شہر قائد کے علاقے ملیر میمن گوٹھ اور ناگن چورنگی کے قریب ٹریفک حادثات میں 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ناگن چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، متوفی کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
دوسرا واقعہ ملیر میمن گوٹھ میں تیز رفتار کار دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، ڈرائیور کی شناخت علی بخش کے نام سے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق جاں بحق ہونے والا نوجوان کار کا ڈرائیور سے جس نے تیز رفتار کار خور کار سے ٹکرائی ہے, متوفی کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
کراچی: پشاور سے کراچی آنے والی خیبر میل اور کراچی سے میرپور خاص جانے والی مہران ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئیں، خیبر میل ایکسپریس کی اے سی سلیپر بوگی کا بریک چوک ہوگیا جبکہ مہران ایکسپریس غلط ٹریک پر چڑھ گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی خیبر میل ایکسپریس بڑے حادثے سے بچ گئی، ریلوے ذرائع کے مطابق خیبر میل ایکسپریس کی اے سی سلیپر بوگی کا بریک چوک ہوگیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رات گئے پیش آنے والے اس واقعے میں بریک چوک ہوجانے پر ٹرین ٹریک سے اترنے کا خدشہ تھا، بریک پلیٹس چوک ہونے سے رفتار کم کر کے ٹرین کو پلیٹ فارم تک لایا گیا، بعد ازاں متاثرہ بوگی کو پلیٹ فارم پر لا کر ٹرین سے علیحدہ کردیا گیا۔
متاثر ہونے والی ٹرین کو مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، متاثرہ بوگی کی جگہ متبادل بوگی لگا کر ٹرین کوروانہ کیا گیا۔
دوسری جانب ٹنڈو جام کے قریب کراچی سے میرپور خاص جاتے ہوئے مہران ایکسپریس غلط ٹریک پر چڑھ گئی، ٹرین ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت بریک لگا کر حادثے سے بچا لیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین پہنچنے پر کانٹے کی خرابی کے باعث ٹریک تبدیل نہ ہوسکا جس کے باعث ٹرین غلطی سے بند ٹریک پر چڑھ گئی تھی، ڈرائیور نے فوری بریک لگا کر ٹرین کو حادثے سے بچایا۔
ساہیوال/کراچی/چلاس: ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق جب کہ 46 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ساہیوال میں عارف والہ روڈ بائی پاس کے قریب مسافر بس الٹنے سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 35 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ 6 مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، معلوم ہوا کہ مسافر بس فورٹ عباس سے ساہیوال آ رہی تھی کہ بائی پاس عارف والا کے قریب بس کا ٹائر بلاسٹ ہو کر باڈی سے نکل گیا اور بس درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
کراچی میں بھی احسن آباد کے علاقے میں ایک کنٹینر سڑک پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے، ہیوی کنٹینر الٹ کر سڑک پر پارک کی گئی گاڑی پر جا گرا تھا، سڑک پر موجود افراد کنٹینر کی زد میں آئے، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے کے بعد ٹریفک معطل کر دیا گیا ہے، پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے تاریخی شہر چلاس میں بھی ایک حادثہ پیش آیا ہے، بابوسر کے مقام پر سیاحوں کی وین کو حادثہ پیش آنے سے 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
کراچی کے علاقے احسن آباد میں کنٹینر الٹنے کا حادثہ
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے سیاحوں کا تعلق کراچی سے ہے، بریک فیل ہونے پر وین بے قابو ہو کر چٹان سے ٹکرا گئی تھی، حادثے کے زخمیوں کو آر ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہونے پر اسے گلگت منتقل کر دیا گیا ہے، اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی ٹریفک سروس کی سینئر اہلکار نے متنبہ کیا ہے کہ ابوظہبی میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثے جمعرات کے روز ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ابو ظہبی سٹی کی شہری حکومت کی ٹریفک سروس میں بطور انجینئر اپنے فرائض انجام دینے والی شمسا المحرمی نامی سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز ویک اینڈ کے سبب جمعرات کو ہر شخص جلد از جلد اپنی منزل تک پہنچنا چاہتا ہے اور یہی جلدی ہفتے کے اس مخصوص دن میں حادثوں کی شرح میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کو ہونے والے ٹریفک حادثوں کا تناسب عام دنوں سے 15 فیصد زیادہ ہوتا ہے اور ان میں سے بھی زیادہ تر حادثے ٹریفک کے مصروف ترین اوقات میں ہوتے ہیں جن میں شام کا وقت بالخصوص شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثوں کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ امارات کی دیگر ریاستوں میں رہنے والے شہری جو کہ ابو ظہبی میں نوکری کرتے ہیں ، ویک اینڈ پر اپنے اپنے گھروں کا رخ کرتے ہیں جس کے سبب نہ صرف یہ کہ مرکزی شاہراؤں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے بلکہ جلدی اور بے احتیاطی کی بنا پر حادثوں کی شرح بھی بڑھ جاتی ہے۔
یاد رہے کہ ٹریفک حادثوں کی روک تھا م اور اسکول کے بچوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے حکام نے گزشتہ ماہ اسکول بسوں پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگانا شروع کردیے تھے ، منصوبے سے 11 ہزار بچوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب ابوظہبی کی حکومت نے امارات کی ریاستوں میں میسر مقررہ حد رفتار سے بیس کلومیٹر فی گھنٹہ تجاوز کرنے کی سہولت بھی ختم کرتے ہوئے حدِ رفتار سے ذرا سا بھی تجاوز کرنے پرجرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی کچھ عرصہ قبل ہی لیا تھا۔
کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ چھتوں پرمسافروں کوبٹھانا، ان کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے، ایسے بس ڈرائیورزکے خلاف کارروائی کی جائے گی.
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ بس کی چھتوں پرمسافروں کوبٹھانے پربس ڈرائیورزکے خلاف کارروائی کی جائے گی، اس وجہ سے بہت سے حادثات رونما ہوتے ہیں.
انہوں ڈی آئی جی ٹریفک آصف اعجاز شیخ کو ہدایت دی کہ وہ اوورلوڈنگ پرشعور اجاگر کرایں اس کے علاوہ سڑکوں پرٹریفک کی روانی اور متبادل روٹس کو مزید بہتر کیا جائے۔
بعد ازاں ٹریفک پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے 64 بس ڈرائیورز کو گرفتار کیا تھا ، ٹریفک پولیس حکام کے مطابق کریک ڈاؤن گاڑیاں تیز چلانے اور ریس لگانے والوں کے خلاف کیا گیا تھا۔
بس کی چھت پر سفر کرنے کی وجہ
خیال رہے کہ بس کی چھتوں پر وہ مسافر حضرات سفر کرتے ہیںجن کے پاس کرایے کی ادائیگی کے لئے پیسے کم ہوتے ہیں، دن بدن بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے روزمرہ کے سستے سفر کے لئے اکثر مسافر بس کی چھت کا انتخاب کرتے ہیں.
مختلف روٹس پر چلنے والی کوچز نے 18 روپے سرکاری مقرر کردہ کرایہ ازخود بڑھا کر ہاف روٹ تک 20 سے 22 روپے اور مکمل روٹ تک 40 روپے کر دیا ہے جن کوچز نے یہ کرایہ دگنا کر دیا ہے.
لاہور/پنجاب : صوبے کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات میں 17 افراد جان کی بازی ہارگئے‘ پنڈی بھٹیا ں پر پندرہ گاڑیاں ٹکرا گئیں دس افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پنڈی بھٹیاں میں موٹروے سکھیکی کےقریب دھند کےباعث پندرہ مسافر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں خطرناک حادثہ میں متعدد افراد جان کھو بیٹھے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئےجنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد میں جھنگ روڈ پرگاڑیوں میں تصادم میں دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے اور سدھار بائی پاس کے قریب لوڈر اور ٹر ک میں ٹکر سے دس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ سردیوں میں پنجاب میں دھند کے باعث حادثات میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے ۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر تک رہ گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔موٹر وے حکام نے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اس دھند کو سموگ یعنی ’گرد آلود دھند‘ کا نام دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سموگ کا سلسلہ آئندہ 5 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔