Tag: ACTION

  • جاب انٹرویو کے دوران خاتون سے ذاتی سوالات، کمپنی کے خلاف کارروائی

    جاب انٹرویو کے دوران خاتون سے ذاتی سوالات، کمپنی کے خلاف کارروائی

    ریاض: سعودی عرب میں ملازمت کے لیے انٹرویو کے دوران ایک خاتون سے ذاتی سوالات پوچھنے پر مذکورہ کمپنی کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت نے خبردار کیا ہے کہ ملازمت کے انٹرویو کے دوران کسی بھی خاتون سے نجی نوعیت کے سوالات نہیں پوچھے جا سکتے۔

    ایک سعودی خاتون سے نجی نوعیت کے سوالات پوچھے جانے پر متعلقہ ادارے کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ترجمان سعد آل حماد نے جمعرات کو بتایا کہ اعلیٰ عہدیداروں کو جیسے ہی پتہ چلا کہ ایک مقامی خاتون سے انٹرویو کے دوران نجی نوعیت کے سوالات کیے گئے ہیں تو فوری طور پر ایکشن لے لیا گیا۔

    ترجمان نے ٹویٹر پر بتایا کہ مقامی خاتون سے نجی نوعیت کے سوالات سے متعلق پوسٹ سوشل میڈیا پروائرل ہونے پر صارفین نے ناگواری کا بھی اظہار کیا تھا۔

    وزارت کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جب بھی قانون کی خلاف ورزی ان کے علم یا مشاہدے میں آئے فوری طور پر رابطہ نمبر 19911 یا وزارت کی ایپ پر مطلع کریں۔

  • سعودی عرب: گداگری میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان

    سعودی عرب: گداگری میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزاؤں کا اعلان

    ریاض: سعودی حکام نے گداگری میں ملوث افراد اور گروہوں کے خلاف سخت ہدایات جاری کردیں، گداگری میں ملوث مقامی افراد کو جرمانے و قید کی سزا ہوگی جبکہ غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی گداگری میں ملوث ایک یا ایک سے زائد افراد، گداگری کی معاونت کرنے یا ناجائز طریقے سے رقم جمع کرنا خلاف قانون ہے۔

    گداگری میں ملوث افراد کے لیے 6 ماہ قید اور 50 ہزار ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے، غیر ملکی ہونے کی صورت میں سزا مکمل کرنے کے بعد اسے مملکت سے ڈی پورٹ کر کے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

    پراسیکیوشن کے ٹویٹر پر اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ایسا فرد جو براہ راست یا بالواسطہ گداگری میں ملوث ہو، اس کی ترغیب دے یا معاونت کرے، اسے گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ ایسے افراد کو 6 ماہ قید اور 50 ہزار ریال جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

    گداگری کا نیٹ ورک چلانے والے یا کسی بھی طور پر اس مکروہ پیشے سے وابستگی رکھنے والے خواہ وہ براہ راست ہو یا بالواسطہ انہیں 1 برس قید اور 1 لاکھ ریال جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔

    غیر ملکی ہونے کی صورت میں ایسے افراد کو مملکت سے بے دخل کر کے انہیں ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا، ایسے افراد جنہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا وہ صرف عمرے یا حج ویزے پر ہی مملکت آسکیں گے۔

  • 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مہم کا آغاز

    18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مہم کا آغاز

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف مہم کا آغاز کردیا گیا، کم عمر ڈرائیورز اور ان کے والدین کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا گیا، ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا نے متعلقہ افسران کو حکم نامہ جاری کر دیا۔

    اقبال دارا کا کہنا تھا کہ کم عمر ڈرائیورز اور ان کے والدین کے خلاف مہم چلائی جائے، عدلیہ کی جانب سے کم عمر ڈرائیورز کے خلاف نوٹس لیا گیا تھا۔

    ایسے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے، کم عمر ڈرائیورز بلکہ والدین کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب: خاتون کو تنگ کرنے والا ڈرائیور مشکل میں پھنس گیا

    سعودی عرب: خاتون کو تنگ کرنے والا ڈرائیور مشکل میں پھنس گیا

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون کو تنگ کرنے والا ڈرائیور مشکل میں پھنس گیا، محکمہ ٹریفک نے فوری طور پر ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ایک سعودی خاتون ڈرائیور کی طرف سے شیئر کی جانے والی ویڈیو پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی ہے۔

    یہ ویڈیو جدہ کے رائل ٹرمینل اور جوہرہ اسٹیڈیم کے درمیان سفر کرنے والی ایک خاتون نے شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سامنے والی گاڑی انہیں راستہ نہیں دے رہی۔

    خاتون نے ویڈیو میں کہا کہ سامنے والی گاڑی کا ڈرائیور مسلسل مجھے تنگ کر رہا ہے اور راستہ نہیں دے رہا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر ہوتے ہی محکمہ ٹریفک نے فوری کارروائی کی اور خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور کی شناخت کرلی۔

    محکمہ ٹریفک نے مذکورہ شخص کے خلاف ٹریفک قوانین کے مطابق کارروائی کی ہے، خاتون نے فوری کارروائی پر محکمہ ٹریفک کا شکریہ ادا کیا۔

  • سعودی عرب: ساڑھے 11 ارب ریال کے بدعنوانی کیس میں 32 افراد گرفتار

    سعودی عرب: ساڑھے 11 ارب ریال کے بدعنوانی کیس میں 32 افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں ساڑھے 11 ارب ریال کے بدعنوانی کیس میں 32 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، کارروائی سعودی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن نزاہہ نے سعودی سینٹرل بینک ساما کی مدد سے کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن نزاہہ نے 11.6 ارب ریال باہر بھیجے جانے کی کوشش اور بدعنوانی کیس کی تحقیقات میں 32 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

    کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن نزاہہ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ فوجداری کا ایک بڑا کیس ریکارڈ پر آیا ہے جس میں سرمایہ کار، بینک اہلکار، پولیس افسر اور غیر ملکی ملوث ہیں۔

    عہدیدار کے مطابق بدعنوانی کا یہ کیس سعودی سینٹرل بینک ساما کے تعاون سے پکڑا گیا ہے، بینکوں کے اہلکاروں نے مقیم غیر ملکیوں اور سرمایہ کاروں پر مشتمل گروہ سے مبینہ طور پر رشوت لے کر غیر قانونی طریقے سے ترسیل زر میں سہولت فراہم کی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ مبینہ گروہ 11 ارب سے زائد ریال باہر بھیج رہا تھا، گروہ کے افراد یہ نہیں بتا سکے کہ انہوں نے اتنی بڑی رقم کہاں سے اور کیسے حاصل کی، یہ رقم تجارتی اداروں کے اکاؤنٹس میں جمع کروا کر باہر بھیجی جا رہی تھی۔

    کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن نزاہہ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم 5 غیر ملکیوں کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ 9 ملین 7 لاکھ 84 ہزار 268 ریال ایک بینک میں جمع کروانے کے لیے جارہے تھے۔

    نزاہہ کا مزید کہنا تھا کہ 7 سرمایہ کار، 12 بینک اہلکار اور ایک پولیس افسر، 5 سعودی شہری اور 2 مقیم غیر ملکی رشوت، جعلسازی اور ناجائز آمدنی کے لیے اثر و نفوذ سے کام لینے، منی لانڈرنگ اور سعودیوں کے نام سے غیر ملکیوں کے کاروبار پر پردہ ڈالنے میں ملوث پائے جانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

  • پنجاب میں کرپٹ اور راشی سرکاری افسران کے خلاف کارروائیاں

    پنجاب میں کرپٹ اور راشی سرکاری افسران کے خلاف کارروائیاں

    لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی کرپٹ سرکاری افسران کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ڈیرہ غازی خان اور دیپالپور میں کی جانے والی کارروائیوں میں 5 راشی افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے کرپٹ سرکاری افسران کی گرفتاریاں جاری ہیں، سابق رجسٹری محرر اور میٹرو پولیٹن آرکیٹکٹ سمیت 5 افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔

    محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے 3 سرکاری ملازمین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، ملزمان سے رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ ملزمان میں ہیڈ ڈرافٹس مین اصغر علی، جونئیر کلرک محمد فرحان شامل اور میٹرو پولیٹن آرکیٹکٹ محمد عثمان شامل ہیں۔

    اسی طرح اینٹی کرپشن دیپالپور نے سابق رجسٹری محرر برکت علی کو گرفتارکر لیا گیا جبکہ محکمہ آبپاشی کے ہیڈ ڈرافٹس مین محمد طارق کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

  • محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی بڑی کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگزار

    محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی بڑی کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگزار

    لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے قبضہ مافیا کے خلاف 2 بڑی کارروائیاں کر کے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے قبضہ مافیا کے خلاف 2 بڑی کارروائیاں کیں، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔

    ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اینٹی کرپشن گوہر نفیس کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا سے تاوان کی وصولی یقینی بنائی جائے۔

    انہوں نے بتایا کہ روجھان صفدر آباد سے 480 کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی، واگزار زمین کی مالیت 3 کروڑ 10 لاکھ روپے ہے۔

    علاوہ ازیں راجن پور کے علاقے راخ مرغائی سے 104 کنال سرکاری اراضی واگزار کی گئی جس کی مالیت 1 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔

    اس سے قبل اینٹی کرپشن پنجاب نے پاکپتن میں 496 کنال زرعی زمین واگزار کروائی گئی تھی جس کی مالیت 15 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔

    رواں ماہ کے آغاز میں اینٹی کرپشن پنجاب نے ساہیوال، رحیم یار خان اور راجن پور میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد مالیت کی تجارتی اراضی واگزار کروائی تھی۔

    اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ ساہیوال میں ڈیڑھ ارب کی 21 کنال تجارتی اراضی، ڈیرہ غازی خان میں 5 ہزار 400 کنال اراضی، راجن پور میں 33 کروڑ روپے سے زائد کی اراضی اور رحیم یار خان سے 322 کنال اور 12 مرلے زمین واگزار کروائی گئی۔

    ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق صوبے میں اب تک 5 ارب 22 کروڑ روپے کی تاریخی ریکوری کی جا چکی ہے۔

  • ’’مجھے جانے دو، مجھے باہر نکالو‘‘ طوطے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں

    ’’مجھے جانے دو، مجھے باہر نکالو‘‘ طوطے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں

    واشنگٹن: امریکا میں ایک ایسا دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک بولنے والے طوطے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں۔

    آپ نے طوطے کو بولتا ہوا تو دیکھا ہوگا لیکن آپ نے کبھی نہیں سنا ہوگا کہ طوطے کی وجہ سے پولیس حرکت میں آئی اور مدد کے لیے بھی پہنچ گئی۔ جی ہاں! امریکی ریاست فلوریڈا میں یہ دلچسپ واقعہ پیش آیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلوریڈا میں ایک شخص نے پولیس کو کال کرکے اطلاع دی کہ ہمارے پڑوس میں کسی خاتون کی چیخنے کی آوازیں آرہی ہیں جو مسلسل مدد کے لیے پکار رہی ہے۔

    پھر کیا تھا یہ شکایت سنتے ہی پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی۔ جس کے بعد حقیقت کھل کر سامنے آگئی۔

    ’’مجھے جانے دو‘‘ کہہ کر چیخنے والا کوئی خاتون نہیں بلکہ طوطا تھا۔ غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طوطا کے مالک نے بتایا وہ گیراج میں اپنی اہلیہ کی گاڑی ٹھیک کررہا تھا اس دوران طوطا ہماری باتوں کو سنتا اور گانا بھی گارہا تھا جس کے بول یہی تھے کہ ’’مجھے جانے دو‘‘۔

    مالک کا کہنا تھا کہ اس طوطے کی آواز خاتون سے بہت مشابہت رکھتی ہے جس کے باعث پولیس اور پڑوسی کو یہ غلط فہمی پیش آئی۔ اس واقعے کی خبرسن کر تمام افراد دنگ رہ گئے۔

    مالک نے یہ بھی بتایا کہ ہم نے طوطے کو ’’مجھے جانے دو‘‘ اور ’’مجھے باہر نکالو‘‘ جیسے جملے بچپن میں سکھائے تھے۔

  • بچوں کے قتل کا واقعہ، وزیراعلیٰ پنجاب پولیس افسران پر برہم، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم

    بچوں کے قتل کا واقعہ، وزیراعلیٰ پنجاب پولیس افسران پر برہم، قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب کے ضلع چونیاں میں بچوں کے قتل کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس افسران کو حکم دیا ہے کہ ملزمان کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے، زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت رات گئے لاہور ائیرپورٹ پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ کو چونیاں واقعے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

    اس موقع پر آئی جی پنجاب نے تحقیقات میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب بچوں کے بہیمانہ قتل کا واقعہ رونما ہونے پر سخت برہم ہوگئے اور بچوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مجھے ملزمان کی گرفتاری چاہیے، زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا، باربار ایسے واقعات پولیس کی نااہلی، غفلت کا نتیجہ ہیں، پولیس نے بچوں کی گمشدگی کے باوجود فوری اقدامات نہیں کئے، جدید انداز سے تفتیش ہوتی تو ایسے اندوہناک واقعے سے بچا جاسکتا تھا۔

    چونیاں میں ایک اور لڑکے کے اغوا کی کوشش، لڑکا بھاگنے میں کامیاب

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ غفلت اور کوتاہی کے ذمہ داروں کا کڑا احتساب ہوگا، جو کام نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا، میں کسی نااہل افسر یا اہلکار کو برداشت نہیں کروں گا، اب کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، صرف معطلیاں کافی نہیں، غفلت اور کوتاہی پر برطرف کیا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو ٹھیک کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے، متاثرین کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، میرا فرض اور ذمہ داری ہے کہ متاثرین کوفوری انصاف ملے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کیس پر ہونے والی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چونیاں میں اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

  • پوپ فرانسس کا ایمزون میں خوفناک آتشزدگی پر اظہار تشویش

    پوپ فرانسس کا ایمزون میں خوفناک آتشزدگی پر اظہار تشویش

    ویٹی کن سٹی:کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس نے ایمزون کے جنگلات میں لگی آگ پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے ان جنگلات کو زمین کے کلیدی پھیپھڑے قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان جنگلات کے ایک وسیع علاقے پر لگی آگ پر شدید تشویش ہے،سینٹ پیٹرز اسکوائر پر ہزاروں افراد کے مجمع سے اپنے ہفتہ وار خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ زمین پر زندگی کی بقا کے لیے یہ جنگلات انتہائی ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تمام تر عزم اور ٹھوس اقدامات کے ساتھ دعا کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ آگ بجھ جائے۔

    ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں برس ایمزون کے جنگل میں جنوری سے اگست تک 72 ہزار843 مرتبہ آگ بھڑک چکی ہےجو کہ گزشتہ سال کی نسبت 85 فیصد زیادہ ہے۔ جبکہ 2018 40 ہزار اور 2016 میں 68 ہزار مرتبہ لگی تھی۔

    خیال رہے کہ پیرو کے روز ایمزون کے جنگل میں ہولناک آگ بھڑکنے کے بعد 2700 کلومیٹر دور واقع شہر ساؤ پالو میں بھی دھوئیں کے گھنے و کالے بادلوں کے باعث اندھیرا چھاگیاتھا۔

    ایمزون کے جنگلات دنیا کی فضا کو آکسیجن فراہم کرنے میں اپنا 20 فیصد حصہ ڈالتے ہیں اورانہیں دنیا کے پھیپھڑوں سے تشبیہ دی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ ایمزون کا جنگل 30 لاکھ اقسام کے درختوں، پودوں ، جانوروں اور دس لاکھ مقامی باشندوں(جنگلی قبائل) کا گھر ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ کے سبب برازیل میں دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں جنہوں نے کئی شہروں کو اندھیرے میں ڈبو دیا ہے۔