Tag: across Pakistan

  • پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی، ایک دن میں 1167 کیسز رپورٹ

    پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی، ایک دن میں 1167 کیسز رپورٹ

    اسلام آباد : کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کےدورایک ہزار167 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 14 مریض انتقال کرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کے نئے کیسز کی تعدادمیں تیزی سےاضافہ ہونےلگا، نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا کی صورتحال کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کردیئے۔

    جس میں بتایا گیا کہ ملک میں 24 گھنٹے میں کورونا کے مزید 14 مریض جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6ہزار849 ہوگئی۔

    این سی اوسی کا کہنا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے کے دوران 27ہزار984 ٹیسٹ کیے گئے ، جس میں ایک ہزار167افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد13ہزار965 تک جا پہنچی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 3لاکھ 36ہزار260 ہوگئی۔

    نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹے میں کورونا کے 430 مریض صحت یاب ہوئے، جس کے بعد ملک میںصحت یاب افرادکی تعداد3لاکھ15ہزار446 ہوگئی ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار774، ، پنجاب میں ایک لاکھ 4 ہزار894، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار749 ہوگئی جبکہ بلوچستان میں 15 ہزار977 ، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 293 اور آزاد کشمیر میں 4ہزار330 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    خیال رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام صوبوں کو اسپتالوں میں طبی سہولتیں بڑھانے کی ہدایت کی تھیں اور کورونا بڑھنے کی صورت میں مزید سخت اقدمات کا عندیہ دیا تھا۔

    این سی او سی نے شادی ہال، مارکیٹس اور مال رات دس بجے بند کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں بصورت دیگر صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔

  • سپریم کورٹ نے ملک بھر میں چنگچی رکشے چلانے کی مشروط اجازت دے دی

    سپریم کورٹ نے ملک بھر میں چنگچی رکشے چلانے کی مشروط اجازت دے دی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے ملک بھر میں چنگچی رکشے چلانے کی مشروط اجازت دیتے ہوئے ڈرائیور کیلئے لائسنس لازم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق  سپریم کورٹ نے ملک بھر میں چنگ چی رکشوں کو چلنے کی مشروط اجازت دے دی اور چنگ چی رکشہ ڈرائیور کیلئے لائسنس لازم قرار دیا گیا ہے۔

    چنگ چی رکشوں کے حوالے سے تیرہ صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس گلزار احمد نے تحریر کیا، فیصلے میں چنگ چی رکشوں کوچلنے کے لیے مشروط اجازت دی گئی ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چنگ چی رکشوں میں چار سے زیادہ سواریوں بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ڈرائیور کیلئے لائسنس لازم قرار دیدیا گیا اور صوبائی حکومتوں کو چنگ چی رکشے باضابطہ رجسٹر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے میں چنگ چی رکشوں کیلئے مجاز حکام کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازم قرار دینے کے ساتھ صرف منظور شدہ کمپنیوں اور ڈیزائن کے رکشوں کو چلنے کی اجازت دی گئی اور کہا گیا ہے کہ چنگچی رکشہ کی تیاری میں مسافروں اور ڈرائیورکی حفاظت یقینی بنائی جائے جب کہ عمل نہ کروانے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ اور فوجداری کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    فیصلے میں چنگ چی رکشوں پر روٹ اور کرایہ نامہ واضح طور پر لگانے کا بھی حکم دیا گیا ہے، صرف شرائط پر پورا اترنے والے رکشوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس چنگچی رکشوں پر پابندی سے متعلق درخواست پر مختصر فیصلہ سنایا تھا اور آل سندھ چنگچی رکشہ یونین کی درخواست منظور کرتے ہوئے سندھ میں موٹرسائیکل رکشہ چلانے کی اجازت دی تھی۔ْ

    واضح  رہے کہ صوبائی حکومت نے چنگچی رکشہ غیر محفوظ ہو نے کی بنیادپر پابندی عائد کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نواسہ رسولﷺ اور شہدائے کربلا کی یاد میں شہرشہر ماتمی جلوس اور مجالس

    نواسہ رسولﷺ اور شہدائے کربلا کی یاد میں شہرشہر ماتمی جلوس اور مجالس

    کراچی : کربلا والوں پرپانی کی بندش کو تیسرا دن آگیا، نواسہؑ رسولﷺ کی یاد میں آج شہر شہر علم و شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہونگے۔

    ‌حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں آج شہر شہر نویں محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں، ملک بھر میں نو محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

    شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں مجالس اور شبیہہ و ذوالجناح کےجلوس برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ عزادار نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔


    کراچی میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیان میں اختتام پذیرہوگا، رات گئے جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے جبکہ پینسٹھ ہزارسے زائد نفری سیکورٹی پر معمور ہیں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائیں گی۔

    لاہورمیں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس اورمجالس کا سلسلہ جاری ہے، آج کے دن کی مناسبت سے لاہور میں 9محرم کا جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا ، جلوس نیلی بار، بابا گراؤنڈ، سیکرٹریٹ سے ہوکر خیمہ سادات پہنچے گا، جلوس کے شرکاء نماز ظہرین عالمگیر روڈ پر ادا کریں گے جبکہ جلوس کے شرکاء نماز مغربین پرانی انار کلی میں ادا کریں گے۔

    لاہور میں سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، اسلام پورہ کو جانے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔

    ملتان میں 9 محرم کامرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا، جلوس کی گزرگاہ کی تلاشی مکمل کرلی گئی ہے اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ جلوس کی گزرگاہ سے منسلک راستے کو سیل کردیا گیا ہے۔

    گوجرانوالہ میں محرم الحرام میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گے ہیں، سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے شہر بھر میں پولیس اور رینجرز کی طرف سے فلیگ مارچ کا سلسلہ بھی جاری ہے، نویں اور دسویں محرم کو شہر بھر میں 203جلوس جبکہ 220مجالس منعقد ہونگی۔

    پشاور میں نویں محرم کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے بر آمد ہوگا، جلوس کیلئے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ، دس ہزار پولیس اہلکار شہر بھر میں چوکس ہیں جبکہ خواتین اہلکار بھی ڈیوٹی پر معمور ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔