Tag: Acquitted

  • ڈاکٹر یاسمین راشد جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری

    ڈاکٹر یاسمین راشد جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے بری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر یاسمین کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت میں پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں مزید جسمانی ریمانڈ کیلئے استدعا کی۔

    پولیس کی درخواست پر  تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل سے طلب کیا گیا تھا، عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ملزمان کے بیانات کی روشنی میں مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ پولیس نے یاسمین راشد کو تھانہ سرور روڈ مقدمے میں نامزد کیا تھا۔

    عدالت کا تحریری فیصلہ جاری

    ڈاکٹر یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے ڈسچارج کرنے کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا گیا، فیصلے کے مطابق پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کوجسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کیا۔

    پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ان سے موبائل فون برآمد کرنا ہے اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کروانا ہے، فیصلے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد اس مقدمہ میں نامزد نہیں ہیں۔

    ڈاکٹر یاسمین راشد کو شریک ملزم کے بیان کی بنیاد پر بلایا گیا ہے، کوئی ایسا ٹھوس ثبوت نہیں پیش کیا گیا کہ جس سے ثابت ہو کہ وہ اس جرم میں ملوث ہیں۔

    عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق ڈاکٹریاسمین راشد کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جاتا ہے، اگر وہ کسی دوسرے مقدمہ میں مطلوب نہ ہوں تو انہیں رہا کردیا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں انسداد دہشت گری عدالت میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست 30مئی کوسماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ عدالت نے یاسمین راشد کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، یاسمین راشد کے خلاف دہشت گری سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

  • ہتک عزت نوٹس، اداکارہ نادیہ خان باعزت بری

    ہتک عزت نوٹس، اداکارہ نادیہ خان باعزت بری

    اداکارہ نادیہ خان کے خلاف پی پی پی کی رہنما شرمیلا فاروقی کے ہتک عزت نوٹس پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے کارروائی کرتے ہوئے نادیہ خان کو الزامات سے باعزت بری کردیا ہے۔

    ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے40منٹ کی ویڈیو کو تفصیل سے دیکھا اور کہا کہ ویڈیومیں ایسی کوئی بات نہیں جس سےنادیہ خان کیخلاف کارروائی ہو۔

    شرمیلا فاروقی کی جانب سے نادیہ خان کے ہتک آمیز الزامات نوٹس پر کارروائی میں نادیہ خان نے ایف آئی اے نوٹس میں الزامات کا جواب دیا۔

    ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے کہا کہ کسی کی ویڈیو اور تصویر بنانا اور اسے وائرل کرنا جرم نہیں، جرم ایسی صورت میں ہوگا جب ویڈیو یا تصویر سے وہ شخص ہراساں ہوا ہو۔

    واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز میں ایک تقریب کے دوران اداکارہ ومیزبان نادیہ خان نے پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی سے ان کے میک اپ اور جوئیلری وڈریسنگ کے حوالے سے سوال کیا تھا۔

    مذکورہ واقعے کی ویڈیو انسٹٓاگرام پر شیئر کرنے پر شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کیخلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کروانے کا اعلان کیا تھا۔شرمیلا فاروقی کی درخواست کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم نے نادیہ خان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: شرمیلا فاروقی نے اداکارہ نادیہ خان کو لیگل نوٹس بھجوادیا

    شرمیلا فاروقی نے اداکارہ نادیہ خان کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں کہا ہے کہ اداکارہ 15 دن میں ان سے متعلق دیے گئے بیانات واپس لیں۔

    نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نادیہ خان شرمیلا فاروقی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 15 روز میں 5 کروڑ ہرجانہ ادا کریں۔

  • عدالت نے عزیر بلوچ کو ایک اور مقدمے میں بری کردیا

    عدالت نے عزیر بلوچ کو ایک اور مقدمے میں بری کردیا

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے لیاری میں پولیس آپریشن اور شہری کی ہلاکت کیس میں عذیر بلوچ کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وار کا سرغنہ عذیر بلوچ ایک اور مقدمے میں بری ہوگیا، اے ٹی سی نےعدم شواہد کی بنا پرعذیر بلوچ کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت کا کہنا ہے کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔

    وکیل عذیر بلوچ عابد زمان نے دلائل دیئے کہ عذیر بلوچ پر لگائے گئے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں، عذیر بلوچ کا راکٹ حملے سےکوئی تعلق نہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل47جنوری کو انسداددہشت گردی کی عدالت نے 2 رینجرز اہلکاروں کے قتل کیس میں بھی عذیر بلوچ کو ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر مقدمے سے بری کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں : عزیر بلوچ ایک اور مقدمے میں بری

    یاد رہے کہ ملزم عزیر بلوچ اب تک بارہ مقدمات میں بری ہوچکا ہے، لیاری گینگ وار کے سرغنہ پر مجموعی طور پر61 مقدمات درج ہیں، جن میں قتل کے مقدمات بھی شامل ہیں۔

  • دہشت گردی میں مبینہ طور پر مالی مدد کرنے والا ملزم بری

    دہشت گردی میں مبینہ طور پر مالی مدد کرنے والا ملزم بری

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں دہشت گردی میں مبینہ طور پر مالی مدد کرنے والے ملزم کی اپیل کی سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم کو بری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں دہشت گردی میں مبینہ مالی مدد کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے 15 سالہ مجموعی سزا کے خلاف ملزم کی اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔

    عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزم محمد عذیر کو بری کردیا۔

    مذکورہ ملزم کو انسداد دہشت گردی عدالت نے سزا سنائی تھی، ملزم کے خلاف محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے ملزم کو 5 لاکھ روپے جرمانے کا حکم بھی دیا تھا۔

    محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق ملزم دہشت گردوں کی مالی معاونت میں ملوث رہا۔

  • الیکٹرانک کرائم کی عدالت نے فیصل رضا عابدی کو بری کردیا

    الیکٹرانک کرائم کی عدالت نے فیصل رضا عابدی کو بری کردیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی انسداد الیکٹرانک کرائم عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو عدلیہ کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے کیس میں باعزت بری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف محفوظ شدہ فیصلہ انسداد الیکٹرنک کرائم کورٹ کے جج طاہر محمود نے سنایا۔ فیصل رضا کے خلاف 4 مقدمات درج کیے گئے تھے، تاہم انسداد الیکٹرانک کرائم عدالت نے الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں باعزت بری کردیا۔

    سابق سینیٹر نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ ادا کیے تھے جس کے بعد 21 ستمبر کو ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں سپریم کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں۔

    عدالت میں دوران سماعت اپنے بیان میں فیصل رضا کا کہنا تھا کہ میں عدلیہ کی آزادی کے لیے پیش پیش تھا، 12 مئی سنہ 2007 کے سانحے میں میرے 17 ساتھی شہید ہو گئے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ آئینِ پاکستان کے تحت تمام عدالتوں کے حکم ناموں کا احترام کرتے ہیں۔

    فیصل رضا نے عدالت کو بتایا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے مجھے اختیار دیا ہے کہ کوئی بھی کورٹ آئین کی خلاف ورزی کرے تو میں تنقید کروں، 2 سابق چیف جسٹس کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنسز بھی دائر کیے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ساری زندگی آئینِ پاکستان کا دفاع کروں گا، کبھی کسی ادارے کو دھمکی نہیں دی۔ توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

    سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے فیصل رضا عابدی کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے کیس ختم کر دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ معافی توہین عدالت کیس تک محدود ہوگی۔ دیگر مقدمات اسی طرح قائم رہیں گے۔

    فیصل رضا عابدی سنہ 2009 سے 2013 تک پیپلز پارٹی کے سینیٹر رہے۔ اس دوران وہ کئی قائمہ کمیٹیوں کے رکن بھی رہے جبکہ وہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر بھی رہے۔