Tag: Abu Dhabi

  • ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے پر جرمانہ عائد

    ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے پر جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے والوں پر جرمانہ عائد کردیا گیا، ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ ماسک اور دستانوں کا کچرا ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔

    مقامی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ابو ظہبی میں ماسک اور دستانے پھینکنے والوں کو 6 ٹریفک پوائنٹس اور 272 امریکی ڈالر کا جرمانہ کیا جائے گا۔

    ابو ظہبی پولیس کا کہنا ہے کہ ماسک اور دستانوں کا کچرا ماحول کے لیے نقصان دہ ہے اور اس سے کمیونٹی بھی متاثر ہوتی ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 44 ہزار نئے ٹیسٹ کیے ہیں جس کے نتیجے میں 540 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، اور اس طرح ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 38 ہزار 808 ہو گئی ہے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے اور مرنے والوں کی کل تعداد 270 ہو گئی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق ایک دن میں 745 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں اور اس طرح متحدہ عرب امارات میں شفا یاب ہونے والے افراد کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

  • ابو ظہبی میں داخلے پر پابندی عائد

    ابو ظہبی میں داخلے پر پابندی عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں منگل 2 جون سے ایک ہفتے کے لیے شہر میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے، مخصوص افراد اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں منگل 2 جون سے ایک ہفتے کے لیے شہر میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ابو ظہبی کے ابلاغی اداروں کے مطابق یہ پابندی نئے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر کردہ ایس او پیز کے تحت لگائی گئی ہے۔

    ریاست ابو ظہبی میں کرونا کی وبا سے پیدا ہونے والے بحرانوں، قدرتی آفات اور ایمرجنسی مسائل کی نگراں کمیٹی نے طے کیا ہے کہ منگل 2 جون سے نہ تو ابو ظہبی کسی کو آنے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ ریاست کے شہروں ابو ظہبی، العین اور الظفرہ کے درمیان نقل و حرکت پر بھی پابندی رہے گی۔

    مذکورہ تینوں شہروں کے اندر نقل و حرکت رات کے وقت مقرر کردہ کرفیو ضوابط کی پابندی کے تحت کی جاسکے گی، آمد و رفت اور نقل و حرکت پر پابندی سب کے لیے ہوگی البتہ ملک کے اہم اداروں کے ملازمین اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    لاعلاج امراض میں مبتلا وہ افراد بھی مستثنیٰ ہوں گے جنہیں علاج کے لیے اسپتال جانا پڑ رہا ہو۔ بنیادی ضروریات کا سامان لانے لے جانے والے ٹرانسپورٹ پر بھی آمد و رفت کے حوالے سے پابندی نہیں ہوگی۔

  • ابو ظہبی: کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے انوکھا طریقہ

    ابو ظہبی: کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے انوکھا طریقہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں حکام نے کرفیو کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے ریڈار سسٹم کا استعمال شروع کر دیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ابو ظہبی پولیس نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اور کرفیو کی پابندی نہ کرنے والوں کو پکڑنے کے لیے ریڈار سسٹم کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ امارات میں کرفیو کے دوران شہری روزانہ رات دس بجے سے صبح 6 بجے تک گھروں میں ر ہنے کے پابند ہیں، اس دوران گھروں سے نکلنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    ابو ظہبی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران گھروں سے نہ نکلیں۔

    اس دوران صرف اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز سے ادویات اور علاج کے لیے نکلنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کسی اور کام کے لیے نکلنے پر پابندی ہے۔

    نکلتے وقت ماسک پہننا اور دستانے استعمال کرنا ضروری ہے جبکہ سماجی فاصلے کی پابندی بھی کی جائے گی۔

    ابو ظہبی کے پبلک پراسیکیوٹر نے اعلان کیا ہے کہ جو شخص رات 10 بجے سے صبح 6 بجے کے دوران انتہائی ضرورت کے بغیر گھر سے نکلے گا، اس پر 2 ہزار درہم کا جرمانہ ہوگاَ۔

    کرونا وائرس کے اقدامات کی خلاف ورزی پر اعتراض پبلک پراسیکیوشن کے لنک پر جا کر بھی ریکارڈ کروایا جاسکتا ہے، اعتراض ریکارڈ کرواتے وقت جرمانے کے غلط ہونے کا ثبوت بھی منسلک کرنا ہوگا۔

  • ابو ظہبی: نجی اسکول فیسیں کم کریں اور والدین سے رعایت برتیں

    ابو ظہبی: نجی اسکول فیسیں کم کریں اور والدین سے رعایت برتیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کے محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ نجی اسکول فیسیں کم کریں اور حالات کے پیش نظر والدین سے رعایت برتیں۔

    غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق ابو ظہبی کے محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں سے کہا ہے کہ وہ فیس کم کریں اور بسوں کے زر اشتراک پر نظر ثانی کریں، دیگر فیسیں بھی کم کی جا سکتی ہوں تو ضرور کریں تاہم اساتذہ کی تنخواہوں میں کمی سے گریز کیا جائے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر اساتذہ کی تنخواہوں میں کمی ناگزیر ہو تو ایسی صورت میں ایسا حل نکالا جائے جو فریقین کے لیے قابل قبول ہو۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق آئندہ ہفتوں کے دوران تعلیم کے معاملات انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے برتے جائیں، تعلیمی فیس سے متعلق طلبہ کے والدین کے استفسارات کے جواب حکمت اور فراست سے دیے جائیں۔ ان سے رابطے کر کے ان کا تعاون حاصل کیا جائے۔

    محکمے نے ہدایت کی ہے کہ ہر اسکول طلبہ کے سرپرستوں کے سوالوں کے جواب دینے کے لیے رابطہ افسر مقرر کرے، یہ افسر تجاویز اور شکایات بھی ریکارڈ کرے۔ اسکول مختلف فیسیں کم کرنے کی اسکیمیں بنائے، یہ کام مختلف اخراجات کم کر کے کیا جاسکتا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض طلبہ کے سرپرست ان دنوں مشکل میں ہیں، انہیں سکول فیس دینا بھاری پڑ رہا ہے، کسی کی ملازمت چلی گئی ہے، کسی کو بغیر تنخواہ چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ ان تمام انسانی حالات کا لحاظ کیا جائے اور بچوں کی تعلیم میں خلل نہ ڈالا جائے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نجی اسکول غیر تدریسی عملے سے تنخواہوں میں عارضی کمی کے لیے مذاکرات کر سکتے ہیں تاہم اس بات کو مدنظررکھا جائے کہ وہ بھی گھر چلا رہے ہیں۔

    خیال رہے کرونا وائرس کے باعث ابو ظہبی میں کئی اسکول پہلے ہی فیس میں 20 فیصد رعایت کا اعلان کر چکے ہیں۔

  • یو اے ای، مسافر بس اور ٹرک میں تصادم، 6 افراد جاں بحق

    یو اے ای، مسافر بس اور ٹرک میں تصادم، 6 افراد جاں بحق

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں مسافر بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے علاقے الرحا میں مسافر بس ٹرک میں‌ جاگھسی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔

    ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ جمعرات کو طلوع فجر کے دوران الرحا بیچ اسٹریٹ پر پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ مسافر بس کے ڈرائیور کی لاپرواہی کے سبب پیش آیا جو ٹرک کے سامنے آکر لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا، مسافر بس کے ڈرائیور نے ٹرک ڈرائیور کو پریشان کیا اور اسے اچانک رکنے پر مجبور کیا، ٹرک کے رکتے ہی بس ٹرک سے جاٹکرائی۔

    لیفٹیننٹ کرنل محمد عبدالرحیم الحسینی پولیس کو صبح سویرے حادثے سے متعلق رپورٹ ملی جس کے بعد ایمبولینس اور پولیس اہلکاروں ںے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے 19 افراد کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ 2 جنوری کو یو اے ای کی ریاست راس الخیمہ میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

  • یو اے ای، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ رکھنے پر جرمانہ ہوگا

    یو اے ای، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ رکھنے پر جرمانہ ہوگا

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ رکھنے والے ڈرائیورز پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی پولیس نے گاڑیوں کے مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھ کر چلیں بصورت دیگر ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    ابوظبی محکمہ ٹریفک کے مطابق گاڑیوں کے درمیان فاصلہ نہ رکھنے پر 400 درہم جرمانہ ہوگا اور ڈرائیورز کے خلاف چار ٹریفک پوائنٹ ریکارڈ کرلیے جائیں گے۔

    پولیس جرمانے کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعے دے گی، خلاف ورزی دہرانے پر نئے جرمانے کی تنبیہ بھی کی جائے گی۔

    ابوظبی پولیس نے گاڑیوں کے درمیان مقررہ فاصلے کی پابندی نہ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کے لیے ریڈار کی تنصیب شروع کردی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 15 جنوری 2020 سے اسمارٹ سسٹم اور مختلف مقامات پر نصب ریڈار کے ذریعے خلاف ورزیاں کرنے والوں کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔

    ابوظبی محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر محمد علی ضاہی الحمیری نے کہا کہ ابوظبی پولیس اس حوالے سے آگاہی مہم چلائے گی، بعض ڈرائیور شاہراہوں اور عام سڑکوں پر ڈرائیونگ کے دوران گاڑیوں کے درمیان فاصلہ نہیں رکھتے۔

    انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم پانچ زبانوں میں چلائی جائے گی، سوشل میڈیا پر بھی ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے، ڈرائیوروں کو گاڑیوں کے درمیان فاصلہ نہ رکھنے کے خطرات سے آگاہ کیا جائے گا۔

    محمد علی ضاہی الحمیری نے کہا کہ حادثہ ہونے کی صورت میں متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا جاتی ہیں، اس قسم کے واقعات سے بچاؤ کے لیے ہی گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھنے کا قانون بنایا گیا ہے۔

  • ابوظبی میں ٹریفک کا نیا قانون لاگو : خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی

    ابوظبی میں ٹریفک کا نیا قانون لاگو : خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی

    ابوظبی : موسم کی خراب صورتحال اور حادثات کے پیش نظرابوظبی پولیس حکام نے شہریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں کی رفتار80کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی پولیس نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ ابوظبی۔ دبئی روڈ، ابوظبی۔ العین روڈ اور العین۔ دبئی روڈ پر انتہائی رفتار کم کرکے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کردی گئی ہے۔

    اس فیصلے پر عمل درآمد بھی شروع کردیا گیا ہے لہٰذا شہری قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے مقررہ حد سے گاڑی کی رفتار نہ بڑھائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق ابوظبی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عوام کو مطلع کیا کہ انتہائی رفتار80 کلو میٹر فی گھنٹہ کم کرنے کی وجہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہیں۔

    بارش کے موسم اور مطلع ابر آلود ہونے کی صورت میں ڈرائیوروں کی سالمیت کا تقاضا ہے کہ وہ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زیادہ گاڑی نہ چلائیں۔

    اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ ہر ڈرائیور دوسری گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھ کر چلے۔ خصوصی طور پر خراب موسمی حالات میں اس بات کا لحاظ بہت زیادہ کیا جائے۔

    پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں بیشتر حادثات گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ ہونے کی وجہ سے بھی پیش آئے ہیں۔

  • گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری : ابوظبی ٹریفک پولیس نے جرمانوں کی رقم آدھی کردی

    گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری : ابوظبی ٹریفک پولیس نے جرمانوں کی رقم آدھی کردی

    ابوظبی : ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزیوں پر مقررہ جرمانوں میں50 فیصد مشروط کمی کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق 60روز اندر جرمانے کی ادائیگی کرنے والے افراد کو آدھی رقم ادا کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر چالان کی رقم کی پیشگی ادائیگی کا فارمولا جاری کیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ جرمانوں میں50 فیصد مشروط کمی کی جارہی ہے جس کا اطلاق اتوار22 دسمبر سے ہوگا۔

    ابوظبی پولیس کی جنرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے60 دن کے اندر عائد جرمانہ ادا کردیتے ہیں تو اس صورت میں جرمانے کی رقم میں 50 فیصد کمی کردی جائے گی۔

    اس کے علاوہ خلاف ورزی پر گاڑی تحویل میں لینے اور تاخیر پر جرمانہ ہوا تو اس میں 35فیصد کمی کی جائے گی۔

    ابوظبی ٹریفک پولیس کے جاری کردہ چارٹ کے مطابق28 اقسام کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے والے افراد رعایتی فارمولے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

  • ابوظبی، 3 سالہ بچی نے سونے کی بالیاں نگل لیں

    ابوظبی، 3 سالہ بچی نے سونے کی بالیاں نگل لیں

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 3 سالہ بچی نے سونے کی بالیاں نگل لیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں 3 سالہ بچی نے دراز کھول کر والدہ کی سونے کی بالیاں نگل لیں، بچی کو پیٹ میں درد کی شکایت پر شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں گھریلو کاموں میں مصروف تھی کہ بچی نے کمرے میں جاکر دراز کھولی اور اس میں رکھی سونے کی بالیاں کھا لیں۔

    بچی کو شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے فیملی ڈاکٹر ڈیوڈ روٹ نے کامیاب آپریشن کرکے بچی کے پیٹ سے سونے کی بالیاں نکال لیں۔

    ڈاکٹر روٹ کا کہنا ہے کہ پہلے ایک ٹیم نے بچی کا احتیاط سے معائنہ کیا اور معصوم بچی کی زندگی بچانے کے لیے آپریشن کے ذریعے اس کے پیٹ سے بالیاں نکالنے میں کامیاب رہے۔

    مزید پڑھیں: شارجہ، ماں کی لاپروائی 3 سالہ بچے کی جان لے گئی

    شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی اسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کیس اکثر اوقات آتے رہتے ہیں، کبھی کسی بچے نے سکہ، چھوٹی بیٹریز اور چھوٹی بال نگل لی ہوتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل ہی 13 ماہ کے بچے نے چھوٹی بالز نگل لی تھیں جن کی پیمائش 3 ملی میٹر تھی۔

    ڈاکٹرز کے مطابق سرجیکل ٹیم نے چار گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد بچے کی زندگی بچالی تھی اور چند دن تک اسپتال میں رکھ کر اسے مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

    والدین کا کہنا تھا کہ بچے نے فلور پر کھیلتے ہوئے چند چھوٹی بالز اٹھا کر کھالی تھیں اور فلور پر کوئی موجود نہیں تھا جو اسے اس اقدام سے روکتا تاہم آئندہ ہم بہت احتیاط کریں گے۔

  • کشمیر کی صورت حال، یو اے ای سمیت مسلم ممالک سے امیدیں وابستہ ہیں: وزیر اعظم

    کشمیر کی صورت حال، یو اے ای سمیت مسلم ممالک سے امیدیں وابستہ ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم اور  یو  اے ای کے  ولی عہد شیخ بن زید النیہان کے درمیان کشمیر سے  متعلق ٹیلی فونک رابطے کا اعلامیہ جاری ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ہونے والے  رابطے پر وزیراعظم آفس نے اعلامیہ جاری کر دیا، جس کے مطابق وزیراعظم نے یو  اے ای ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا، انھوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو چوتھے ہفتے میں داخل ہوچکا ہے.

    مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت کی ایل اوسی پر سیز فائر خلاف ورزیوں میں شدت آگئی ہے، کشمیریوں پر مظالم سے توجہ ہٹانے کے لئے بھارت کی جھوٹی کارروائی کا خدشہ ہے.

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نازک موڑپر قوم کی یو اے ای سمیت مسلم ممالک سے امیدیں وابستہ ہیں، عالمی برادری کرفیو کے خاتمے، کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کرے.

    مزید پڑھیں: نیا کشمیر سے آنکھیں  نہیں چرا سکتی، بھارتی مظالم نہ رُکے، تو جنگ کا خطرہ ہے: عمران خان

    اعلامیہ کے مطابق شیخ محمد بن زید نے صورت حال سے آگاہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا. دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال کے پیش نظر  رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے.

    خیال رہے کہ آج وزیر  اعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر میں پاکستان کے کروڑوں عوام کشمیریوں سے فقیدالمثال یک جہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔

    بارہ بجے سائرن بجتے ہی قومی ترانے کے بعد کشمیرکا ترانہ پڑھاگیا۔ ٹریفک سگنلز بندہوگئے،ٹرینز بھی رک گئیں،فضائی حدود بھی بندرہی۔