Tag: accident

  • تفریح کے لیے جانے والا خاندان المناک حادثے کا شکار

    تفریح کے لیے جانے والا خاندان المناک حادثے کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں ٹرک کار پر چڑھ گیا، حادثے میں کمسن بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں فورٹ منرو میں ٹرک کار پر چڑھ گیا، افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک کم سن بچہ شدید زخمی ہوا۔

    ذرائع کے مطابق کار میں سوار خاندان سخی سرور کا رہائشی تھا جو سیاحت کے لیے فورٹ منرو جا رہا تھا، جاں بحق افراد میں پروفیسر اللہ وسایا، ان کا بیٹا ابراہیم اور 2 پوتے شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل صوبہ سندھ کے شہر نوری آباد کے قریب موٹر وے پر اندوہناک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 18 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے۔

    حادثے کا شکار وین میں بچوں اور خواتین سمیت 25 مسافر سوار تھے، وین سے دوسری گاڑی کا بونٹ اڑ کر ٹکرایا تھا جس کے بعد وین کو آگ لگ گئی تھی۔

    حادثے کے بعد گزشتہ روز ایک بچی کی لاش بھی برآمد ہوئی تھی جو پہلے ریسکیو آپریشن کے دوران نظر نہیں آئی تھی۔

    اس حوالے سے ریسکیو ذرایع نے بتایا تھا کہ بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آگ سے بچانے کے لیے ماں نے بچی کو چادر میں لپیٹ لیا تھا، جب خاتون کی جھلسی ہوئی لاش سے چادر ہٹائی گئی تو اس میں سے بچی کی لاش برآمد ہوئی۔

  • بھارت : ٹریفک حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی لاش درخت سے لٹکی ملی

    بھارت : ٹریفک حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی لاش درخت سے لٹکی ملی

    نئی دہلی : بھارت میں ٹریفک حادثے میں چار افراد کی ہلاکت کے بعد ڈرائیور کی تین دن پرانی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی نے خود کشی کی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست ریاست راجستھان کے ضلع پالی میں 21 ستمبر کو ضلع احمد آباد کے علاقہ گوڑا اینڈلہ پولیس اسٹیشن سے گزرنے والے پالی، احمد آباد شاہراہ پر ایک سڑک حادثے کے بعد اب اسی جگہ سے کچھ فاصلے پر ایک منی ٹرک ڈرائیور کی تین دن پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے مقام کے قریب ڈرائیور نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی ہے، وہاں سے گزرنے والے چرواہوں نے لاش کو دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس موقع پرپہنچ گئی اور پوسٹ مارٹم کیلئے لاش کو بانگر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کی شناخت ہریانہ کے ضلع گڑگاؤں کے بلاس پور علاقے میں سِدراولی کے رہنے والے50 برس کے ستیش سنگھ ولد ہری سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ 21 ستمبر کو ضلع پالی کے تڑکے گڑا اینڈلا پولیس سٹیشن کے علاقے نیشنل ہائی وے پر کیروا گاؤں کے پاس ایک منی ٹرک الٹ گیا تھا اس حادثے میں منی ٹرک میں سوار ایک اور چھ سالہ بچی سمیت دو خواتین موقع پر ہی ہلاک ہوگئی تھیں۔ یہ وہی منی ٹرک ڈرائیور تھا جس منی ٹرک کے پلٹ جانے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت ہوگئی تھی۔

    بتایا جارہا ہے کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور ستیش سنگھ موقع سے فرار ہوگیا تھا، پولیس نے اسے ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں ملا اور جمعرات کی شام اسی منی ٹرک ڈرائیور کی تین دن پرانی لاش موقع واردات سے کچھ فاصلے پر ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔

    پولیس نے خودکشی کے معاملے میں کیس درج کرکے ہلاک ہونے والے شخص کے اہل خانہ کو اس بات کی اطلاع دے دی ہے۔

  • سعودی عرب : ٹریفک قوانین سے متعلق حکومت کا اہم اعلان

    سعودی عرب : ٹریفک قوانین سے متعلق حکومت کا اہم اعلان

    ریاض : سعودی عرب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا تعین کیا جاتا ہے جس کا مقصد شہریوں کو حادثات سے بچانے اور کسی مشکل میں پھنس جانے سے بچاؤ ہوتا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ چلتی گاڑی سے اترنا اور چڑھنا منع ہے، اس سے اپنی اور دوسروں کی زندگیاں خطرے میں پڑجاتی ہیں اور کبھی کبھار ٹریفک بھی معطل ہوجاتا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ چلتی گاڑی پر چڑھنا اور اس سے اترنا ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر ایک ہزار سے دو ہزار ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے بعض افراد چلتی گاڑی میں سوار ہونے اور اترنے کی کوشش کرتے ہیں، اس وجہ سے کئی بار ٹریفک حادثات بھی رونما ہوچکے ہیں، اس قسم کے واقعات اسکول کی بسوں میں بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔

  • چین میں خوفناک ٹریفک حادثہ : دیکھنے والے دنگ رہ گئے، ویڈیو وائرل

    چین میں خوفناک ٹریفک حادثہ : دیکھنے والے دنگ رہ گئے، ویڈیو وائرل

    بیجنگ : جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے یہ مثال اس شخص پر سو فیصد صادق آتی ہے جو موت کے منہ میں جاکر یا اس کے دہانے پر پہنچ کر واپس آیا ہو۔

    کچھ ایساہی واقعہ چین میں پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار مسافر کوچ فٹ پاتھ پر لگے مضبوط جنگلے سے خوفناک انداز سے ٹکرائی لیکن خوش قسمتی سے ڈرائیور گاڑی سے گر معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    خوفناک سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انتہائی تیز رفتار کوچ ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگئی، اور زور دار طریقے سے ٹکرا کر الٹ گئی، حادثے سے پہلے ڈرائیور نے بریک لگانے کی کوشش کی لیکن وہ پھسلتی ہوئی کوچ کے ٹکرانے سے پہلے گاڑی سے گرگیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ منگل کی صبح جنوب مشرقی چینی صوبے فوزیان کے کوانزو میں پیش آیا، اس حادثے میں مذکورہ ڈرائیور اور کوچ کے آٹھ مسافروں کو چوٹیں آئیں۔

    حادثے کے بعد معجزانہ طور پر ڈرائیور خود سے اٹھنے میں کامیاب ہوگیا اور جب وہ آہستہ آہستہ چلتا ہوا فٹ پاتھ پر کھڑا ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • سعودی عرب: تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار

    سعودی عرب: تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار

    ریاض: سعودی عرب میں تفریح کے لیے جانے والے 4 نوجوان المناک حادثے کا شکار ہوگئے، ان کی گاڑی پر چٹان گر پڑی جس سے چاروں جاں بحق ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے جازان ریجن کی العارضہ کمشنری میں سعودی شہری دفاع کے اہلکاروں نے چٹان کے نیچے سے لاپتہ 4 سعودی نوجوانوں کی لاشیں نکال لیں، حادثہ گاڑی پر چٹان گر جانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

    جائے وقوع سے لاشیں نکالنے کا منظر دل دہلا دینے والا تھا، شہری دفاع کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی نوجوان اور مقیم غیر ملکی بھی مدد کے لیے پہنچے ہوئے تھے۔

    چاروں نوجوان گزشتہ ہفتے کو العارضہ پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے جہاں وہ لاپتہ ہوگئے تھے، مختلف ادارے ان کی تلاش میں تھے۔

    2 نوجوانوں کے چچا ماجد جابر الجزمی نے سعودی میڈیا کو بتایا کہ وہ لوگ جائے وقوعہ سے متصل علاقے اور قریب کی وادیوں میں انہیں تلاش کرتے رہے، اسپتالوں اور ایسے تمام مقامات کو چیک کرلیا گیا تھا جہاں جہاں ان کے ملنے کی توقع کی جا سکتی تھی۔

    چچا کے مطابق ان کے بھتیجے اپنے دوستوں کے ہمراہ العبادل پہاڑی علاقے میں سیر کے لیے نکلے تھے تاہم ان کی تاخیر پر گھر والے تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ موبائل پر رابطے کی کوشش کی گئی تو فون بند پائے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہم لوگ ان کی تلاش میں اس جگہ پہنچے جہاں سے وہ لاپتہ ہوئے تھے، 4 نوجوانوں میں سے 2 کی گاڑیاں مل گئیں، اس دوران پولیس کو بھی اطلاع کردی گئی۔

    چچا کے مطابق بعض شہریوں نے اطلاع دی کہ انہیں العارضہ کے کوہستانی علاقے کی ایک وادی میں چٹانوں کے درمیان ایک ٹوٹی پھوٹی گاڑی نظر آرہی ہے اور خوفناک طریقے سے حادثے سے دوچار لگتی ہے۔

    بعد ازاں یہ گمشدہ نوجوانوں کی گاڑی نکلی جو تفریح گاہ سے 3 کلو میٹر کے فاصلے پر تھی، حادثے کے بعد پورا علاقہ سوگوار ہے۔

  • بھارت : اوباش نوجوانوں کی وجہ سے ہونہار طالبہ کی دردناک موت

    بھارت : اوباش نوجوانوں کی وجہ سے ہونہار طالبہ کی دردناک موت

    بلند شہر : بھارت میں اوباش نوجوانوں کی چھیڑ چھاڑ کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثے میں طالبہ کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے، مذکورہ طالبہ امریکہ میں زیر تعلیم تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں واقع بلند شہر میں اوباش نوجوانوں کی چھیڑچھاڑ کے دوران ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں امریکہ سے چھٹیوں پر آنے والی طالبہ ہلاک ہوگئی۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سدیکشا بھاٹی نامی ہونہار طالبہ امریکہ میں جدید تعلیم حاصل کرنے گئی تھی اور بلند شہر واقع اپنے گھر آئی ہوئی تھی۔

    واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس کا کہنا ہے کہ سدیکشا کی اس وقت موت ہوئی جب موٹر سائیکل سوار کچھ اوباش نوجوانوں نے اپنے چچا کے ساتھ بائیک پر بیٹھی طالبہ سے چھیڑ چھاڑ کی۔

    اس دوران انہوں نے اپنی موٹرسائیکل سے دوسری موٹر سائیکل کو اوور ٹیک کیا جس کے باعث موٹر سائیکل لڑکی کے چچا سے بے قابو ہوکر گر گئی، اس حادثے میں سدیکشا بھاٹی سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث دم توڑ گئی۔

    پولیس کے مطابق طالبہ کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال بھیج دیا گیا ہے اور نامعلوم ملزمان کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق متوفیہ طالبہ سدیکشا بھاٹی امریکہ کے بابسن کالج میں بھارتی حکومت کے اخراجات پر تعلیم حاصل کر رہی تھی، گزشتہ سال ایچ سی ایل کی جانب سے سدیکشا کو 3.80 کروڑ روپے کی اسکالرشپ دی گئی تھی۔

    سدیکشا بھاٹی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کورونا کے سبب سدیکشا امریکہ سے وطن واپس لوٹی تھی اور آج اپنے ہی چچا کے ساتھ بائک سے اپنے ماما سے ملنے جا رہی تھی۔

    اسے کچھ دن بعد واپس امریکہ پڑھائی کے لیے لوٹنا تھا لیکن اسے کیا پتہ تھا کہ آج حادثے میں اس کی موت ہو جائے گی اور پھر وہ کبھی امریکہ نہیں جا پائے گی۔

  • بھارت: ایمبولینس درخت سے ٹکرا گئی، 3 افراد ہلاک

    بھارت: ایمبولینس درخت سے ٹکرا گئی، 3 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں ایک ایمبولینس درخت سے ٹکرانے کے باعث 3 افراد ہلاک ہوگئے، ایمبولینس ایک مریض کو اسپتال لے جارہی تھی جو حادثے میں محفوظ رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ جے پور آگرہ کی قومی شاہراہ پر پیر کی صبح پیش آیا، مریض کو اسپتال لے جانے والی ایمبولینس درخت سے ٹکرا گئی جس سے 3 افراد کی موت ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایمبولینس آگرہ کے رہائشیوں کو لے کر جارہی تھی، ایمبولینس میں ایک مریض، 2 خواتین اور ڈرائیور سمیت 6 افراد موجود تھے۔

    پولیس کے مطابق 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ بھی دوران علاج دم توڑ گئیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو گاڑی سے نکالنے کے لیے سخت جدوجہد کرنی پڑی۔

    ہیڈ کانسٹیبل شری لال کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی شناخت بیم سنگھ ، مہاراج اور گلابو کے نام سے ہوئی ہے، ڈرائیور سمیت 2 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ لاشوں کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

  • بھارت میں عجیب و غریب واقعے نے پولیس کو چکرا دیا

    بھارت میں عجیب و غریب واقعے نے پولیس کو چکرا دیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص کی لاش کو ایکسیڈنٹ کا شکار سمجھ کر اسپتال لایا گیا تاہم قریبی عمارت کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے علم ہوا کہ مذکورہ شخص کو قتل کیا گیا ہے۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست راجھستان میں پیش آیا جہاں ایک شخص کو زخمی حالت میں حادثے کا شکار سمجھ کر جے پور اسپتال لایا گیا، ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیا۔ ابتدائی طور پر خیال کیا گیا کہ مذکورہ شخص روڈ ایکسیڈنٹ کا شکار ہوا ہے۔

    پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو وہاں موجود انسٹی ٹیوٹ کے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج چیک کی گئی، فوٹیج سے علم ہوا کہ مذکورہ شخص حادثے کا شکار نہیں ہوا بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق جائے وقوع پر 3 افراد نے مذکورہ شخص پر حملہ کیا اور اس کے سر پر کچھ مارا جس سے وہ شخص زمین پر گر گیا۔

    اس شخص کے ساتھ 2 افراد اور موجود تھے تاہم وہ حملہ آوروں کو دیکھ کر فرار ہوگئے، بعد ازاں حملہ آور بھی بھاگ نکلے۔

    معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایف ایس ایل کے اہلکاروں کو بھی وہاں طلب کیا گیا، پولیس نے حملہ آوروں اور مقتول کے ساتھیوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ مقتول کے پاس سے کوئی شناختی دستاویز برآمد نہیں ہوئی۔

  • خطرناک حادثہ: موٹرسائیکل کی ٹنکی پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، کئی افراد زخمی

    خطرناک حادثہ: موٹرسائیکل کی ٹنکی پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی، کئی افراد زخمی

    راولپنڈی: پنجاب میں موٹرسائیکل کی ٹنکی پھٹنے کا خطرناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک حادثہ راولپنڈی کے صدر بڑے بازار میں پیش آیا۔ موٹر سائیکل کی ٹنکی پھٹنے سے آگ لگ گئی جس نے اطراف میں موجود شہریوں کو اپنے لپیٹ میں لے لیا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    متعلقہ اداروں نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے بائیک کی ٹنکی پھٹنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے جبکہ فائر فائٹرز کی ٹیموں نے آگ پر قابو پایا۔ اس دوران شہریوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

  • صوابی میں مکان کی چھت گرگئی، 4 افراد جاں بحق

    صوابی میں مکان کی چھت گرگئی، 4 افراد جاں بحق

    صوابی: خیبرپختونخوا میں مکان کی چھت گرگئی جس کی زد میں آکر 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ کے پی کے کے شہر صوابی میں پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد چار ہے جبکہ کچھ زخمی بھی ہیں۔

    حادثے میں 3 افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں خیرپختونخوا کے شہر چارسدہ میں مکان کی چھت گری تھی جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق ہوئے تھے۔ جبکہ اس سے قبل بھی متعدد بار ایسے ہولناک حادثے پیش آچکے ہیں۔

    چارسدہ، مکان کی چھت گر گئی، 3 بچے جاں بحق

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔ 7 جنوری کو کوہاٹ کے علاقے گھمکول میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ مذکورہ کچے مکان کی چھت کمزور ہونے کے باعث گری تھی۔