Tag: across LOC

  • بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ،  سپاہی نعمت ولی شہید

    بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، سپاہی نعمت ولی شہید

    راولپنڈی : بھارتی فوج نےایل او سی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سپاہی نعمت ولی شہید جبکہ دو خواتین زخمی ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی لائن کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی جانب سے ایل او سی کے برو ھ اورچری کوٹ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں سپاہی نعمت ولی شہید ہوگیا جبکہ ایل او سی کے سریاں گاؤں کی دو خواتین زخمی ہوئیں۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کی جانب سے بھر پور جوابی کارروائی کی گئی، پاک فوج نے ان تمام بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے پاکستانی علاقے میں فائرنگ کی گئی تھی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ، اور بھارتی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارتی فوج کی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی ، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ میں طلبی

    یاد رہے دو روز قبل بھارتی ناظم الامور گورو آہلو والیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا تھا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی فوج نے 6 اور 7 اکتوبر کو ایل او سی پر شہری آبادی پر فائرنگ کی، ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 69 سالہ نذیراں بی بی شہید ہوئیں جبکہ 3 معصوم شہری زخمی ہوئے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو خود کار اسلحے سے نشانہ بنا رہی ہے، بھارت کی طرف سے سنہ 2017 سےجنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے۔ بھارت نے سنہ 2017 میں 1970 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

  • بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

    بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

    لاہور: پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام کے بعد بھی بھارت نے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل اوسی پرفائرنگ وگولہ باری کی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان سمیت دو پاکستانی شہری شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹرپرشہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ، بلااشتعال فائرنگ میں پاک فوج کے2جوان شہید ہوگئے، شہدا میں حوالدارعبدالرب اورنائیک خرم شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شہید جوانوں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم کی نماز جنازہ میر پور آزاد کشمیر میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں فوج سینئر افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی مورچوں کو نقصان اور بھاری جانی نقصان کی اطلاع ہے۔

    اس سے قبل بھارتی فوج کی جانب سے ایل اوسی کی تتہ پانی ، جنڈرت اور گرم چشمہ سیکٹرمیں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں،پاک فوج نے شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

    ترجمان کا کہنا ہے پاک فضائیہ اور پاک نیوی ہوشیار اور مستعدہے۔

    گذشتہ روز جس وقت گرفتار بھارتی پائلٹ کو واہگہ پر بھارتی حکومت کے حوالے کیا گیا، عین اسی وقت بھارتی فوج نے اپنی سطحی سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے تین مقامات پر شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی تھی۔

    بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری سے ایک پاکستانی شہری شہید جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے تھے، اس کے علاوہ کھوئی رٹہ سیکٹر، سماہنی سیکٹر، راولاکوٹ میں تتہ پانی اوردرہ شیخان پر گولہ باری کی، جس سے مزید تین افراد زخمی ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : ابھی نندن کی حوالگی کے فوری بعد بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ، ایک شہری شہید

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صاف الفاظ میں دنیا پر واضح کر دیا تھا  کہ  پاکستان اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔

    یاد رہے 27 فروری کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے اور ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا، آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے، ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا تھا۔

    بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے لیے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے جوان الرٹ ہیں، پاکستان ایئر فورس اور نیوی بھی پوری طرح الرٹ ہے۔

    خیال رہے پاکستان کی جانب سے گرفتار بھارتی پائلٹ کو بھارت کے حوالے کیا جا چکا ہے۔

  • بھارتی فوج کی ایل اوسی نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری، 8افراد زخمی

    بھارتی فوج کی ایل اوسی نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری، 8افراد زخمی

    آزاد کشمیر : بھارتی فوج کا جنگی جنون عروج پر ہے، ایل او سی پر سیزفائر معاہدے کی پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹرپربلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی ، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی ایل اوسی نکیال سیکٹرپربلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی ، فائرنگ وگولہ باری سے8افراد زخمی جبکہ مکانات اورگاڑیوں کونقصان ہہنچا، زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال نکیال منتقل کردیا گیا ہے۔

    بھارتی فوج نے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر گنوں سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا، جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔


    مزید پڑھیں : لائن آف کنٹرول : بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی


    یاد رہے گذشتہ روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بٹل سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    اس سے قبل بھی راولاکوٹ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے چری کوٹ سیکٹر میں آبادی پر کی جانے والی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں2 بچے شہید ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی جانب سے متعدد بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے، بھارت اپنے داخلی اور سیاسی کشیدگی اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

    رواں برس آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 30 سے زائد افراد شہید جبکہ 176 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔