Tag: Aerial Spray

  • وفاقی محکمے کے 18 طیارے کھڑے کھڑے خراب

    وفاقی محکمے کے 18 طیارے کھڑے کھڑے خراب

    کراچی : نامناسب دیکھ بھال اور مرمت نہ کرانے سے وفاقی حکومت کے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے 18طیارے ناکارہ ہوگئے جنہیں گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کےب کروڑوں روپے مالیت کے طیارے کھڑے کھڑے خراب ہونے لگے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے 18 طیارے گراؤنڈ کیے گئے ہیں، مذکورہ طیاروں کا فلیٹ سال 2021 سے گراؤنڈ ہے، وفاقی محکمہ کے 10 طیارے کراچی اور 8 لاہور میں ہیں۔

    ذرائع محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کا کہنا ہے کہ مناسب دیکھ بھال اور وقت پر مینٹینس نہ ہونے سے طیارے خراب ہوئے، محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کا فلیٹ بیور، سیسنا اور فلیچر طیاروں پر مشتمل ہے۔

    فلیچر اور سیسنا طیاروں کا فلیٹ 2004 اور بیور طیاروں کا فلیٹ 2021 سے گراؤنڈ ہوا۔ طیاروں کے گرائونڈ ہونے سے پلانٹ پروٹیکشن کا ایریل اسپرے ونگ مکمل غیر فعال ہوگیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں ٹڈی دل کے حملے کے موقع پر ان جہازوں کے ذریعے متعلقہ علاقوں میں ایریل اسپرے کیا جاتا تھا۔ سال2021میں محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کا ایک طیارہ رحیم یار خان میں گر کا تباہ ہوا تھا، جس کے بعد سے تمام طیارے گراؤنڈ ہیں۔

  • ٹڈی دل حملوں سے محفوظ رہنے کے لئے سعودی حکومت کا اہم اقدام

    ٹڈی دل حملوں سے محفوظ رہنے کے لئے سعودی حکومت کا اہم اقدام

    ریاض : سعودی حکومت نے فصلوں کو موسمی ٹڈی دل کے حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں، مختلف علاقوں میں اسپرے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت ماحولیات و زراعت نے موسمی ٹڈی دل کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے گرؤانڈ کنٹرولنگ یونٹ کی جانب سے ریاض و دیگر علاقوں کے لیے 40 ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔

    وزارت ماحولیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنوبی ریاض ، وادی الدواسر ، السلیل اور الافلاج کے علاوہ جنوب اور مشرقی عسیر کے ریجنز احد رفیدہ ، سراۃ عبیدہ ، وادی بن ھشبل ، تثلیث ، بیشہ اور الخنقہ سمیت طائف کے مشرقی اور نجران ریجنز میں موسمی ٹڈی دل کے حملوں سے علاقوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    وزارت ماحولیات کے حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق تشکیل دیے جانے والے گراونڈ کنٹرول یونٹس میں یونٹ اسپرے ٹیموں پر مشتمل ہیں جبکہ 9 ٹیمیں مختلف علاقوں کا سروے کرنے کے بعد اپنی رپورٹ سے مرکزی کنٹرول روم کو مطلع کریں گی.

    ٹیموں کی رپورٹ پر گراونڈ سپرے یونٹ کو ہدایات جاری کی جائیں گی جو علاقے کے موسم اور وہاں متوقع ٹڈی دل کے حملوں سے نمٹنے کے لیے مخصوص اسپرے مقررہ مقامات پر کریں گی۔

    وزارت کے تحت منصوبہ بندی ادارے کا کہنا ہے کہ تشکیل دیے جانے والے یونٹس میں 5 ٹیمیں نگرانی کے فرائض انجام دیں گی جبکہ 2 ٹیمیں اصلاح و مرمت کے لیے اسٹینڈ بائی کے طور پر کام فیلڈ میں کام کریں گی۔

    وزارت ماحولیات نے متوقع ٹڈی دل حملوں سے حفاظت کے لیے 15 ہزار معکب لیٹر مواد کا ذخیرہ بھی حاصل کر لیا ہے جو سپرے ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ مقررہ مقامات پر اسپرے کیاجاسکے۔

  • سندھ حکومت کا ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاق سے فضائی اسپرے کا مطالبہ

    سندھ حکومت کا ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاق سے فضائی اسپرے کا مطالبہ

    کراچی: سندھ حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاق سے فضائی اسپرے کا مطالبہ کردیا، اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ایئر اسپرے میں دیر ہوئی تو پھر فصلوں کا بڑا نقصان ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل سے بچنے کے لیے وفاق ایریل اسپرے کے لیے 6 جہاز فراہم کرے، سندھ کے 7 اضلاع میں ٹڈی دل کے بچے یا انڈے موجود ہیں۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، خیر پور، سکھر اور گھوٹکی کے ریگستانی علاقے شدید متاثر ہیں۔ ہر ضلع میں پلانٹ پروٹیکشن گراؤنڈ آپریشن بھی کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے آنے والے 3 ماہ اہم ہیں، ایئر اسپرے میں وفاق نے دیر کی تو پھر فصلوں کا بڑا نقصان ہوگا۔

    صوبائی حکومت نے اپنی ٹیموں کو الرٹ رہنے اور کام جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کے لیے 19 نئی گاڑیاں خرید لی ہیں، 25 گاڑیاں اور ایکسٹینشن ونگ کی 57 مینول ٹیمیں بھی دستیاب ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 300 سولر پاور اور ہزار ہینڈ اسپرے مہیا کیے گئے ہیں، حیدر آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، یو سی سطح تک محکمہ زراعت کا عملہ مقرر کیا جائے۔