Tag: actor qavi khan

  • میں آج بھی خود کو فن کا طالبعلم سمجھتا ہوں، قوی خان

    میں آج بھی خود کو فن کا طالبعلم سمجھتا ہوں، قوی خان

    کراچی : سینئر اداکار قوی خان نے ایک گفتگو کے دوران کہا کہ میں اتنے برس بعد آج بھی یہی سوچتا ہوں کہ کام کو مزید بہتر انداز میں کیا جاسکتا تھا، ہر فنکار میں یہی لگن ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ جب ہم نے کام شروع کیا تو اس وقت صرف ریڈیو اور پی ٹی وی ہوتا تھا لیکن خوش قسمتی سے آج کے نوجوان اداکاروں کو مقبول ہونے کےلئے کئی طرح کے پلیٹ فارم میسر ہیں۔

    نجی خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئے آنے والے اداکار بڑے باصلاحیت ہیں لیکن انہیں مقبولیت ملنے پر سیکھنے کے عمل کو ہرگز ترک نہیں کرنا چاہیے کیونکہ میں پانچ دہائیوں کے بعد آج بھی خود کوفن کا ایک طالبعلم سمجھتا ہوں۔

    نئے اداکار باصلاحیت ہیں لیکن انہیں سیکھنے کا عمل ترک نہیں کرنا چاہیے، قوی خان

    قوی خان نے کہا کہ میں نے اپنے دور کے تمام فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے اور میری خوش قسمتی رہی ہے کہ سب ہی فنکار اچھے تھے جن کی یادیں ساتھ ساتھ چلتی ہیں۔

    سینئر اداکار نے کہا کہ میں نے فلموں میں بھی کام کیا ہے لیکن اب مجھے اس طرح کا کوئی پراجیکٹ نہیں ملا جس میں میرے مطابق کوئی کردار تخلیق کیا گیا ہو، یہ ہرگز نہیں کہا جا سکتا کہ میں نے فلم انڈسٹری کو چھوڑ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ آج کل کراچی میں بننے والی ٹی وی ڈرامہ سیریل میں مصروفیات ہیں اور جتنی ہمت ہے اتنا کام کررہا ہوں، اور اتنے سالوں بعد آج بھی یہ سوچتا ہوں کہ میں نے جو کام کیا اسے مزید بہتر انداز میں کیا جا سکتاتھا اور ہر فنکار میں یہی لگن اور جذبہ ہونا چاہیے۔

  • لیجنڈری اداکار قوی خان نے زندگی کی 86 بہاریں دیکھ لیں

    لیجنڈری اداکار قوی خان نے زندگی کی 86 بہاریں دیکھ لیں

    کراچی: ممتاز فلم اور ٹی وی اداکار قوی خان نے زندگی کی 86 بہاریں دیکھ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈی اداکار قوی خان نے 86 برس کے ہوگئے، قوی خان نے چائلڈ ایکٹر کے طور پر ریڈیو پاکستان کے ڈراموں سے کام شروع کیا اور پی ٹی وی کے پہلے اداکار کے طور پر انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

    قوی خان نے 200 فلموں اور لاتعداد ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

    قوی خان کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں اندھیرا اجالا، دو قدم دور تھے، من چلے کا سودا، میرے قاتل میرے دلدار، در شہوار، زندگی دھوپ تم گھنا سایا، الف اللہ اور انسان سمیت متعدد ڈرامے شامل ہیں۔

    قوی خان کی چند شہرہ آفاق فلموں میں محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چاند سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان، رانگ نمبر، مہر النساء اور پری شامل ہیں۔

    اداکار قوی خان پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اداکار تھے جنہیں 1980ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا ،محمد قوی خان ستارہ امتیاز ، تین نگار ایوارڈز ، پی ٹی وی ایوارڈ اورریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔