Tag: ACTION

  • گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کیلئے آن لائن پٹیشن دائر

    گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کیلئے آن لائن پٹیشن دائر

    لندن: گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کے لیے آن لائن پٹیشن دائر کردی گئی، پٹیشن میں ہالینڈ حکام پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں بحث کے لیے آن لائن دائر کی گئی پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہالینڈ کے سفیر کو بلا کر احتجاج کیا جائے۔

    پانچ روز قبل دائر کی گئی آن لائن پٹیشن پر اب تک ساڑھے 8 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کر چکے ہیں، 10 ہزار دستخط مکمل ہونے پر برطانوی حکومت کو ردعمل دینا پڑے گا۔

    چھ ماہ میں ایک لاکھ دستخط ہو گئے تو برطانوی پارلیمنٹ میں اس پر بحث کی جائے گی، جبکہ مذکورہ آن لائن پٹیشن برطانوی شہری شیراز عزیز نے دائر کی ہے۔

    او آئی سی نے ڈچ حکومت سے گستاخانہ حرکت فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا

    خیال رہے کہ گذشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نیدر لینڈز کی حکومت سے گستاخانہ حرکت فوری روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    او آئی سی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’ہم ڈچ پارلیمنٹ کے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے اعلان کی مذمت کرتے ہیں، تنظیم نے اپنے بیان میں زور دیا کہ ڈچ حکومت کو اس مذموم حرکت کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔

    دوسری جانب وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کہہ چکے ہیں کہ وہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سامنے بھی معاملہ اٹھائیں گے۔

  • پولیس کی کراچی اور حیدر آباد میں کارروائیاں، 2 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

    پولیس کی کراچی اور حیدر آباد میں کارروائیاں، 2 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

    کراچی/حیدر آباد: پولیس نے سندھ کے دو بڑے شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس کی کارروائی کے دوران دو ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی جبکہ حیدر آباد میں ڈی ایس پی کی نگرانی میں منشیات فروخت کی جارہی تھی۔

    سپر مارکیٹ پولیس کی جانب سے کراچی کے علاقے الیاس گوٹھ میں کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 2 ملزمان گرفتار ہوئے، ملزمان خرم اور فاروق اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں‘ 9 ملزمان گرفتار

    دوسری جانب حیدر آباد میں سی آئی اے سینٹر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے منشیات کی 14 بوریاں برآمد ہوئیں، ڈی ایس پی امداد سولنگی کی نگرانی میں منشیات فروخت کی جاتی تھی۔

    ایس ایس پی حسن سردار نیازی کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی امداد سولنگی اور 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، منشیات ذخیرہ کرکے ضلع بھر میں سپلائی کی جاتی تھی۔

  • کراچی میں رات گئے پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیاں، 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی میں رات گئے پولیس کی ٹارگٹڈ کارروائیاں، 3 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی: شہر قائد میں رات گئے پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں تین ملزمان گرفتار ہوئے اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے دو مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائیاں کیں، تین ملزمان کی گرفتاری کے علاوہ 2 آوان بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    پولیس نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں دو ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی جن کے پاس سے 2 آوان بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    بعد ازاں پولیس نے کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں ٹارگٹڈ کارروائی کی اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ بھی ہوا، تاہم ملزم زخمی حالت میں دھر لیا گیا۔

    دوسری جانب پولیس نے ایدھی فاؤنڈیشن کی چوری کی گئی ایمبولینس برآمد کرلی، گرفتار ملزم کی نشاندہی پر لیاری سے ایمبولینس برآمد کی گئی۔

    کراچی کےمختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں‘ 9 افراد گرفتار

    ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ ایمبولینس گزشتہ روز چوری کی گئی تھی، تاہم تحقیقات کے بعد ملزم کی گرفتار عمل میں آئی اور نشاندہی پر ایمبولینس بھی برآمد ہوگئی۔

    عرفان بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ چوری میں خود ایمبولینس ڈرائیور ہی ملوث تھا، ملزم کی نشاندہی پر لیاری سے ایمبولینس برآمد کی گئی، مزید قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔

  • کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 16 ملزمان گرفتار

    کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 16 ملزمان گرفتار

    کراچی: پولیس نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 16 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں ایک قتل کا ملزم بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 16 مزمان کو حراست میں لیا، جن سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے سرجانی میں پولیس نے اہم کارروائی کی اور 9 گھنٹے میں قتل کا ملزم گرفتار کرلیا، ملزم عمیر نے ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری کو قتل جبکہ دوسرے کو زخمی کیا تھا۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ملزم کے قبضے سے لوٹا گیا سامان اور پرس بھی برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزم عادی مجرم اور کئی بارجیل جاچکا ہے۔

    کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں‘ 5 ملزمان گرفتار

    دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 15 مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ آپریشن ضیاء کالونی اور جمالی گوٹھ میں کیا گیا، آپریشن کے دوران ایک مفرور ملزم بھی گرفتار ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ملزمان دہشت گردی، گھروں میں ڈکیتیوں میں ملوث تھے، ان کے قبضے سے 7 پستول، ایک نائن ایم ایم اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا تھا۔

  • برطانوی پولیس کی کارروائی، یورپ کا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    برطانوی پولیس کی کارروائی، یورپ کا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    لندن: برطانوی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے یورپ کے انتہائی مطلوب شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم جرائم کا ایک منظم گروہ چلاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک اہم کارروائی سامنے آئی جہاں یورپ کے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، یہ ملزم رومانیہ میں منظم جرائم کا ایک نیٹ ورک چلاتا ہے اور انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق 43 سالہ فلورین گینیا کو لندن کے شمال مغربی حصے سے حراست میں لیا گیا، رومانیہ کی پولیس گینیا کی تلاش میں تھی جبکہ گرفتاری برطانیہ میں عمل میں آئی۔

    گرفتار ملزم پر الزامات ہیں کہ یہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث رہا اور رومانیہ کی خواتین کو اسمگلنگ کے ذریعے آئرلینڈ بھی پہنچاتا تھا اس کے علاوہ اس ملزم پر اپنے ایک حریف کے قتل کا الزام بھی ہے۔


    لندن پولیس کی کارروائی‘ 9 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد


    قبل ازیں 12 اپریل کو برطانوی دارالحکومت لندن کے برینٹ فورڈ نامی علاقے میں میٹروپولیٹن پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی اور ڈکیٹی میں ملوث 9 افراد پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر کے 2 خودکار پستول، 40 گولیاں، اور ہیروئن برآمد کی تھی۔

    بعد ازاں میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان نے کہا تھا کہ مغربی لندن سے گرفتار ہونے والا گروہ شہر بھر میں منشیات فروشی اور راہزنی میں ملوث تھا، منشایات فروشی کے خلاف مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

    یاد رہے کہ پولیس نے یہ بھی کہا تھا کہ مذکورہ گروہ شہر کے کم عمر بچوں کو اپنے گروپ میں شامل کرتے تھے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال کیا جاسکے اور کسی کو شک نہ ہو، گرفتار ملزمان میں 6 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جن کی عمریں 14 سال سے 49 سال تک ہیں۔

  • رینجرز کی سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیاں،7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    رینجرز کی سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیاں،7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی: رینجرز کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں 7 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس کا لاڑکانہ کے علاقے باقرانی میں انتہائی مطلوب ملزم کی گرفتار کے لیے چھاپہ مار کارروائی کی گئی، چھاپے کے دوران ملزم غلام قادر گرفتار جبکہ اعجاز ابڑو ساتھی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق مفرور اعجاز ابڑو قتل، مقابلوں اور زمینوں پر قبضوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے، اعجاز ابڑو کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے، اسلحے میں ایس ایم جیز، 22بور رائفل، پستول اور گولیاں شامل ہیں۔


    رینجرز کی کارروائی، الیکشن سبوتاژ کرنے کا منصوبہ ناکام


    رینجرز کی جانب سے سندھ کے ضلع خیرپور میں بھی ایک اہم کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ملزم عرفان کی گرفتاری عمل میں آئی، جبکہ ساتھی فرار ہوگیا، کارروائی میں مختلف اقسام کا اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق روہڑی کے علاقے سنگرار روڈ پر بھی کارروائی کی گئی، جہاں سے ملزم صدرالدین گرفتار کیا گیا، ملزم سے ایس ایم جی، میگزین اور 25 راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں، جبکہ ملزم سے ایک کار، نان کسٹم پیڈ اور جعلی نمبر پلیٹ بھی بر آمد ہوا ہے۔

    علاوہ ازیں رینجرز نے کراچی کے علاقے گبول ٹاؤن میں خفیہ اطلاعات پر اہم چھاپہ مار کارروائی کی جس کے نتیجے میں چار منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جرمنی: جرائم پیشہ گروہ سے تعلقات کے الزام میں جائیدادیں ضبط

    جرمنی: جرائم پیشہ گروہ سے تعلقات کے الزام میں جائیدادیں ضبط

    برلن: جرمنی میں جرائم پیشہ گروہ سے تعلقات کے شبہے میں ایک ہی خاندان کی کئی جائیدادیں ضبط کر لی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پولیس نے ایک ہی خاندان کی کئی جائیدادیں ضبط کی ہیں، مذکورہ خاندان پر الزام ہے کہ ان کے تعلقات جرائم پیشہ گروہ سے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ خاندان کی ضبط کی گئی جائیداد میں فلیٹس، پلاٹس اور مکانات شامل ہیں کی مالیت کئی ملین یوروز میں ہیں۔

    جرمن پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہی خاندان کی ملکیت کے تقریباً 77 مکانات قبضے میں لے لیے ہیں، اس خاندان کا تعلق مبینہ طور پر منظم جرائم پیشہ گروہ سے ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ اس خاندان کی اس جائیداد کی مجموعی مالیت دس ملین یورو کے قریب ہے، قبضے میں لی گئی جائیداد میں فلیٹ، مکانات اور پلاٹ وغیرہ شامل ہیں۔


    جرمنی: حکومت نے پولیس اختیارات میں اضافے کا مسودہ تیار کرلیا


    خیال رہے کہ جس جرائم پیشہ نیٹ ورک کی بات کی جارہی ہے وہ اکتوبر 2014 میں ایک بینک ڈکیتی میں ملوث ہونے کی وجہ سے پولیس کی نگاہوں میں آیا تھا۔

    یاد رہے کہ یورپی یونین کے رکن ملک جرمنی کے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کی حکومت نے سیکیورٹی معاملات مزید سخت کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

    واضح رہے کہ مذکورہ منصوبہ بندی کے تحت وقتی طور پر مفلوج کرنے والی گن کا استعمال، سماجی رابطوں کی ویب سایٹس کی نگرانی اور سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سعودی اتحادی افواج کا یمن میں آپریشن فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگیا

    سعودی اتحادی افواج کا یمن میں آپریشن فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگیا

    ریاض: سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن کی مرکزی بندرگاہ الحدیدہ میں جاری آپریشن اب فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن کی مشہور بندرگاہ الحدیدہ پر حوثی باغیوں کے انخلا کے لیے ایک بڑا فوجی آپریشن جاری ہے جو اب فیصلہ کن مراحل داخل ہوچکا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق فوجی آپریشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سعودی اتحادی افواج اور یمن کی سرکاری فوج نے کمر کس لی اور فیصلہ کن اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    الحدیدہ کو ایران نواز حوثی باغیوں سے آزاد کرانے کے لیے فیصلہ کُن آپریشن کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں سرکاری فوج کو تازہ دم دستے اور مزید دفاعی کمک پہنچانے کا عمل بھی جاری ہے۔


    یمن: سعودی اتحادی افواج کا آپریشن، 145 حوثی باغی ہلاک


    علاوہ ازیں سعودی اتحادی افواج نے یمن کے مختلف علاقوں میں بھی بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور متعدد مقامات پر اپنا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔

    خیال رہے کہ یمن میں سعودی عرب کے اتحادی افواج کی جانب سے جاری آپریشن میں اب تک 145 حوثی باغی ہلاک جبکہ متعدد گرفتار ہوچکے ہیں، ہلاک حوثی باغیوں کی لاشیں مقامی اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ یمن کی سرکاری فوج نے سعودی اتحادی افواج کے تعاون سے گذشتہ روز حبل بندرگاہ پر اہم کارروائی کی تھی جس کے باعث ایران نواز باغی بندرگاہ چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے جبکہ متعدد کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بنگلہ دیش میں ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن، ہلاکتوں کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی

    بنگلہ دیش میں ڈرگ مافیا کے خلاف آپریشن، ہلاکتوں کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں جاری منشیات فروشوں کے خلاف بڑے آپریشن میں ہلاکتوں کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دو ماہ قبل حکومت کی جانب سے ڈرگ ڈیلرز کے خلاف ایک بڑا آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا جس میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد دو سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ آپریشن اب بھی جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی جانب سے یہ آپریشن شروع کیا گیا ہے جس میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی شدید تشویش ہے۔

    بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کا کہنا ہے کہ رواں سال مئی میں شروع کردہ منشیات کے تاجروں کے خلاف یہ جنگ اپنے طریقہ کار میں ابھی تک متنازعہ ہے، لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔


    بنگلہ دیش: اقوام متحدہ کا منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن روکنے کا مطالبہ


    دوسری جانب بنگلہ دیشی حکام کی جانب سے کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک ملک سے منشیات کا کاروبار ختم نہیں ہوتا، یہ جنگ جاری رہے گی، اب تک خاطر خواہ نتائج سامنے آئیں ہیں۔

    خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں حالیہ مہینوں کے دوران نشے کے لیے میتھ ایمفیٹامین نامی گولیوں کا استعمال بہت بڑھ چکا ہے جو کئی دیگر منشیات کے ساتھ اس ملک میں ہمسایہ ریاست میانمار سے اسمگل کی جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں انسداد منشیات کی اس ملک گیر آپریشن میں مرکزی کردار جرائم کی روک تھام کے لیے سرگرم ریپڈ ایکشن بٹالین یا آر اے بی نامی اسپیشل پولیس کے دستے ادا کر رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل: شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا

    پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل: شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا

    لاہور: پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل سے متعلق شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا جبکہ لیگی رہنما امیر مقام بھی قومی احتساب بیورو کے ریڈار پر آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو آج نیب لاہور میں پیش ہونا تھا جہاں ان سے پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل سے متعلق سوالات ہونے تھے تاہم وہ پیش نہیں ہوئے، سابق وزیر اعلیٰ پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کے بغیر بھرتیوں کا الزام ہے۔

    دوسری جانب ن لیگ خیبر پختونخواہ کے صدر امیر مقام کے گرد بھی نیب کا گھیرا تنگ ہونے لگا، احتساب بیورو نے انیس جولائی کو طلب کر لیا، ان پر آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔

    قبل ازیں شہباز شریف نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں ڈرانے والے یاد رکھیں وقت کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا۔


    پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل، شہباز شریف کی آج نیب لاہور میں طلبی


    اس سے قبل پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں چار جولائی کو بھی شہبازشریف نیب لاہور آفس میں پیشی بھگت چکے ہیں، دو گھنٹے کے سوال جواب کے باوجود نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر داماد سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر نے میرے رشتے دار کو خود شامل کیا تو میں نہیں جانتا۔

    شہبازشریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزامات پر بھی طلب کیا گیا تھا، 22 جنوری کو چھوٹے میاں صاحب نیب لاہور میں ڈیڑھ گھنٹہ پیش ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔