Tag: Advisor aviation

  • پی آئی اے میں اقرباء پروری، سیکڑوں عمرہ زائرین کو آف لوڈ کردیا

    پی آئی اے میں اقرباء پروری، سیکڑوں عمرہ زائرین کو آف لوڈ کردیا

    کراچی : وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوابازی کی پی آئی اے میں سیاسی مداخلت جاری ہے، عمرے پر جانے والے سیکڑوں مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کے مزید لاجواب کارنامے سامنے آرہے ہیں، وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی کے دباؤ پر اسلام آباد اور لاہور سے سفارشی مسافروں کو جہاز پر سوار کرادیا گیا۔

    انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی کنفرم بکنگ کے باوجود عین وقت پر سفری بورڈنگ کارڈ دینے سے انکار کردیا گیا، ذرائع کے مطابق مشیر ہوا بازی کے اسٹاف آفیسر شیر علی کی ہدایت پرعمرے پر جانے والے مسافروں کی سیٹیں کینسل کرکے من پسند ایجنٹوں کو ٹکٹیں بلیک کرکے فروخت کرنے کے انکشافات ہوئے ہیں۔

    عمرے پر جانے والے سینکڑوں مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا، کراچی،اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹ پر عمرہ زائرین نے احتجاج کیا، لیکن ان کی کسی نے نہ سنی۔

    بکنگ ریفرنس کے حوالے سے دستاویزات کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی، عمرہ زائرین کی کنفرم سیٹوں کو کینسل کرکے اپنے من پسند سفارشی مسافروں کو ٹکٹس جاری کئے جارہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر شیر علی کو سفارشی بنیادوں پر ایک سال کے اندر گروپ 8سے9میں ترقی دی گئی ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر جھگڑا، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    کراچی ایئر پورٹ پر جھگڑا، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

    کراچی : وزیر اعظم کے مشیر برِائے ہوابازی مہتاب عباسی نے کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے جھگڑے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی بنادی، کمیٹی میں ڈی جی اے ایس ایف اور سی او او پی آئی اے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر ہوابازی مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ ایوی ایشن ڈویژن کے اداروں میں ڈسپلن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ پر خاتون اور اے ایس ایف اہلکاروں کے درمیان جھگڑاہوا تھا پی آئی اے کی خاتون اسسٹنٹ منیجر نے ایئر پورٹ سکیورٹی فورس اہلکاروں کی تھپڑوں اور مکوں سے تواضع کی تھی۔

    خاتون اسسٹنٹ منیجر نے اہل کار پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا واقعہ کے حوالے سے اے ایس ایف کی جانب سے مؤقف سامنے آیا ہے کہ خاتون اسسٹنٹ منیجر کا کارڈ زائد المیعاد تھا اس لیے انہیں اندر جانے سے روکا گیا تھا جس پر وہ مشتعل ہوگئیں۔