سہولت کار کا کردار ادا کرے گا۔

    ابو ظہبی محکمہ صحت کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر جمال محمد الکعبی کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے کووڈ 19 سے تحفظ کے لیے متحدہ عرب امارات نے بے مثال کوششوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ استعمال کے لیے منظور کیے جانے پر یہ دوا قوت مدافع سے محروم مریضوں کی مدد کرے گی جو طبی وجوہات اور محدود خود کار قوت مدافعت کی وجہ سے ویکسین حاصل نہیں کر سکے۔

  • خبردار، ابوظبی میں سرخ سگنل کی خلاف ورزی پر اب یہ بھی ہو سکتا ہے

    خبردار، ابوظبی میں سرخ سگنل کی خلاف ورزی پر اب یہ بھی ہو سکتا ہے

    ابوظبی: یو اے ای میں ٹریفک قوانین میں مزید سختی آ گئی ہے، ابوظبی میں سرخ سگنل کی خلاف ورزی پرگاڑی ضبط اور بھاری جرمانے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی پولیس نے کار سواروں کو تنبیہ جاری کی ہے کہ وہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور ڈرائیونگ کے دوران سڑک پر توجہ مرکوز رکھیں، بہ صورت دیگر اس کے عواقب برداشت کرنے ہوں گے۔

    ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک سگنل کی خلاف وزری پر مجموعی طور پر 51 ہزار درہم اور 12 ٹریفک پوائنٹس کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کی رپورٹ میں ابوظبی پولیس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کی ضبطی سے متعلق قانون نمبر 5 برائے 2020 کے مطابق ایسی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو ایک ہزار درہم جرمانہ اور 12 بلیک پوائنٹس جاری کیے جائیں گے۔

    اس قانون کے تحت جو کار سوار سرخ سگنل کی خلاف ورزی کریں گے ان کی گاڑی 30 دن کے لیے ضبط کر لی جائے گی اور انھیں گاڑی واپس حاصل کرنے کے لیے 50 ہزار درہم فیس ادا کرنا ہوگی۔

    بیان کے مطابق اس جرم کے مرتکب شخص کا ڈرائیونگ لائسنس 6 ماہ معطل رہے گا اور عائد شدہ جرمانہ یک مُشت تین ماہ کے اندر جمع کرانا ہوگا، جرمانے کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں ضبط شدہ گاڑی نیلام کر دی جائے گی۔

  • قانون سازی جدید خطوط پراستوار، ابوظبی بازی لے گیا

    قانون سازی جدید خطوط پراستوار، ابوظبی بازی لے گیا

    ابوظبی: ابوظبی نے قانون سازی میں تاریخی اصلاحات کرتے ہوئے گلوبل لیڈر شپ حاصل کرلی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ابوظبی میں قانون سازی کو جدید خطوط پر استوار کردیا ہے، جس کے باعث ججز اب آن لائن فیصلہ سازی کرسکیں گے، یہ اعلان ابوظبی جوڈیشل ڈیپارنمنٹ (اے ڈی جے ڈی) کی جانب سے کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ ابوظبی میں قانون سازی کے لئے اپنی نوعیت کی پہلی ون اسٹاپ شاپ فار لیجسٹلیشن اقدام اٹھایا گیا ہے۔

    ابتدائی طور پر العین اور دھفرا میں ججز کو تنازعات سے متعلق کیسز سننے کے لئے کسی زمینی دفتر کی ضرورت نہیں ہوگی، وہ اب آن لائن بھی مقدمات کی سماعت کرسکیں گے۔

    اسی فیصلے کے تحت ججز ویڈیو کانفرنس کی مدد سے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فیصلہ سازی کرسکیں گے، یہ اقدام نائب وزیر اعظم اور صدارتی امور کے وزیر اور ابوظبی جوڈیشل ڈیپارنمنٹ کے چیئرمین شیخ منصور بن زید النیہان کی ہدایات کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق تاریخی اقدام کا مقصد ابوظبی کی اعلیٰ ترجیحات میں جوڈیشل اور قانونی ضروریات پوری کرنا، تیزی سے رونما ہونے والی ترقی اور اہداف کا حصول اور عالمی پریکٹس کے کا حصول ہے۔

    اے ڈی جے ڈی کے انڈر سیکریٹری یوسف سعید الابری کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ابوظبی کیپٹل کورٹ نے الیکٹرانک قانون سازی میں گلوبل لیڈر شپ حاصل کرلی ہے، انہوں نے بتایا کہ ون اسٹاپ شاپ انیشیٹو کمیونٹی کو فائدہ پہنچائے گی اور اس سے عوام کا اعتماد مزید بڑھ جائے گا۔

    واضح رہے کہ یہ اقدام متعارف کرانے کی بڑی وجہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ بھی ہے، کیونکہ عالمی وبا پھیلنے کے بعد ابوظبی کی عدالتوں میں زیادہ تر سماعتوں کو دو دراز سے سنا گیا، کئی مقدمات میں بغیر قانونی چارہ جوئی کے ملزمان کو ریلیف ملا۔

  • ابوظبی ائیرپورٹ نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

    ابوظبی ائیرپورٹ نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

    ابوظبی: ابوظبی انٹر نیشنل ایئرپورٹ نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ابوظبی ایئرپورٹ نے حال ہی میں وسطی لندن میں منعقدہ گلوبل ٹریول ریٹیل ایوارڈز میں ’’ بہترین ایئرپورٹ برائے ریٹیل ماحولیات دوہزار اکیس ‘‘ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

    کارپوریٹ اسپانسرز (ٹی آر بزنس) اور مائنڈ سیٹ نے اس ایوارڈ کا اعلان صارفین بلاگرز کے ایک پینل کی وسیع آرا (وی لوگر) اور ہزاروں بین الاقوامی مسافروں کی رائے کو مدنظر رکھ کرکیا۔

    اس موقع پر ابوظبی ہوائی اڈے کے چیف کمرشل آفیسر فرانکوئس بوریئن نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں اس کامیابی پر بہت خوشی ہے کیونکہ یہ ابوظبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایک اہم ایئرپورٹ ریٹیل تجربے میں تبدیل کرنے کے لئے ہماری محنت کا اعتراف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ صرف آغاز ہے، ہم اپنی ریٹیل آفر کو بڑھانا چاہتے ہیں اور ابوظبی ہوائی اڈے کو مسافروں کے لیے ایک شاندار اور خوشگوار تجربہ بنانا چاہتے ہیں۔