Tag: afghan gang

  • کراچی میں مزید 3 پولیس مقابلے، وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو ہلاک

    کراچی میں مزید 3 پولیس مقابلے، وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ رات بھی 3 پولیس مقابلے ہوئے، ایک مقابلے میں وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ڈی چوک کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ہلاک ڈاکو کا تعلق افغان گینگ سے ہے، انھوں نے واقعے سے متعلق تفصیل بتائی کہ 2 ڈاکو گھر کے اندر لوٹ مار کر رہے تھے، تیسرا ڈاکو باہر گلی میں پہرہ دے رہا تھا، اطلاع پر پولیس پہنچی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو مارا گیا، اور 2 ساتھی فرار ہو گئے۔

    ڈاکوؤں نے گزشتہ ہفتے بھی 2 گھروں میں وارداتیں کی تھیں، جن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، مارے گئے ڈاکو کے قبضے سے وائٹ کرولا اور اسلحہ برآمد ہوا، یہ گینگ سفید کار میں وارداتیں کرنے آتا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس اور کرائم سین کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    ادھر کراچی کے علاقے منگھو پیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی شناخت مجاہد کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ پر بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، اور اس سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی شناخت ولید کے نام سے ہوئی ہے۔

  • کراچی میں یومِ آزادی پردہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

    کراچی میں یومِ آزادی پردہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

    راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے یوم ِآزادی کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اہم کاروائی کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر سے متعدد غیر ملکی دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔

    گرفتار شدگان میں تحریک طالبان سوات کا نائب امیر بخت زمان شامل ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا یہ گروہ کسی بڑی واردات کی تیاریوں میں مصروف تھا اور ان کی کئی ہفتوں سے نگرانی کی جارہی تھی ، تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کالعدم تحریک طالبان سوات کا امیر خود کش بمباروں کا بندوبست کرنے کیلئے افغانستان میں موجود تھا ، جہاں سے خود کش بمبار کراچی لاکر یوم آزادی کے موقع پر دہشت گردی کی بڑے پیمانے پر وارداتیں کی جانا تھیں ،ان دہشت گردوں کو غیر ملکی مدد بھی حاصل تھی۔

    گرفتار شدہ دہشت گردوں کے پاس سے بارود سے بھری ہوئی ہائی روف کار اور موٹر سائیکل کے ساتھ ساتھ خود کش جیکٹیں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

    گرفتار شدہ ملزمان سے ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں کراچی اور حیدر آباد میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا جارہا ہے اور دہشت گردوں کا بڑا نیکسز پکڑے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان 14 اگست پر بڑے پیمانے پر دہشت گردی کرکے ملک میں قائم امن وامان کی فضا کو تہہ و بالا کرنا چاہتے تھے۔

    ترجمان کے مطابق کئی ہفتوں کی نگرانی کے بعد سکیورٹی فورسز نے 9اگست کو کراچی اور حیدر آباد میں بیک وقت کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کا گرفتار کر لیا گیا ، دوران تفتیش اہم انکشافات کی توقع کی جارہی ہے ۔