Tag: accident

  • عرب امارات: ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنے پر خوفناک حادثہ

    عرب امارات: ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنے پر خوفناک حادثہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں تیز رفتار گاڑی کے ڈرائیور کو نیند کی جھپکی آنے پر خوفناک حادثہ رونما ہوگیا، بے قابو گاڑی سے ٹکرا کر ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک مقامی شہری جان کی بازی ہار گیا۔

    شارجہ کے الشرقیہ علاقے کی پولیس کے ڈائریکٹر کرنل علی الحمودی نے بتایا کہ کلبا شہر میں وادی الحلم کے مقام پر ٹریفک حادثہ پیش آیا، اطلاع ملتے ہی موبائل فورس اور ایمبولینس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

    حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شہری کو اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    کرنل علی الحمودی نے بتایا کہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ مقامی شہری بلدیاتی کونسل کا ملازم تھا اور حادثے کے وقت ڈیوٹی پر تھا، سڑک کے کنارے گاڑی پارک کر کے ڈیوٹی پر جا رہا تھا، اسی دوران ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا۔

    گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتارکرلیا گیا ہے، اس نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اچانک آنکھ لگنے پر گاڑی کنٹرول سے باہر ہوگئی، اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

    کرنل علی الحمودی نے ڈرائیوروں سے کہا کہ وہ ٹریفک قواعد و ضوابط کی پابندی کریں، شاہراہوں پر مقررہ رفتار کی حد کی پابندی کریں۔ تھکان یا نیند کی صورت میں گاڑی روک کر محفوظ جگہ پارک کریں۔ ایسا اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔

  • سڑک کنارے کھڑے 3 ننھے بچوں پر تیز رفتار گاڑی چڑھ دوڑی، ویڈیو وائرل

    سڑک کنارے کھڑے 3 ننھے بچوں پر تیز رفتار گاڑی چڑھ دوڑی، ویڈیو وائرل

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جازان میں سڑک کنارے کھڑے 3 بچوں کے ساتھ اس وقت ہولناک حادثہ پیش آگیا جب ایک تیز رفتار گاڑی ان پر چڑھ دوڑی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں تیز رفتار گاڑی سڑک کے کنارے کھڑے ہوئے 3 بچوں پر چڑھ دوڑی اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچہ گاڑی کے نیچے آنے کے باوجود خوش قسمتی سے بچ گیا جبکہ دوسرے بچے بھی محفوظ رہے۔

    ویڈیو میں بچے کو اسپتال لے جاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، گاڑی کے نیچے آنے والے بچے کے سر پر پٹی بندھی ہے اور اس کا ہاتھ بھی زخمی ہوا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرنے والے شہری نے کیپشن میں لکھا کہ بچے کا نام عبداللہ ہے جو خوش قسمتی سے بچ گیا۔

  • جامشورو: زائرین کی بس کو حادثہ، متعدد جاں بحق

    جامشورو: زائرین کی بس کو حادثہ، متعدد جاں بحق

    جامشورو: صوبہ سندھ کے شہر جامشورو کے قریب زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مانجھند کے قریب زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں 6 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

    ایس ایس پی جامشورو کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور ایک بچی بھی شامل ہے، زخمیوں کو مانجھند اسپتال اور سیہون عبد اللہ شاہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

    ایس ایس پی کے مطابق تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو سیہون جا رہے تھے۔

  • کرتب دکھانا مہنگا پڑگیا، کار کے پرخچے اُڑگئے، ویڈیو وائرل

    کرتب دکھانا مہنگا پڑگیا، کار کے پرخچے اُڑگئے، ویڈیو وائرل

    مرکزی شاہراہ پر کار کو لہراتے ہوئے چلانا ڈرائیور کو مہنگا پڑگیا، کار دو سڑکوں کے درمیان بنے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خوفناک حادثہ پنجاب ہائی وے پر پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، اور صارفین اس پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کررہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک درمیانے سائز کی کار جس کا ڈرائیور بیچ شاہراہ پر کار کو لہرا لہرا کر چلا رہا تھا کہ اچانک کار بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔

    حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ کار الٹ کر دور جاگری، گاڑی کے ٹکڑے اڑتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں، حادثے کی وجہ گاڑی کا ٹائر پھٹنا بتایا جارہا ہے۔

    خوش قسمتی سے اتنے خوفناک حادثے کے بعد ڈرائیور محفوظ رہا تاہم اس کو معمولی چوٹیں آئیں ویڈیو کے آخر میں اسے زمین سے اٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جائے وقوعہ پر موجود ایک شہری بھی اس کی مدد کے لیے پہنچ گیا تھا۔

  • موٹر سائیکل سوار کا انوکھا احتجاج، ویڈیو وائرل

    موٹر سائیکل سوار کا انوکھا احتجاج، ویڈیو وائرل

    بنگلورو : بھارت میں ایک موٹر سائیکل سوار نے سڑک پر ہونے والے گڑھے میں گرگیا جس کے بعد اس نے ایسا کام کیا کہ جسے دیکھنے والوں نے بھی اس کا ساتھ دیا۔

    عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ شہری انتظامیہ کی غفلت کے باعث ٹوٹی سڑکوں کی باقاعدہ مرمت نہ ہونے پر شہری آئے روز پریشانی کا شکار رہتے ہیں۔

    اکثر ان ٹوٹی سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں شہریوں کو زخمی ہوکر اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے، ایک ایسا ہی واقعہ بھارت کے شہر بنگلورو میں بھی پیش آیا۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے جس پر صارفین احتجاج کرنے والے نوجوان سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔

    ہوا کچھ یوں کہ سڑک سے گزرتے ہوئے ایک موٹرسائیکل سوار شخص اچانک گڑھے میں گرگیا جس پر اس نے احتجاجاً اپنی موٹرسائیکل روڈ پر کھڑی کی اور زمین پر ہی بیٹھ گیا۔

    مذکورہ ویڈیو میں اس شخص کو حادثے کا شکار ہونے کے بعد متعلقہ شہری اداروں کے اہلکاروں سے جواب مانگتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں صارفین نے کرناٹک حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنگلورو اتھارٹی کے پاس ان گڑھوں کے مسائل حل کرنے کے صرف تین طریقے ہیں۔

    پہلا یہ کہ جب وزیراعظم نریندر مودی شہر کا دورہ کرتے ہیں دوسرا جب گڑھوں کی وجہ سے کوئی شخص جان سے چلا جاتا ہے یا پھر جب کوئی گڑھے میں گرنے والا زخمی شخص احتجاج کرتا ہے۔

  • خاتون نے لڑکی کو خوفناک حادثے سے بچالیا، ویڈیو وائرل

    خاتون نے لڑکی کو خوفناک حادثے سے بچالیا، ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر آئے روز نت نئی ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ جاتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک ویڈیو بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے ضلع دہرادون سے سامنے آئی ہے جس میں خاتون نے لڑکی کو ٹرک کے خوفناک حادثے سے بچالیا۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹول بوتھ کر ایک گاڑی آکر رکتی ہے اور خاتون کاؤنٹر میں جانے لگتی ہیں اتنے میں ایک تیز رفتار ٹرک آکر ٹول بوتھ سے ٹکرا کر الٹ جاتا ہے۔

    حادثے کے وقت خاتون نے فوری کاؤنٹر کے اندر بیٹھی لڑکی کو بچایا اور اسے پکڑ کر دور لے گئیں۔

    مذکورہ ویڈیو بھارتی ایڈمنسٹریٹو سروس آفیسر اونیش شرن نے شیئر کی جسے اب تک لاکھوں ویوز حاصل ہوچکے ہیں اور صارفین خاتون کے اقدام کو سراہا رہے ہیں۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ’بہادر لڑکی۔‘

    ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ملک میں ایسی ہی ہمت والے لوگوں کی کمی ہے، جب کوئی حادثہ ہوتا ہے تو لوگ بس دیکھتے ہیں یا پھر ویڈیو بناتے ہیں تاکہ بعد میں وائرل کیا جاسکے اگر اس طرح کسی کی مدد کی جائے تو کتنے لوگوں کی جان بچ سکتی ہے۔‘

  • اسکول بس کو خوفناک حادثہ : ویڈیو دیکھنے والے سہم گئے

    اسکول بس کو خوفناک حادثہ : ویڈیو دیکھنے والے سہم گئے

    میکسیکو کے شہر البوکرک میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے اسکول بس الٹ گئی، بس میں 23طلباء و طالبات موجود تھے۔

    حادثہ دو کاروں کی ریس کی وجہ سے پیش آیا، غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماریو پیریز نامی شخص دوسری کار سے ریس لگا رہا تھا، کار کی رفتار سو میل فی گھنٹہ سے زیادہ تھی۔

    تیز رفتار کار وہاں سے گزرنے والی ایک اسکول بس کے پچھلے حصے سے ٹکرائی جس کے باعث بس ڈرائیور بھی کنٹرول نہ رکھ سکا۔

    عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے بعد دوسری گاڑی تیزی سے فرار ہوگئی۔ اس ڈرائیور کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    کار کے ٹکرانے کے بعد بس قلابازی کھاتی ہوئے سڑک کے کنارے پر الٹ گئی اور اس موجود متعدد بچے زخمی ہوگئے جس میں سے تین بچوں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔

    بس کے اندر لگے کیمرے کی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے اپنی نشستوں پر بیٹھے بچے کس طرح اچھل کر دوسری جانب جاگرے۔

    واقعے بعد جائے وقوعہ پر بچوں کے رونے کی آوازوں نے کہرام برپا کردیا، بچے چیخ چیخ کر لوگوں کو مدد کیلئے پکار رہے تھے۔

    بعد ازاں سات زخمیوں طبی امداد کی فراہمی کیئے مقامی ہسپتال لے جایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق دو زخمیوں کو ان کی ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں اور دوسرے کی کمر ٹوٹ گئی تھی۔

  • راولپنڈی: مسافر بس سائن بورڈ سے ٹکرا کر دو حصے ہوگئی، درجنوں زخمی

    راولپنڈی: مسافر بس سائن بورڈ سے ٹکرا کر دو حصے ہوگئی، درجنوں زخمی

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں مسافر بس کو ہولناک حادثہ پیش آیا جس میں مسافر بس سائن بورڈ سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں تقسیم ہوگئی، حادثے میں 3 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فتح جنگ انٹر چینج کے قریب مسافر بس سائن بورڈ سے ٹکرا گئی، حادثے میں 3 مسافر جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 سے زائد شدید زخمی ہوئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مسافر بس ڈیرہ غازی خان سے راولپنڈی جا رہی تھی، سائن بورڈ سے ٹکرانے کے بعد بس دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔

  • لیہ: دو گاڑیوں میں خوفناک تصادم، 7 افراد جاں بحق

    لیہ: دو گاڑیوں میں خوفناک تصادم، 7 افراد جاں بحق

    لیہ:  صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ میں دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق لیہ کی تحصیل چوک اعظم میں گولہ اڈا کے قریب 2 گاڑیاں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور خاتون بھی شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں ، جائے حادثے پر قیامت صغریٰ کا منظر رہا، شدید زخمی امداد بُری طریقے سے گاڑیوں میں پھنس گئے اور مدد کو پکارتے رہے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں وزخمیوں کو گاڑیاں کاٹ کر ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار مزید دو زخمی دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئے جس کے بعد ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 تک جاپہنچی۔

    ادھر اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ گولہ اڈا ٹریفک حادثے کے بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث اموات میں اضافہ کا خدشہ ہے، اسپتال میں ایمرجنسی نافذ ہے اور مقامی افراد سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئیں ہیں۔

  • کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر دلخراش ٹریفک حادثہ، 4 خواتین جاں بحق

    کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر دلخراش ٹریفک حادثہ، 4 خواتین جاں بحق

    کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پیش آئے دلخراش ٹریفک حادثے میں 4 خواتین سمیت چھ افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق کار کا کراچی سے کوئٹہ جاتے ہوئے قومی شاہراہ پر سوراب کے مقام میں ٹرک سے تصادم ہوا، حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور ڈرائیور سمیت چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ لاشوں کو کار کاٹ کر باہر نکالا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ خوفناک حادثے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئی جسے علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے، مرنے والوں میں دو مرد اور چار خواتین شامل ہیں جو کوئٹہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: ساحل سمندر پر خوفناک ٹریفک حادثہ، غیر ملکی خاتون ہلاک

    واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر آئے روز ٹریفک حادثات ہوتے رہتے ہیں، جس کی بڑی وجہ سنگل روڈ کا ہونا ہے، جہاں اوورٹیکنگ کے نتیجے میں کئی حادثات رونما ہوتے ہیں اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے

    یاد رہے کہ سال 2019 میں کمشنر مکران ڈویژن طارق بھی اسی قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں اپنے محافظ اور ڈرائیور سمیت حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے۔

    سال 2020 میں قلات کے چھ فٹ بالر بھی اس روڈ پر ٹریفک حادثے کے باعث زندگی کی بازی ہار بیٹھے تھے۔