Tag: Abu Dhabi

  • مودی یاترا کا ثمر، متحدہ عرب امارات کا پہلا مندر 2020 میں بنے گا

    مودی یاترا کا ثمر، متحدہ عرب امارات کا پہلا مندر 2020 میں بنے گا

    ابوظہبی: مودی یاترا کا ثمر سامنے آ گیا، ابوظہبی میں ہندوؤں کی پہلی عبادت گاہ 2020 میں بنے گی، یہ متحدہ عرب امارات کا پہلا مندر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مندر کی تعمیر کے لیے پتھر بھارت میں مندر کے خصوصی کاریگر تراشیں گے جنھیں متحدہ عرب امارات میں جوڑا جائے گا۔

    خلیجی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مندر کی تعمیر کے لیے مقامی حکومت کے پاس قانونی طور پر رجسٹریشن کر دی گئی ہے، ایک عالمی ہندو مذہبی تنظیم بوشاسن واسی اکشر پرشوتم سنستھا کو اس کی تعمیر اور انتظام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

    یو اے ای کے دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کا منصوبہ ابو ظہبی حکومت نے 2015 میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے دوران منظور کیا تھا۔

    مندر کی تعمیر کے لیے بنائی گئی کمیٹی تعمیر کا کام شروع کرنے لیے درکار قانونی ضرورت کے مطابق آئندہ ایک ماہ میں کنسلٹنٹس مقرر کرے گی، یہ کنسلٹنٹس مقامی قواعد و ضوابط کے مطابق مزید اقدامات اٹھائیں گے۔

    چین سے مضبوط تعلقات پر متحدہ عرب امارات فخر کرتا ہے: یو اے ای حکام

    الرحبہ میں ابو مریخہ کے مقام پر 14 ایکڑ زمین پر تعمیر کیا جانے والا یہ مندر سات میناروں پر مشتمل ہوگا جو یو اے ای کی سات امارات کی نمائندگی کریں گے۔

    مشرقِ وسطیٰ میں عالمی ہندو مذہبی تنظیم کے انچارج سادھو برہما نے کہا ’مندر کی کمیٹی کو امید ہے کہ تعمیر کا کام 2020 تک مکمل ہو جائے گا۔‘ یو اے ای میں بھارتی سفیر نودیپ سنگھ سوری نے کہا ’کمیٹی اب لوگوں سے عطیات کے حصول کے لیے بینک اکاؤنٹ کھول سکتی ہے۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اماراتی شہزادے نے قطر میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی

    اماراتی شہزادے نے قطر میں سیاسی پناہ کی درخواست دے دی

    ابوظہبی/ دوحہ : اماراتی ریاست فجیرہ کے شہزادے راشد بن احمد نے ابوظہبی کے حاکم شیخ زید بن النہیان سے اختلافات کے باعث جان کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے قطر پہنچ کر سیاسی پناہ کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے امیر شیخ حمد بن محمد الشرقی کے 31 سالہ بیٹے راشد بن حمد الشرقی نے جان کے خطرے کے باعث قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ کر سیاسی پناہ کی درخواست کر دی ہے۔

    جرمن خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حمد بن الشرقی 16 مئی کو متحدہ عرب امارات سے دوحہ پہنچے تھے، جہاں انہوں نے امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’امارات میں ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے جس کے باعث ریاست چھوڑنے پر مجبور ہوا ہوں‘۔

    حمد بن الشرقی کا کہنا تھا کہ مجھے یمن میں متحدہ عرب امارات کی شمولیت سمیت بعض معاملات پر ابوظہبی کے حاکم شیخ زید بن سلطان النہیان سے شدید اختلافات ہیں اور میں یمن جنگ کے معاملے پر اماراتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے، اس لیے میری جان کو خطرہ ہے۔

    اماراتی شہزادے راشد بن حمد الشرقی کا کہنا ہے کہ یمن جنگ میں مرنے والے اماراتی فوجیوں کی تعداد 100 بتائی گئی ہے جبکہ حقیقت بلکل متضاد ہے، یمن جنگ میں لقمہ اجل بننے والے اماراتی فوجیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، جن میں اکثریت کا تعلق ریاست فجیرہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ انور قرقاش نے اماراتی شہزادے کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’مذکورہ بیان متحدہ عرب امارات کے حاکم وقت کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے‘۔

    انور قرقاش کا کہنا تھا کہ ’بزدل لوگ صرف بیان بازی کرسکتے ہیں لیکن سامنے آکر گفتگو کرنے کا حوصلہ ان میں نہیں ہوتا‘۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ایک برس سے متحدہ عرب امارات اور قطر کے درمیان سفارتی تعلقات تنازعات کا شکار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • نوازشریف اور مریم نوازکو ابوظہبی ایئرپورٹ سے تحویل میں لینے کا امکان

    نوازشریف اور مریم نوازکو ابوظہبی ایئرپورٹ سے تحویل میں لینے کا امکان

    اسلام آباد : نیب ٹیم کی جانب سے نوازشریف اور مریم نواز کو ابوظہبی ایئرپورٹ سے تحویل میں لئے جانے کا امکان ہے، دونوں کو وارنٹ گرفتاری دکھانے کے بعد تحویل میں لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی 3 رکنی خصوصی ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی، نیب کی ٹیم نوازشریف اور مریم نواز کو ابوظہبی ایئرپورٹ سے تحویل میں لے گی، دونوں کو وارنٹ گرفتاری دکھانے کے بعد تحویل میں لیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹین ابوظہبی میں پاکستانی سفیرسےمعاونت کی درخواست کرے گی اور نواز شریف اور مریم نواز کو تحویل میں لے کر پاکستان اسی پرواز سے لائے گی۔

    طیارے کے لاہور پہنچتے ہی نیب کی سولہ رکنی ٹیم نواز اور مریم نواز کا امیگریشن خود کرائے گی اور ہوائی اڈے پر ہی گرفتاری کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل پہنچایا جائے گا، تاہم نواز شریف اور مریم نواز کو بلوچستان کی مچھ جیل سمیت کسی اور جیل میں بھی منتقل کیا جاسکتا ہے۔

    نیب ٹیم کی سربراہی ڈائریکٹرامجد علی اولکھ کریں گے جبکہ مریم نوازکو نیب ٹیم میں شامل خواتین افسران حفضہ شیخ اور حاجرہ فرخ سعید گرفتار کریں گی، ٹیم میں شامل دیگرافسران میں چوہدری اصغر، اللہ رکھا سلطان ، نذیر احمد رضا اور کیس کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر بھی نیب ٹیم میں شامل ہیں۔


    مزید پڑھیں :  نوازشریف اور مریم نواز لندن سے ابوظہبی پہنچ گئے


    لاہورایئرپورٹ پر نیب کی ٹیم کے ہمراہ پولیس، انٹیلی جنس اداروں کے افسران بھی ائیرپورٹ پر موجود ہوں گے۔

    نیب حکام کے مطابق لاہورایئرپورٹ پر دو ہیلی کاپٹر پہنچا دیے گئے ہیں، نیب کی دوٹیمیں لاہور ایئرپورٹ اور دو ٹیمیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات ہوں گی۔

    ذرائع کے کا کہنا ہے اڈیالہ جیل کا سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، ہیلی پیڈ بھی مرمت کے بعد فعال کردیا گیا ہے اور جیل کے باہر بھی پولیس الرٹ ہے۔

    خیال رہے کہ نوازشریف اور مریم نواز غیرملکی ایئرلائن کی پروازای وائی 18 کے زریعے لندن سےابوظہبی پہنچ گئے ہیں ، وہاں 7 گھنٹے قیام کے بعد پاکستان روانہ ہوں گے جبکہ نوازشریف اور مریم نواز کا طیارہ آج شام سوا چھے بجے لاہور ائیرپورٹ پر اترے گا۔


    مزید پڑھیں :  جیل کو سامنے دیکھتے ہوئے بیٹی کے ساتھ وطن واپس جارہا ہوں، نواز شریف


     یاد رہے کہ دو روز قبل ایون فیلڈ ریفرنس کے سزا یافتہ مجرم سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف نے وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا  تھا کہ جیل کی کوٹھری سامنے دیکھتے ہوئے پاکستان واپس جارہا ہوں۔

    واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن اور حسین نواز، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا۔

    فیصلے میں نواز شریف کو دس سال قید اور جرمانے، مریم نواز کو سات سال قید مع جرمانہ جبکہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    جس کے بعد میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ابوظہبی: پانچ ایشیائی باشندوں کو قتل کرنے والے بنگلادیشی شہری نے اعتراف جرم کرلیا

    ابوظہبی: پانچ ایشیائی باشندوں کو قتل کرنے والے بنگلادیشی شہری نے اعتراف جرم کرلیا

    ابوظہبی : پانچ ایشیائی باشندوں کو قتل کرنے والے بنگلہ دیشی شہری نے اعترافِ جرم کرلیا، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے انڈسٹریل ایریا میں واقع پارلر میں اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ بد فعلی کرنے پر 5 ایشیائی شہریوں کو قتل کرنے والے بنگلہ دیشی شخص نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

    ابوظہبی کی عدالت میں پولیس نے 5 افراد کے قتل کیس سماعت کے دوران بتایا کہ مجرم نے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ بھاری رقم کے عوض مکروہ فعل انجام دینے والے ایشیائی باشندے کو چار خواتین سمیت چاقو کے پے در پے وار کرکے قتل کردیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور نے واردات کے دوران پارلر میں موجود دیگر خواتین کو بھی چاقو کے وار سے زخمی کردیا تھا، جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئیں۔

    ابوظہبی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بنگلہ دیشی شہری نے ایشیائی باشندے کو قتل کرنے کے لیے باورچی خانے میں استعمال ہونے والے چاقو کا استعمال کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقتول کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موقع واردات پر مزید آٹھ بنگلہ دیشی شہری بھی موجود تھے، تاہم انہوں نے قتل کی اطلاع پولیس کو دینے کے بجائے اپنے ہم وطن کو بچانے کی کوشش کی۔ جنہیں واردات پر پردہ ڈالنے کے جرم میں گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    ابوظہبی کی عدالت نے 5 ایشیائی باشندوں کے قتل کیس کی سماعت مقتولین کے والدین کے ابوظہبی پہنچنے تک ملتوی کردی تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ والدین خون بہا لے کر مجرم کو معاف کرتے ہیں یا نہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ابو ظہبی : ایک سال میں ایک ارب درہم کی مانع حمل ادویات ضبط

    ابو ظہبی : ایک سال میں ایک ارب درہم کی مانع حمل ادویات ضبط

    ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی کے سیکیورٹی حکام نے گذشتہ برس ایک عرب 2 کروڑ درہم کی غیر قانونی مانع حمل ادویات ضبط کی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں گذشتہ برس میں سیکیورٹی اداروں اور سرکاری افسران کی جانب سے متعدد کارروائیوں میں 1 ارب 2 کروڑ درہم مالیت کی غیر قانونی ادویات کو ضبط کی گئی تھیں۔

    ابوظہبی پولیس کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس قبضے میں لی گئی دواؤں میں حمل زائل کرنے والی ادویات کی تعداد زیادہ تھی۔

    پولیس کمانڈر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی حکام نے گذشتہ برس متعدد کارروائیوں کے دوران قبضے میں لی گئی مانع حمل ادویات کی مالیت 1 ارب درہم سے زائد ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دبئی کے سیکیورٹی حکام کی جانب سے تجارتی طور دھوکا دہی اور جعلسازی کی روک تھام کے لیے متحدہ عرب امارات کے بازاروں میں مزید سختی کردی گئی ہے۔

    انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ سرحدوں پر سختی علاقائی خفیہ اداروں کے ذریعے عالمی سطح پر کام کرنے والے خفیہ اداروں سے معلومات کے تبادلے کے بعد کی گئی ہے۔

    محمد کلفان کا کہنا تھا کہ ابوظہبی کے ماہرین منشیات کے پاس ادویات کا جائزہ لینے کے لیے جدید آلات موجود ہیں، ’متحدہ عرب امارت کے ادارے منشیات اور جعلی اشیاء کا جائزہ لینے کے لیے دنیا کے بہترین آلات کا استعمال کرتا ہے‘۔


    دبئی: محمکہ صحت کی کارروائی، غیرقانونی ادویات کے 76،560 پیکیٹ برآمد


    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں محمکہ صحت اور ڈرگ ریگولیٹراتھارٹی نے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ذخیرہ کی گئی غیر قانونی اور ناقص ادویات کے 76،560 پیکٹ ضبط کیے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ابو ظہبی، ڈرائیونگ کے دوران کچرا پھینکنے والوں کی شامت، پولیس کا بڑا ایکشن

    ابو ظہبی، ڈرائیونگ کے دوران کچرا پھینکنے والوں کی شامت، پولیس کا بڑا ایکشن

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے محکمہ ٹریفک پولیس نےرواں برس کی پہلی سہہ ماہی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق گاڑی چلانے کے دوران سڑک پر کچرا پھینکنے کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 85 افراد  کا چالان کاٹا گیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پرڈرائیورز کے چالان کاٹے جن میں سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق دوران ڈرائیونگ سڑک پر کچرا پھینکنے کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر فی ڈرائیور 1000 درہم کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ اُن کے لائسنس پر سیاہ نقطے بھی واضح کیے گئے۔

    مزید پڑھیں: خبردار!! دبئی کی سڑکوں پر سگریٹ پھینکنا مہنگا پڑ سکتا ہے

    عرب میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس یا پروفائل پر سیاہ نقطوں کا مطلب قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں شمار کیا جاتاہے، اگر کسی ڈرائیور کو تین نقطے مل جائیں تو اُس پر ڈرائیونگ کی پابندی عائد کرتے ہوئے لائسنس ضبط کرلیا جاتا ہے۔

    واضح ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے رواں برس شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر صفائی مہم کا آغاز کیا تھا جس کے بعد یہ قانون نافذ کیا گیا تھا کہ آئندہ کوئی بھی شخص سڑک پر کچرا پھینکے گا تو اُس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ عرب (دبئی) کے محکمہ بلدیات کے شعبے ویسٹ مینجمنٹ ڈائریکٹر عبد المجید سیفی کا کہنا تھا کہ ’صفائی مہم کا آغاز ہونے کے بعد گلیوں ، کوچوں اور سڑکوں پرسگریٹ یا پھر کچرا پھینکنے پر پابندی ہوگی‘۔

    یہ بھی پڑھیں: بچوں کو اگلی نشست پر بیٹھانا جرم

    اُن کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی شخص کو خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھا گیا تو اُس پر 500 درہم (پاکستانی کرنسی کے حساب سے تقریبا 15 ہزار روپے) جرمانہ عائد کیا جائے گا اور اگر بار بار کسی شہری نے حکم کی خلاف ورزی کی تو اُسے سخت سزا بھی دی جائے گی۔ حکومت نے قانون میں یہ بھی شامل کیا کہ سڑک پر تھوکنا یا کسی بھی قسم کی گندگی پھیلانے پر بھی جرمانہ عائد ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • غیر قانونی ٹیکسیاں طالب علموں کے لیے خطرہ ہیں

    غیر قانونی ٹیکسیاں طالب علموں کے لیے خطرہ ہیں

    خلیفہ سٹی: ابوظہبی کے اسکول نے غیر قانونی ٹیکسیوں کو طلبہ کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ قراردیتے ہوئے  ان سے اجتناب اور حکومت کو ان کے خلاف سخت کارروائی کا مشورہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی کے علاقے خلیفہ سٹی کے نجی اسکول نے طالب علموں کی حفاظت کے پیش نظر والدین اور ابوظہی کی حکومت کو اعلامیہ جاری کیا ہے۔ یہ اعلامیہ غیر رجسٹرڈ ٹیکسی کے ڈرائیور کی خاتون طلبہ کو ورغلا کر گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

    الیاسمینہ اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر ٹم ہاگیس نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہم نے 11 مارچ کو شام 5 بجے اسکول کے سامنے سفید رنگ کی نسان کارکھڑی دیکھی جس کا ڈرائیوراسکول سے جانے والے بچوں کو ٹیکسی سروس فراہم کرنے کہہ رہا تھا۔

    لیکن وہ رجسٹرڈ ٹیکسی نہیں تھی، جس کے بعد اسکول کے سیکیورٹی عملے نے فوری طور پر مقامی پولیس کو متنبہ کیا اور مشتبہ گاڑی کی معلومات پولیس حکام کو فراہم کی۔

    اسکول پرنسپل نے بتایا کہ اسکول نے طلباء کے والدین کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ بچوں کو اسکول چھوڑتے اور چھٹی کے وقت حفاظت کے مزید بہتر اقدامات کریں اور اپنی کمیونٹی میں بھی بچوں کی نگرانی کرنے کی یاد دہانی کروائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کمیونٹی کے وسیع تر مفاد کی خاطر ہم نے شہر کے دیگر اسکولوں سے بھی رابطہ کرکے اس حادثے کے بارے میں آگاہی دی ہے، اور طالب علموں کو بھی متنبہ کیا کہ اسکول آتے وقت کسی بھی اجنبی شخص کی جانب سے دی جانے والی لفٹ نہ لیں اورصرف رجسٹرڈ ٹیکسیوں کا ہی استعمال کریں‘۔

    اسکول کے کچھ سینئر طلباء نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’اکثر اسکول کے باہر شام کے اوقات میں غیر رجسٹرڈ ٹیکسیاں موجود ہوتی ہیں۔

    ایم اے کے طلبا نے بتایا کہ کچھ طالب علم شام کے اوقات میں ہونے والی سرگرمیوں میں حصّہ لینے کے لیے اسکول میں رکتے ہیں اور اسکول کی جانب سے طلباء کے لیے ٹراسپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے لیکن کچھ اسٹوڈنٹس پیسے بچانے کی غرض سے غیررجسٹرڈ ٹیکسیوں کا استعمال کرتے ہیں۔

    الیاسمینہ اسکول میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ بچوں کی حفاظت کرنا کمیونٹی کے افراد کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہمیں بچوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر پر نظر رکھنی ہوگی، والدین کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اسکول انتظامیہ والدین کو معاملے پر پوری اطلاع دی ہے۔

    ابوظہبی پولیس کی جانب سے متعدد غیر قانونی ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے پھر بھی شہر میں غیر قانونی ٹیکسی سروس جاری ہے۔

    ابوظہبی پولیس کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال اکتوبر میں پولیس نے نجی گاڑیوں کو غیرقانونی ٹیکسی کے طور پر چلائے جانے کے 659 کیسز درج کیے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ابوظہبی میں پہلے مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ابوظہبی میں پہلے مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    ابوظہبی : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ابوظہبی میں پہلے مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا، مندر دو ہزار بیس میں مکمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو متحدہ عرب امارات پہنچے اور یو اے ای کے دارالحکومت ابوظہبی میں پہلے مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ابوظہبی کا یہ پہلا مندر 2020 میں مکمل ہوگا۔

    مندر کا افتتاح کرتے ہوئے مودی کا کہنا تھا کہ اس سے خلیج کی مسلم اقوام کے ساتھ رواداری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، بھارت مایوسی کے دور سے نکل چکا ہے اور اس سے اب یقین ہو گیا ہے کہ چیزیں تبدیل ہوجائیں گی۔

    مندر کے لیے زمین ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النیہان نے عطیہ کی ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نے بھی ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النیہان کا مندر کے لیے زمین عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ یہ مشر ق وسطیٰ میں بھی پہلا ہندو مندر ہوگا۔

    اس سے قبل بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور متحدہ عرب امارات کے شہزادے شیخ محمد بن زید النیہان کے ساتھ ملاقات میں پچہتر بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر معاہدے کیے۔

    خلیج میں نو ملین بھارتی ہر سال پینتیس بلین ڈالر زرمبادلہ کی شکل میں بھیجتے ہیں۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ابو ظہبی کے شہزادےکی جانب سے مزید سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں نریندر مودی کو شہزادے کی جانب سے مندر کے تحفے بھی پیش کئے گئے۔

    خیال رہے کہ 2015 میں نریندر مودی کے دورے پر امارتی حکومت نے ابوظہبی کی تاریخ میں بننے والے پہلے ہندو مندر بنانے کی منظوری دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بیوی نے شوہرسے چھٹکارے کیلئے نیا طریقہ نکال لیا

    بیوی نے شوہرسے چھٹکارے کیلئے نیا طریقہ نکال لیا

    ابوظہبی : بیوی نے شوہر سے چھٹکارے کیلئے نیا طریقہ دھونڈ نکالا، سوئے ہوئے شوہر کے موبائل فون سے خود کو طلاق بھیج دی۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کی رہائشی خاتون نے شوہر کی نیند کا بھرپور فائدہ اٹھایا، گھریلو جھگڑوں سے پریشان بیوی نے تنگ آکر شوہر کے فون سے اپنے فون پر تین بار طلاق کا میسج لکھ بھیجا۔

    خاتون نے اس پر ہی بس نہ کیا اور بعد ازاں طلاق کا میسج لے کرعدالت بھی پہنچ گئی، سماعت کے دوران شوہرنے جج کو بتایا کہ یہ پیغام اس نے نہیں بھیجا، جس پر جرح کے بعد خاتون نے بھی مان لیا کہ یہ ایس ایم ایس اس نے خود ہی کیا تھا۔

  • تیسرا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کوشکست دے کرسیریز جیت لی

    تیسرا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کوشکست دے کرسیریز جیت لی

    ابو ظہبی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکن ٹیم کوسات وکٹوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جارہے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا  نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو209رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا۔

    قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے ڈیبیو میچ میں شاندارسنچری بنائی، بہترین کاکردگی پر امام الحق کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔

    انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے125گیندوں پر5چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے سینچری اسکور کی، اس کے علاوہ فخر زمان نے 29 ، محمد حفیظ نے 34 اور بابر اعظم نے 30رنز بنائے۔

    اس فتح کے بعد پاکستان کو5میچوں کی سیریزمیں3صفرکی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔

    اپنےچچا انضمام الحق کی طرح بنناچاہتا ہوں، امام الحق

    میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے امام الحق نے کہا کہ میرا کوئی رول ماڈل نہیں، انضمام الحق کی طرح بنناچاہتا ہوں، انضمام الحق میری بہت مدد کرتےہیں،جب بھی مشکل آتی ہے چچاسے مدد لیتاہوں، کافی عرصےسے موقع ملنے کاانتظار کررہا تھا، موقع دینے پرکوچ مکی آرتھراور کپتان سرفراز احمد بھائی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    حسن علی کی پرفارمنس روز بروز بہترہو رہی ہے، سرفراز احمد

    اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ سیریز جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، حسن علی کی پرفارمنس روز بروز بہترہو رہی ہے، اس کے علاوہ دیگر نوجوان کھلاڑی بھی شاندار کارکردگی کامظاہرہ کررہے ہیں۔

    قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی پوری ٹیم 48.2اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، سری لنکا کی جانب سے اپل تھرنگا نے سب سے زیادہ61رنز بنائے تھسارا پریرا38جبکہ لہیرو تھریمانے28رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے حسن علی نے پانچ، شاداب خان نے دو ، جنید خان اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    حسن علی کی پچاس وکٹیں مکمل

     قومی ٹیم کے بالر حسن علی نے پانچ سری لنکن کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا اور اس کے ساتھ ہی حسن علی کی ون ڈے میں 50 وکٹیں مکمل ہوگئیں۔

    میچ سے قبل قومی ٹیم میں دو تبدیلیا ں کی گئی تھیں‘ احمد شہزاد کی جگہ امام الحق اور عماد وسیم کی جگہ فہیم اشرف ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    ٹی ٹوئنٹی سیریزکیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان*

     یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم اس سال محض چار ون ڈے میچز جیت سکی ہے اور پاکستان کے ساتھ ہونے والے آج کھیلے جانے والے ون ڈے میچز کو ملا کر لگاتار دس میچز ہار چکی ہے۔

    سری لنکا کے ساتھ سیریز کے باقی میچز میں سے دو شارجہ (20 اور 23 اکتوبر) میں کھیلے جائیں گے۔

    سری لنکن ٹیم پاکستان کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی جس میں سے دو میچز ابوظہبی ( 26 اور 27 اکتوبر ) میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا فائنل 29 اکتوبر کو لاہور میں منعقد ہوگا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔