Tag: additional IG

  • کراچی : اغواء برائے تاوان کیخلاف بنایا گیا سیل خود وارداتوں میں ملوث نکلا

    کراچی : اغواء برائے تاوان کیخلاف بنایا گیا سیل خود وارداتوں میں ملوث نکلا

    کراچی : شہریوں کو اغواء برائے تاوان سے بچانے والا محکمہ خود اغواء کی وارداتوں میں ملوث نکلا، جرائم پیشہ ڈی ایس پی کو دیگر اہلکاروں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کا ڈی ایس پی قلیل مدتی اغواء کی وارداتوں میں ملوث ہے، ڈی ایس پی فہیم احمد کیخلاف سعودآباد میں شہری کے اغواء کی شکایت ملی تھی۔

    ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ڈی ایس پی فہیم احمد اور اس کی ٹیم کو معطل کردیا، ملزم اور اس کے عملے نے سعودآباد میں قلیل مدتی اغواء کی واردات کی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اے وی سی سی افسران و ملازمین کو فوری طور پر معطل کرکے ان کیخلاف تحقیقات کے احکامات جاری کردیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ معطل ہونے والوں میں اے وی سی سی کا کانسٹیبل جان شیر، کانسٹیبل غلام مصطفیٰ اور کانسٹیبل عامر شامل ہیں۔

    کراچی پولیس چیف جاویدعالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس کا کام عوام کا تحفظ اور قانونی مدد کی فراہمی ہے جو افسران قانون کیخلاف کام کریں گے ان کیخلاف سخت ایکشن ہوگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی ملزم ڈی ایس پی فہیم احمد کیخلاف سچل میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ فہیم احمد ماضی میں بھی حیدرآباد کے شاپنگ مارٹ میں چوری کرتے پکڑا گیا تھا۔

  • کراچی: اسٹریٹ کرائم کے سوا دیگر وارداتیں ختم ہوگئیں، ایڈیشنل آئی جی کا دعویٰ

    کراچی: اسٹریٹ کرائم کے سوا دیگر وارداتیں ختم ہوگئیں، ایڈیشنل آئی جی کا دعویٰ

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان سمیت ٹارگٹ کلنگ کی ورداتیں ختم ہوگئی ہیں۔

    ساتھ ہی انہوں نے اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کا بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ سمیت نئی اضافی بھرتیوں سے جرائم کی شرح میں کمی آسکتی ہے۔

    کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز میں منعقدہ تقریب میں صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دوسالوں سیف سٹی پراجیکٹ مکمل ہوجائے گا جس سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی لیکن فوری طور پر پولیس میں اضافی نفری کی ضرورت ہے۔

    ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ نئی شاہین فورس کے قیام کے بعد وارداتوں میں ملزمان کوگرفتارکرنے میں تیزی آئی ہے، میرا ایمان ہے کہ ہرسیکٹر میں لاء اینڈ آرڈر ہو تو بہتری کیوں نہیں ہوسکتی۔

    جاوید عالم اوڈھو نے اپنے گزشتہ دنوں دیئے گئے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کرپیش کیا گیا، میں اسی شہر میں پلا بڑھا ہوں، کراچی کے بارے میں مثبت سوچ رکھتا ہوں۔

  • ایف آئی آر کا اندراج : ایڈیشنل آئی جی نے افسران کو نیا حکم جاری کردیا

    ایف آئی آر کا اندراج : ایڈیشنل آئی جی نے افسران کو نیا حکم جاری کردیا

    کراچی : ایف آئی آر کے اندراج کیلئے شہریوں کے مختلف تھانوں کے دھکے کھانے کا معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایک مرتبہ پھر بڑا حکم نامہ جاری کردیا۔

    ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کراچی نے تمام تھانیداروں کو ایف آئی آر فری رجسٹریشن پر فوری عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمہ درج نہ کرنے پر تھانیدار کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی وقت تھانے جاکر مقدمہ درج کروا سکتے ہیں، جرائم کا شکار شہری ایف آئی آرکا اندراج لازمی کرائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی میں شہری پولیس کا ساتھ دیں۔

    غلام نبی میمن نے کہا کہ منظم گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات دیے ہیں، مشاہدہ کیا ہے کہ ایس ایچ اوز کوئی کام نہیں کر رہے، کام نہ کرنے والے ایس ایچ او کو گھر بھیجا جائے گا۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ ڈیفنس، کلفٹن میں تمام گینگز کو ختم کردیا گیا تھا، جرائم پیشہ گروہ ایک بار پھر فعال ہوگئے، کراچی سے زیادہ جرائم کی شرح لاہور میں ہے۔

    غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ لاہور میں سالانہ 2 لاکھ سے زائد وارداتیں ہوتی ہیں، کراچی میں جرائم کی روک تھام کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ چند روز مانیٹرنگ کے بعد مزید اہم فیصلے کریں گے۔

  • سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیو واٹس ایپ نمبر پر بھیجیں، ایڈیشنل آئی جی

    سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی ویڈیو واٹس ایپ نمبر پر بھیجیں، ایڈیشنل آئی جی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے سال نو پر ہوائی فائرنگ سے متعلق ایک اور حکم نامہ جاری کردیا، اے آئی جی نےکہا کہ صرف فائرنگ نہیں اسلحے کی نمائش پر بھی کارروائی ہوگی۔

    ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ کراچی پولیس نے ذمہ دار شہریوں سے واٹس ایپ کے ذریعے مدد مانگی ہے، انہوں نے فائرنگ کی اطلاع اور ویڈیو دینےکےلیے واٹس ایپ نمبر 034535142770 جاری کیا ہے۔

    غلام نبی میمن نے کہا کہ فائرنگ کی اطلاع سب سے پہلے ون فائیو مددگار کو دی جائے گی، شہری خود کو محفوظ رکھتے ہوئے ایسے عناصر کی ویڈیو بنائی اور کراچی پولیس کے جاری کردہ نمبر پر بھیجیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی پر فوری گرفتاری اور مقدمہ درج ہوگا، فائرنگ کرنے والا کوئی بھی ہو کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کےلیے تمام متعلقہ افسران کو حکم پر سختی سے عمل کی ہدایت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صرف فائرنگ نہیں اسلحے کی نمائش پر بھی کارروائی ہوگی، اسلحے کی نمائش کرنے والے کا اسلحہ ضبط اور لائسنس منسوخ کرائیں گے۔

    غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر سے واٹس ایپ نمبر پر خصوصی ٹیم موجود ہوگی اور موصول ہونے والے ہر میسج کو ٹیم مانیٹر کرے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ شہری نئے سال کو انجوائے کریں لیکن قانون ہاتھ میں نہ لیں۔

  • چینی قونصلیٹ حملے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، را بھی ملوث ہے: ایڈیشنل آئی جی

    چینی قونصلیٹ حملے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، را بھی ملوث ہے: ایڈیشنل آئی جی

    کراچی: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل امیر شیخ کا کہنا ہے کہ چینی قونصلیٹ حملے کے ملزمان اور سہولت کار گرفتار کرلیے ہیں، منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی جبکہ بھارت نے حملے کو اسپانسر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل امیر شیخ نے ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی اور ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ حملے میں کئی ملزمان کو گرفتار کرلیا، واقعے کی تحقیقات میں بہت سے نام سامنے آئے، جنہیں گرفتار کرلیا۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے اسلحہ بلوچستان سے ریلوے کے ذریعے لایا گیا۔

    منصوبہ بندی کب، کہاں اور کیسے ہوئی؟


    انہوں نے کہا کہ کراچی پہنچنے کے بعد اسلحہ بلدیہ ٹاؤن میں ایک گھر میں رکھا گیا، گاڑی اوپن لیٹر پر تھی، چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر پلان افغانستان میں بنا۔ حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو افغانستان میں مارا جا چکا ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ (بلوچستان لبریشن آرمی) بی ایل اے کو لیڈ آج کل بشیر زیب نامی دہشت گرد کر رہا ہے، اسلم عرف اچھو کے علاوہ تمام ملزمان گرفتار ہیں۔ واقعے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، را بھی ملوث ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد تھا چینی قونصلیٹ عملے کو یرغمال بنائیں، بروقت کارروائی کی وجہ سے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام رہا۔ بلدیہ میں دہشت گردوں کو سہولت دینے کے لیے گھر اسلم کے نام پر لیا گیا، گھر کے حصول کے لیے عارف نام استعمال کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ واقعے والے دن حملہ آور بلدیہ ٹاؤن میں عارف کے گھر سے آئے تھے، بی ایل اے کے کراچی اور بلوچستان کے لوگ اس میں ملوث تھے۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کے ذریعے سی پیک کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ تھا، دہشت گردوں کا عالمی سطح پر پیغام دینا تھا کہ پاکستان غیر محفوظ ہے۔

    اے آئی جی کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ذریعے اسلحہ بھیجا گیا، ریلوے حکام کو خط لکھ رہے ہیں کہ اسلحہ کی ترسیل روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ بروقت ایکشن نہ لیا جاتا تو کراچی میں بڑا سانحہ ہوسکتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اپنے نام مختلف رکھ کر جعلی شناختی کارڈ بنا رکھے تھے، ایک شخص نے اپنے 2، 2 شناختی کارڈ بنا رکھے تھے۔

    اسلم اچھو زندہ ہے یا مارا گیا؟


    ان کا مزید کہنا تھا کہ سلم اچھو نے پہلے بھی اپنی موت کا ڈرامہ رچایا تھا، جب تک اسلم اچھو کی لاش نہیں ملتی یقین نہیں کر سکتے۔ امان اللہ اسلم اچھو کا رشتے دار ہے، جس کو حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔

    امیر شیخ نے کہا کہ واقعے میں کسی سیاسی پارٹی کا کنکشن نہیں ملا، واقعہ بی ایل اے نے سر انجام دیا، حملہ بھارتی اسپانسرڈ واقعہ تھا۔ جعلی اور 2، 2 شناختی کارڈ سے متعلق ایف آئی اے کو خط لکھ رہے ہیں، کالعدم بی ایل اے کو معمولی سمجھا جا رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کی باتیں پوری دنیا میں ہو رہی تھیں، کراچی سمیت پاکستان کا امن دشمن کو کھٹکتا ہے۔ کراچی میں ہونے والے بڑے ایونٹس پر بھارت میں پریشانی ہو رہی ہے۔ حملہ پاکستان اور چین کی دوستی میں دراڑ ڈالنے کی ناکام کوشش تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کا کراچی میں ایک اور دہشت گردی کا بھی منصوبہ تھا، دوسرے منصوبے سے پہلے دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں کا ایک ساتھی ابھی گرفتار نہیں ہوا اسے بھی پکڑ لیں گے، دشمن کی کوشش ہے پاکستان امن والے فیز میں داخل نہ ہو۔

    انہوں نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی کیس میں 2، 3 ڈائریکشن پر تفتیش جاری ہے، چینی قونصلیٹ پر حملے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو 20 لاکھ انعام دیا جائے گا۔

  • کراچی: بچے کی لاش ملنے کا واقعہ، ایڈیشنل آئی جی کی متاثرہ بچے کے گھر آمد

    کراچی: بچے کی لاش ملنے کا واقعہ، ایڈیشنل آئی جی کی متاثرہ بچے کے گھر آمد

    کراچی: شہرقائد سے گذشتہ روز بچے کی لاش ملنے کے واقعے پر ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ متاثرہ بچے کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپرہائی وے سے گزشتہ روز بچے کی لاش ملی تھی اسی حوالے سے ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ سہراب گوٹھ میں متاثرہ بچے کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کی۔

    پولیس چیف امیر احمد شیخ نے بچے کے والد کو پولیس کی تفتیش سے آگاہ کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مشکوک شخص کو حراست میں لیا ہے تفتیش جاری ہے۔

    کراچی سے اغوا ہونے والے بچے کی لاش مل گئی

    خیال رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے سائٹ تھانہ سپرہائی وے سے ملنے والی لاش کی شناخت بارہ سالہ ریحان خان نے نام سے ہوئی تھی، بچے کو 26 اگست کو اغوا کیا گیا تھا۔

    اس موقع پر پولیس نے کہا تھا کہ جاں بحق ریحان خان کی عمر بارہ سے چودہ سال کےدرمیان تھی، ریحان خان کو تھانہ سہراب گوٹھ کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا، تھانہ سہراب گوٹھ میں اغواکا مقدمہ درج ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں چھ سال ہبچہ حذٰیفہ لاپتہ ہونے پر اہل علاقہ شدید مشتعل ہوگئے تھے، بعد ازاں علاقہ میدان جنگ بن گیا، سڑک بلاک کردی گئی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی۔

  • وقاص شاہ کے قتل کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دی جائے گی، ایڈیشنل آئی جی کراچی

    وقاص شاہ کے قتل کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دی جائے گی، ایڈیشنل آئی جی کراچی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکن وقاص شاہ کے قتل کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکن وقاص شاہ کو لگنے والی گولی چھوٹے ہتھیار کی تھی، مکمل تحقیقات کے بعد قاتل کی شناخت ممکن ہوگی۔

    غلام قادرتھیبو نےکہا کہ اگر کسی کو اعتماد نہیں تو انویسٹیگیشن ٹرانسفر کر دیں گے۔

    ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ نائن زیرو کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی تھی، انکا مزید کہنا تھا کہ شہر میں جہاں بھی خطرہ ہوگا وہ سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

    یاد رہے کہ نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے دوران جواں سال کارکن وقاص علی شاہ  گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے اور ان کی ہلاکت اب تک معمہ بنی ہوئی ہے۔

  • کراچی داخلی اور خارجی راستوں پر پاک فوج تعینات

    کراچی داخلی اور خارجی راستوں پر پاک فوج تعینات

    کراچی :ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس رینجرز کے ساتھ فوج کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ دوسرے شہروں سے آنے والے افراد کی مانیٹرنگ، اسلحہ اوربارود کی اسمگلنگ روکنے کیلئے جب تک مستقل چیک پوسٹیں قائم نہیں ہوجاتیں، اس وقت تک پولیس رینجرز کے ساتھ فوج اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا نیشنل ہائی وے ، سپرہائی وے پرچوکیاں قائم کی جائیں گی، جس سے منشیات، اسلحہ اور غیر قانونی آمدورفت کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا، مستقل چوکیاں تعمیر ہونے پر موبائل ٹیمیں کام کریں گے

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو نے کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں سپر ہائی وے، نیشنل ہائی وے اور حب میں فوج، پولیس اور رینجرز کے جوانوں پر مشتمل دفاعی ٹیموں کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔

    غلام قادر تھیبو نے مزید کہا ہے کہ دہشتگردی کا خطرہ ہے، اس لئے سکیورٹی کو سخت کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی نے دفاعی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ ہر گاڑی کی چیکنگ سخت طریقے سے کی جائے۔