Tag: Abu Dhabi

  • شمسی توانائی سے چلنے والا طیارہ

    شمسی توانائی سے چلنے والا طیارہ

    ابوظہبی: ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم پیش رفت شمسی توانائی سے چلنے والا طیارے دنیا کے سفر پر چل پڑا۔

    شمسی توانائی سے چلنے والا طیارہ دنیا کے سفر پر روانہ ہوگیا، جہاز نے ابوظہبی سے اڑان بھری، بارہ سال میں تیار کئے گئے  اس طیارے کے پروں کے اوپر شمسی توانائی کے 17 ہزار سیل لگے ہوئے ہیں ، جن سے بجلی کی چار موٹریں 140 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی ہیں۔

    کاربن فائبر سے بنے اس طیارے کے پر بہت بڑے ہیں اور ایک 72 میٹر چوڑا ہے، یہ پر بوئنگ 747 طیارے کے پر سے بھی چوڑا ہے، لیکن ہلکے میٹریل کی وجہ سے اس کا وزن صرف 2.3 ٹن ہے۔

    جہاز میں شمسی توانائی جمع کرنے کے لیے لیتھیئم بیٹریاں بھی موجود ہیں، جس کی مدد سے طیارہ رات کو بھی پرواز کر سکے گا۔

    سولر امپلس ٹو نامی جہاز میں دو سوئس پائلٹ سوار ہیں، طیارہ اگلے پانچ ماہ کے دوران دنیا کے گرد چکر پورا کرے گا، اس دوران طیارہ بھارت، میانمار، چین، ہوائی، امریکا، یورپ اور شمالی افریقا میں کچھ دیر کیلئے اترے گا اور بالآخر ابوظہبی میں اپنا سفر ختم کرے گا۔

    حالیہ آزمائشی پرواز کے لیے ٹیسٹ پائلٹ مارکس شرڈل طیارہ چلا رہے تھے، طیارہ چھ ہزار فٹ کی بلندی تک گیا اور اس دوران طیارے کے انتظام کے کئی نظاموں کی جانچ پڑتال کی گئی۔

    شرڈل نے بتایا کہ ابتدائی طور پر کچھ گڑگڑاہٹ ضرور سنائی دی لیکن مشن کی عمومی صورتحال مثبت تھی۔

  • ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا

    ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا

    ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز فیصلہ کن معرکے میں داخل ہوگئی ہے، پانچواں اور آخری میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائیگا۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کیلئے ون ڈے سیریز اب دو دو سے برابر ہوگئی ہے، کون جیتے گا اس کا فیصلہ آج ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں یونس خان اور شاہد آفریدی کا دیگر کھلاڑیوں نے ساتھ نہ دیا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ سات رنز سے کامیاب ہوا۔

    آج آخری معرکہ ہے اور صورتحال مختلف ہے، کپتان شاہد آفریدی بھی واضح کرچکے ہیں کہ بیٹنگ کے شعبہ میں بہتری آئی ہے، بولنگ اور فیلڈنگ میں مزید محنت کی ضرورت ہے۔

  • چوتھا ون ڈے، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 رنز سے شکست دے دی

    چوتھا ون ڈے، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 رنز سے شکست دے دی

    ابوظہبی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے میں سات رنز سے شکست دیکر سیریز دو دو سے برابر کرلی، سیریز کا فائنل جمعے کو کھیلا جائےگا۔

    سانحہ پشاور کے باعث کھلاڑیوں نے میچ سے قبل دو منٹ کی خاموشی اختتار کی اوربازو پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے۔کیوی کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا، نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ پر دو سو ننانوے رنز بنائے۔

    ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز احمد شہزاد اور ناصر جمشید نے اننگز کا آغاز کیا تا ہم احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے ہینری کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد یونس خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ناصر جمشید کے ہمراہ 50 رنز کی پارٹنر شپ مکمل کی مگر ناصر جمشید 30 بنا کر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار پائے۔

    محمد حفیظ بھی جم کر بیٹنگ نہ کر سکے اور محض تین رنز بنا کر ہی ویٹوری کی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔حارث سہیل بھی ویٹوری کی ہی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، وہ 13 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔عمر اکمل 29 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو ئے۔شاہد خان آفریدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 49 رنز بنائے اور وہ ملنے کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

    یونس خان نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے اور ویٹوری کی گیند پر بولڈ ہوئےتو وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سہیل تنویر کے ہمراہ جم کر کھیلنے کی کوشش کی تاہم وہ 18 رنز بنا کر میک کلین گھان کی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔سہیل تنویر 11 جبکہ انور علی 20 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

  • چوتھا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 300 رنز کا ہدف دیدیا

    چوتھا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 300 رنز کا ہدف دیدیا

    ابوظہبی: نیوزی لینڈ اورپاکستان کے درمیان جاری چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 300 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

    ابوظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، اوپنرز مارٹن گپٹل اور ڈین براؤن لائی نے 81 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم پھر براؤن لائی 42 رنز بنا کر کپتان شاہد آفریدی کا شکار بنے، مارٹن گپٹل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 58 رنز بنانے کے بعد 125 کے مجموعے پر سہیل تنویر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

    نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 188 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب روس ٹیلر 26 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ کورے اینڈرسن 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے، نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کیوی ٹیم 299 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور ولیمسن 105 گیندوں میں 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اننگز کی آخری گیند پر بولڈ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ سہیل تنویر، انور علی اور شاہد آفریدی ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

    اسٹیڈیم میں بھی سانحہ پشاور کا غم نمایاں دکھائی دیا اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مصباح الحق سے سانحہ پشاور پر اظہار افسوس کیا جب کہ میچ شروع ہونے سے قبل 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس دوران احمد شہزاد سمیت کئی کھلاڑی آبدیدہ ہوگئے۔ انجری کے باعث میچ کا حصہ نہ بننے والے مصباح الحق کی جگہ شاہد آفریدی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ ٹیم میں اسد شفیق اور وہاب ریاض کی جگہ ناصر جمشید اور انورعلی کو شامل کیا گیا ہے۔

  • چوتھا ون ڈے: نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    چوتھا ون ڈے: نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    ابوظہبی : پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے جارہے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میں حاصل ہونے والی آمدنی کو پشاور متاثرین کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

    شہدا کی یاد میں کھلاڑی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شریک ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان چوتھے ون ڈے کے آغاز سے قبل پشاور سانحے کے شہداد کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    اس موقع پر کھلاڑی آبدیدہ ہوگئے۔ کھلاڑی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں حصہ لے رہے ہیں ۔ پی سی بی نے میچ سے حاصل ہونے والی آمدنی پشاور متاثرین کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    چئیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ پشاور واقعے کی جتنی بھی مزمت کی جائے وہ کم ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پوری قوم شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کاکہنا تھا کہ پشاور سانحے پر کھلاڑی افسرد ہ ہیں۔  ادھر لاہور میں ہونے والاملالہ کرکٹ چیمپئین شپ کا فائنل اور پاکستان اے اور کینیا کے درمیان ہونے والا چوتھا ون ڈے بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے تین وکٹوں پراکیاسی رنز

    ابوظہبی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے تین وکٹوں پراکیاسی رنز

    ابوظہبی ٹیسٹ:پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ابو ظہبی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل میں کھانے کے وقفے تک  چونتیس اوورز میں نیوزی لینڈ کے اکیاسی رنز پرتین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس وقت  تھامس لیتھم بیالیس اورایڈریسن تیرہ رنز کے ساتھ کریزپرموجود ہیں،پاکستانی باؤلر ذوالفقاربابر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ راحت علی نے ایک وکٹ لی۔

    واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے آج اپنے کھیل کا آغاز پندرہ رنزبغیر کسی نقصان کے کیا تھا۔

  • آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈتبدیل، عامر کیلئےخوشخبری

    آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈتبدیل، عامر کیلئےخوشخبری

    دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اینٹی کرپشن کوڈ میں ترامیم کی منظوری دے دی، پابندی کے شکار فاسٹ بولر محمد عامر کی آئندہ سال کے اوئل میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے۔

    دبئی میں آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے دوروزہ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے، اجلاس میں آئی سی سی کے بدعنوانی قوانین میں ترامیم کی منظوری دی گئی، نئی ترامیم کے بعد اسپاٹ فکسنگ کیس میں پابندی کا شکار محمد عامر پر ڈومیسٹک کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں۔

    دو ہزار دس میں پاکستان کے تین کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمدعامر پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہونے پر پابندی عائد کی گئی تھی، محمد عامر کی پابندی آئندہ سال ستمبر میں ختم ہوگی۔ آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ نے صدر کے رسمی عہدے کے لئے نجم سیٹھی کی نامزدگی کی منظوری بھی دے دی ہے۔ نجم سیٹھی جون دوہزار پندرہ میں آئی سی سی کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔

  • پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز: شاہین کیویزپرجھپٹنے کیلئے تیار

    پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز: شاہین کیویزپرجھپٹنے کیلئے تیار

    ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی اتوار سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے بھرپور تیاری جاری ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے بعد پاکستان نیوزی لینڈ کی میزبانی کررہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان طویل سیریز تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہے۔

    سیریز کا آغاز اتوار سے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی پہلے میچ کے لئے بھرپور پریکٹس جاری ہے۔

    یونس خان بھرپور فارم میں ہیں۔ کپتان مصباح الحق کی تیزترین سنچری نے حریف ٹیم کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ اس سیریز میں بھی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

    ابتدائی ٹیسٹ کے لئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ آسٹریلیا کے خلاف فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم میں شامل زیادہ تر کھلاڑی پہلی بار کیویز کے خلاف میچ کھیلیں گے۔

    ادھر کیوی ٹیم برینڈن میک کلم کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیمیں دوہزار گیارہ کے بعد طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں ایکشن میں ہوں گی۔

  • ابوظہبی ٹیسٹ: آئی سی سی نے 2مشکوک افراد کو پکڑ لیا

    ابوظہبی ٹیسٹ: آئی سی سی نے 2مشکوک افراد کو پکڑ لیا

    ابوظہبی : آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران بکیز سے رابطے پر دو مشکوک افراد کو پکڑلیا ہے، تفتیش کے بعد دونوں افراد کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا گیا۔

    آسٹریلوی میڈیا کو پاکستان کی جیت ہضم نہ ہوئی، اس لئے ٹیسٹ سیریز کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، آسٹریلوی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ کے دوران آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے اسٹیڈیم سے دو مشکوک افراد کو گرفتار کیا۔

    دونوں افراد بکیز کو میچ کی براہ راست رپورٹ دے رہے تھے، ایک شخص کے پاس سے چار موبائل فونز بھی برآمد ہوئے۔۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے اور دوسرے دن یہ واقعات پیش آئے۔ ایک شخص کا تعلق بھارت اور دوسرے کا امارات سے تھا۔

    آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تفتیش کے بعد دونوں افراد کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا، ذرائع کے مطابق تیسرے ون ڈے میں بھی تین مشکوک افراد کو پکڑکر اسٹیڈیم سے نکالا گیا تھا۔

  • پاکستان نے کینگروز کو 20سال بعد وائٹ واش کردیا

    پاکستان نے کینگروز کو 20سال بعد وائٹ واش کردیا

    ابوظہبی: ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان کی تاریخی فتح حاصل کرلی ، کینگروز کو بیس سال بعد وائٹ واش کردیا ہے۔

    کپتان مصباح الحق کے عالمی ریکارڈز کے بعد مایوسی کی انتہا کو پہنچی ہوئی آسٹریلوی بیٹنگ لائن اب پاکستانی بولنگ کے رحم وکرم پر دکھائی دیتی ہے۔
    شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں پاکستان کیخلاف آسٹریلوی ٹیم شدید مشکلات کا شکار رہی، چھ سو تین رنز کے پہاڑ اگلے کینگروز نے دن کے اختتام پر چار وکٹوں پر ایک سو تینتالیس رنز بنالئے تھے، اس طرح اسے ایک ناقابلِ یقین جیت کے لیے اب بھی 460 رنز درکار ہیں۔

    ٹیسٹ میچ آخری روز آسٹریلیا نے 143 رنز 4 رکٹوں کے نقصان پر اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔ مچل مارش اور اسٹیو اسمتھ نے 5ویں وکٹ کی شراکت میں 107 رنز کا اضافہ کیا۔  208 رنز کے مجموعی اسکور پر مچل مارش 47 رنز بنانے کے بعد محمد حفیظ کی گیند پر اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے ۔

    اس موقع پر اسٹیو اسمتھ نے پاکستانی بولنگ لائن کے سامنے بھرپور مزاحمت کی کوشش کی لیکن 238 کے مجموعے پر وہ بھی 97 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، جس کے فوری بعد بریڈ ہیڈن بھی 13 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

    بریڈ ہیڈن کے بعد مچل جانسن کو یاسر شاہ نے آؤٹ کیا، جس کے بعد مچل اسٹارک کو بھی یاسر شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی، 246 رنز کے مجموعہ اسکور پر ناتھن لیون کی صورت میں آسٹریلیا کا آخری بلے باز بھی آؤٹ ہوگیا۔

    اظہر علی اور مصباح کی ریکارڈ ساز سنچریوں نے پاکستان کو بیس سال بعد کینگروز کو دھول چاٹا دی، بیس سال بعد آسٹریلیا کیخلاف کلین سوئپ کیلئے آخری روز پاکستان کو صرف چھ وکٹ درکار تھی۔

    گذشتہ روز شاہینوں نے دوسری نامکمل اننگز دو کھلاڑی آؤٹ اکسٹھ رنز شروع کی۔ ڈبل سنیچری بنانے والے یونس خان چھیالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔۔۔

    مصباح الحق کے وکٹ پر آتے ہی میچ کا رنگ بدل گیا، جس کو ٹک ٹک کو ٹیسٹ سے ٹی ٹوئنٹی میں تبدیل کردیا، تیز ترین سنچری داغ کر مصباح ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے آٹھویں پاکستانی بنے۔  اظہر علی نے بھی دیر نہ لگائی پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی سنچری داغ کر دونوں اننگز میں سنچری جڑنے والے نویں پاکستان کا اعزاز حاصل کیا۔۔

    چھ سو تین رنز کا پہاڑکھڑاکرکے شاہینوں نے کینگروز کی رہی سہی اکڑ نکال دی۔ اور چوتھے روز کھیل کے اختتام پر تک آسٹریلیا کے چار بیٹسمینون کو پویلین پہنچا کر میچ کو پوری طرح اپنی گرفت میں لے لیا۔