Tag: accident

  • سعودی عرب: خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد پہلا حادثہ

    سعودی عرب: خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد پہلا حادثہ

    دمام: سعودی عرب میں خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت ملتے ہی خاتون ڈرائیور سے پہلا حادثہ ہوگیا جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کے  بعد مقامی خواتین کو 28 سال بعد آج یعنی 24 جون سے گاڑی خود چلانے کی اجازت ملی تو پولیس کی بھاری نفری سڑکوں پر گشت کرتی رہی۔

    اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں واقع عبد العزیز روڈ پر پہلا حادثہ ہوا جس میں خوش قسمتی سے خاتون ڈرائیور محفوظ رہیں، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کا اگلا حصہ زمین کی طرف جبکہ پچھلا حصہ ہوا میں اٹھا ہوا ہے۔

    گزشتہ رات بارہ بجتے ہی سعودی خاتون مجدولین العتیق اپنی گاڑی ریاض کی سڑکوں پر لائیں اور انہوں نے خود گاڑی چلا کر سعودی عرب کی پہلی خاتون ڈرائیور کا اعزاز اپنے نام کیا۔ شہزادہ الولید بن طلال بھی اپنی صاحبزادی کے ساتھ سڑک پر نکلے اس موقع پر وہ خود نہیں بلکہ بیٹی گاڑی چلارہی تھیں۔

    مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں دوسرے ممالک کے ڈرائیورز کی تعداد تیرہ لاکھ سے زائد ہے جنہیں سعودی خاندانوں نے ڈرائیور کے طور پر ملازمت دی، اس ضمن میں سالانہ 33 ارب ریال صرف تنخواہ کی مد میں دئیے جاتے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی حکومت نے خبر دار کیا ہے کہ دوران ڈرائیونگ خواتین کی تصویر بنانے پر دو سے پانچ برس قید اور پانچ لاکھ ریال جرمانہ ہوگا، سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے سے ملک کو سالانہ بیس ارب ریال کی بچت بھی ہوگی۔ علاوہ ازیں حکومت نے غیر ملکی خواتین کی مخصوص تعداد کو گاڑی چلانے کی اجازت دی۔

    ماہرین کے مطابق سعودی حکومت آئندہ دس برسوں میں 50 فیصد غیر ملکی خواتین کو گاڑیاں چلانے کی اجازت دے سکتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیپال: بس حادثے میں 14 افراد ہلاک، 9 زخمی

    نیپال: بس حادثے میں 14 افراد ہلاک، 9 زخمی

    کھٹمنڈو: نیپال میں پیش آیا ایک خطرناک حادثہ جہاں ایک مسافر بس گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پیش آیا نیپال کے ضلع پالپا میں جہاں ایک مسافر بس پہاڑی سلسلوں پر قائم سڑک کو کراس کرتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری جس کے باعث چودہ افراد ہلاک جبکہ نو شدید زخمی ہوگئے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس مسافر بس میں 27 افراد سوار تھے جبکہ یہ بس تان سین نامی شہر سے نکلنے کے بعد اپنے مقررہ مقام کی جانب گامزن تھی کہ اسی دوران ضلع پالپا کے مقام پر بس ایک گہری کھائی میں جاگری۔


    یوگنڈا میں بس حادثہ، 48 افراد ہلاک، درجنوں زخمی


    پولیس حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مرنے والے 14 افراد کی تصدیق کی جاچکی ہے، شاخت کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا جبکہ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات ضلع میں شدید بارش ہونے کے باعث سڑکوں پر نمی ہے اور ابتدائی طور پر اس حادثے کی ایک اہم وجہ یہی معلوم ہوتی ہے البتہ مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔


    شمالی کوریا میں بس حادثہ ‘36 افراد ہلاک


    پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی دشواریاں پیش آئیں جبکہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں اور یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے پیش آیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • یوگنڈا میں بس حادثہ، 48 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    یوگنڈا میں بس حادثہ، 48 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    کمپالا: افریقی ملک یوگنڈا میں پیش آیا بس حادثہ جس کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ یوگنڈا کے دار الحکومت کمپالا سے 220 کلو میٹر دور ایک ضلع میں پیش آیا جس کے باعث اڑتالیس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا کہ جب ایک بغیر ہیڈ لائٹس والا ٹریکٹر اچانک مسافر بس سے ٹکرا گیا، تاہم امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فوری طور پر لوگوں کو ریسکیو کیا جبکہ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔


    یوگنڈا:کشتی ڈوبنے سے 22 افراد ہلاک


    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ٹریکٹر نے بس کو آگے سے ٹکر ماری جس کے بعد مسافر بس بے قابو ہوگئی اور فٹ پاتھ سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں، حادثے کا ذمہ دار ٹریکٹر درائیور ہے جو بغیر ہیڈ لائٹ کے تیز رفتار گاڑی چلارہا تھا۔

    خیال رہے کہ افریکی ملک یوگنڈا دنیا کے خستہ حال اور بدترین سڑک والے ممالک میں شمار کیا جاتا ہے، سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 2015 سے 2017 کے درمیان مختلف ٹریفک حادثات کے باعث 9500 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ 2016 میں افریقی ملک گھانا میں ہونے والے ایک بس حادثے میں کم از کم 53 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے، مقامی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ملک کے شمالی حصے میں اس وقت پیش آیا تھا کہ جب ایک مسافر بس ایک سامان بردار ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایبٹ آباد: ٹریفک حادثہ، 10 افراد جاں بحق، 6 زخمی

    ایبٹ آباد: ٹریفک حادثہ، 10 افراد جاں بحق، 6 زخمی

    ایبٹ آباد: سبزی منڈی موڑ کے قریب ایک گندم سے بھرا ٹرک وین پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے سبزی منڈی موڑ پر پیش آیا انتہائی افسوس ناک واقعہ جہاں گندم سے بھرا ٹرک ایک مسافر وین پر الٹ گیا جس کی زد میں آکر 10 مسافر جاں بحق ہوگئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسافر وین اسلام آباد سے مانسہرہ جارہی تھی جس میں 18 افراد سوار تھے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں دس افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے ہیں جنہیں ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ واقعے سے متعلق تحقیقات کی جاری ہیں۔

    حیدرآباد: ہوسڑی میں ٹریفک حادثہ ‘ 10 افراد جاں بحق

    دوسری جانب اٹک کے علاقے کوہاٹ روڈ میں بھی پیش آیا افسوس ناک واقعہ جہاں باراتیوں کی وین حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجےمیں ایک بچی اور دو خواتین سمیت چار افرادجاں بحق جبکہ تیرہ زخمی ہوگئے۔

    علاوہ ازیں بھکر میں تیز رفتار بس نے رکشے کو روند ڈالا جس کے باعث تین خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے، بعد ازاں اہل علاقہ نے واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور بس ڈرائیور کو غفلت برتنے پر سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں حیدر آباد کے علاقے ٹنڈو محمد خان روڈ پر مسافر وین اور ٹرک میں تصادم ہوا تھا کے نتیجے میں دس افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارت: اسکول وین کو ٹرین نے کچل دیا، 13 بچے ہلاک

    بھارت: اسکول وین کو ٹرین نے کچل دیا، 13 بچے ہلاک

    نئی دہلی : بھارتی ریاست اتر پردیش میں پھاٹک کراس کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین نے اسکول وین کچل دیا، جس کے نتیجے میں 13 بچے ہلاک ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں اسکول کے بچوں کو لانے والی وین خوشی نگر کے علاقے میں تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حادثے میں دوران بس میں سوار تیرہ بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں کم عمر بچے اور بس ڈرائیور بھی شامل ہیں۔

    بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ اسکول بس ایسے ریلوے پھاٹک سے گزر رہی تھی جہاں ریلوے عملے کا کوئی بھی اہلکار موجود نہیں تھا۔ جس کے باعث وین اور ٹرین میں حادثہ پیش آیا۔

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے افسوس ناک حادثے کی تحقیقات اور متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری ہمدردیاں حادثے میں ہلاک ہونے والے بچوں کے والدین کے ساتھ ہے۔


    بھارت: اسکول بس گہری کھائی میں جاگری،27بچوں سمیت 30ہلاک


    یاد رہے کہ بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں گذشتہ ہفتے بچوں کو لانے والی اسکول بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر 200فٹ گہری کھائی میں جاگری تھی جس کے نتییجے میں 27 بچوں سمیت 30 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں خراب ڈرائیونگ اور تباہ حال سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک حادثات روز کا معمول ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • گورنر پنجاب کی تیز رفتار گاڑی کی کار کو ٹکر، خواتین سمیت چار بچے زخمی

    گورنر پنجاب کی تیز رفتار گاڑی کی کار کو ٹکر، خواتین سمیت چار بچے زخمی

    لاہور: پنجاب کے شہر ساہیوال میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی تیز رفتار گاڑی نے ایک چھوٹی کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں کار سوار خواتین سمیت چار بچے زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے قریب گورنر پنجاب کی تیزرفتار گاڑی نے چھوٹی کار میں سوار فیملی کو ٹکر مار دی جس کے باعث معذور خاتون کے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ کار میں سوار ایک اور خاتون، نرس اور چار بچے بھی زخمی ہوگئے۔

    گورنر پنجاب کی کار سڑک پر ہوا سے باتیں کررہی تھیں جبکہ ڈرائیور کو اوکاڑہ سے آتی کار نظر نہ آئی جس کے باعث ایسا تصادم ہوا کہ چھوٹی سی کار کے انجر پنجر ڈھیلے ہوگئے، ٹکر لگنے سے کار میں سوار دو خواتین، نرس اور چار بچے زخمی ہوئے۔

    لاہور: تیزرفتارگاڑی کی ٹکرسےپولیس اہلکارجاں بحق‘ 1 زخمی

    واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں نے گورنر رفیق رجوانہ کی گاڑی میں سوار گورنر کے بیٹے، بیٹی اور غیر ملکی خاتون کو بغیر کسی کارروائی کے گھر بھیج دیا علاوہ ازیں ابتدائی پرچے میں ڈرائیور کا فرضی نام لکھ دیا گیا ہے۔

    لاہور : ڈی ایس پی کے بیٹے طلحہ کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان ہلاک

    دوسری جانب حادثے کے متاثرین کا کہنا تھا کہ مخالف سمت سے انتہائی تیز رفتار گاڑی آرہی تھی کہ اچانک گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین کو شدید چوٹیں آئی ہیں، تاہم پولیس کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارت: اسکول بس گہری کھائی میں جاگری،27بچوں سمیت 30ہلاک

    بھارت: اسکول بس گہری کھائی میں جاگری،27بچوں سمیت 30ہلاک

    شملہ : بھارت میں اسکول وین گہری کھائی میں گرنے سے27کمسن طلباء ہلاک ہوگئے، دو اساتذہ اور بس ڈرائیور بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک اسکول کے بچوں کو واپس لانے والی بس ریاستی دارالحکومت شملہ سے 325 کلو میٹر دور نور پور میں بے قابو ہوکر 200فٹ گہری کھائی میں جاگری۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بس میں مجموعی طور پر چالیس بچے سوار تھے، حادثے میں تیس افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جن میں دس سال کی عمر تک کے27بچے اس کے علاوہ مرنے والوں میں دو اساتذہ اور بس ڈرائیور بھی شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق شمالی ریاست ہماچل پردیش میں یہ حادثہ پیر کی شام کو پیش آیا، بس میں سوار زیادہ تر بچوں کی عمریں دس برس سے کم تھیں۔

    مزید پڑھیں: بھارتی ریاست راجستھان میں اسکول بس دریا میں جا گری

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موڑ کاٹتے ہوئے بس پھسل گئی اور پہاڑی راستے پر بنی سڑک سے نیچے اتر گئی۔ امدادی ادارے کے اہلکار بس میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، متعلقہ حکام نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: تنزانیہ، اسکول بس حادثہ، 32 بچوں سمیت 36 افراد ہلاک


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ٹریفک حادثے کے ذمہ دار امریکی سفارتکار کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ

    ٹریفک حادثے کے ذمہ دار امریکی سفارتکار کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے کے بعد اس کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کردیا ہے، قاتل اب سفارتخانے کی پناہ میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کے بعد وفاقی حکومت نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں ڈال کر اس کا ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کردیا ہے۔

    واقعے کے حوالے سے پولیس کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر وفاقی پولیس نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر سفارش کی تھی کہ کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں شامل کیا جائے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے کرنل جوزف کی سفارتی حیثیت کے حوالے سے بھی وفاقی پولیس کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کو تیز رفتار گاڑی میں سوار نشے میں دھت امریکی ملٹری اتاشی نے سگنل توڑ کر موٹرسائیکل سوار دو نوجوانوں کو ٹکرمار دی تھی۔ حادثے میں ایف اے کا طالبعلم عتیق نامی نوجوان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ عتیق کا کزن شدید زخمی ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج

    نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج

    اسلام آباد : امریکی سفارتکار کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار غریب نوجوان چل بسا، حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے، متوفی ایف اے کاطالب علم اور ہوٹل میں ملازم تھا، پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے تھانہ کوہسارکی حدود میں تیز رفتار گاڑی میں سوار امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف نے موٹرسائیکل سوار نوجوان عتیق بیگ کو ٹکرماری جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

    اطلاعات کے مطابق فوجی اتاشی کرنل جوزف مبینہ طور پر نشے میں تھا، واقعے کے فوری بعد ایک اور گاڑی اس کو لینے پہنچ گئی، پولیس نے امریکی اہلکار کا میڈیکل کرانے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ کہہ کر منع کردیا کہ ہم سفارتکار ہیں آپ ہمیں گرفتار نہیں کر سکتے۔

    پولیس اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو سفارت کار مزاحمت کرکے بھاگ کھڑا ہوا، پولیس نے سفارتکار کی گاڑی کو قبضے میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کردیاہے۔

    نوجوان کی ہلاکت پرمتوفی عتیق بیگ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، اسلا م آباد کے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کے مطابق دامن کوہ چوک پرسفید رنگ کی گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے نوجوان کو کچل ڈالا۔

    عتیق کزن کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سپرجناح مارکیٹ جارہاتھا، اس حادثے میں عتیق موقع پرجاں بحق اس کا کزن راحیل شدید زخمی ہوا۔ گاڑی امریکی سفارتخانے میں تعینات ایئرڈیفنس اتاشی چلارہاتھا اورحادثہ ڈرائیورکی تیزرفتاری، غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔ مقدمے میں 320، 337، 279 اور427 کی دفعات شامل ہیں۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والا نوجوان عتیق بیگ ایک ہوٹل پر کام کرتا تھا اور نوکری کے ساتھ ہی ایف اے کا طالب علم بھی تھا، یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا میں وزیراعظم پاکستان کی مشکوک افراد کی طرح تلاشی لی گئی تھی‘ تاہم اسلام آباد میں امریکی سفارت کار دھڑلے سے نوجوان کو خون میں نہلا کر بھاگ نکلا۔

    دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے ان کا کہنا ہے کہ حادثے سے متعلق معاملے کو دیکھا جا رہا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • گوجرانوالا: گاڑی نہر میں جاگری، 4 افراد جاں بحق

    گوجرانوالا: گاڑی نہر میں جاگری، 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے علاقے گوجرانوالا میں تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق گوجرانوالا کے علاقے سمن آباد میں ڈرائیور تیز رفتار کار موڑ کاٹتے ہوئے قابو نہ کرسکا جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔

    گاڑی نہر میں گرنے سے میاں بیوی اور دو بچے جاں بحق ہوئے، علاقہ مکینوں نے حادثے کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت گاڑی نکالنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔

    ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پہنچ کر لاشوں کو سول اسپتال گوجرنوالا منتقل کیا، حادثے کا شکار ہونے والے خاندان کا تعلق پنجاب کے علاقے جڑانوالا سے تھا۔

    جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ناصر کے نام سے ہوئی جبکہ گاڑی میں مقتول کی بیوی، پانچ سالہ بیٹا اور آٹھ سالہ بیٹی بھی موجود تھے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں موجود فیملی وزیر آباد سے گوجرنوالا جارہی تھی کہ تیز رفتاری میں موڑ کاٹتے ہوئے نہر میں جاگری۔

    یہ پڑھیں: حیدرآباد: ہوسڑی میں ٹریفک حادثہ ‘ 10 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل سندھ کے علاقے  ٹنڈو محمد خان روڈ پر ہوسڑی کے قریب تیز رفتار ٹرک اور وین کے درمیان ہونے والے تصادم کے باعث 10 افراد جان کی بازی ہارگئے


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔