Tag: acid attack

  • تیزاب گردی سے جاں بحق ہونے والی ماں بیٹی کیلئے انوکھا انصاف

    سکھر: پنو عاقل میں دو ماہ قبل اپنے سابق شوہر اور سسرال والوں کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون اور اس کی بیٹی کو جرگے نے انصاف دے دیا۔

    اس حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سکھر کے علاقے پنوعاقل میں تیزاب گردی میں جاں بحق ہونے والی خاتون اور بیٹی کے خون بہا کیلئے جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔

    مذکورہ جرگے کے اکابرین نے قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف فیصلہ کرتے ہوئے مقتولہ ماں اور بیٹی کے خون کی رقم1کروڑ20لاکھ مقرر کردی۔

    ذرائع کے مطابق خاتون کے قتل پر80لاکھ روپے جبکہ 8سالہ بیٹی کے خون کی رقم40لاکھ روپے طے کی گئی ہے، ملزم نے موقع پر ہی10لاکھ روپے  ادا کردیئے۔

    یاد رہے کہ دو ماہ قبل خاتون اور اس کی8سالہ بیٹی پر تیزاب پھینکا گیا تھا، ملزم نے باپ اور بھائیوں کے ساتھ مل کر پہلی بیوی اور بیٹی پرتیزاب پھینکا، ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون نے پہلے شوہر نثار سے اولاد کیلئے جائیداد سے حصہ مانگا تھا۔

  • سکھر : تیزاب پھینک کر قتل کیے جانے والے نوجوان کا قاتل پڑوسی نکلا

    سکھر : تیزاب پھینک کر قتل کیے جانے والے نوجوان کا قاتل پڑوسی نکلا

    سکھر : تیزاب گردی کا شکار ہونے والے 17 سالہ نوجوان عامر مگسی کا قاتل اس کا قریبی رشتے دار اور پڑوسی نکلا۔

    اس حوالے سے مقتول نوجوان کے والد نے پولیس کو بتایا کہ دوستی نہ رکھنے پر نوجوان پر تیزاب پھینکا گیا، تھانہ سی سیکشن میں عامر مگسی کے والد محمد امین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملوث ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    سی سیکشن تھانے کی حدود میں فریکل کالونی کے رہائشی 17 سالہ نوجوان عامر مگسی کو 18 دسمبر کی رات کو تیزاب گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا عامر مگسی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال سکھر سے گمبٹ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔

    مقتول نوجوان کے والد کے مطابق ان کے قریبی رشتے دار اور پڑوسی محمد حاجی مگسی نے دوستی نہ رکھنے پر میرے 17 سالہ بیٹے عامر پر تیزاب پھینکا جس کی وجہ سے عامر کا جسم جھلس گیا اور وہ جان کی بازی ہار گیا۔

  • کراچی میں تیزاب گردی، ٹریفک اہلکار مدد کو پہنچ گیا

    کراچی میں تیزاب گردی، ٹریفک اہلکار مدد کو پہنچ گیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم شخص ایک راہگیر پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، متاثرہ شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں نامعلوم ملزم ایک شہری پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، تیزاب گردی کا واقعہ صدر رینبو سینٹر کے قریب پیش آیا۔

    تیزاب گردی سے شہری کی حالت تشویش ناک ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار اپنی موٹر سائیکل پر متاثرہ شہری کو اسپتال لے
    گیا۔

    پولیس کے مطابق اسکول کے 2 بچے اور ان کا والد بھی تیزاب کی زد میں آئے، تیزاب نے بچوں اور والد کو نقصان نہیں پہنچایا، صرف چھینٹے گرنے سے کپڑوں کو نقصان پہنچا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کے مطابق وہ تیزاب پھینکنے والے شخص کو نہیں جانتا۔

  • بیٹیوں نے میری ہمت کو ٹوٹنے نہیں دیا، تیزاب گردی کی شکار خاتون

    بیٹیوں نے میری ہمت کو ٹوٹنے نہیں دیا، تیزاب گردی کی شکار خاتون

    کراچی : ہمارے معاشرے میں حوا کی بیٹی پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے، خواتین پر تشدد اور تیزاب گردی کے واقعات کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔

    خاندانی مسائل اور پنچایتی نظام کے ساتھ ساتھ سرکاری ونجی اداروں میں خواتین کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک بھی متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔

    خواتین کے لیے اس پُرخطر دور میں بھی کچھ خواتین ایسی ہیں جنہوں نے ہر ظلم کا مقابلہ کیا اور ظالم سماج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

    ایک ایسی ہی باہمت اور باحوصلہ خاتون لیاری کی رہائشی کلثوم محمد بھی ہیں، جن پر ہونے والے پے در پے وار بھی ان کے خوابوں کے راستے نہ روک پائے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شادی ہوئی تو بہت کم عمر تھی لیکن شوہر کافی بڑی عمر کے تھے، کچھ دنوں بعد ہی پتہ چلا کہ وہ جواری اور شرابی بھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شوہر نے مجھے بات بات پر مارنا پیٹنا شروع کردیا، میرے گھر والے کہتے تھے برداشت کرو تم کو اب اسی کے ساتھ رہنا ہے۔

    کلثوم نے بتایا کہ میرے چھ بچے ہیں، شوہر کچھ کماتا نہیں تھا، میرے شوہر نے سال 2008 کے ماہ ستمبر میں چاند رات کو میرے چہرے پر تیزاب پھینک کر مجھے مارنے کوشش کی لیکن میری جان بچ گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے گھر سے بھی نکال دیا، میں در در کی ٹھوکریں کھاتی رہی، لیکن بعد میں میری بیٹی میرے پاس آگئی جس کو میں کامیاب فٹبالر بنانا چاہتی ہوں۔

    اب کلثوم اپنی آنکھیں اور چہرہ کھوچکی ہے لیکن اس کی بیٹیاں اس کے جینے کی تحریک کا ذریعہ رہی ہیں جس کے بدلے میں وہ بیٹیوں کے خوابوں کا واحد سہارا ہے۔

    کلثوم کی سب سے چھوٹی بیٹی 15 سالہ مہرجان ہے جو فٹبال کی کھلاڑی ہے، مہرجان پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب دیکھتی ہے اس کا کہنا ہے کہ اگر اسے قومی ٹیم میں شامل کیا جائے تو اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔

  • پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والا ملزم بہن سمیت گرفتار

    پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے والا ملزم بہن سمیت گرفتار

    فیصل آباد: دو پڑوسی بہنوں پر تیزاب پھینکنے کے ملزم علیم کو اس کی بہن صفیہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایک ملزم علیم نے پڑوسی لڑکی کا رشتہ نہ ملنے پر اس پر تیزاب پھینک دیا تھا، جس سے وہ اور اس کی بہن شدید زخمی ہو گئی، پولیس نے فرار ملزم کو گزشتہ رات گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے علاقے کوٹ عمرفاروق میں تیزاب گردی سے 2 بہنوں کے جھلس کر زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا تھا، ملزم علیم ایک لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن انکار پر مشتعل ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق 15 سالہ لڑکی 13 سالہ بہن کے ساتھ پڑوسی کےگھرگئی تھی، ملزم نے اپنی بہن کے ذریعے قرآن خوانی کے بہانے لڑکی کو گھر بلوایا تھا، اور پھر اس پر تیزاب پھینک دیا، جس سے ایک لڑکی کا چہرہ اور دوسری کی کمر جھلس گئی، ملزم واردات کر کے فرار ہو گیا تھا۔

    سگے بھائیوں نے بہن کی آنکھوں میں تیزاب ڈال دیا

    واقعے کے بعد متاثرہ لڑکیوں کے بہنوئی حبیب کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیاگیا تھا، تھانہ صدر میں درج مقدمے میں علیم اور اس کی بہن صفیہ کو ملزم نامزد کیا گیا، مقدمے میں 2 دفعات شامل کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد علی اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف اسلم نے زخمی بہنوں کی عیادت کے لیے سول اسپتال کا دورہ بھی کیا، ملاقات میں انھوں نے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

    بعد ازاں، ملزم علیم کو ڈی ایس پی صدر جمشید اقبال ناصر چشتی کی سربراہی میں ایک چھاپا مار پارٹی نے گرفتار کیا۔ ادھر دونوں بہنوں کا سول اسپتال میں علاج جاری ہے۔

  • حکومت پنجاب کا تیزاب گردی کی شکار لڑکیوں کے لیے وظیفے کا اعلان

    حکومت پنجاب کا تیزاب گردی کی شکار لڑکیوں کے لیے وظیفے کا اعلان

    گجرات: حکومت پنجاب نے تیزاب گردی کی شکار لڑکیوں کے لیے وظیفے کا اعلان کر دیا.

    یہ اہم اعلان ترجمان وزیر اعلی پنجاب شہباز گل نے گجرات میں تیزاب گردی کی شکار لڑکی کے گھر آمد کے موقع پر کیا. شہبازگل نےوزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سےورثا کو 5 لاکھ کا امدادی چیک بھی دیا.

    شہباز گل نے اس موقع پر کہا کہ حکومت نے سڑکیں پل نہیں بنائے، توجہ قرض اتارنے پر رہی، ایک سال انسان کی فلاح و بہبود کی پالیسی پر عمل لیا، آئندہ سال اس پر مزید توجہ دی جائے گی.

    ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، تیزاب گردی کرنے والے  کے خلاف پراسیکوشن انجام تک پہنچائی جائے گی.

    مزید پڑھیں: کراچی میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ، شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا

    شبہاز گل نے کہا کہ تیزاب گردی روکنے کے لیے قانون سازی کر لی ، تیزاب گردی کا شکار بچیوں کوماہانہ وظیفہ دیا جائے گا.

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ملک کے کسی بھی حصے میں سانحات کے متاثرین کی مدد کرے گی، ہمارے توجہ ملک کی اور انسانوں کی فلاح پر مرکوز ہے.

  • لندن میں تیزاب گردی، 17 سالہ نوجوان بری طرح جھلس گیا

    لندن میں تیزاب گردی، 17 سالہ نوجوان بری طرح جھلس گیا

    لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں نامعلوم حملہ آور نے نوجوان پر تیزاب پھینک دیا، تیزاب گردی کے واقعے نوجوان بری طرح جھلس گیا، واقعے میں ملوث افراد تاحال گرفتار  نہیں ہوسکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے علاقے روم فورڈ کے کولیئر را ہائی اسٹریٹ پر واقع اسٹور کے باہر نامعلوم افراد نے ایک 17 سالہ نوجوان پر بوتل سے تیزاب انڈیل دیا، جس کے باعث نوجوان بری طرح سے جھلس گیا تھا۔

    برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز 7 بج کر 43 منٹ پر ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے پولیس کو کال موصول ہوئی تھی کولیئر را ہائی اسٹریٹ پر تیزاب گردی کی واردات ہوئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امدادی خدمات انجام دینے والے عملے نے تیزاب سے جھلسے ہوئے 17 سالہ نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق تیزاب گردی سے متاثرہ ہونے والے نوجوان کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے دو ایمبولینس جائے حادثہ پر پہنچی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی پولیس نے اسپتال میں نوجوان کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، تاہم تیزاب گردی میں ملوث افراد کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آسکی ہے۔


    لندن میں تیزاب گردی، نوجوان کی آنکھیں اور چہرہ جھلس گیا


    خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں سماجی رابطوں کی ویب سایٹز پر لندن میں تیزاب گردی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک نوجوان بوتل اٹھائے گھوم رہا ہے، اسٹور سے جیسے ہی ایک شخص باہر نکلا اس نے بوتل سے تیراب اس پر انڈیل دیا، جس کے باعث نوجوان کی آنکھیں اور چہرہ بری طرح متاثر ہوا تھا۔

    نوجوان کے پیچھے سے آتا ہوا دوسرا نوجوان بھی تیزاب کی چھینٹوں کی زد میں آگیا تھا، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرکے کراؤن کورٹ میں پیش کیا تھا جہاں ملزم کو چھ سال کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا۔

  • لندن: پلائیسٹو اسٹیشن کے قریب 2 نوجوان تیزاب گردی کا شکار

    لندن: پلائیسٹو اسٹیشن کے قریب 2 نوجوان تیزاب گردی کا شکار

    لندن: برطانوی دارالحکومت لندن کے پلائیسٹو اسٹیشن کے قریب دو نوجوانوں پر تیزاب پھینک دیا گیا، تیزاب گردی سے دونوں نوجوانوں کے چہرے متاثر ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پلائیسٹو اسٹیششن کے قریب دو نوجوانوں پر تیزاب پھینک دیا گیا، تیزاب سے دونوں نوجوانوں کے چہرے متاثر ہوئے، عینی شاہدین نے متاثرین کی مدد کی، دونوں نوجوانوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    لندن پولیس کے مطابق تیزاب گردی کا شکار ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 17 سے 18 سال ہیں جبکہ عینی شاہدین نے متاثرین کے چہرے پر پانی پھینک کر ان کی مدد کی بعدازاں دونوں نوجوانوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کے مطابق تیزاب سے 18 سالہ نوجوان کا چہرہ اور سر متاثر ہوا ہے جبکہ 17 سالہ نوجوان کا بھی چہرہ متاثر ہونے کے ساتھ کہنی پر بھی چوٹیں آئی ہیں۔

    دونوں نوجوانوں کو ایسٹ لندن کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق دونوں نوجوانوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس کی جانب سے متاثر ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ برطانیہ کے جنوب میں واقع علاقے برکسٹن میں نامعلوم شخص نے پبلک ٹرانسپورٹ کی بس میں نوجوان لڑکی پر تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا تھا، متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل لندن کی عدالت نے ماڈل ریشم پر تیزاب سے حملہ کرنے والے شخص کو 16 سال قید کی سزا سنائی تھی، جان ٹملن نے ریشم خان اور ان کے کزن جمیل مختار پر تیزاب سے حملہ کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • لندن میں نوجوان لڑکی پر تیزاب سے حملہ

    لندن میں نوجوان لڑکی پر تیزاب سے حملہ

    لندن: برطانیہ کے جنوب میں واقع علاقے برکسٹن میں نامعلوم شخص پبلک ٹرانسپورٹ کی بس میں نوجوان لڑکی پر تیزاب پھینک کر فرار ہوگیا، متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعے کے بعد تیزاب سے متاثرہ لڑکی فٹ پاتھ پر بیٹھ گئی جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے، چار روز میں یہ برطانوی دارالحکومت میں دن دیہاڑے ہونے والی 9 ویں مجرمانہ کارروائی ہے۔

    بس کے اندر موجود عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم شخص کی جانب سے تیزاب پھینکے جانے کے بعد لڑکی تکلیف سے چلاتی ہوئی بس سے اتر گئی، سڑک پر پیدل چلنے والے بعض افراد نے بوتلوں میں موجود پانی لڑکی پر ڈالا تاکہ اس کو محسوس ہونے والی تکلیف کم کی جاسکے۔

    مزید پڑھیں: لندن: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شہری ہلاک، ایک زخمی

    واضح رہے کہ چند روز قبل لندن میں دو مختلف مقامات پر 13 اور 15 سالہ لڑکوں کو گولی مار کر زخمی کردیا گیا تھا، اس کے علاوہ تیسرے مقام پر فائرنگ سے ایک سترہ سالہ نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔

    جنوبی لندن میں ہفتے اور اتوار کے روز بھی تیزاب سے حملے کے علاوہ فائرنگ کے چار اور چاقو سے حملے کے دو واقعات پیش آئے تھے۔

    میئر لندن صادق خان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پولیس کے بجٹ میں ایک ارب پاؤنڈ کی کمی کردی گئی ہے، بجٹ میں کمی کی وجہ سے ایک کروڑ سے زیادہ آبادی والے شہر میں تشدد کی کارروائیاں بڑھ گئی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن: ماڈل ریشم خان پر تیزاب پھینکنے والے شخص کو 16 سال قید کی سزا

    لندن: ماڈل ریشم خان پر تیزاب پھینکنے والے شخص کو 16 سال قید کی سزا

    لندن: عدالت نے ماڈل ریشم پر تیزاب سے حملہ کرنے والے شخص کو 16 سال قید کی سزا سنادی، جان ٹملن نے ریشم خان اور ان کے کزن جمیل مختار پر تیزاب سے حملہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 21سالہ مسلم خاتون ریشم خان اپنے کزن جمیل مختار کے ساتھ 21ویں سالگرہ کے موقع پر گھر سے باہر نکلی تھیں کہ جان ٹملن نے کار کی کھڑکی سے دونوں پر تیزاب پھینکا اور پیدل ہی فرار ہوگیا تھا، عدالت نے ملزم کو 16 سال قید کی سزا سنادی ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ریشم خان کی بائیں آنکھ، چہرہ اور جسم کا کچھ حصہ تیزاب سے متاثر ہوا ہے، جبکہ ان کے کزن مختار کے سر، چہرے اور جسم کو شدید نقصان پہنچا ہے، دونوں کی سرجری کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ ریشم خان نے اسپتال میں بیان دیا تھا کہ جس وقت ان پر حملہ کیا گیا وہ بہت تکلیف میں تھیں، کپڑے بھی جل رہے تھے، مدد کو پکارتے رہے لیکن کوئی نہیں آیا، کوئی ایمبولینس نہیں آئی، کچھ راہگیروں نے اسپتال منتقل کیا۔

    تیزاب گردی کا نشانہ بننے والے جمیل مختار نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیزاب سے حملہ کرنا اسلام فوبیا کا نتیجہ ہے، حملہ مسلمان ہونے کی وجہ سے کیا گیا جبکہ میڈیا نے واقعہ کی جانبدارانہ کوریج کی۔

    ریشم خان پر تیزاب پھینکنے کے واقع پر میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ نفرت پر مبنی جرم ہے، ریشم خان اور ان کے کزن پر حملہ مسلمان ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔