Tag: Afghan military

  • افغانستان : فوجی ہیلی کاپٹر پر راکٹ حملہ : 9اہلکار ہلاک

    افغانستان : فوجی ہیلی کاپٹر پر راکٹ حملہ : 9اہلکار ہلاک

    کابل : افغانستان میں فوجی ہیلی کاپٹر گرنے اور بس پر بم دھماکے کے نتیجے میں5 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

    عرب نیوز کے مطابق وزرات دفاع نے ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تصدیق کی ہے۔ افغان وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ میدان وردک میں پیش آنے والے اس حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    سرکاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ہیلی کاپٹر کے عملے کے ساتھ خصوصی فورس کے اہلکار بھی شامل تھے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فضائیہ کے ایک ذریعے اور ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو اڑان

    بھرتے ہوئے ایک راکٹ سے نشانہ بنایا گیا۔ خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان جنگجو فوج کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

    افغان ذرائع کے مطابق 4 فوجی ہیلی کاپٹرز ضلع بہسود میں سامان اور کھانے پینے کے اشیاء لے کر جارہے تھے تاہم لینڈنگ کے دوران نامعلوم افراد نے راکٹ فائر کیا جس کی وجہ سے ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔،

    دوسری جانب دارالحکومت کابل میں سرکاری ملازمین کی بس کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس کے باعث 3 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے جن کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دھماکے کی ذمہ داری اب تک کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

  • کابل میں عسکری تربیت کے مرکز کے نزدیک دھماکا، چھ افراد ہلاک

    کابل میں عسکری تربیت کے مرکز کے نزدیک دھماکا، چھ افراد ہلاک

    کابل: افغانستان دارالحکومت کابل میں ایک خود کش بم بار نے اپنے آپ کو عسکری تربیت کے مرکز کے گیٹ کے نزدیک دھماکے سے اڑا دیا۔ حملے کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور نصف درجن زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ خود کش حملہ آور کو کابل کے مغرب میں واقع مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    دھماکا اس وقت ہوا جب طلبہ اکیڈمی سے نکل کر واپس جا رہے تھے۔ مذکورہ اکیڈمی افغانستان میں عسکری تربیت کے مرکزی اداروں میں سے ایک ہے۔ادھردہشت گرد تنظیم داعش نے کابل شہر کی ایک عسکری جامعہ کے مرکزی دروازے پر ہوئے ایک خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

    اس گروہ کی جانب سے کہا گیا کہ افغان فوج کے ایک اجتماع کو خودکش حملے کا نشانہ بنانے والا اس کا جنگجو تھا۔

    واضح رہے کہ یہ دھماکا ایسے وقت میں ہوا ہے جب افغانستان میں 18 برسوں سے جاری تنازع اور لڑائی ختم کرنے اور تصفیے کی کوششوں کے سلسلے میں تحریک طالبان کے نمائندوں اور سینئر افغان سیاست دانوں کے درمیان ماسکو میں ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔