Tag: address

  • نواز حکومت سے کوئی امید نہ رکھیں یہ نااہل ہیں،آصف علی زرداری

    نواز حکومت سے کوئی امید نہ رکھیں یہ نااہل ہیں،آصف علی زرداری

    پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ نواز حکومت سے کوئی امید نہ رکھیں یہ نااہل ہیں، چاہتا ہوں کسان اورغریب کا بیٹا میرا منسٹرہو۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز حکومت سے کوئی امید نہ رکھیں یہ نااہل ہیں، جوش سے نہیں ہوش سے پارٹی چلے گی، کچھ بھٹو صاحب ،کچھ بی بی نے اور کچھ ہم نے کہا، ہم نے جو کچھ کیا وہ آپ کے سامنے ہے ، چاہتا ہوں کسان اورغریب کا بیٹا میرا منسٹرہو۔

    آصف زرداری نے کہا آج کے بچے کل کے ووٹر ہیں، انھیں پارٹی کا جھنڈا لیکر نکلنا ہے، پیپلزپارٹی کو ہریونین کونسل میں فعال کرنا ہے ، ہم نے اپنے دور میں پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ منظور کرایا، چاہتے ہیں فاٹا خیبرپختونخوا میں ضم ہوجائے ، فاٹا کو گورنر کا غلام نہیں دیکھنا چاہتے ، فاٹا کو صدر اور گورنر کا غلام نہیں دیکھناچاہتے.

    بلاول اور آصفہ اور میں ، ہم سب میدان میں ہوں گے

    انھوں نے کہا کہ مانتا ہوں ہمارا کوئی وزیر غریب کا بیٹا نہیں تھا، چاہتاہوں فاٹا میں بھی سپریم کورٹ،ہائی کورٹ ہو، فاٹا میں ایم پی اے ہوگا تو وہ عوام کا نمائندہ ہوگا، نوازشریف کی حکومت نے ایسا نہ کیا تو ہم آکر یہ ضرور کریں گے، ہم اورآپ نے مل کرخیبرپختونخوا کوشناخت دی، فاٹا میں پیپلزپارٹی کا سیکریٹریٹ بنائیں گے.

    سابق صدر نے کہا کہ اس حکومت سے کوئی امید نہ رکھیں یہ نااہل ہیں، بلاول اور آصفہ اور میں ، ہم سب میدان میں ہوں گے، پیپلزپارٹی حکومت اور پاکستان بنا کر دکھائیں گے، ہم نے سی پیک کے پی کے، بلوچستان، اسلام آباد کیلئے نہیں آپ کیلئے بنایا، کپتان ڈرائنگ روم سے نکل کر جلسے کرتا ہے.

    انھوں نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں جیل گئے تو پارٹی کا کیا ہوگا، آپ کوسیاسی طور پر زندہ رہنا ہے تو جیل کی پرواہ نہیں کرنی چاہئے، اب صرف نواز کا نہیں ،سب کا شو ختم ہوگیا ہے، اب صرف عوام کی حکومت آئے گی، اس وقت ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان مانگ رہا ہے۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سوات میں ہائیڈرل ڈیم بنائیں گے، بھٹو صاحب والی سہولتیں دینگے، بھٹو صاحب اوربی بی نے جو بھی سوچا ہم نے پچھلے 5سال میں مکمل کیا، ذوالفقارعلی بھٹو کی تمام باتیں اوروعدے مجھے یاد ہیں، وہ ہماری بینظیرتھی ،آپ کی بھی بینظیر تھیں اور ہمیشہ بینظیر رہیں گی، آپ سے اگلی ملاقات فاٹا میں ہوگی۔

  • جرم کے ساتھی ایک دوسرے کے راز کھول رہے ہیں، نثار کھوڑو

    جرم کے ساتھی ایک دوسرے کے راز کھول رہے ہیں، نثار کھوڑو

    کراچی: پیپلزپارٹی سندھ کے نومنتخب صدر نثار کھوڑونے کہا ہےکہ شہر قائد میں تعصب کی سیاست اور دہشت گردی نے بہت کچھ برباد کیاہے، گھر کے بھیدی اور جرم کے ساتھی اب ایک دوسرے کے راز کھول رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں کارکنوں سے خظاب کرتے ہوئے کیا۔ سندھ کے نومنتخب صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اب اسٹیٹ بینک کو لاہور منتقل کرنے کی سازش کررہی ہے جو قابلِ مذمت ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی کے جیالوں نے ہمیشہ جمہوریت کی خاطر قربانی دی، پارٹی کے کارکنان کراچی میں جلد تنظیم سازی کرکے بھٹو نظریے کو مضبوط کریں، اُنہوں نے جمہوریت کے تحفظ اور اس کا عزم ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کراچی نہیں آنے دیں گے۔

    پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نے نثار کھوڑو کو سندھ کا صدر منتخب کردیا

     گورنر سندھ اور مصطفیٰ کمال کی جانب سے ایک دوسرے پر عائد کئے جانے والے الزامات پر نثار کھوڑو نے کہا کہ تعصب اور دہشت گردی کی سیاست نے اس شہر کو تباہ کردیا تھا تاہم اب صورتحال بہت مختلف ہے کیونکہ گھر کے بھیدی اور جرم کے ساتھ خود اپنے راز کھول رہے ہیں‘‘۔

    مزید پڑھیں: گورنر اور مصطفیٰ کمال تنازعہ، پی ٹی آئی کی سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع

    یاد رہے گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اہم پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں نثار کھوڑو کو صوبہ سندھ کا صدر بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد نو منتخب صدر نے پارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی کارکنان کو اگلے الیکشن کی تیاری کے احکامات دئیے تھے۔

  • اداروں میں کرپشن کی وجہ سے ملک ناکام ریاست بن گیا، سراج الحق

    اداروں میں کرپشن کی وجہ سے ملک ناکام ریاست بن گیا، سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی جانب سے ایشیاء کا بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ اس لیے دیا گیا کہ انہوں نے قرضے حاصل کر کے ملک پر سودی قرضوں کا پہاڑ کھڑا کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں منعقدہ انجینئرنگ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اداروں میں کریشن کی وجہ سے پاکستان ناکام ریاست بن گیا ہے، بے پناہ وسائل کی موجودگی کے باوجود ملک کو قرضوں اور سود کے بوجھ تلے دبا دیا گیا۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ’’سی پیک منصوبے پر حکومتی سرگرمیاں عوام میں شک و شبہات پیدا کرررہی ہیں۔ اس حوالے سے حکومت صرف زبانی کلامی دعوے کرتی نظر آتی ہے تاہم عوام کے لیے ابھی تک کوئی عملی اقدمات بروئے کار نہیں لائے گئے‘‘۔

    پڑھیں:  عالمی بینک نے اسحاق ڈار کو ایشیاء کا بہترین وزیرخزانہ قرار دے دیا

     انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہاں کے عوام میں پریشانی اور تشیویش کی لہر موجود ہے ، آج بھی اگر حکومت وسائل کی تقسیم منصانہ طریقے سے کرے تو چھوٹے صوبوں میں پیدا ہونے والی احساس محرومی کو دور کیا جاسکتا ہے‘‘۔

    امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ  نوجوان انجینئرز کی بے روز گاری کے مسئلہ کو فوری طور پر حل کیا جائے اور  وفاقی حکومت انجینئرز کے سروس سٹریکچر کی فوری منظوری اورنوجوان انجینئرز کو اسپیشل الاﺅنس دے۔

     

  • انصاف ملے بغیر واپس نہیں جائیں گے، عمران خان، ریلی بتی چوک پہنچ گئی

    انصاف ملے بغیر واپس نہیں جائیں گے، عمران خان، ریلی بتی چوک پہنچ گئی

    لاہور: چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ آج عوامی طاقت دیکھ کر ایف بی آر نے شریف برادران کو نوٹس جاری کیے مگر ہم اب اپنے حقوق لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پہنچنے سے قبل بتی چوک پر تحریک احتساب کی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’آج اتنی بڑی تعداد دیکھ کر اندازہ ہوگیا کہ عوام حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے‘‘۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’’پاناما لیکس کے معاملے کو آئے ہوئے پانچ ماہ گزر گئے مگر اداروں نے کوئی حرکت نہیں کی تاہم آج تحریک احتساب ریلی میں عوام کا سمندر دیکھ کر انہوں نے شریف خاندان کو نوٹس جاری کیے‘‘۔

    کپتان نے اپنے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم فجر کی نماز چیئرنگ کراس پر ادا کریں گے اور اپنے حقوق لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے ۔ ملک کے عوام کو حکمرانوں نے بھیڑ بکری سمجھا ہوا ہے مگر اب انصاف لینا کا وقت آگیا ہے‘‘۔

    عمران خان نے چیئرمین نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور آپ بھی سُن لیں کہ ہم آپ کے دروازے پر آرہے ہیں۔ عوام اب سڑکوں پر نکل آئے انصاف کے بغیر واپس نہیں جائیں گے‘‘۔

    تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’’عوام اداروں سے مایوس ہوچکے ہیں اور اب وہ انصاف کے لیے عدلیہ کی جانب دیکھ رہے ہیں‘‘۔

    4

    قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شاہدرہ کے مقام پر تحریک احتساب ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ اب عوام کو شعور آگیا ہے اور وہ ضرور نکلیں گے ۔”اللہ کے بعد لاہور کے لوگوں پر اعتماد ہے جو سیاسی شعور رکھتے ہیں “۔تحریک انصاف بدل گئی ہے اور اب کوئی بھی تشدد ہوا تو ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے تاہم اگر حکومت پر امن رہے گی تو ہم بھی پر امن رہیں گے۔

    3

    سربراہ تحریک پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کیلئے یہ ریلی بہت ضروری ہے کیونکہ حکمران ملک کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں چھوٹے چوروں سے ملک تباہ نہیں ہوتا بلکہ جب وزیراعظم اور وزراء ہی چور ہوں تو ملک کا بیڑہ غرق ہو جاتا ہے۔

    2

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 5 ماہ سے وزیر اعظم سے جواب مانگ رہے ہیں جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے جب کہ ہمارے وزیراعظم جو وزیراعظم کم اوربادشاہ زیادہ ہیں خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں وہ اپمی مرضی کا قانون لاکر اپنی مرضی کا احتساب کریں گے۔

    1

    عمران خان نے خواجہ آصف کا ذکرکرتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف میاں صاحب کو کہتے ہیں لوگ پاناما لیکس بھول جائیں گے لیکن خواجہ آصف یاد رکھیں نہ عوام بھولیں نہ عمران خان بھولے گا اور نہ ہی خواجہ آصف تمہیں بھولنے دیں گے۔

  • گھروں میں بیٹھنے سے نظام نہیں بدلتا، مظلوموں کو اتحاد کرنا ہوگا، طاہرالقادری

    گھروں میں بیٹھنے سے نظام نہیں بدلتا، مظلوموں کو اتحاد کرنا ہوگا، طاہرالقادری

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ تحریک قصاص صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحریک نہیں بلکہ یہ پاکستان کی خوشحالی اور سالمیت کی تحریک ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے 25 شہروں میں پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا، علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ’’آج ملک میں ظالموں کی حکمرانی ہے اور وہ اپنے اتحاد سے مظلوم کو دبا رہے ہیں، اگر مظلوم عوام ظالموں سے نجات چاہتے ہیں تو اتحاد کر کے ان حکمرانوں کو للکاریں اور اپنا حصہ لیں‘‘۔

    انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’پنجاب کے ہر گھر سے بچے اغواء ہورہے ہیں ملک میں بے روزگاری ہے،پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لے کر سڑکوں پر گھوم رہے ہیں اور حکمرانوں کے بچے قوم کے پیسوں سے بیرونِ ملک مزے کررہے ہیں‘‘۔

    پڑھیں: علامہ طاہرالقادری نے آج سے قصاص تحریک کا اعلان کردیا

    علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ ’’تحریک قصاص صرف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا قصاص لینے کے لیے نہیں بلکہ یہ اس تحریک کا پہلا ایجنڈا ہے، ہم اس تحریک کے ذریعے ملک میں حقیقی جمہوریت قائم کریں گے۔ ماڈل ٹاؤن کیس انصاف کی چابی ہے، اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو سزا مل گئی تو آئندہ بھی قوم کو انصاف مل سکے گا‘‘۔

    سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ہم پاکستان کے استحصالی نظام کو بدلنا چاہتے ہیں جس کے لیے پوری قوم کو  طاقت ور حکمران طبقے کے آگے کھڑا ہونا ہوگا، اگر عوام دھرنوں اور مظاہروں سے کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ظالم کے خلاف اتحاد کرنا پڑے گا، گھروں میں بیٹھنے سے ظالموں سے نجات ممکن نہیں اور اگر ہم نے اقدامات نہیں کیے تو پھر ہمارے بچے اغواء ہوتے رہیں گے۔

    طاہرالقادری نے اپنے کارکنان کے سامنے سوال رکھتے ہوئے پوچھا کہ کیا قائد اعظم نے یہ ملک صرف طاقت ور اور کرپٹ طبقے کے لیے بنایا تھا؟، ایوان بالا میں پاک فوج کے خلاف غلط زبان استعمال کی جاتی ہے وہ اب جمہوری ادارہ نہیں رہا۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر لوڈشیڈنگ سے نجات ، میرٹ کا نظام اور آئین کی بالادستی چاہتے ہیں ہو تو میرے کارکنان کے ساتھ مل کر اس تحریک کا حصہ بنیں۔

    پاناما لیکس کے حوالے علامہ طاہرالقادری نے کہا کہ تین ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک ٹی او آرز کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا اور نہ ہی حکمراں اس مسئلے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

    اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک قصاص کے سلسلے میں 25 اگست کو ملتان 27 کو گوجرانوالہ ،29 اگست کو بلوچستان کے مختلف علاقوں کے بعد راولپنڈی میں بھی دھرنے دینے کا اعلان کیا۔

     

  • افغان خفیہ ایجنسی کراچی دہشت گردی میں ملوث ہے، ڈی جی رینجرز سندھ

    افغان خفیہ ایجنسی کراچی دہشت گردی میں ملوث ہے، ڈی جی رینجرز سندھ

    کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ بلال اکبر کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں 2008 سے 2013 تک روزانہ 10 افراد قتل ہوتے تھے تاہم آپریشن کے بعد سے قتل و غارت کے واقعات میں نمایاں حد تک کمی ہوگئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایسو سی ایشن بلڈر اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی جی رینجرز نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن کے بعد سے یومیہ قتل و غارت کے واقعات کی شرح کم ہوگئی اور اب اوسطاً شہر میں 2 افراد قتل و غارت کا نشانہ بنتے ہیں۔

    پڑھیں : وفاق نے رینجرزکوسندھ میں اختیارات دے دیئے، دو نوٹیفکیشن جاری

    ڈی جی رینجرز کا کہنا تھاکہ ’’کراچی میں اختیارات ملنے کے بعد سے حالات میں بہتری آئی، ہم شہریوں کے ساتھ مل کر جلد امن و امان قائم کردیں گے، شہر میں جاری آپریشن اسی شدت سے جاری رہے گا‘‘۔

    میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا تھا کہ ’’تین سال میں آپریشن کے دوران 6 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 1200 افراد کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جبکہ دیگر 855 افراد کا تعلق دیگر جماعتوں عسکری ونگ کے 855 ٹارگٹ کلز کو بھی گرفتار کیا گیا ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں :   رینجرز کے اختیارات میں توسیع، اندرون سندھ کارروائی نہیں‌ کرسکے گی

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’کراچی آپریشن سے قبل شہر کو جرائم پیشہ افراد نے یرغمال بنائے رکھا تھا، خصوصی اختیارات ملنے کے بعد سے شہر کے حالات میں بہت بہتری آئی ہے ۔ شہر میں دیرپا امن کو قائم رکھنے کےلیے آپریشن کو اسی شدت سے جاری رکھا جائے گا۔

    ڈی جی رینجرز نے انکشاف کیا کہ ’’شہر سے غیر قانونی پیسہ حاصل کر کے اسے کراچی کے نہتے عوام پر استعمال کیا گیا اور شہر میں  قتل و غارت کی گئی۔افغان خفیہ ایجنسی بھی کراچی کی دہشت گردی میں ملوث ہے‘‘۔

    اسے بھی پڑھیں :  رینجرز کو اختیارات دینے کی کبھی مخالفت نہیں کی، فاروق ستار

    پاک چین اقتصادی راہداری پر تبصرہ کرتے ہوئے میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ ’’اس منصوبے کے بہت سے دشمن ہیں اور اس کی ناکامی کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی را بھی متحرک ہے‘‘۔

  • دنیا کودھوکہ نہیں دینا چاہتے، ایرانی صدر کا قوم سے خطاب

    دنیا کودھوکہ نہیں دینا چاہتے، ایرانی صدر کا قوم سے خطاب

    ایران : ایرانی صدر کا جوہری معاہدے کے بعد قوم سے خطاب میں کہا کہ چھ عالمی طاقتوں نے اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل کیا تو ایران بھی پابند رہیگا۔

    قوم سے ٹیلی ویژن پر خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ مغرب نے ایران کو جھکانے کے لیے پابندیاں لگائیں لیکن ایرانی قوم نے بہادری سے دباؤ کا مقابلہ کیا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ دنیا کو دھوکہ نہیں دینا چاہتے تاہم عالمی طاقتوں نے معاہدے سے رُوگردانی کی تو ایران بھی معاہدے کی پاسداری نہیں کرے گا۔

    یاد رہے کہ امریکا کی سربراہی میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان نیو کلیئرمعاہدہ طے پاگیا، امریکی صدر براک اوباما نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا جبکہ اسرائیل نے معاہدے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    معاہدے کے تحت یورپی یونین اور امریکا ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ہٹادیں گے جبکہ ایران یورینیم افزودگی کی شرح کم کرتے ہوئے سینٹری فیوجز کی تعداد انیس ہزار سے کم کرکے چھ ہزار کرے گا، جوہری معاہدے کی دستاویز تیس جون تک تیار کرلی جائیں گی۔

    معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔

    ایران کی طرف سے متعدد بار یقینی دہانی کرائی گئی ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے لیے ہے ۔امریکی صدر براک اوباما نے ایران کے جوہری پروگرام پر سمجھوتہ خوش آئند قرار دیا ہے۔

    دوسری جانب ایران کے جوہری پروگرام سے خدشات کے شکار اسرائیل نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے اور معاہدے کو خطے کے امن کے لیے ناخوشگوار قرار دیا ہے ۔اسرائیلی رہنماؤں نے عالمی طاقتوں کوخبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے جوہری پروگرام کو مزید محدود کیا جائے دوسری صورت میں اسرائیل ایران پر حملہ کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔