Tag: Adeed Fayaz

  • نیویارک میں ڈکیتی کے دوران جاں بحق ہونے والے پولیس افسر عدید فیاض کی پہلی برسی منائی گئی

    نیویارک میں ڈکیتی کے دوران جاں بحق ہونے والے پولیس افسر عدید فیاض کی پہلی برسی منائی گئی

    نیویارک: نیویارک میں پاکستانی نژاد پولیس افسر عدید فیاض کی پہلی برسی منائی گئی، گزشتہ سال ڈکیتی کی واردات کے دوران عدید فیاض کو قتل کر دیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال نیویارک میں ڈکیتی کی وردارت کے دوران جاں بحق ہونے والے نیویارک پولیس کے نوجوان پاکستانی نژاد پولیس افسر عدید فیاض کی برسی کا اہتمام ہوا، جس کا انتظام نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ اور نیویارک پولیس میں موجود پاکستانی پولیس افسران پر مشتمل تنظیم پاکستانی لا انفورسمنٹ سوسائٹی نے کیا۔

    اس خصوصی تقریب میں نیویارک پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت درجنوں افسران اور کمیونٹی سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جب کہ پاکستانی قونصل جنرل عامر خان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

    تقریب کا اغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد پولیس کے دستے نے روایتی انداز میں سلامی دی، پروگرام میں مرحوم کے معصوم بچے، اہلیہ، والد اور والدہ اور بہن بھائی نے بھی شرکت کی، مرحوم کے والد نے پالس اور نیویارک پولیس کا شکریہ ادا کیا، جنھوں نے ہر مرحلے پر اُن کا ساتھ دیا۔

    مرحوم کی اہلیہ نے بھی اپنے مصوم بچوں کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے پولیس ڈپارٹمنٹ اور پالس کے کردار کی تعریف کی، جن کی کوششوں اور تعاون سے عدید کو آن ڈیوٹی شہید ہونے کا درجہ ملا، قونصل جنرل عامر خان کا کہنا تھا کہ انھیں خوشی ہے کہ ہمارے پاکستانی افسران بہترین طریقے سے اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔

    عالم دین مقصود احمد قادری نے عدید فیاض کو شہید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی اور دوسروں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے جان دینے والا شہید ہوتا ہے، پولیس بینفیشری سوسائٹی کے نمائندے سمیت مختلف پولیس افسران نے بھی خطاب میں عدید فیاض کو خراج تحسین پیش کیا۔

    عدید فیاض کو گزشتہ سال ایک شخص نے ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا، پولیس ڈپارٹمنٹ اور پاکستانی لا انفورسمنٹ سوسائٹی کی کوششوں سے مرحوم کو آن ڈیوٹی جاں بحق ہونے کا اسٹیس دلوایا گیا، جس کے بعد مرحوم کے اہل خانہ کو مکان اور دیگر مراعات ملے سکیں گے۔

    کمیونٹی نے NYPD کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں میں پولیس فورس جوائن کرنے کی خواہش کو بڑھاتے ہیں، جہان ان کو ایک خاندان کی طرح سمجھا جائے۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نیویارک پولیس کے پاکستانی افسر کی نماز جنازہ ادا

    ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نیویارک پولیس کے پاکستانی افسر کی نماز جنازہ ادا

    نیویارک: ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نیویارک پولیس کے پاکستانی افسر عدید فیاض کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست نیویارک میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نیویارک پولیس کے پاکستانی امریکن افسر 26 سالہ عدید فیاض کو جمعرات کو بروکلین میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔

    عدید فیاض کی میت پولیس پرچم میں لپیٹ کر لائی گئی، نیویارک پولیس کے اہل کاروں نے اپنے مقتول ساتھی کی میت کو سلامی پیش کی۔

    عدید فیاض کو ڈکیتی مزاحمت پر سر میں گولی ماری گئی تھی، فائرنگ کے بعد عدید فیاض تین دن اسپتال میں زیر علاج رہے، لیکن زخم مہلک ثابت ہوا۔

    نیو یارک میں پاکستانی نژاد پولیس افسر عدید فیاض کو قتل کر دیا گیا

    نیویارک پولیس نے بتایا کہ فیاض اور اس کے بہنوئی نے بروکلین میں رینڈی جونز سے ایک کار خریدنے کے لیے ملاقات کی تھی، جونز نے اس کار کا فیس بک مارکیٹ پلیس پر اشتہار دیا تھا۔ 38 سالہ جونز نے مبینہ طور پر پستول نکالی اور افسر کو لوٹنے کی کوشش کرتے ہوئے اس کے سر میں گولی مار دی۔

    فیاض منگل کی سہ پہر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، اس سے ایک دن قبل 6 فروری کو جونز کو اپ سٹیٹ نیویارک کے علاقے راکلینڈ کاؤنٹی کے ایک موٹل میں حراست میں لیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ جونز کو گرفتار کرتے ہوئے فیاض کی ہتھکڑیاں استعمال کی گئیں۔

    پانچ سال سے محکمے کے ساتھ کام کرنے والے فیاض نے سوگواروں میں بیوی اور دو بچوں کو چھوڑا ہے۔

    امریکی میڈیا اور نیویارک پولیس نے عدید فیاض کو ہیرو قرار دیا، سی بی ایس نیوز نے لکھا کہ ’’جمعرات کو ایک ہیرو کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اور ہزاروں ساتھی افسران، اہل خانہ اور دوستوں نے آفیسر عدید فیاض کو الوداع کہا۔‘‘ امریکی ٹی وی نے کہا کہ افسر کو ایک شان دار باپ اور شوہر اور سروس مین کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔