Tag: Addressing the gathering

  • نیا پاکستان دیکھنے والے کے پی کے کا حشر دیکھ لیں، نوازشریف

    نیا پاکستان دیکھنے والے کے پی کے کا حشر دیکھ لیں، نوازشریف

    چیچہ وطنی : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے نئے پاکستان کا حشر دیکھنا ہے وہ خیبر پختونخواہ جاکر وہاں کی سڑکیں دیکھ لیں، ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو کیااور2018 میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیچہ وطنی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں چیچہ وطنی کو موٹروے سے ملانے ،شہر کے لئے 25کروڑ کی گرانٹ، شہر کی سڑکوں کے لئے 25کروڑ، حلقہ 162کی بجلی کے لئے 10کروڑ، چیچہ وطنی کے ٹینکیکل کالج اور ووکیشنل ٹرینگ انسٹیوٹ کو اپ گریڈکرنے ،ڈگری کالج فار بوائز کے لئے ایم اے کی کلاسز کا اجراء، طالبات کے لئے بھی ایم اے کلاسز کا اجراء، ، حلقہ163, 162کے لئے سوئی گیس کی فراہمی کے اعلانات بھی کئے۔

    جلسہ عام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چیچہ وطنی اور یہاں کے لوگوں سے میرا پرانا تعلق ہے، میں آج محبت کا رشتہ مزید مضبوط کرنے آیا ہوں اور میں محبت کے اس رشتے کو ہمیشہ نبھاؤں گا۔

    انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر ان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روز نت نئے بیانات اورالزام لگانے والوں کو پاکستان کے کلچرکا پتہ ہی نہیں ہے، الزام لگانے والے نہیں جانتے کہ احترام اور پیار کا رشتہ کیا ہوتا ہے، پاکستان میں بڑوں کا احترام اور بچوں سے پیار کیا جاتا ہے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ آپ کو بھی حساب دینا ہوگا، ہم بھی پانچ سال بعد اپنا حساب دیں گے، اللہ نے آپ کو صوبہ دیا ہے، لوگ دیکھ رہے ہیں کہ پنجاب میں ترقی ہورہی ہے، پنجاب میں میٹرو چل رہی ہے، بجلی کے منصوبے لگ رہے ہیں۔

     انہوں نے کہاکہ کے پی کے میں اسکول، اسپتال، سٹرکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، نیا پاکستان دیکھنا ہے تو پشاور دیکھیں، خوشحالی دیکھنی ہے تو باقی سارا پاکستان دیکھیں،سڑکیں صرف پنجاب میں نہیں بن رہی ہیں، جو دھرنے دینے آتے ہیں ان کے صوبے میں بھی ہم سٹرکیں بنارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 1800روپے میں ملنے والی کھاد آج 1400میں دستیاب ہے، 4ہزار والی ڈی اے پی اب 2500روپے میں ملتی ہے، ٹیوب ویل کافی یونٹ 5روپے 25پیسے کا ہوگیا ہے، ہم سے بھی عوام پانچ سال کے بعد پوچھیں گے۔

    آج سٹرکیں بن رہی ہیں، موٹروے آپکے قریب سے گزررہا ہے۔ موٹروے آپ کو ڈیڑھ گھنٹے میں لاہور پہنچائے گی، چیچہ وطنی سے کراچی کا سفر 7سے 8گھنٹے کا رہ جائے گا، وزیر اعظم نے کہا کہ میں خالی ہاتھ نہیں آیا، یہاں دھرنے،جھوٹ بولنے،الزام تراشی کیلئے نہیں آیا،الٹی سیدھی زبان بولنے نہیں آپ کی خدمت کے لئے آیا ہوں۔

    نوازشریف نے بتایا کہ قادرآباد میں بجلی کا بہت بڑا کارخارنہ لگ رہا ہے، جس کا افتتاح اسی ماہ ہوگا، اس کے علاوہ ملک میں بجلی کے لئے درجنوں کارخانے لگ رہے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جوعذاب چھوڑ کرگئے ہیں ہم اسےختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لئے چلی جائے گی پھر واپس نہیں آئے گی، آپ کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔

    وزئؤیر اعظم نے چیچہ وطنی کی عوام سے کہا کہ ہم آپ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات کام کرتے ہیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نوازشریف نے چیچہ وطنی کے لئے گیس فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس منصوبے کی بنیاد رکھنے دوبارہ آپ کے پاس آؤں گا۔

  • لاٹھی اورجیل سے ڈرنے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، خورشید شاہ

    لاٹھی اورجیل سے ڈرنے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، خورشید شاہ

    سکھر : پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتے، تین مہینے میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والے چار سال بعد کہتے ہیں کہ 2018 میں لوڈشیڈنگ ختم ہوگی، حکمرانوں نے کسانوں کہ بعد تاجروں سے بھی دھوکہ کیا

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے روہڑی نیشنل ہائی وے کے قریب جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خورشید شاہ نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک لیڈرکبھی کرکٹرزکو تو کبھی مہمانوں کو گالیاں دیتا ہے۔ لاٹھی اور جیل سے ڈرنے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔

    جلسہ عام سے خطاب میں خورشید شاہ نے کہا کہ بھٹو نے اندرا گاندھی سے کہا تھا کہ ملک کے ایک انچ کی حفاظت کیلئے ایک ہزار سال تک جنگ کروں گا لیکن اب بھارتی وزیر اعظم سے رشتے قائم کیے جارہے ہیں۔ شادی بیاہ اور منگنی کی دعوتیں دی جاتی ہیں، شادی کی دعوت میں وزیروں اور دیگر رہنماؤں کو نہیں بلایا جاتا مگر گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کے قاتل کا بانہیں کھول کر استقبال کیاجاتا ہے اگر یہ کام پیپلزپارٹی کرتی تو اسے میڈیا غدار قرار دے دیتا۔

    انہوں نے کہا کہ موجود حکمرانوں نے کسانوں کہ بعد تاجروں سے بھی دھوکہ کیاہے، ان کے 230 ارب روپے واپس کرنے کی تقریب میں میڈیا کے سامنے انہیں خالی لفافے تھمادیئے گئے۔

    پھروہ اگلے سال الیکشن ہیں دوبارہ عوام کے سامنے آکر کہیں گے کہ میرے غریب مزدور اور کسان بھائیو میں آپ کیلئے سستی روٹی لینے کیلئے کبھی امریکا تو کبھی لندن تو کبھی کسی دوسرے ملک گیا اب الیکشن میں مجھے ووٹ دیکر کامیاب کرو میں دوبارہ آپ کیلئے سستی روٹی کا بندوبست کروں گا۔

    خورشید شاہ نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کو کیا ہوگیا ہے؟ شعور رکھنے والے لوگ کیوں سیاست میں الجھ پڑے ہیں ایک لیڈرکبھی کرکٹرزکو تو کبھی مہمانوں کوگالیاں دیتاہے۔

    اس کے ورکرزباہرلاٹھیاں کھاتے ہیں اور وہ جھروکوں سے دیکھتا ہے جو پولیس کی لاٹھیوں اور جیل سے ڈر جائے وہ لیڈر نہیں بن سکتا، اقتدارعوام کی خدمت کیلئے ہوتا ہے چوری اور کرپشن کیلئے نہیں ہوتا۔

    حکومت کے وزیر درست کہتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ہے کیونکہ ان کے گھروں کی بجلی نہیں جاتی انہیں کیا پتا کہ باہر کیا ہورہا ہے؟

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں پانی کی قلت ہے اور وفاق پانی جمع کررہا ہے، میاں صاحب ایسا نہ ہو کہ سندھ ،خیبر پختونخوا بلوچستان اور پنجاب ایک ہوجائیں اور آپ کو باہر کردی۔