اسلام آباد : احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت جج کی رخصت کے باعث 14 جون تک ملتوی کردی گئی ، سابق صدر آصف زرداری احتساب عدالت اسلام آباد میں چھٹی بار پیش ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور او دیگر ملزمان کیخلاف مقدمے کی سماعت آج ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کیس کی سماعت کریں گے۔
آصف زرداری احتساب عدالت پہنچے ، تاہم عمرےکی ادائیگی کے باعث جج کی رخصتی پر احتساب عدالت میں سماعت 14 جون تک ملتوی کردی، ملزمان نے حاضری لگائی۔
ریفرنس میں آصف زرداری ، فریال تالپور سمیت 30 ملزمان نامزد ہیں، جعلی بینک اکاؤنٹس میں احتساب عدالت نے تمام ملزمان کو طلب کر رکھا ہے۔
آصف زرداری کی احتساب عدالت پیشی پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، احتساب عدالت کے احاطے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع تھا جبکہ پولیس اور رینجرز کے اہلکار احتساب عدالت کی سیکیورٹی تعنیات کئے گئے تھے۔
مزید پڑھیں : آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
یاد رہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے جعلی اکاؤنٹس کیس منتقلی کا فیصلہ چیلنج کردیا تھا، جس میں کہا گیا آصف زرداری پی پی پی پی کے صدر و بے نظیر کے خاوند ہیں، انھیں سیاسی انتقام کانشانہ بنایاجاتا رہا ہے، جعلی اکاونٹس کیس کی جےآئی ٹی سےتحقیقات کرائیں۔