Tag: Accept

  • حکومت اپوزیشن کے تمام آئینی مطالبات تسلیم کرنے پر  تیار

    حکومت اپوزیشن کے تمام آئینی مطالبات تسلیم کرنے پر تیار

    اسلام آباد : حکومت اپوزیشن کے تمام آئینی مطالبات تسلیم کرنے پر تیار ہوگئی تاہم وزیراعظم کےاستعفے اور اسمبلیوں کی تحلیل پرکوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اوررہبرکمیٹی کے درمیان مذاکراتی عمل میں پیشرفت سامنے آئی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے تمام آئینی مطالبات تسلیم کرنے پر حکومت تیار ہوگئی ہے لیکن وزیراعظم کےاستعفےپرکوئی بات چیت نہیں ہوگی اور نہ ہی اسمبلیوں کی تحلیل پربھی کوئی بات ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی نےرہبرکمیٹی کوآگاہ کردیا ہے ، انتخابی اصلاحات کمیٹی کو سرگرم کیاجاسکتاہے، مذاکرات میں اسدقیصرکوشامل کرنےکامقصدبھی یہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق رہبر اور حکومتی کمیٹیوں کامذاکراتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

    دوسری جانب رہبرکمیٹی کی جانب سے بھی لچک کامظاہرہ نظرآیا ، رہبرکمیٹی حکومتی یقین دہانیوں سے مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کرے گی۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ملاقات کی تھی ، جس میں چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعظم کو مولانا سے ہونے والی ملاقات پر بریفنگ دی۔

    مزید پڑھیں : حکومتی کمیٹی مکمل اختیار کے ساتھ رہبر کمیٹی سے مذاکرات کرے، وزیراعظم

    چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعظم عمران خان کو مولانا فضل الرحمان کے مطالبات سے متعلق آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ حکومتی کمیٹی مکمل اختیار کے ساتھ رہبر کمیٹی سے مذاکرات کرے۔

    ذرائع کے مطابق استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں، حکومتی کمیٹی مکمل طور پر با اختیار ہے، اپوزیشن سنجیدہ مذاکرات چاہتی ہے تو مثبت جواب دیا جائے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں آج رہبر کمیٹی سے دوبارہ مذاکرات کیے جائیں گے۔

    یاد رہے رات گئے چوہدری پرویز الہیٰ اور چودھری شجاعت نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور اس سے قبل حکومتی کمیٹی نے بھی اپوزیشن سے ملاقات کی تھی، چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ مایوسی گناہ ہے اور ہم نے مایوسی کی طرف نہیں جانا، راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    خیال رہے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ دھرنا ختم ہو سکتا ہے لیکن ٹائم فریم نہیں دے سکتا، مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

  • مخالفین کے بارے میں دوسرے ممالک سے معلومات اکٹھا کرسکتا ہوں، ٹرمپ

    مخالفین کے بارے میں دوسرے ممالک سے معلومات اکٹھا کرسکتا ہوں، ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنے مخالفین کے بارے بیرونِ ممالک سے بھی معلومات اکٹھا کرسکتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن 2020 میں اپنی شکست کے امکانات کو کم کرنے کےلیے کہا ہے کہ آئندہ سال امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مخالف امیدواروں سے متعلق بیرونی ممالک سے معلومات لے سکتا ہوں۔

    ترک خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر آئندہ سال امریکی صدارتی انتخابات میں مجھے حساس نوعیت کی معلومات ملیں تو مخالف امیدواروں سے متعلق بیرونی ممالک سے معلومات لے سکتا ہوں۔

    امریکی صدر نے کہا کہ کسی دوسرے ملک سے معلومات کے حصول میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین یا روس کی جانب سے معلومات کی فراہمی کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ آپ کو دوسروں کی بات سننی چاہئے اس میں کوئی حرج نہیں ہے تاہم اس عمل کو ہم بے جا مداخلت قرار نہیں دے سکتے۔

    مزید پڑھیں : آئندہ ہفتے صدارتی الیکشن میں شرکت کا باقاعدہ اعلان کروں گی، ہندو ایم پی تلسی گبّارڈ

    خیال رہے کہ آئندہ برس ہونے والے امریکی صدرارتی انتخابات میں سابق رکن کانگریس رابرٹ بیٹو،  سینیٹر برنی سینڈرز، سینیٹر الزبتھ وارن، سینیٹر کمالا حارث، ہندو رکن کانگریس تلسی گبارڈ اور انڈیانا کے میئر پیٹی بٹیگیگ سمیت متعدد سیاست دان سنہ 2020 کے صدارتی انتخابات میں امیدوار ہیں۔

  • حزب اللہ کا استعمال شدہ گولے کا تحفہ قبول کرنے پر لبنانی وزیرخارجہ کو تنقید کا سامنا

    حزب اللہ کا استعمال شدہ گولے کا تحفہ قبول کرنے پر لبنانی وزیرخارجہ کو تنقید کا سامنا

    بیروت : وزیر خارجہ کو استعمال شدہ گولے کا خول دینے پر سابق رکن پارلیمنٹ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیر خارجہ کو گولہ وصول کرنے کے بجائے جبیل میں دفتر کھول لینا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے وزیر خارجہ جبران باسیل کو ایک استعمال شدہ گولے کا خول تحفے میں دیا گیا جس پر سوشل میڈیا پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شہریوں نے حزب اللہ ملیشیا کا یاد گاری تحفہ قبول کرنے پر جبران باسیل کو شدید تنقید اور تند وتیز حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ حزب اللہ ملیشیا کی طرف سے جبران باسیل کو یہ تحفہ جبیل گورنری کے علاقے راس اسطاء کے دورے کے دوران دیا گیا۔ اس موقع پرلبنانی وزیر دفاع الیاس بو صعب جو خود بھی حزب اللہ ملیشیا کے اتحادی سمجھے جاتے ہیں ان کے ہمراہ تھے۔

    حزب اللہ ملیشیا نے 2017ء کے جرود عرسال معرکے کے دوران استعمال کردہ ایک گولہ تحفے میں جبران باسیل کو پیش کیا۔تحفے میں پیش کردہ گولے پر نیشنل فریڈم پارٹی اور حزب اللہ ملیشیا کے پرچم بنائے جانے کےساتھ عزت مآب مزاحمتی وزیر کی خدمات کو سراہا گیا ہے۔

    لبنانی رکن پارلیمنٹ زیاد حواط نے ٹویٹ کی کہ جبیل کی تاریخ میں ہمارے کسی معزز مہمان کو گولے کا تحفہ دینا اس علاقے کی تاریخ کو مسخ کرنے اس سے بدتر کوشش نہیًں ہو سکتی۔

    سابق رکن پارلیمنٹ فارس سعید نے لکھا کہ ہمارے وزیر خارجہ کو گولہ وصول کرنے کے بجائے جبیل میں دفتر کھول لینا چاہیے مگر وہ ایسا نہیں کر سکتے کیونکہ جبیل آزاد ہے۔

  • بھارتی ایئر فورس نے بالاکوٹ حملے میں ناکامی تسلیم کرلی

    بھارتی ایئر فورس نے بالاکوٹ حملے میں ناکامی تسلیم کرلی

    نئی دہلی : بھارتی ایئرفورس حکام نے پہلی بار بالاکوٹ ایئر اسٹرائیک کے حوالے سے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے تسلیم کر لیا ہے کہ اس حملے میں بھارتی فضائیہ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئرفورس کی رپورٹ جس کا عنوان ”حاصل شدہ سبق‘ ‘تھا میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیکنیشنز کی جانب سے ہتھیاروں کی پروگرامنگ کے کوڈ میں تبدیلی کی بدولت میراج2000 ایئرکرافٹ اپنا مطلوبہ ہدف پورا نہیں کرسکا۔

    بھارتی ایئر فورس حکام کی جانب سے جاری اس رپورٹ سے قبل بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی ایک تقریب کے دوران اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ بالا کوٹ حملے میں نہ توکوئی پاکستانی شہری یا فوجی ہلاک ہوا اور نہ ہی کوئی شخص زخمی ہوا۔

    بھارتی ایئرفورس حکام کی تازہ رپورٹ نے آسٹریلیا کے اسٹرٹیجک پالیسی انسٹیٹیوٹ کی رپورٹ کی تصدیق کردی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کے پرسیشن گائیڈڈ ہتھیاروں (پی جی ایمز) کی پروگرامنگ کو صحیح طریقے سے سیٹ نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے بھارتی ایئرفورس نے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے۔

    حکام کی رپورٹ نے بھارتی ایئر فورس کی جانب سے ایئر کرافٹ میں نصب جدید سسٹم کی مہارت پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔

    بھارتی ایئرفورس کے ایک سینئر اہلکار نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ بالاکوٹ اسٹرائیک سے ثابت ہوا کہ ایئر کرافٹ میں جدید ہتھیاروں کے استعمال کے لیے بھارت کو اوای ایم سسٹم کی اشد ضرورت ہے اگرچہ اس سسٹم کی لاگت بہت زیادہ ہے۔

  • کراچی : ایم کیو ایم لندن کے ٹارگیٹ کلر ساجد عرف بونا کا جسمانی ریمانڈ منظور

    کراچی : ایم کیو ایم لندن کے ٹارگیٹ کلر ساجد عرف بونا کا جسمانی ریمانڈ منظور

    کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر ساجد عرف بونا کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موؤمنٹ (لندن) کے مبینہ ٹارگٹ کلر ساجد عرف بونا کو کچھ دیر قبل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، پولیس نے عدالت سے ملزم کو 4 روزہ ریمانڈ پر دینے کی درخواست کی تھی۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر 42 افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے، جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم پولیس اہلکاروں، سیاسی کارکنوں اور سرکاری افسران کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کرچکا ہے، ملزم نے 1995 میں پولیس اہلکار نبی بخش کو قتل کیا تھا۔

    تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر جمشید کوارٹر سے بارود اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے 42 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے کارکن کو چار دن کےلیے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

    مزید پڑھیں : پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پولیس بہادر آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم کو حراست میں لے لیا تھا، ساجد عرف بونا سرکاری ملازم ہے جو ہیلتھ ڈپارٹمنٹ میں ملازمت کرتا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر نے بتایا تھا کہ ایم کیو ایم لندن سے منسلک ملزم سنی تحریک اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کو قتل کیا ہے۔

    ایس ایس پی ایسٹ نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم کو ٹارگٹ کلنگ کےلیے سیکڑ آفس سے احکامات ملتے تھے، ملزم سے 2 پستول اور دستی بم بھی برآمد ہوا ہے۔

  • سعد رفیق کی درخواست،این اے 131 میں دوبارہ گنتی کا حکم ، عمران خان کل طلب

    سعد رفیق کی درخواست،این اے 131 میں دوبارہ گنتی کا حکم ، عمران خان کل طلب

    لاہور:  ریٹرننگ افسر نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر این اے 131میں دوبارہ گنتی کاحکم دیتے ہوئے عمران خان کو کل طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی جانب سے دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 131 پر دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا اور عمران خان کو کل طلب کرلیا۔

    یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے حلقہ این اے131 میں عمران خان کی کامیابی کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پریذائڈنگ افسر نے سینکڑوں ووٹ مسترد کئے، اس لیے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کی جائے اور مسترد کیے گئے ووٹوں اور گنتی کا عمل مکمل ہونے تک رزلٹ جاری نہ کیا جائے۔


    مزید پڑھیں : این اے131 میں عمران خان کی فتح، سعدرفیق کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست


    یاد رہے انتخابات 2018 میں لاہور کے حلقے این اے131 میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے سخت مقابلے کے بعد مسلم لیگ ن کے خواجہ سعدرفیق کو شکست دی تھی۔

    انتخابی نتائج کے مطابق این اے 131 میں عمران خان نے 84 ہزار 313 ووٹ حاصل کئے جبکہ سعد رفیق 83 ہزار 633 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یونان اور اسپین تارکین وطن کو قبول کرنے کے لیے تیار

    یونان اور اسپین تارکین وطن کو قبول کرنے کے لیے تیار

    برسلز : اسپین اور یونان نے جرمنی کی تجویز پر اتفاق رائے کرتے ہوئے جرمنی سے لوٹائے جانے والے تارکین وطن کو اپنے ملک میں پناہ دینے کی یقین دہانی کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں ہونے والے یوپی یونین کے سربراہی کانفرنس کے دوران اسپین، جرمنی اور یونان کی حکومتوں کے درمیان معاہدہ طے ہوا ہے کہ جرمنی سے واپس لوٹائے جانے والے تارکین وطن کو اپنے ملک میں قبول کریں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے ترجمان شٹیفن زائنرٹ نے جمعے کے روز سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا تھا کہ مہاجرین کے معاملے پر اسپین اور یونان نے جرمنی کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر اتفاق کیا ہے۔

    انجیلا میرکل کے ترجمان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہنا تھا کہ جرمنی اور آسٹریا کی مشترکہ سرحد سے واپس بھیجے جانے والے تارکین وطن کو اسپین اور یونان کی حکومتیں اپنے ملک میں پناہ دینے کو تیار ہیں۔

    زائبرٹ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی حکومتیں صرف ان مہاجرین کو قبول کریں گی، جنہوں نے پہلے سے اسپین اور یونان میں سیاسی پناہ کے خواہش مند ہوں گے اور یورپ کے ڈیٹا بیس سسٹم ’یورو ڈیک‘ میں ان کے فنگر پرنٹس درج ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اعداد و شمار کے مطابق اسپین اور یونان میں موجود سیاسی پناہ حاصل کرنے کے خواہش مند تارکین وطن کی اکثریت جرمنی میں رہائش کی قانونی حیثیثت حاصل کرنا چاہتی ہے، کیوں کہ ان کے عزیز و اقارب جرمنی میں مقیم ہیں۔

    جرمن چانسلر کے ترجمان زائبرٹ کا کہنا تھا کہ انجیلا میرکل اور دونوں یورپی ممالک کے درمیان یہ عہد و پیمان ہوا ہے کہ جرمن حکومت اسپین اور یونان میں موجود تارکین وطن کو ان کے اہل خانہ سے ملانے کے لیے قانونی کارروائی میں تیزی لائے گا۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین کے اجلاس میں سربراہان کا تارکین وطن سے متعلق ’یورپی ممالک میں مہاجرین کے تمام کیمپ بند کرکے یورپ سے باہر پناہ گزین کیمپ لگانے‘ پر اتفاق ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ انجیلا میرکل کے لیے بہت اہمیت کا حامل تھا، کیوں کہ پناہ گزنیوں کے معاملے پر یورپی یونین میں مشترکہ حل کے بغیر میرکل کی حکومت کو شدید خطرات لاحق تھے۔

    خیال رہے کہ جرمن چانسلر اور جرمن وزیر داخلہ ہورست زیہوفر کے درمیان تارکین وطن سے متعلق معاملات پر شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔ ہورست زیہوفر کا مؤقف ہے کہ جرمنی کے علاوہ یورپ کے کسی اور ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والے مہاجرین کو جرمنی میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے، جبکہ میرکل مستقل ان کی مخالفت کرتی آرہی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پوپ فرانسس نے پاکستانی نوجوان کا سندھی اجرک کا تحفہ قبول کرلیا

    پوپ فرانسس نے پاکستانی نوجوان کا سندھی اجرک کا تحفہ قبول کرلیا

    کراچی: پاکستان سے تعلق رکھنے والے مسیحی نوجوان نے ایسٹر کے تہوار پر پوپ فرانسس کو اجرک کا تحفہ پیش کیا جسے انہوں نے بہ خوشی قبول کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق یکم اپریل کو دنیا بھر میں مسیحی برادی نے ایسٹر کا تہوار منایا،  جس کی مرکزی تقریب اٹلی کے شہر ویٹی کن سٹی میں منعقد ہوئی تھی،  جس میں دیگر ممالک کی طرح پاکستان سے بھی بڑی تعداد میں مسیحی افراد نے شرکت کی۔

    پاکستان کے صوبے سندھ سے تعلق رکھنے والے مسیحی نوجوان اور جیزز یوتھ آف سینٹ پاؤل کے ممبر دانیال نے ایسٹر کی مذہبی تقریبات میں شرکت کی اور اس دوران مسیحیت کے مذہنی پیشوا پوپ فرانسس کو سندھی اجرک انوکھا تحفہ پیش کیا گیا تھا جسے پوپ فرانسس نے قبول کیا۔

    پاکستان کے مسیحی نوجوان نے پوپ فرانسس کو اجرک کا تحفہ پیش کیا، جسے انھوں نے بخوشی قبول کرتے ہوئے نوجوان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ہر ملک اور خطے کی اپنی اپنی ثقافت ہوتی ہے، جو وہاں کے رہن سہن اور رسم و رواج کو ظاہر کرتی ہے، اجرک پاکستان کے صوبے سندھ کی ثقافت کی عکاسی کرتی ہے۔

    خیال رہے کہ مسیحی تہواروں میں مرکزی اہمیت رکھنے والا تہوار ایسٹر یکم اپریل کو دنیا بھر میں منایا گیا تھا، یہ تہوار 22 مارچ سے 25 اپریل کے درمیان ہر سال الگ الگ تاریخوں پر منایا جا تا ہے، 21 مارچ کے بعد آنے والے پہلے اتوار کو ایسٹر منایا گیا تھا، جس میں پاکستان سمیت نیا بھر سے مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں