Tag: administration

  • ایس 400 کی خریداری کے بعد ٹرمپ انتظامیہ ترکی کے خلاف پابندیوں پر متفق

    ایس 400 کی خریداری کے بعد ٹرمپ انتظامیہ ترکی کے خلاف پابندیوں پر متفق

    واشنگٹن : ترکی پرپابندیوں کا منصوبہ امریکی وزارت خارجہ، دفاع ، قومی سلامتی کونسل کے مشیروں نے کئی روز تک معاملہ زیر بحث آنے کے بعد وضع کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ترکی کی سرزنش کے لیے پابندیوں کے پیکج پر متفق ہو گئی ہے،یہ اقدام روس سے ایس 400 دفاعی میزائل سسٹم کے حصے وصول کرنے کے جواب میں کیا جا رہا ہے، پابندیوں کے منصوبے کا اعلان آئندہ دنوں میں کر دیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا کے دشمنوں کے انسداد سے متعلق ایکٹ کے تحت اقدامات کے تین مجموعوں میں سے ایک مجموعے کا انتخاب کر لیا ہے تاہم اختیار کیے گئے مجموعے کی نشان دہی نہیں کی گئی ہے۔

    امریکی ٹی وی کو امریکی انتظامیہ کے ایک ذریعے نے بتایاکہ ٹرمپ انتظامیہ آئندہ ہفتے کے اواخر میں پابندیوں کے اعلان پر متفق ہو گئی ہے، انتظامیہ چاہتی ہے کہ یہ اعلان پیر 15 جولائی کے بعد کیا جائے کیوں کہ اس روز ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کے خلاف 2016 میں انقلاب کی ناکام کوشش کے تین سال پورے ہو رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا ایسی مزید قیاس آرائیوں سے گریز چاہتا ہے کہ انقلاب کی کوشش کا ذمے دار امریکاہے، ایردوآن کے حامی یہ ہی دعوی کرتے ہیں، پابندیوں کا منصوبہ امریکی وزارت خارجہ، وزارت دفاع اور قومی سلامتی کونسل کے ذمے داران کے درمیان کئی روز تک زیر بحث آنے کے بعد وضع کیا گیا ۔

    امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اُن پابندیوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا جو صدر ٹرمپ اور ان کے بڑے مشیروں کے دستخط کے منتظر ہیں۔

  • قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تمام حدیں پار کردی، اشرف صحرائی

    قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی تمام حدیں پار کردی، اشرف صحرائی

    سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اشرف صحرائی نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو جنس وعمر کا لحاظ کیے بغیر گرفتار کر کے جیلوں، تھانوں اور عقوبت خانوں میں بند کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموں کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تنظیم کے سینئر رہنما محمد شعبان وانی کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض انتظامیہ انہیں علالت کے باوجود رہا نہیں کر رہی ۔

    کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں مظالم کی حدیں پار کر لی ہیں اور ایک عمر رسیدہ انسان کو صحت کی سخت خرابی کے باوجود رہا نہیں کیا جا رہا ۔

    انہوں نے کہا کہ محمد شعبان کی عمر 75سال ہے اوروہ کئی عوارض میں مبتلا ہیں۔محمداشرف صحرائی نے بھارتی پولیس کی طرف سے حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور عام کشمیری جوانوں کی بے جا دھر پکڑ پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوںکو جنس وعمر کا لحاظ کیے بغیر گرفتار کر کے جیلوں ، تھانوں اور عقوبت خانوں میں بند کیا جا رہا ہے۔

    اشرف صحرائی نے عبدالغنی بٹ اور عبدالاحد پرہ کی مسلسل نظر بندی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو بھی صحت کی خرابی کے باوجود رہا نہیں کیا جارہا ہے جو انتہائی افسوناک ہے۔

    محمد اشرف صحرائی نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

  • مشرق وسطیٰ میں ایرانی جارحیت کا سدباب کریں گے، مائیک پومپیو

    مشرق وسطیٰ میں ایرانی جارحیت کا سدباب کریں گے، مائیک پومپیو

    واشنگٹن : امریکی وزیرخارجہ کا ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے ایران کی حکومت کو یہ پتہ چل جانا چاہیے کہ ہم سنجیدہ ہیں اور اس کی خطے میں مزید جارحیت کا سدباب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کو اپنے مفادات پر ایران کے کسی بھی حملے کا جواب دینے کی صلاحیت کا حامل ہونا چاہیے، یہ بات امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ریاست فلوریڈا میں واقع ٹامپا میں امریکا کی سنٹرل کمان کے ہیڈ کوارٹر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس سے ایک روز قبل ہی امریکا نے ایران سے کشیدگی میں اضافے کے بعد مشرقِ اوسط میں مزید ایک ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے ایران کی حکومت کو یہ پتہ چل جانا چاہیے کہ ہم سنجیدہ ہیں اور اس کی خطے میں مزید جارحیت کا سدباب کریں گے۔

    پومپیو کا کہنا تھا کہ ٹامپا کے ان کے اس دورے کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وضع کردہ تزویراتی مقاصد کا حصول ہے۔

    مائیک پومپیو نے کہا کہ ہم یہ سب اس وقت تک نہیں کرسکتے جب تک ہم ایران کے امریکیوں یا امریکی مفادات کے خلاف کسی غلط فیصلے یا اس کے جوہری پروگرام کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جواب دینے کی صلاحیت حاصل نہیں کر لیتے۔

    انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ صدر ٹرمپ جنگ نہیں چاہتے ہیں، دو آئل ٹینکروں مارشل آئس لینڈ کے پرچم بردار ناروے کے زیر انتظام فرنٹ آلٹیر اور پاناما کے پرچم بردار جاپان کے ملکیتی کوکوکا کورجیئس کو خلیج عُمان میں آبنائے ہُرمز کے نزدیک بین الاقوامی پانیوں میں تخریبی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان میں اول الذکر جہاز ایک آبی بم ( تارپیڈو) سے ٹکرایا تھا اور اس کے ایک حصے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ موخرالذکر بحری جہاز پر آتش گیر مواد میتھانول لدا ہوا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دوسرے عہدے داروں نے ایران کو اس حملے کا مورد الزام ٹھہرایا تھا اور کہا تھا کہ اس کارروائی میں ہر طرح سے ایران کا ہاتھ کارفرما ہے لیکن ایران نے اس الزام کی تردید کی تھی ۔

    امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے اس حملے سے متعلق نئی تصاویر جاری کی ہیں، ان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ایران دو میں سے ایک بحری جہاز پر حملے میں ملوّث تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ تین آئیل ٹینکروں سمیت چار بحری جہازوں پر متحدہ عرب امارات کی ساحلی حدود میں خلیج عُمان ہی میں حملہ کیا گیا تھا، امریکا نے اس حملے کا الزام بھی ایران پر عائد کیا تھا لیکن اس نے ذمے داری قبول کرنے سے انکار کیا تھا۔

    مائیک پومپیو نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی مہم بہت مؤثر رہی ہے تاہم بعض ممالک اس خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافے سے مسلح تنازع کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

  • ٹرمپ انتظامیہ سعودیہ میں ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، رپورٹ

    ٹرمپ انتظامیہ سعودیہ میں ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، رپورٹ

    واشنگٹن : امریکی کانگریس نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا سعودی عرب میں جوہری ری ایکٹر تعمیر کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا شمار امریکا کے خاص اتحادیوں میں ہوتا ہے جو مشرق وسطیٰ میں امریکی ہتھیاروں کا بڑا خریدار بھی ہے اور دونوں اتحادی ممالک کا مشرق وسطیٰ میں مشترکا دشمن ایران ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی کانگریس نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا سعودی عرب میں حساس جوہری توانائی منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایٹمی ری ایکٹر کی سعودی عرب منتقلی کا معاملہ ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر نگرانی چل رہا ہے.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹ کے ایک پینل نے جوہری توانائی سعودی عرب منتقل کرنے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے سعودی عرب میں ایٹمی ری ایکٹر تعمیر کیا تو خطے عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا اور مشرق وسطیٰ میں ایٹمی ہتھیاروں کی طلب میں اضافہ ہوجائے گا۔

    امریکی ایوان نمایندگان کا کہنا ہے کہ ’مذکورہ معاملے کی تحقیقات بہت ضروری ہے کیونکہ ظاہری طور پر امریکا ایٹمی ٹیکنالوجی سعودیہ لے جارہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہفتے قبل وائٹ ہاؤس میں ایٹمی سائنس دانوں سے ملاقات کی تھی جس میں سعودی عرب میں جوہری توانائی منتقل کرنے کے حوالے گفتگو کی گئی تھی۔

    دوسری جانب سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اپنی بقاء کی خاطر ایٹمی ہتھیاروں کی بے حد ضرورت ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سعودیہ کو جوہری توانائی فراہم کی تو خطے میں ایٹمی ہتھیاروں کی جنگ شروع ہوجائے گی۔

  • کل تمام بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے کا حکم

    کل تمام بڑے شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے کا حکم

    اسلام آباد: جشن آزادی کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے پیش نظر محکمہ داخلہ کی جانب سے دارالحکومت سمیت بڑے شہروں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ٹیلی کام کمپنیوں‌کو موبائل فون سروس کی بندش کے احکامات موصول ہوگئے


    Mobile service to remain close tomorrow in… by arynews

    تفصیلات کے مطابق یومِ آزادی کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر وفاقی دار الحکومت ،روالپنڈی ، لاہور اور کراچی سمیت ملک بڑے شہروں میں میں موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وزارتِ داخلہ کو درخواست بھیجی گئی تھی جس میں یوم آزادی پر دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل رکھنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    وزارتِ داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھیجی گئی درخواست موصول ہونے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو بھی آگاہ کردیا ہے اور موبائل فون سروس معطل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

    ٹیلی کام حکام کے مطابق وزارتِ داخلہ سے موصول ہونے والی ہدایت کے بعد یوم آزادی کے روز ملک بھر کے بڑے شہروں میں صبح 6 بجے سے دوپہر 12 تک موبائل فون سروس کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی۔ تاہم وفاقی دار الحکومت سمیت بڑے شہروں میں جشن آزادی کی تقریبات کے اختتام ہوتے ہی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بحال ہوجائے گی ۔

    موبائل فون کی بندش سے آگاہ نہیں‌ کیا، سیکریٹری داخلہ سندھ
    سیکریٹری داخلہ سندھ ریاض سومرو نے کہا ہے کہ موبائل فون سروس کی بندش وفاق کا معاملہ ہے، وفاق نے جشن آزادی پر موبائل فون کی بندش کے معاملے پر آگاہی نہیں دی.

    دریں‌ اثنا ملک بھر کی تمام ٹیلی کام کمپنیوں‌کو موبائل فون سروس کی بندش کے احکامات موصول ہوگئے

  • اسلام آباد: یوم آزادی پر موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: یوم آزادی پر موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے موبائل فون معطل رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق یومِ آزادی کے موقع پر دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دار الحکومت میں موبائل فون سروس معطل رکھنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وزارتِ داخلہ کو درخواست بھیج دی گئ ہے جس میں صبح 6 بجے سے دوپہر 12 تک موبائل فون سروس معطل رکھنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    وزارتِ داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھیجی گئی درخواست موصول ہونے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو بھی آگاہ کردیا ہے اور موبائل فون سروس معطل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

    قبل ازیں بھی اہم مواقع پر وفاقی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پورے ملک میں موبائل فون سروس بند رکھنے کے اقدامات کیے جاچکے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ کی درخواست کے مطابق موبائل فون سروس صرف اسلام آباد میں ہی معطل رہے گی۔