Tag: Adnan shah Tipu

  • ’ایسے اسکولز بنانے چاہئیں جس میں صرف سلیبریٹیز کے بچے پڑھیں‘

    ’ایسے اسکولز بنانے چاہئیں جس میں صرف سلیبریٹیز کے بچے پڑھیں‘

    اداکار عدنان شاہ ٹیپو کی اہلیہ نے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں ایسے اسکولز بنانے چاہئیں جس میں صرف مشہور شخصیات کے بچے زیرِ تعلیم ہوں۔

    عدنان شاہ ٹیپو نے حال ہی میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت اپنی چار بیٹیوں کے بارے میں بھی بات کی۔

    شو کی میزبان نے عدنان ٹیپو سے سوال کیا کہ آپ ایک اداکار ہیں تو کیا اس سے آپ کی بیٹیوں کو اسکول میں فائدہ ہوتا ہے کہ اُن کے والد اداکار ہیں؟

    اس سوال کے جواب میں عدنان ٹیپو نے کہا کہ فنکاروں کے بچوں کو اسکول میں جہاں فائدہ حاصل ہوتا ہے تو وہیں کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے کیونکہ آج کل سوشل میڈیا کا زمانہ ہے سب کی پرائیوسی ہی ختم ہوگئی ہے۔

    اداکار عدنان ٹیپو نے کہا کہ بیٹیوں کو اسکول میں اتنا تنگ کیا گیا کہ وہ مجھے گھر پر آکر کہتی بابا اب آپ نے منفی رول پلے نہیں کرنا ہے ورنہ اسکول میں ہمارا مذاق بنایا جائے گا۔

    عدنان ٹیپو کی بات کاٹتے ہوئے اُن کی اہلیہ نے کہا کہ ہماری بیٹیوں کو اسکول میں بہت زیادہ تنگ کیا جاتا ہے، میری تو حکومت سے درخواست ہے کہ وہ پاکستان میں ایسے اسکولز بنائیں جہاں صرف سلیبریٹیز کے بچے زیرِ تعلیم ہوں کیونکہ مجھے اور میری بیٹیوں کو بہت کچھ سہنا پڑتا ہے۔

    عدنان ٹیپو کی اہلیہ نے مزید کہا کہ میری بیٹی کو کہا گیا تمھارے بابا کو کبھی اچھا رول نہیں ملتا ہم تو تم سے دوستی نہیں رکھیں گے، اس طرح دوسرے بچوں میں احساس کمتری ہوتی ہے۔

  • پابندی کا شکریہ‘ ہم اپنی انڈسٹری خود بنائیں گے

    پابندی کا شکریہ‘ ہم اپنی انڈسٹری خود بنائیں گے

    بھارت میں ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں پر پابندی کو جاری رکھنےکی باتیں ہور ہی ہیں‘ اس موقع پر پاکستانی اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے بالی وڈ کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسیقار سے سیاست داں بننے والے بابل سپریو کے بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی کو جاری رکھنے کے مطالبے سے ایک بار تنازعات نے جنم لیا ہے‘ حال ہی میں راحت فتح علی خاں کے بالی وڈ کے لیے گائے ہوئے ایک گانے نے ہلچل مچا رکھی ہے۔

    پاکستان میں زیادہ تر اداکاروں نے اس معاملے پر کسی قسم کا ردعمل دینے سے گریز کیا ‘ تاہم بالی وڈ کے لیے کام کرنے والے اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے باقی سب سے منفرد فیصلہ کرتے ہوئے فیس بک پر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

    مالک فلم میں اپنی منفرد شناخت منوانے والے عدنان نے کہا کہ ’’ ہم پر پابندی عائد کرنے کا شکریہ۔ آپ نے ہمیں موقع دیا ہے کہ ہم پاکستان میں اپنے امیتابھ بچن ‘ نصیر الدین شاہ اور دیگر بڑے اداکار پیدا کرسکیں‘‘۔

    ٹیپو نے موقع کی مناسب سے ایک اہم نقطہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ ’’ آپ ( بھارت) نے ہمارے کھلاڑیوں پر بھارتی پریمیئر لیگ کے دروازے بند کیے اور اس کے نیتجے میں ہم نے پاکستان سپر لیگ کو حقیقت بنا کر دکھا یا‘‘۔ خیال رہے کہ کبھی نا ممکن تصور کی جانے والی پاکستان سپر لیگ کا تیسرا سیزن یو اے ای میں جاری ہے اور یہ لیگ ہر سال ترقی کے مراحل طے کررہی ہے۔

    یاد رہے کہ عدنان ٹیپو کئی بھارتی پراجیکٹس میں کام کرچکے ہیں جن میں ہمیش ریشمیاں کی ’کجرارے‘ اور ’ارشد وارثی کی ’ویلکم ٹو کراچی‘ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ میں نےبھارت میں کام کیا ‘ لوگوں نے وہاں مجھے محبت دی۔ لیکن یہ پابندی کا کیا مطلب؟ کسی کا بھی رزق بھارت کے ہاتھ میں نہیں‘ یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے‘‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ’’ لوگوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ دو چیزیں کبھی تبدیل نہیں ہوتیں۔ ایک ولدیت اور ایک شہریت۔ میرے والد کا نام غضنفر علی شاہ ہے اور میرا تعلق پاکستان کے شہر فیصل آباد کے علاقے دھوبی گھاٹ سے ہے۔ یہ کبھی بھی تبدیل نہیں ہوگا‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ ’’ پاکستان ہماری ماں ہے‘‘‘۔ اگر میں آپ کی ماں کو کچھ کہوں گا تو آپ اسے اپنی ذات پر حملہ تصور کریں گے اور اگر کوئی اور ایسا کرے گا تو میں بھی ایسا ہی محسوس کروں گا‘‘۔ بات کو ختم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ آپ اپنا کھیل کھیلو‘ ہم اپنا کھیل رہے ہیں۔ا ٓپ نے پابندی عائد کردی ۔ بہت شکریہ‘‘۔