Tag: Acidity in stomach

  • ہاضمے کی خرابی : صرف چار چیزوں سے تیار بہترین ٹوٹکہ

    ہاضمے کی خرابی : صرف چار چیزوں سے تیار بہترین ٹوٹکہ

    انسانی جسم میں بیماریوں کی سب سے بڑی وجہ نظام انہظام ہے، جس میں ذرا سی بے ترتیبی یا بے احتیاطی سے بہت سی پیچیدگیاں اور مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔

    نظام ہاضمہ کو کیسے بہتر رکھا جائے اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حکیم شاہ نذیر نے ناظرین کو مفید مشورے دیئے اور نسخے سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ آج کل معدے میں تیزابیت کی شکایات بہت عام ہوگئی ہیں، جس کی وجہ بازاری کھانے فاسٹ فوڈز اور تیز مرچوں والے پکوان اور کھانے پینے میں توازن کا نہ ہونا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہماری زندگیوں میں ورزش کرنے کا معمول کافی حد تک کم ہے، ہر چیز گھر بیٹھے آباسانی مل جاتی ہے، اسی لیے لوگ سست اور کاہل ہوتے جارہے ہیں۔

    ایک منٹ میں کتنے قدم اٹھانے لازمی ہیں؟

    ان کا کہنا تھا کہ کھانا کھانے کے بعد واک نہیں کرسکتے تو کم از کم 40 سے 50قدم لازمی چلیں، واک کا وقت کھانے سے تقریباً دو گھنٹہ پہلے ہے اس میں 40 سے 45 منٹ تیز چلنا چاہیے یعنی ایک منٹ میں 62 قدم اٹھانے چاہئیں۔

    حکیم شاہ نذیر نے کھانے کے بعد ہونے والی بدہضمی کی شکایت کے خاتمے کیلیے ایک نسخہ تجویز کرتے ہوئے اسے بنانے کا طریقہ بھی بیان کیا۔

    اجزاء :

    سوکھے لیموں کا پاؤڈر 50 گرام، سونف کا پاؤڈر 50گرام، پودینے کا پاؤڈر 50 گرام، اور اجوائن کا پاؤڈر 50 گرام۔ ان چاروں اجزاء کو مکس کرکے رکھ لیں اور دن میں دو مرتبہ کھانا کھانے کے بعد ایک چمچ پانی کے ساتھ لیں۔

    حکیم شاہ نذیر نے بتایا کہ اس نسخے کو ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کے مریض بھی استعمال کرسکتے ہیں نظام ہاضمہ کی بہتری کیلئے ہر عمر کا انسان اس نسخے سے استفادہ کرسکتا ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔ 

  • خوبانی کا مُربّہ : تیزابیت ختم اور ہاضمے کیلئے مفید

    خوبانی کا مُربّہ : تیزابیت ختم اور ہاضمے کیلئے مفید

    پشاور کے مرکزی بازار میں ساٹھ سال سے اورنگزیب بابا ماہ رمضان میں خوبانی کا مربہ بنا کرفروخت کررہے ہیں، یہ مربہ ہاضمے کی پریشانیوں میں مبتلا افراد کیلئے دوا کی حیثیت رکھتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز پشاور کی نمائندہ شازیہ نثار کی رپورٹ کے مطابق چٹ پٹے اور مصالحے دار کھانوں کی تیزابیت ختم کرنے میں یہ ہاضمے دار مربہ دوا کی طرح کام کرتا ہے۔

     رمضان المبارک میں سجائی جانے والی ریڑھی 75 سالہ اورنگزیب بابا کی ملکیت ہے جوگزشتہ 60 سال سے ہشت نگری چوک میں مربہ کی ریڑھی لگا رہے ہیں۔

    اورنگزیب بابا اپنے کپکپاتے ہاتھوں سے مربہ خود تیار کرکے حلال رزق کماتے ہیں، پشاور کے شہریوں کو اورنگزیب بابا کے مربہ کی ایسی عادت پڑگئی ہے کہ ہر کوئی انتظار میں ہوتا ہے کہ افطاری کے لیے سائیں بابا کا بنایا مربہ ہی گھر لے کر جائیں گے۔

    اس مربہ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ خوبانی ,کدو پیٹھا، آلو بخارہ، تل اور چینی کے شیرے سے یہ تیار کیا جاتا ہے جس کا نہ صرف ذائقہ بلکہ صفائی بھی شہریوں کو اپنی طرف راغب کرتی ہے۔