Tag: ACTION

  • ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف اطالوی دارالحکومت میں شدید احتجاج

    ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف اطالوی دارالحکومت میں شدید احتجاج

    روم : اٹلی کے دارالحکومت روم میں سویڈش ٹین ایجر گریٹا تھون برگ کی قیادت میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اطالوی دارالحکومت روم میں موسمیاتی تبدیلی کےلیے کام کرنے والے رضاکاروں نے دنیا میں پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے اور مقتدر اداروں کے خلاف اقدامات نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس احتجاج میں کئی کم عمر اور ٹین ایجر بچوں کے ساتھ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ بھی شریک ہوئے، موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف یہ مظاہرہ فرائیڈیز فار فیوچر سلسلے میں کیا گیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے گریٹا تھون برگ کا کہنا تھا کہ زمین کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔

    منتظمین نے دعویٰ کیا کہ اس احتجاج میں پچیس ہزار کے قریب لوگ شریک ہوئے، اس مظاہرے میں بعض مقررین نے اطالوی نائب وزیراعظم ماتیو سالوینی اور اُن کی سیاسی جماعت لیگ کے ماحولیات کے بارے میں خیالات پر کڑی نکتہ چینی بھی کی۔

    مزید پڑھیں : برطانیہ میں‌ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مظاہرے، 300 افراد گرفتار

    واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف یورپ بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے  کہ گزشتہ چار روز سے برطانوی دارالحکومت لندن میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے مظاہرے جاری ہیں جبکہ پولیس نے دو درجن سے زائد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے۔

    خیال رہے کہ 15 سالہ گریٹا تھنبرگ نے کلائمٹ چینج کے خلاف ٹھوس پالیسی اپنانے پر مجبور کرنے کے لیے گزشتہ برس اگست سے اپنا احتجاج شروع کیا تھا۔ وہ 3 مہینے تک اپنا اسکول چھوڑ کر روزانہ پارلیمنٹ بلڈنگ کے سامنے پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج کرتی رہی۔

    انتخابات کے بعد بھی اس کا احتجاج ختم نہیں ہوا، اب وہ ہر جمعے کے روز اسکول سے چھٹی کر کے پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرتی دکھائی دیتی۔ اس کا کہنا تھا کہ ہمارا مستقبل اسکول نہیں، اگر زمین کو نہ بچایا گیا تو نہ اسکول رہیں گے اور نہ اسکول جانے والے۔

    یہ بھی پڑھیں : گریٹا کا نام نوبیل انعام کے لیے تجویز

    گزشتہ روز نارویئن حکام نے گریٹا کو نوبیل انعام دینے کی تجویز بھی پیش کردی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ناروے کے ایک رکن پارلیمنٹ فریدی اینڈرے کا کہنا تھا کہ اگر ہم کلائمٹ چینج کو نہیں روکیں گے تو یہ جنگوں، تنازعوں اور لوگوں کو بے گھر کرنے کا سبب بنے گی۔ گریٹا نے دنیا کے امن کو قائم رکھنے کے لیے ایک بڑی تحریک شروع کی لہٰذا وہ امن کے نوبیل انعام کی حقدار ہے۔

  • وزیراعظم کی ہدایت پر گیس چوروں کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی

    وزیراعظم کی ہدایت پر گیس چوروں کے خلاف ایف آئی اے نے کارروائی شروع کردی

    شیخوپورہ: وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے گیس چوروں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے لاہورروڈ پر واقع اسٹیل مل پر ایف آئی اے نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑ لی۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ 2 سال سے زیرزمین پائپ لائن بچھا کر گیس چوری کی جارہی تھی، 2017 میں بھی مل مالکان پر گیس چوری کا مقدمہ درج ہوا تھا۔

    مل مالکان نے 20 کروڑ روپے جرمانہ بھی ادا کیا تھا، اسٹیل مل میں بجلی بھی چوری کی استعمال کی جارہی تھی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان نے گیس بحران کے تناظر میں گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم جاری کیا تھا، چوری میں معاونت پر عملے کیخلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی تھی۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت گیس کا ضیاع روکنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں گیس کی قلت کی وجوہ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزیرِ اعظم نے غیر قانونی گیس کنکشنز اور گیس کی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

    وزیرِاعظم عمران خان نے گیس چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا

    چند روز قبل وزیراعظم نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام پرگیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔

    سندھ اور بالخصوص کراچی میں گیس کی قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز پر گیس کا بحران رہا جب کہ گھروں میں بھی تسلسل کے ساتھ گیس کی سپلائی نہیں کی جارہی ہے، گیس کی قلت کے باعث مکین ایل پی جی سلینڈر اور لکڑیوں پر کھانے پکانے پر مجبور ہیں۔

  • کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات، تین افراد جاں بحق

    کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات، تین افراد جاں بحق

    کراچی: شہرقائد میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے بریگیڈ تھانے کی حدود میں ایف ٹی سی کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے موٹرسائیکل پر سوار شہری ریاض خان کو قتل کردیا۔

    فائرنگ کرنے والے افراد موٹرسائیکل پر سوار تھے جن میں سے ایک نے ہیلمٹ اور دوسرے نے ماسک پہن رکھا تھا ، وقوعہ سے تیس بور گولیوں کے دو خول ملے ہیں۔

    دوسری جانب اورنگی ٹاؤن فٹ بال چورنگی کے قریب سے بھی ایک شخص کی لاش ملی، جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، جاں بحق شہری کی شناخت نصیرالدین کے نام سے ہوئی ہے۔

    عوامی کالونی کے علاقے سے بزرگ خواجہ سرا حاجی حجن کی تشدد زدہ لاش ملی، پولیس کے مطابق لاش گھر کے اندر تھی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیاجارہا ہے۔

    علاوہ ازیں کھارادر موتن داس مارکیٹ کے قریب بھی فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔

    کراچی پولیس کی کارروائیاں‘ 14 ملزمان گرفتار

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔

  • سی ٹی ڈی کی اہم کارروائی، پولیس اہلکار سمیت ایم کیو ایم لندن کے 3 ٹارگٹ کلرز گرفتار

    سی ٹی ڈی کی اہم کارروائی، پولیس اہلکار سمیت ایم کیو ایم لندن کے 3 ٹارگٹ کلرز گرفتار

    کراچی: شہرقائد میں انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار سمیت ایم کیو ایم لندن کے تین ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے یہ کارروائی کراچی کے علاقے شاہ فیصل میں کی گئی، جہاں سے ٹارگٹ کلرز گرفتار ہوئے جو سنگین جرائم میں بھی ملوث ہیں۔

    ایس پی سی ٹی ڈی مرتضٰی بھٹو کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں اہلکار ہارون رضا، ملزم شیخ جاوید بنگالی، ملزم ظفر سپاری شامل ہیں۔

    گرفتار تینوں ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزمان ٹارچرسیل چلانے، جلاؤگھیراؤ اور بھتے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ملزمان نے سیاسی جماعت کے کارکنوں کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے، دوران تفتیش ملزمان 10 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق اہلکار ہارون رضا کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

    کراچی پولیس کی کارروائیاں‘ 2 ملزمان گرفتار

    دوسری جانب کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کوگرفتارکرلیا جبکہ ایک شخص فائرنگ سے زخمی بھی ہوا۔

    پاپوش نگر پولیس نے کارروائی کرکے شہری سے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی، دو ڈکیت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیئے جبکہ ساتھی فرار ہوگیا، گرفتارڈکیت سے دوپستول، دو موبائل فونز، شناختی کارڈز، کیش اور دیگر سامان برآمد کیا۔

    چاکیواڑہ پولیس نے گودام میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد گینگ وار سے تعلق رکھنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ دستی بم برآمد ہوا۔

    منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

  • جھوٹی ایف آئی آر کٹوانے والے کے خلاف اب کارروائی ہوگی

    جھوٹی ایف آئی آر کٹوانے والے کے خلاف اب کارروائی ہوگی

    کراچی: جھوٹے مقدمات بنوانے والے ہوشیار ہوجائیں، کسی کے خلاف غلط اور جھوٹی ابتدائی اطلاعی رپورٹ (ایف آئی آر) کٹوانے والے کے خلاف اب کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے جھوٹے مقدمات درج کروانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

    آئی جی کی ہدایت کے بعد سندھ بھر میں جھوٹے مقدمات درج کروانے والے 381 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کروانے کی دفعات کے تحت کارروائی ہوگی۔

    جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے میں پہلا نمبر سکھر کا رہا جہاں 135 میں سے 34 مقدمات جھوٹے نکلے۔

    نوابشاہ میں 71، سانگھڑ میں 69 اور خیر پور میں 6 مقدمات جھوٹے نکلے۔

    آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ ذاتی مخالفت پر جھوٹا مقدمہ درج کروانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس آصف سعید کھوسہ بھی جھوٹی گواہی دینے والے افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز کر چکے ہیں۔

    چیف جسٹس نے جھوٹی گواہی کے خلاف پہلی کارروائی چند روز قبل کی تھی جب انہوں نے جھوٹی گواہی دینے پر ساہیوال کے رہائشی ارشد کو 22 فروری کو طلب کیا تھا۔

    ملزم نے اندھیرا ہونے کے باوجود واردات کے مبینہ ملزم کو دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ رات کو 3 بجے کا واقعہ ہے کسی نے لائٹ نہیں دیکھی، ٹرائل کورٹ کی ہمت ہے انہوں نے سزائے موت دی۔

  • کراچی: پولیس کی رات گئے کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی: پولیس کی رات گئے کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں کے دوران ملزمان سے مسروقہ سامان اور ایک مغوی لڑکا بھی بازیاب کرایا گیا۔

    کراچی کے علاقے طارق روڈ پر پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کے تبادلہ کے بعد زخمی سمیت دو ملزمان گرفتار کیے گئے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔

    فریئر پولیس نے کینٹ اسٹیشن کے قریب کارروائی کے دوران مغوی بچہ بازیاب کرالیا، پندرہ سالہ لڑکے کو تین روز قبل دہلی کالونی سے اغوا کیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ روز گرفتار دو اغوا کاروں کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی، ملزمان سے دیگر ساتھیوں سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

    اے آئی ایس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم میمن گوٹھ سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، گرفتار ملزم سے رائفل اور دستی بم برآمد کیا، ملزم نے دوران انٹیروگیشن متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    کراچی پولیس کی ایک اور نا اہلی، ملزم کو زخمی کر کے اہل کار ویڈیو بنانے لگا

    ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ملزم کو میمن گوٹھ فٹ بال گراؤنڈ کے ڈریسنگ روم سے گرفتار کیا گیا، ملزم عبدالوہاب قتل کے مقدمے میں نامزد ہے، ملزم نے دوران انٹیروگیشن متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

    کراچی کے گذشتہ ایک ہفتے کے درمیان منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب درجنوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے تفتیش جاری ہے۔

  • سعودیہ: انسداد بدعنوانی کمیٹی کی کارروائی مکمل، 4 کھرب ریال وصول

    سعودیہ: انسداد بدعنوانی کمیٹی کی کارروائی مکمل، 4 کھرب ریال وصول

    ریاض : سعودی عرب کی اینٹی کرپشن کمیٹی نے کرپٹ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 کھرب ریال کی رقم واپس قومی خزانے میں جمع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں بد عنوانیوں کے خلاف اقدامات کرنے کےلیے بنائی گئی اینٹی کرپشن کمیٹی نے اپنی رپورٹ سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو پیش کردی۔

    اینٹی کرپشن کمیٹی حکام کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی نے کرپشن کے 381 مقدمات ختم مکمل کرکے بدعنوانیوں میں ملوث افراد کو عدالت میں پیش کردیا جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی پروسٹیکیوٹر جنرل کی زیر نگرانی کی گئی تھی۔

    اینٹی کرپشن کمیٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بدعنوانی میں ملوث 8 افراد نے عدالت میں کیس جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، 87 افراد کو مختلف معاہدوں کے بعد چھوڑ دیا گیا جبکہ 56 ملزمان پر فوج داری مقدمے زیر سماعت ہیں جس کے باعث ان سے معاہدہ نہیں کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب: کرپشن میں ملوث 126 سرکاری ملازمین معطل

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں بلدیاتی اور دیہاتی امور کی وزارت نے اعلان کیا تھا کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں 126 ملازمین کو بدعنوانی میں ملوث ہونے کے سبب کام سے روک کر انہیں معطل کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب میں کرپشن کےالزام میں 11 شہزادے اور4 وزیرگرفتار

    یاد رہے دو سال قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر اینٹی کرپشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے 11 شہزادوں، 4 موجودہ وزرا سمیت 38 سے زائد افراد کو گرفتار کیا تھا اور ریاض کے فائیواسٹار ہوٹل کو سب جیل میں تبدیل کر کے گرفتار شہزادے اور دیگر اہم شخصیات کو قید کیا گیا تھا۔

    سعودی عرب کے امیر ترین شہزادے کی گرفتاری کے بعد سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا تھا۔

    بعدازاں سعودی حکومت نے کرپشن کے الزام میں گرفتار ہونے والے متعدد شہزادوں کو معاہدے پر رضامندی کے بعد رہا کردیا تھا۔

  • سندھ کے مختلف شہروں میں پولیس مقابلے، 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    سندھ کے مختلف شہروں میں پولیس مقابلے، 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی: سندھ کے مختلف شہروں میں پولیس مقابلے کے نتیجے میں 7 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات ڈاکو قانون کے شکنجے میں آگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کے دوران مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    گرفتار ملزمان سے مسروقہ سامان اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی۔

    حیدرآباد کے علاقے امریکن کوارٹرز میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا اور قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    کراچی : 2019 کا پہلا پولیس مقابلہ، دو ملزمان گرفتار

    علاوہ ازیں خیرپور کے نواحی علاقے میں پولیس مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلےمیں ایک ڈاکو زخمی ہوا ہے تاہم دیگر دو ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں سال نو کے آغاز پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔

  • قبضوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت، ڈی جی اینٹی کرپشن کو کارروائی کا حکم دے دیا

    قبضوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت، ڈی جی اینٹی کرپشن کو کارروائی کا حکم دے دیا

    لاہور : سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جائیدادوں پر قبضے کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اینٹی کرپشن کو اپنی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کا حکم دیا اور اینٹی کرپشن کھوکھر برادران کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں جائیدادوں پر قبضے کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی، چیف جسٹس نے کہا کہ قبضے کا کلچر کھوکھر برادران نے متعارف کرایا ہے۔

    ڈی جی اینٹی کرپشن نے عدالت میں کھوکھر برادران کی جائیدادوں سے متعلق رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا کہ کھوکھر پیلس میں شامل 40 کنال اراضی پر کھوکھر برادران کا قبضہ ہے۔

    عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق کھوکھر برادران نے 10 میں سے صرف ایک کو ادائیگی کی، باقی کو بھگا دیا، کھوکھر پیلس زبردستی خریدا گیا مشترکہ کھاتے پر تعمیر ہے، ڈی جی اینٹی کرپشن نے چیف جسٹس نے کہا کہ تاثر ہے آپ کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں کوئی نہیں پوچھے گا۔

    چیف جسٹس نے سماعت کے دوران کھوکھر برادران سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کھاتہ توڑ رہے ہیں، کھوکھر پیلس خالی کریں، سامان اٹھا لیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ کھوکھر پیلس میں بھی کوئی تعلیمی ادارہ قائم کرا دیتے ہیں۔

    جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یہ بد معاشی نہیں چلنے دوں گا، کھوکھر برادران کی مرضی کے خلاف وہاں مکھی بھی پر نہیں مار سکتی، ایسے لوگوں نے پاکستان کو تباہ کردیا ہے، یہ جو آنکھیں جھکائے کھڑے ہیں مجھے پتہ ہے بعد میں میرے ساتھ کیا کرنا ہے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ قبضے کا کلچر کھوکھر برادران نے متعارف کرایا ہے، اینٹی کرپشن مقدمے درج کرے اور قانون کے مطابق کارروائی کرے۔

    وکیل صفائی نے عدالت میں بتایا کہ میرے موکل بے قصور ہیں، قبضوں کے کلچر کی وجہ سے سارا الزام ہم پر آرہا ہے۔

  • کراچی: نئے سال کے آغاز پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

    کراچی: نئے سال کے آغاز پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

    کراچی: سال نو کے آغاز پر شہرقائد میں دہشت گردی کا منصوبہ پولیس نے ناکام بنادیا، دو دستی بم اور بارود سے بھری موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی دہشت گرد حملے سے بچ گیا، پولیس نے پی آئی بی کالونی سے دو دستی بم اور بارود سے بھری موٹرسائیکل برآمد کرلی، جبکہ پانچ مشکوک افراد بھی گرفتار ہوئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران پولیس پر منشیات فروشوں نے دستی بم سے حملہ بھی کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پانچ مشکوک افراد حراست میں لے لیے گئے۔

    ڈی آئی جی عامر فاروقی کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم ناکارہ بنا دیا اور بارود سے بھری موٹرسائیکل کو کلئیر کر دیا گیا ہے، اطلاع تھی بارود سے بھری گاڑی تیارکی گئی ہے، گاڑی کو نیوایئر پر کہیں استعمال کیا جانا تھا، پولیس نے آپریشن کرکے موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ بارود کے ساتھ کیلیں بھی استعمال کی گئیں ہیں، موٹر سائیکل کی ٹنکی میں بم تیار کیا گیا تھا، موٹر سائیکل چوری کی ہے، 8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔