Tag: Afghan

  • افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد تجارتی پابندیوں کے خاتمے پر بڑی پیش رفت

    افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد تجارتی پابندیوں کے خاتمے پر بڑی پیش رفت

    اسلام آباد (28 جولائی 2025): افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد تجارتی پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کا ٹرانزٹ ٹریڈ پر پابندیوں کے خاتمے پر اتفاق کر لیا ہے۔

    ذرائع وزارت تجارت کے مطابق افغانستان نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں اضافے کے لیے پاکستان سے سہولیات مانگ لی ہیں، پاکستان کی جانب سے جائزے کے بعد پابندیاں ہٹانے پر اتفاق کیا گیا۔

    افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر پابندیاں ختم کرنے کا معاملہ حالیہ مذاکرات میں آیا تھا، جس میں افغان وفد کی قیادت نائب وزیر صنعت و تجارت اور پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت نے کی تھی، مذاکرات میں افغانستان نے ٹرانزٹ ٹریڈ پر تمام پابندیاں ختم کرنے کی تجویز دی تھی اور تمام اشیا پر عائد پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔


    پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ ہو گیا


    افغان حکومت کا مؤقف تھا کہ افغانستان کی معیشت بہتر ہونے سے افغانستان کی درآمدات بڑھ گئی ہیں، اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے باعث افغانستان کی معیشت کا حجم بڑھ رہا ہے۔ چناں چہ پڑوسی ملک نے ٹرانزٹ ٹریڈ پر SRO1397/2023 ختم کرنے کی تجویز دی۔

    افغانستان صنعتی استعمال کے لیے مطلوب ضروری اشیا کی لسٹ فراہم کرے گا، پاکستان نے ضروری اشیا کا جائزہ لے کر پابندی والی لسٹ سے مصنوعات کے نام نکالنے کی یقین دہانی کرائی، پڑوسی ملک کی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی اشیا پر 10 فی صد پروسیسنگ فیس بھی ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    پاکستان کا کہنا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے 53 فی صد اشیا پر پابندی پہلے ہی ختم کی جا چکی ہے، پاکستان کی جانب سے پروسیسنگ فیس کے خاتمے کے لیے افغانستان سے لسٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا، فہرست کا جائزہ لینے کے بعد پراسیسنگ فیس خاتمے کے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • افغان ای ویزا اسیکنڈل، اہم افسروں کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    افغان ای ویزا اسیکنڈل، اہم افسروں کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    اسلام آباد(18 جولائی 2025): افغان ای ویزا اسیکنڈل میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، وزرات داخلہ نے اہم افسروں کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    زرائع کے مطابق افسران کا نام مبینہ طور پر اسیکنڈل میں ملوث ہونے پر لیا جارہا تھا، ڈپٹی سیکرٹری ویزا سیکشن شریں حنا اصغر کو عہدے سے فارغ کیا گیا ہے۔

    شفقت علی چاچٹر نئے ڈپٹی سیکرٹری ویزہ تعینات کردیئے، جوائنٹ سیکرٹری ایف آئی اے سیکشن عدنان ارشد اولک بھی عہدے سے فارغ کردیئے گئے، فلائیٹ لفٹیننٹ عاصم ایوب نئے جوائنٹ سیکرٹری ایف آئی اے تعینات ہوئے ہیں۔

    وزرات داخلہ نے نئی تقرریوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، ویزا اسیکنڈل میں چار ملزمان اب تک گرفتار ہوئے ہیں، رشوت مانگنے پر ایک سب انسپکٹر اور کانسٹیبل بھی گرفتار ہیں۔

    یاد رہے کہ افغان شہریوں کو غیر قانونی ای ویزا جاری کرنے کے معاملے میں کرپشن میں ملوث ایف آئی اے کے2 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا، گرفتار ملزمان میں سب انسپیکٹر وسیم احمد اور کانسٹیبل عاقب محمود شامل تھے۔

     گرفتار اہلکار اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں تعینات تھے، ایف آئی اے اہلکاروں نے گرفتار ملزم زبیر سے دوران جسمانی ریمانڈ رشوت کا تقاضا کیا تھا، گرفتار اہلکاروں نے سہولت کاری فراہم کرنے کے عوض 20 لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی، رقم کے عوض اہلکاروں نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کی یقین دہانی کرائی۔

  • کارڈ ہولڈر مہاجرین کو وقت مل گیا، بلوچستان ہائیکورٹ کا حکم

    کارڈ ہولڈر مہاجرین کو وقت مل گیا، بلوچستان ہائیکورٹ کا حکم

    کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے پی او آر کارڈ ہولڈر افغان مہاجرین کو واپسی کے لیے وقت دینے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ نے نصرت افغانی ایڈووکیٹ کی پٹیشن پر فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے کے تحت پروف آف رجسٹریشن کارڈ ہولڈر مہاجرین کو مزید 3 ماہ کا وقت مل گیا ہے۔

    نصرت افغانی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ نادرا کے پی او آر کارڈز کی مدت 30 جون 2025 تک ہے، سہ فریقی معاہدے کے بعد وفاق کا پریس ریلیز جاری کرنا غیر قانونی ہے۔

    سینئر قانون دان نے کہا یو این ایچ سی آر کے ساتھ معاہدے کے بعد مہاجرین کے انخلا کے لیے پریس ریلیز کی حیثیت نہیں ہے، افغان مہاجرین کے انخلا سے متعلق کوئی حکومتی حکم نامہ جاری نہیں ہوا ہے۔


    افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیار پاکستان کے شہریوں کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں، پاکستان مشن قونصلر


    ادھر خیبر پختونخوا کی پولیس نے کہا ہے کہ کے پی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی میپنگ شروع کر دی گئی ہے، جس سے پتا لگایا جائے گا کہ کس جگہ کتنےغیر قانونی افغان باشندے رہائش پذیر ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کی میپنگ کے لیے 90 سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

    ٹیموں میں پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار شامل ہیں، افغان باشندوں کی میپنگ کے لیے 200 سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات ہیں، پولیس نے پشاور اور خیبر میں افغان باشندوں کی واپسی کے لیے قائم ہولڈنگ سینٹرز کو سیکیورٹی فراہم کی ہے۔

    دوسری طرف محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ پنجاب سے 260 افغان باشندوں کو آج طورخم بارڈر سے ڈی پورٹ کیا جائے گا، یہ غیر قانونی افغان باشندے آج خیبر پختونخوا پہنچائے جائیں گے، اور کاغذی کارروائی مکمل کر کے آج ہی افغانستان واپس بھیج دیا جائے گا۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق 41 افغان باشندے اوکاڑہ اور 46 ساہیوال سے لائے جا رہے ہیں، 47 بہاولپور، 54 رحیم یار خان اور 18 ننکانہ سے منتقل کیے جائیں گے، جب کہ 17 افغانوں کو مظفرگڑھ، 37 کو حافظ آباد سے ہولڈنگ کیمپس منتقل کیا جائے گا۔

  • تیموریہ، نارتھ ناظم آباد میں تین دن سے وارداتیں کرنے والا ہلاک ڈاکو افغان باشندہ نکلا

    تیموریہ، نارتھ ناظم آباد میں تین دن سے وارداتیں کرنے والا ہلاک ڈاکو افغان باشندہ نکلا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس کے ہاتھوں بفر زون نمک بینک کے قریب مقابلے میں مارے جانے والے ملزم کا تعلق افغان ڈکیت گینگ سے نکلا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بفرزون نمک بینک کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو مار دیا، پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزم کا تعلق افغان ڈکیت گینگ سے ہے۔

    رات گئے پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو سے متعلق ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے انکشاف کیا کہ اس کا تعلق افغان ہاؤس رابر ڈکیت گروہ سے ہے، ملزمان کئی روز سے تیموریہ اور نارتھ ناظم آباد میں وارداتیں کر رہے تھے۔

    ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کو پکڑنے کے لیے خصوصی طور پر مختلف پوائنٹس پر پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی، آج جب پولیس پارٹی نے مشتبہ کار کو دیکھ کر روکنے کی کوشش کی، تو ملزمان پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہونے لگے۔

    ذیشان صدیقی کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ سے کار سوار ملزمان شدید زخمی ہوئے، پولیس نے جب کار کا پیچھا کیا تو کار میں ایک ملزم کی لاش موجود تھی، جب کہ ایک زخمی سمیت دیگر ملزمان فرار ہو گئے تھے۔

    کار کی تلاشی کے دوران گھر کے تالے توڑنے، کاٹنے سمیت دیگر کئی اوزار، ایک پستول، دو میگزین اور دستانے کی جوڑی بھی برآمد ہوئی ہے، ذیشان صدیقی کے مطابق ملزمان کی تلاش میں پورے علاقے کی ناکہ بندی کر لی گئی ہے اور پوری کوشش ہے کہ ہلاک ملزم کے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کیا جا سکے۔

  • میٹروول میں بڑی ڈکیتی کی ویڈیو، پولیس مقابلے میں مارا جانے والا ملزم افغان باشندہ نکلا

    میٹروول میں بڑی ڈکیتی کی ویڈیو، پولیس مقابلے میں مارا جانے والا ملزم افغان باشندہ نکلا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے میٹروول میں بڑی ڈکیتی کی واردات اور دو شہریوں کو بے دردی سے قتل کرنے والا لیٹرا پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں میٹروول میں دوران ڈکیتی 2 افراد کے قتل کا واقعہ رونما ہوا تھا، اس افسوس ناک واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے رقم کے لیے کار سوار افراد کو گولیاں مار دی تھیں۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق گزشتہ رات اتحاد ٹاؤن میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا، مارا گیا یہ ملزم افغان باشندہ نکلا ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزم ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوا تھا، پولیس نے واردات میں ملوث ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا، تاہم پولیس کے پہنچنے پر 2 ملزمان نے فائرنگ کی، اور جوابی کارروائی میں عبدالرؤف نامی ایک ملزم ہلاک ہوا، جب کہ ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم سے اسلحہ، 20 لاکھ کیش اور موٹر سائیکل برآمد کیا گیا ہے، ہلاک ملزم نے ساتھی کے ہمراہ 8 اپریل کو واردات کی تھی، پولٹری فارم کا کیشیئر اور ساتھی ملازم کار میں 1 کروڑ 35 لاکھ کیش لے کر جا رہے تھے، ملزمان نے کار پر فائرنگ کر کے دونوں افراد کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ملزم چند روز قبل ہی افغانستان سے کراچی آیا تھا۔

  • افغانستان: دو مجرموں کو سر عام سزائے موت دیدی گئی

    افغانستان: دو مجرموں کو سر عام سزائے موت دیدی گئی

    کابل: طالبان عدالت کی جانب سے قتل کے دو مجرموں کو سزائے موت سنائی گئی، جس پر حکام نے ہزاروں شہریوں کی موجودگی میں مجرمان کو سر عام گولیاں مار کر عمل در آمد کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق طالبان کی جانب سے قتل کے مجرموں سید جمال اور گل خان کی سزائے موت پر عمل درآمد افغانستان کے صوبے غزنی کے ایک معروف اسٹیڈیم میں کیا گیا۔

    حکام کی جانب سے ایک مجرم کو 8 اور دوسرے مجرم کو 7 گولیاں ماری گئیں، اس سے قبل مجرموں کے اہل خانہ نے مقتولین کے ورثا سے معاف کرنے کی اپیل بھی کی تھی لیکن اسے مسترد کردیا گیا تھا۔

    اطلاعات کے مطابق دونوں ملزمان نے چاقو کا حملہ کرکے الگ الگ واقعے میں دو شہریوں کو موت کے گھاٹ اتارا تھا، طالبان حکومت کی جانب سے دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر مضبوط شواہد عدالت کے سامنے رکھے گئے۔

    طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ 3 نچلی عدالتوں اور طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے مجرمان کے مبینہ جرائم کے بدلے میں پھانسی کا حکم جاری کیا تھا۔

    بی آر ایس پارٹی کی رکن اسمبلی نندیتا کی کار حادثے میں موت

    واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلاء اور طالبان حکومت کے قیام کے بعد سے سرعام سزائے موت کا یہ تیسرا اور چوتھا واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔

  • ویڈیو رپورٹ: 4 لاکھ 68 ہزار 151 غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی

    ویڈیو رپورٹ: 4 لاکھ 68 ہزار 151 غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی

    اسلام آباد: غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشہ روز بھی 837 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق غیر قانونی افغان باشندے جوق در جوق اپنے وطن افغانستان واپس جا رہے ہیں، گزشہ روز 837 غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی ہوئی، جن میں 243 مرد، 206 خواتین اور 388 بچے شامل تھے۔

    افغانستان روانگی کے لیے 52 گاڑیوں میں 87 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے، 14 جنوری تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 4 لاکھ 68 ہزار 151 تک پہنچ چکی ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

  • ویڈیو رپورٹ: مزید 902 افغان شہریوں نے پاکستان چھوڑ دیا

    ویڈیو رپورٹ: مزید 902 افغان شہریوں نے پاکستان چھوڑ دیا

    اسلام آباد: غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز 902 افغان شہریوں کی واپسی عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان باشندے جوق در جوق اپنے وطن لوٹ رہے ہیں، حکومت پاکستان کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی ہے۔

    گزشتہ روز 902 افغان شہریوں کی اپنے وطن واپس ہوئی، جن میں 274 مرد 168 خواتین اور 460 بچے شامل تھے، افغانستان روانگی کے لیے 38 گاڑیوں میں 62 خاندانوں کی وطن واپسی عمل میں آئی ہے۔

    7 جنوری تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 4 لاکھ 61 ہزار 783 تک پہنچ چکی ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

  • پاک افغان تعلقات میں تناؤ، دونوں ممالک کا مشترکہ اجلاس

    پاک افغان تعلقات میں تناؤ، دونوں ممالک کا مشترکہ اجلاس

    اسلام آباد: پاک افغان جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل کا مشترکہ اجلاس آج دارالحکومت میں منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل کے مشترکہ اجلاس کے لیے عبوری افغان طالبان حکومت کا سینئر وفد گزشتہ روزاسلام آباد پہنچ گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق افغان عبوری حکومت کے وفد کی قیادت سینئر طالبان رہنما اور گورنر قندھار ملا شیرین اخوند کر رہے ہیں، وفد میں 9 سے 10 اراکین شامل ہیں، جو افغان وزارت دفاع، وزارت اطلاعات اور انٹیلیجنس حکام پر مشتمل ہے۔

    وفد دورہ پاکستان میں پاکستانی حکام سے دو طرفہ مذاکرات کرے گا، یہ مذاکرات پاک افغان کل جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل کے مشترکہ اجلاس کے دوران ہوں گے۔ افغان وفد کل پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی سے بھی ملاقات کرے گا، افغان وفد کی دفتر خارجہ و عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

    سفیروں کی تین روزہ کانفرنس اسلام آباد میں شروع

    ذرائع کے مطابق افغان وفد کی جانب سے پاک افغان تناؤ میں کمی پر بات کی جائے گی، جب کہ پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان میں موجود کالعدم گروہوں کے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر گفتگو کی جائے گی۔

    افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا، پاکستانی حکام کی جانب سے افغانستان میں موجود حافظ گل بہادر سمیت کالعدم دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ بھی متوقع ہے۔ پاک افغان سرحدی باڑ، چمن سرحد پر ویزا فری سرحدی نقل و حمل کے امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

  • پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار سے بڑھ گئی

    پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار سے بڑھ گئی

    اسلام آباد: پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 26,865 تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز 2 ہزار 23 افغان شہریوں کی واپسی ہوئی، جن میں 536 مرد، 412 خواتین اور 1075 بچے شامل تھے۔

    افغانستان روانگی کے لیے 93 گاڑیوں میں 182 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔ حکومت پاکستان کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی ہے۔