Tag: accident

  • انڈونیشیا میں طیارہ حادثے پر پاکستان کا اظہار افسوس

    انڈونیشیا میں طیارہ حادثے پر پاکستان کا اظہار افسوس

    اسلام آباد: انڈونیشیا میں طیارہ حادثے پر پاکستان نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کی نجی ایئر لائن کا طیارہ جی ٹی 610 سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا، ریسکیوں ٹیموں نے 6 مسافروں کی لاشیں برآمد کرلی جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے شکار افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    انڈونیشیا: نجی ایئرلائن کا طیارہ سمندر میں گرکر تباہ، 6 مسافروں‌ کی لاشیں برآمد

    خیال رہے کہ آج انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والا نجی ایئر لائن کا مسافر بردار طیارہ نامعلوم وجوہات کے باعث ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد اچانک سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا۔

    انڈونیشیا کی نجی ایئر لائن ’لاوئن ایئر‘ کا مسافر بردار طیارہ ’جی ٹی 610‘ 189 مسافروں کو دارالحکومت جکارتہ سے جزیرہ سماٹرا کے شہر پنگ کل پنانگ لے جار ہا تھا۔

    یاد رہے کہ سنہ 2014 میں بھی لوئن ایئر لائن کا مسافر بردار طیارہ 904 حادثے کے باعث سمندر میں گرکر تباہ ہوگیا تھا، جس میں 108 افراد سوار تھے تاہم خوش قسمتی میں جہاز میں سوار تمام مسافر زندہ بچ گئے تھے۔

  • کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

    کار ایکسیڈنٹ کے دوران جانی نقصان سے بچنے کی تجاویز

    گاڑی چلانا ایک ایسا کام ہے جس کے لیے نہایت مشاقی و مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران دماغی طور پر حاضر رہنا بھی نہایت ضروری ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں سیکنڈ کے ہزارویں حصہ میں فیصلہ کر کے اپنی اور گاڑی میں بیٹھے دیگر افراد کی جانیں بچائی جائیں۔

    لیکن ہر شخص ان اصولوں کی پاسداری نہیں کرتا۔ ڈرائیونگ کے دوران آپ کا واسطہ بے شمار ایسے افراد سے پڑے گا جو نہایت لاپرواہی سے گاڑی چلا کر اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیں گے۔

    یہاں ہم آپ کو کچھ ایسی تجاویز بتارہے ہیں جن کو اپنا کر کسی حادثے کی صورت میں آپ اپنا بچاؤ کر سکتے ہیں۔

    یہ تجاویز آپ کو شدید زخمی ہونے سے بچائیں گی جن کے بعد آپ اپنے ہوش و حواس بحال رکھتے ہوئے قریبی اسپتال جا کر ابتدائی طبی امداد حاصل کرسکتے ہیں۔

    گاڑی خریدنے کا پہلا اصول

    accident-5

    جب بھی آپ گاڑی خریدیں تو اس سے پہلے کچھ ہوم ورک ضرور کریں۔ انٹرنیٹ پر اس گاڑی کے ماڈل کی سیفٹی ریٹنگز سے ضرور آگاہی حاصل کریں۔

    یہ ریٹنگز بتاتی ہیں کہ کسی حادثے کی صورت میں گاڑی میں بیٹھے افراد کو اگلی گاڑی نے زیادہ نقصان پہنچایا یا جس گاڑی میں وہ بیٹھے تھے وہی گاڑی ان کے زخمی ہونے کا سبب بنی۔

    سیٹ بیلٹ کا استعمال

    accident-4

    سفر کے دوران سیٹ بیلٹ کا استعمال ایک ایسی مفید عادت ہے جو آپ کو کسی بھی خطرناک صورتحال سے بچا سکتی ہے۔

    نہ صرف حادثے کی صورت میں، بلکہ سڑک پر اگر ایمرجنسی بریک بھی لگائے جائیں تب بھی آپ کا سر اگلی سیٹ یا شیشے سے ٹکرا سکتا ہے جس سے بچنے کا واحد حل سیٹ بیلٹ پہننا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق سڑک پر پیش آنے والے کار ایکسیڈنٹس میں 98 فیصد اموات سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے باعث ہوتی ہیں۔

    یہ عمل اس وقت اور بھی ضروری ہے جب آپ کے ساتھ گاڑی میں بچے بھی موجود ہوں۔ بچوں کو گاڑی میں بٹھا کر سیٹ بیلٹ باندھنے سے قبل کبھی بھی گاڑی نہ چلائیں۔

    گاڑی میں موجود ایئر بیگ

    accident-2

    گاڑی کے اسٹیئرنگ وہیل پر لگا ائیر بیگ کسی حادثے کی صورت میں آپ کے سر اور چہرے کو شدید زخمی ہونے سے بچا سکتا ہے تاہم اس کے لیے بھی کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ضروری ہیں۔

    ڈرائیونگ کے دوران ہاتھوں میں گھڑی یا زیورات پہننے سے گریز کریں۔ اکثر حادثات میں ایئر بیگ اور چہرے کے درمیان ہاتھ آگئے جن میں پہنی گھڑیاں اور زیورات چہرے کو شدید زخمی کرنے کا سبب بنیں۔

    بازؤں کو اسٹیئرنگ وہیل پر ترچھا (کراس) کر کے مت رکھیں۔ دایاں ہاتھ دائیں جانب اور بایاں ہاتھ بائیں جانب رکھ کر گاڑی چلائیں۔

    اسی طرح ڈرائیونگ کے دوران اپنی گود میں کوئی ایسی چیز رکھنے سے گریز کریں جو حادثے کے دوران آپ کا چہرہ ایئر بیگ تک پہنچنے سے روک دے۔

    ایئر بیگ کو کچھ عرصے بعد اچھی طرح چیک کرتے رہیں تاکہ اگر اس میں کوئی خرابی ہے تو اس کا علم ہوسکے اور فوری طور پر اس کو درست کیا جاسکے۔

    گاڑی میں غیر ضروری سامان

    accident-3

    گاڑی میں بغیر کسی سہارے کے رکھا ہوا ہلکا پھلکا سامان جیسے بیگ، موبائل فون، کھانے پینے کی اشیا یا لیپ ٹاپ وغیرہ کسی حادثے کی صورت میں اپنی جگہ سے اچھل کر آپ سے ٹکرا سکتے ہیں جس سے آپ کے زخمی ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ایکسیڈنٹ کے بعد

    ایکسیڈنٹ کے فوراً بعد قریبی اسپتال ضرور جائیں۔ ہوسکتا ہے آپ کو کوئی ظاہری چوٹ نہ لگی ہو، لیکن جھٹکے سے آپ کو کوئی اندرونی جسمانی یا دماغی چوٹ لگنے کا امکان ہو سکتا ہے جس کی درست تشخیص کوئی ڈاکٹر ہی کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

  • حافظ آباد میں ٹریفک حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 15 افراد زخمی

    حافظ آباد میں ٹریفک حادثہ، ایک شخص جاں بحق، 15 افراد زخمی

    حافظ آباد: پنجاب میں پیش آنے والے خطرناک ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور خواتین بچوں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں مسافر وین اور ایمبولینس کے تصادم کے باعث ایک شہری جان کی بازی ہار گیا، جبکہ خواتین بچوں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں تین زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین حافظ آباد سے جلالپور جا رہی تھی۔

    ڈی جی خان: ٹریفک حادثے میں 19 افراد جاں بحق، صدر اور وزیرِ اعظم کا اظہارِ افسوس

    خیال رہے کہ آج ڈیرہ غازی خان میں ملتان روڈ دراہمہ کے قریب ٹریفک حادثے میں 19 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    حادثے پر صدر عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افسوس کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ ڈی جی خان میں ملتان روڈ پر ٹریفک حادثہ دو مسافر بسوں میں تصادم کے باعث پیش آیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 45 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    دریں اثنا صدر پاکستان عارف علوی اور وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان ٹریفک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہوا۔

  • تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ، 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    تائپے: تائیوان میں خطرناک ٹرین حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق تائیوان کے شمال مشرقی علاقے میں تیز رفتار ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے باعث اٹھارہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 366 مسافر سوار تھے، جو ملکی دارالحکومت تائپے سے مشرقی ضلع تائے تونگ جارہی تھی۔

    ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹرین مقررہ مقام پر پہنچے سے پہلے ہی حادثے کی زد میں آگئی اور پانچ بوگیاں پٹری سے اترگئیں، اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق ٹرین صرف چھ سال پرانی اور کافی بہتر حالت میں تھی، حادثے کی اصل وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی، تحقیقات جاری ہے جلد نتائج سامنے آجائیں گے۔

    بھارت: اترپردیش میں خوفناک ٹرین حادثہ، 17 افراد ہلاک

    دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملے نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تقریباً 120 اہلکاروں نے اس آپریش میں حصہ لیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے پہلے ٹرین سے اچانک دھواں اٹھ رہا تھا، واقعے کے بعد زخمی افراد اپنی مدد آپ ٹرین کی کھڑکیوں سے باہر آنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ ٹرین میں امریکی شہری بھی سفر کررہے تھے، تاہم وہ جانی نقصان سے محفوظ رہے، یہ ٹرین تائیوان کی تیز ترین ٹرین سروس تصور کی جاتی ہے جس سے تقریباً لاکھوں کی تعداد میں مسافر روزانہ سفر کرتے ہیں۔

  • کراچی: امریکی سفارتخانے کی کار سے حادثہ، تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج

    کراچی: امریکی سفارتخانے کی کار سے حادثہ، تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج

    کراچی: شہرقائد میں امریکی سفارت خانے کی کار سے حادثے کا مقدمہ تھانہ سول لائنز میں زخمی شہری کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے شہری زخمی ہوگیا تھا، زخمی شہری کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں تیز رفتاری اور ٹریفک حادثے کی دفعات شامل ہیں۔

    زخمی شہری کا کہنا ہے کہ میں پی آئی ڈی سی سے جارہا تھا، عقب سے گاڑی نے ٹکر ماری، واقعے کے بعد موقع پر رش لگ گیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ موقع پر موجود افراد میں سے کسی نے خاتون کو الزبتھ کے نام سے پکارا، رش کے دوران معلوم ہوا کے ڈرائیور امریکی خاتون ہے۔

    کراچی، امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی

    پولیس کے مطابق امریکی قونصلیٹ کی گاڑی غیرملکی خاتون چلا رہی تھیں، خاتون امریکی قونصل خانے میں اسٹاف ممبر ہیں، گاڑی کا نمبر کیو ایم 942 ہے، جبکہ تحقیقات کررہے ہیں کہ حادثہ کس طرح پیش آیا۔

    حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کو اسپتال منتقل کیا گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی شخص کے پاؤں میں چوٹیں آئی ہیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اوڈھو کے مطابق زخمی ہونے والا شخص پاک بحریہ کا ملازم ہے، امریکی خاتون سفارتکار دوسری کار میں سفارت خانے چلی گئیں، جس گاڑی سے حادثہ ہوا اسے تھانے منتقل کیا جارہا ہے۔

  • امریکا میں خوفناک کار حادثہ، 20 افراد ہلاک

    امریکا میں خوفناک کار حادثہ، 20 افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکا کے شہر نیویارک میں تیز رفتاری کے باعث بے قابو گاڑی ہجوم کو روندتی ہوئی درخت سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست نیویارک میں گذشتہ روز شادی کی تقریب سے واپس لوٹنے والی افراد سے بھری لیموزین وین تیز رفتاری کے باعث بےقابو ہوگئی ہوکر سڑک پر پیدل چلنے والے شہریوں پر چڑھ گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی، کار حادثے میں 20 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لیموزین شہر کی مصروف ترین شاہراہ سے گذر رہی تھی کہ اچانک بے قابو ہوکر اسٹور کے قریب درخت سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 18 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دو پیدل چلنے والے افراد گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پیدل چلنے والے متاثرہ افراد پارکنگ ایریا میں موجود تھے جب گاڑی سے نے انہیں روندا تھا تاہم حادثے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ متاثرہ گاڑی درخت سے ٹکرانے اور شہریوں کو روندنے سے پہلے 2015 ماڈل کی ہائی لینڈر سے ٹکرائی تھی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی۔

    نیویارک پولیس کی جانب سے واقع کے اصل حقائق جاننے کے لیے کی جانے والی تفتیش تاحال ابتدائی مراحل میں ہے۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ سنہ 2009 میں پیش آنے والا حادثہ جس میں 49 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، 2009 کے بعد یہ امریکا کی تاریخ کا خطرناک روڈ حادثہ ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت گاڑی میں سوار چار سگی بہنیں اور شادی کے بندھن میں بندھنے والے نئے دلہا دلہن بھی حادثے میں ہلاک ہوگئےْ۔

  • جرمنی: تیز رفتار کار شہریوں پر چڑھ گئی، پانچ افراد زخمی

    جرمنی: تیز رفتار کار شہریوں پر چڑھ گئی، پانچ افراد زخمی

    برلن: جرمنی میں ایک تیز رفتار کار شہریوں پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے جبکہ ڈرائیور کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں قائم ایک کیفے کے قریب تیز رفتار کار نے شہریوں کو روند دیا، جس کے باعث 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حادثے میں کار ڈرائیور شدید زخمی ہوا جس کی وجہ سے اس کی حالت تشویش ناک ہے، دیگر زخمیوں کو بھی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کسی دہشت گرد کارروائی کا نتیجہ نہیں، ڈرائیور ذہنی مریض لگتا ہے، تاہم تحقیقات کر رہے ہیں، جلد حقائق سامنے آئیں گے۔

    برلن :کرسمس بازار میں ٹرک نےشہریوں کو کچل دیا، 12افرادہلاک

    واقعے کی خبر ملتے ہی ریسکیو حکام اور پولیس موقع پر پہنچی، حادثے میں کار بری طرح متاثر ہوئی، تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جارہا ہے۔

    جرمنی میں دہشت گرد کارروائیوں کے پیش نظر حکام نے سیکیورٹی ہائی الرٹ کررکھی ہے، خیال رہے کہ دسمبر 2016 میں برلن کے کرسمس بازار میں ٹرک نے شہریوں کو کچل دیا تھا، جس کے نتیجے میں کم سے کم 12 افراد ہلاک جبکہ 48 زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں ایک ڈرائیور نے فرانس کے جنوبی شہر نیس میں قومی دن کی تقریبات میں شریک افراد پر ٹرک چڑھادیا تھا،جس کے نتیجے میں 84 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

  • پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 4 افراد جاں بحق

    پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثات پنجاب کے شہر اٹک اور لاہور میں پیش آئے جس کے باعث چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمی 8 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اٹک کے علاقے فتح جنگ راولپنڈی کوہاٹ روڈ پر کار اور ٹریلر میں ٹکر ہوئی، اس حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

    حکام کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    کراچی، آئل ٹینکرز اور وین میں تصادم، 2 افراد ہلاک

    دوسری جانب لاہور میں مانگامنڈی کے علاقے میں 5 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    علاوہ ازیں شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں ڈیزل سے بھرے 2 ٹینکر اور وین میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    خیال رہے کہ حادثے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو اسپتال منتقل ہونے سے قبل ہی چل بسے، ٹینکر الٹنے کے باعث سڑک پر ڈیزل پھیل گیا۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، ایک شخص جاں بحق، 11 زخمی

    ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، ایک شخص جاں بحق، 11 زخمی

    کراچی: ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دو مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات ہوئے، جبکہ ایک واقعہ پنجاب کے ضلع جہانیاں میں پیش آیا۔

    کراچی کے علاقے اسٹیل مل پل سے گزرنے والی گاڑی نالے میں جاگری جس کے باعث ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے، زخمیوں کا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسرا واقعہ شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب پیش آیا، جہاں ٹریلر کی زد میں آکر موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    گوجرہ میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق

    علاوہ ازیں پنجاب کے ضلع جہانیاں میں کار اور ٹریکٹرٹرالی میں ٹکر ہوئی، جس کے باعث 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ جہانیاں کے علاقے ملتان دنیا پور روڈ پر چک نمبر 133 دس آر کے قریب پیش آیا، زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 16 جولائی کو مٹیاری کےعلاقے ہالہ کے قریب سڑک کے کنارے باراتیوں سے بھری بس میں ٹرالر جا گھسا تھا، جس کے باعث 17 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ رواں سال 12 فروری کو ٹنڈو محمد خان روڈ پر دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، 5 افراد جاں بحق

    ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات، 5 افراد جاں بحق

    کراچی: ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور اور مردان میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔

    خیبرپختونخواہ کے ضلع مرادن میں کاٹلنگ روڈ کے قریب ایک حولناک ٹریفک حادثہ ہوا، جس کے باعث ماں اور بیٹا جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ماں بیٹا ٹرک کی زد میں آئے جس کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    دوسری جانب لاہور کے علاقے مال روڈ جی پی او چوک پر بس اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہوئی جس کے باعث موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا۔

    گوجرہ میں ٹریفک حادثہ‘ 2 افراد جاں بحق

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 18 سالہ حسیب، 20 سالہ حمزہ شامل ہے، لاشوں اور زخمی کو میو اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے مائی کلاچی روڈ پر ٹریفک حادثہ رونما ہوا جس کی وجہ سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق اور ساتھی زخمی ہوگیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار افراد تیز رفتار گاڑی کی زد میں آئے، جاں بحق شخص کی فہد اور زخمی کی حسنین کے نام سے شناخت ہوئی۔