Tag: Adidas

  • اسرائیل کی تنقید پر ایڈیڈاس نے بیلا حدید کی تصاویر اشتہارات سے ہٹا دیں

    اسرائیل کی تنقید پر ایڈیڈاس نے بیلا حدید کی تصاویر اشتہارات سے ہٹا دیں

    اسرائیل کی جانب سے تنقید پر جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے امریکی فیشن ماڈل بیلا حدید کی تصاویر میونخ اولمپک گیمز کی مناسبت سے لانچ کیے گئے جوتوں کے اشتہار سے ہٹا دیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن کمپنی نے 1972 کے میونخ اولمپکس سے متاثر ہو کر جوتوں (SL72) کا ڈیزائن پیش کیا تھا، جس کی اشتہاری مہم میں فلسطینی حامی سپر ماڈل بیلا حدید کو شامل کیا گیا تھا، تاہم اسرائیل کی جانب سے شدید تنقید کے بعد انھیں مہم سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    1972 کے میونخ اولمپکس میں ’فلسطینی بلیک ستمبر‘ گروپ نے اسرائیلی ایتھلیٹس کو یرغمال بنا دیا تھا، اس واقعے میں 11 کھلاڑی ہلاک ہو گئے تھے۔

    جرمنی میں قائم اسپورٹس ویئر کمپنی نے جمعہ کو اے ایف پی کو بھیجے ایک بیان میں کہا کہ بیلا حدید کی شمولیت پر اسرائیلی تنقید کے بعد وہ اشتہاری مہم پر نظر ثانی کر رہے ہیں، کمپنی نے کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ ہے کہ جوتوں کے ڈیزائن میں المناک تاریخی واقعات کا ٹچ دیا گیا ہے، لیکن یہ کسی ارادے کے تحت نہیں تھا، اس سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو اس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔

    واضح رہے کہ بیلا حدید کے والد فلسطینی ہیں، وہ کئی برس سے اسرائیلی حکومت پر کھل کر تنقید کرتی آ رہی ہیں، انھوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں کئی بار انسٹاگرام پوسٹیں کیں، اور اپنے فالوورز سے کہا کہ وہ اپنے رہنماؤں پر دباؤ ڈالیں کہ غزہ میں عوام کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں۔

    فلسطینی ماڈل نے یہ نعرہ لگا کر بھی اسرائیلی حکومت کو ناراض کیا تھا کہ ’’دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہوگا‘‘ بیلا حدید پر اب سام دشمنی کا بھی الزام عائد کر دیا گیا ہے۔

    یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اسپورٹس ویئر کمپنی نے سام دشمنی کے الزامات کے بعد مشہور شخصیات کے ساتھ تعلقات منقطع کیے ہیں۔ ایڈیڈاس نے اکتوبر 2022 میں بھی یہود دشمنی کے الزام میں ریپر کنی ویسٹ کے ساتھ اپنی شراکت داری ختم کر دی تھی۔

  • بھارتی کرکٹرز کیلئے نئی جرسیاں متعارف

    بھارتی کرکٹرز کیلئے نئی جرسیاں متعارف

    بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کیلئے ٹی ٹونٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹس کیلئے مختلف ڈیزائن کی 3 جرسیوں کو متعارف کیا گیا ہے۔

    دنیا کے مشہور اسپورٹس ویئر برانڈ ایڈیڈاز کی جانب سے طویل انتظار کے بعد ٹیم انڈیا کیلئے تینوں فارمیٹس کے لیے تین مختلف نئی تین جرسیاں متعارف کرائی گئی ہیں، مذکورہ کمپنی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس کی اطلاع دی، ٹیم انڈیا ڈبلیو ٹی سی فائنل 2023 میں نیو جرسی پہن کر میدان میں اترے گی۔

    گزشتہ روز کمپنی نے ایک ویڈیو کے ذریعے تینوں بڑی جرسیوں کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ڈرون کی مدد سے ہوا میں اڑاتے ہوئے دکھایا ہے۔

    ٹی ٹوئنٹی کے لیے لانچ کی گئی جرسی بغیر کالر کی ہے اور گہرے نیلے رنگ کی ہے جبکہ ون ڈے کے لیے ہلکے نیلے رنگ کی جرسی لانچ کی گئی ہے اور ساتھ ہی ٹیسٹ کے لیے سفید رنگ کی جرسی بھی لانچ کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے حال ہی میں ایڈیڈاز کے ساتھ سال 2028 تک کا معاہدہ کیا ہے۔ تینوں جرسیوں کے کندھوں پر تین ایڈی ڈاس کی پٹیاں بنی ہوئی ہیں۔

    شیڈول کے مطابق بھارت کو انگلینڈ کے اوول میں 7 سے 11 جون تک آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلنا ہے، بھارتی ٹیم مسلسل دوسری بار ڈبلیو ٹی سی فائنل میں پہنچی ہے۔