Tag: Adnan Siddiqui

  • اداکارعدنان صدیقی کا پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین، ویڈیو وائرل

    اداکارعدنان صدیقی کا پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین، ویڈیو وائرل

    کراچی: نامور پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بانسری پر ’اے راہ حق کے شہیدوں‘ بجا کر پاکستان کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے بانسری پر ’اے راہ حق کے شہیدوں‘ بجا کر پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کہا کہ شکریہ پاک فوج آپ اپنی جان خطرے میں ڈال کر ہمیں سکون سے سونے دیتے ہیں۔

    عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’ اے راہ حق کے شہیدوں‘ کو سب سے پہلے نسیم بیگم نے گایا تھا جس کے بعد اس خوبصورت گیت کو میڈم نور جہاں نے گایا، یہ گیت ہمیشہ میری آنکھوں میں آنسو لے آتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے جوانوں کی ملک کے لیے خدمت ہمارے تصور سے کہیں زیادہ ہے، ہم امن و چین سے رہیں اس لیے ہمارے جوان دن رات بغیر تھکے ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔

    عدنان صدیقی نے لکھا کہ آندھی آئے یا طوفان کوئی چیز انہیں نہیں روکتی وہ ہمارے لیے اپنی جان کی قربانیاں دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے ہیں۔

    معروف اداکار نے کہا کہ میں ہمارے وطن کی حفاظت کرنے والے ہر جوان کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل ایوارڈ شو کے دوران عدنان صدیقی نے بانسری پر ملی نغمے کی دھن بجا کر شائقین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔

  • سری دیوی کی آخری فلم کا حصہ بننا میرے لیے بڑا اعزاز ہے: عدنان صدیقی

    سری دیوی کی آخری فلم کا حصہ بننا میرے لیے بڑا اعزاز ہے: عدنان صدیقی

    دبئی:‌معروف پاکستانی اداکار عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ سری دیوی کے انتقال کا صدمہ فقط میرا نہیں، پاک و ہند کا مشترکہ غم ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے دبئی میں اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان اور ہندوستان میں یکساں مقبول تھیں۔ ان کی آخری فلم میں ان کے ساتھ کام کرنا بڑا اعزاز ہے۔

    عدنان صدیقی نے آنجہانی سری دیوی سے ان کے انتقال سے چار روز قبل دبئی میں ہونے والی ملاقات کا بھی تذکرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ سے انھوں نے بونی کپور کو فون کیا، جنھوں نے بتایا کہ سری دیوی ان کی منتظر ہیں اور ملنا چاہتی ہیں۔

    انھوں نے سری دیوی کی انکساری اور بڑے پن کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ فلم ’موم‘ کی شوٹنگ سے قبل بونی کپور کے ساتھ سری دیوی سے ملنے گئے، تو وہ اپنی نشست سے کھڑی ہوگئیں اور بہت خلوص سے پیش آئیں۔ حالاں کہ وہ ان کی فقط تیسری فلم تھی، جب کہ سری دیوی تین سو فلمیں کر چکی تھیں۔

    انھوں نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران بونی کپور کے پورے خاندان نے ان کی میزبانی کا فریضہ نبھایا اور تمام سہولیات فراہم کیں۔

    عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ سری دیوی کی موت کی خبر موصول ہونے کے بعد انھوں نے بونی کپور سے رابطہ کیا اور ہوٹل میں ان سے ملاقات کی، جو بے حد غم زدہ اور غیریقینی کیفیت میں تھے۔


    سری دیوی کی موت ٹب میں‌ ڈوبنے سے ہوئی، واقعہ حادثہ تھا: خلیجی اخبار کا دعویٰ


    معروف پاکستانی اداکارنے کہا کہ فنکاروں اور فنون لطیفہ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ سیاسی مسائل فن سے دور رہنے چاہییں۔  پاکستانیوں میں اس معاملے میں برداشت زیادہ ہے، وہ دعا گو ہیں کہ ہندوستانی بھی کھلے دل سے پاکستانی فن کاروں کو قبول کریں۔

    یاد رہے کہ 24 فروری کو سری دیوی دبئی میں اپنے ہوٹل میں مردہ پائی گئی تھیں۔ ابتدا میں ان کی موت کو ہارٹ اٹیک کا نتیجہ قرار دیا گیا، مگر ٹیسٹ کے بعد تعین ہوا کہ ان کی موت ٹب مین ڈوبنے سے ہوئی تھی۔ ڈیٹھ سرٹیفیکیٹ میں ان کی موت کو حادثاتی قرار دیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • معروف اداکارعدنان صدیقی کراچی کنگزکی حمایت میں میدان میں آگئے

    معروف اداکارعدنان صدیقی کراچی کنگزکی حمایت میں میدان میں آگئے

    کراچی: معروف اداکارعدنان صدیقی نے کراچی کنگز اوراے آر وائی ڈیجیٹل کے سی ای او سلمان اقبال کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے شیر ڈھاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف اداکارعدنان صدیقی نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے پیغام میں دلوں کے بادشاہ کراچی کنگز کا حصہ بننے پرخوشی کا اظہار کیا۔

    عدنان صدیقی نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا بالخصوص شکریہ ادا کیا۔

    معروف اداکار نے پی ایس ایل میں کھیلنے والی تمام ٹیموں اورخاص کرکراچی کنگز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لڑکوں جاؤ اور ہمارے لیے کپ اٹھاؤ، خوشی کو دوبالا بلکہ سہہ بالا کردو کیونکہ بین الاقوامی کرکٹرز کراچی آرہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو ہماری قوم کو متحد کرتا ہے اور پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کے لیے گیم چینجر ہے، اس کے ذریعے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔

    عدنان صدیقی نے کہا کہ پاکستان سپرلیگ کا تھرڈ ایڈیشن پورے آب وتاب سے شروع ہونے کو ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عدنان صدیقی کی بھارتی ویزا ملنے کی تردید

    عدنان صدیقی کی بھارتی ویزا ملنے کی تردید

    چند دن قبل تک خبریں گرم تھیں کہ پاکستانی اداکاروں عدنان صدیقی اور سجل علی کو بھارت کا ویزا جاری ہوگیا ہے اور وہ بہت جلد اپنی بھارتی فلم ’مام‘ کی بقیہ شوٹنگ کے لیے بھارت روانہ ہوجائیں گے لیکن عدنان صدیقی نے ان خبروں کی تردید کردی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے کہا کہ ویزا ملنے کی خبریں بھارتی میڈیا کی پھیلائی ہوئی ہیں۔ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اور انہیں تاحال بھارتی ویزا جاری نہیں ہوا۔

    یاد رہے کہ فلم ’مام‘ ایک معاشرتی موضوع پر مبنی فلم ہے جس میں عدنان صدیقی بھارتی اداکارہ سری دیوی کے شوہر جبکہ سجل علی ان کی سوتیلی بیٹی کے کردار میں نظر آئیں گی۔

    بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی کے حوالے سے عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ پہلے تو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پابندی لگائی کس نے ہے۔ ’یہ دونوں جانب کی کسی حکومت نے نہیں لگائی بلکہ یہ بھارتی فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی لگائی ہوئی پابندی ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ یہ سب سیاست کا حصہ ہے۔ فی الحال دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں اور خراب حالات میں ایسے ہی فیصلے کیے جاتے ہیں۔

    عدنان صدیقی کو کیا اس سے قبل بھی بالی ووڈ سے کوئی پیشکش موصول ہوئی؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ سے بے شمار آفرز موصول ہوئی تھیں لیکن وہ ان کے دل کو نہ بھائیں۔

    انہوں نے کہا کہ فلم ’مام‘ کی پیشکش کو قبول کرنے کی وجہ اس کا اسکرپٹ، اس میں شامل سینئر اور منجھے ہوئے بھارتی اداکار، فلم کی نئی ہدایت کارہ اور اے آر رحٰمن کی موسیقی ہے۔ ’اور خود سری دیوی کی موجودگی اور ان کے مقابل ان کے شوہر کا کردار ادا کرنا ایک بڑی وجہ تھی‘۔

    پاکستان میں اپنی مصروفیات کے بارے میں بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بے شمار پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ وہ لاہور میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کا آغاز کرنے جارہے ہیں جس میں سنہ 1948 کا دور دکھایا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ عدنان صدیقی سنہ 2007 میں ہالی ووڈ کی فلم ’آ مائٹی ہارٹ‘ میں بھی ایک کردار ادا کر چکے ہیں۔ فلم میں مرکزی کردار اداکارہ انجلینا جولی نے ادا کیا تھا۔