Tag: afghan-nationals

  • پاکستان میں جتنے ناجائز کاروبار ہیں سب افغانی کرتے ہیں: خواجہ آصف

    پاکستان میں جتنے ناجائز کاروبار ہیں سب افغانی کرتے ہیں: خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان شہری پاکستان میں غیر قانونی کاروبار اور زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراز ہے میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جس نہر میں وہ اکثر تیراکی کرتے ہیں، وہاں کناروں کے ساتھ ڈمپر کھڑے ہیں، جو افغان باشندوں کی ملکیت ہیں جو عارضی پناہ گاہوں میں رہتے ہیں لیکن انہوں نے آبپاشی کی زمین پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ یہ افغان ڈمپر مالکان شاید محکمہ آبپاشی کو رشوت دیتے ہیں، پاکستان میں جتنے ناجائز کاروبار ہیں سب افغان کرتے ہیں، ہماری تمام نہروں کے کنارے افغان شہریوں نے تجاوزات کر رکھی ہیں۔

    وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 6 سے 7 ملین غیر دستاویزی افراد پاکستان میں ہیں، اور تجویز دی کہ اگر افغان اپنے وطن واپس لوٹے تو پاکستانی شہریوں کے لیے ملازمت کے مواقع کھلیں گے۔

    خارجہ تعلقات کے حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے اس وقت امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لیکن ماضی کے برعکس یہ تعلقات مشترکہ فوجی مصروفیات پر مبنی نہیں ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ’’ماضی میں ہم اپنے مقاصد کے لیے علماء اور نام نہاد مجاہدین کو استعمال کرتے تھے۔‘‘

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مانے یا نہ مانے، عالمی برادری پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہی ہے، بین الاقوامی اداروں نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔

    اسرائیل اور بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکا اور یورپ کی پشت پناہی کی وجہ سے اسرائیل بے دریغ کام کر رہا ہے، اگر بھارت بھی ایسا ہی کررہا ہے تو اس کے پیچھے کون ہے؟۔

    وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن تنازعات کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اندرونی مسائل حل ہو جائیں تو پاکستان نمایاں طور پر ترقی کر سکتا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف سے متعلق گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمجھ رہی تھی قانون کی پروا نہیں، شخصیت پرستی کام آئے گی، جیل کاٹنا مشکل ہے لیکن اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔

  • نادرا نے خیبر پختونخوا میں یومیہ رجسٹریشن کی صلاحیت 15 ہزار کر دی

    نادرا نے خیبر پختونخوا میں یومیہ رجسٹریشن کی صلاحیت 15 ہزار کر دی

    اسلام آباد: غیر قانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی میں مدد کے لیے نادرا نے ہنگامی بنیادوں پر خیبر پختونخوا میں اپنی خدمات کا آغاز کر دیا، اور یومیہ رجسٹریشن کی صلاحیت بڑھا کر 15 ہزار کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا نے کہا ہے کہ افغانستان واپس جانے والے شہریوں کی رجسٹریشن کے لیے نادرا نے پورے ملک سے 22 موبائل وینز جمع کر کے لنڈی کوتل پہنچا دی ہیں۔

    ٹرانزٹ پوائنٹ پر موبائل وینز کی سہولت کے ساتھ 20 کاؤنٹر بھی تشکیل دیے گیے ہیں، جن میں نادرا کے 140 ملازمین دن رات 24 گھنٹے بلا تعطیل اپنی ذمہ داری سر انجام دے رہے ہیں۔

    یکم نومبر سے نادرا نے اپنی یومیہ رجسٹریشن کی صلاحیت کو بڑھا کر 15 ہزار کر دیا ہے، نادرا کے اعلیٰ افسران موقع پر موجود ہیں اور جانے والے غیر ملکیوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔

    نادرا کے حکام اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ عورتوں، بزرگوں اور بچوں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے، بارڈر پر آنے والے غیر ملکیوں نے بھی نادرا کی مؤثر خدمات کو سراہا۔

    واضح رہے کہ غیر قانونی افغان باشندوں کا وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، 5 نومبر کو 6584 غیر قانونی افغان باشندوں کی اپنے ملک واپسی ہوئی، اب تک کل ایک لاکھ 88 ہزار 738 غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی ہوئی ہے۔

    ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان غیر ملکیوں کو گورنمنٹ کی جانب سے مہیا کی گئی اسپیشل گاڑیوں میں طورخم بارڈر پر دوبارہ ضروری قانونی کارروائی مکمل کر کے افغانستان بھجوایا جا رہا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کے بعد بڑی تعداد میں غیر قانونی افغان باشندے طور خم کے راستے افغانستان واپس جا رہے ہیں، اس سلسلے میں لنڈی کوتل میں ٹرانزٹ کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں پر غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افراد کے کوائف اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد واپس اپنے ملکوں کو بھیجا جا رہا ہے۔

  • افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت

    افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں مزید سہولت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی، افغان ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے میں ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا مل جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفارت خانے موجودہ قومیت کی بنیاد پر ویزا درخواستوں پر کارروائی کی جائے گی۔ افغان ڈرائیورز اور ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے میں ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا مل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اس سہولت کا مقصد دونوں ممالک کو قریب لانا، افغان عوام کی مدد کرنا اور وسط ایشیا سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کو ویزا پالیسی پر مزید کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • پشاور ایئرپورٹ پر 2 افغان شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت  کا سونا برآمد

    پشاور ایئرپورٹ پر 2 افغان شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد

    پشاور : اے ایس ایف کے عملے نے باچا خان ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور دو افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے پشاور ائر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والے مسافروں سے 9.9 کلو گرام سونابرآمد کرلیا۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ افغان نیشنل مسافر مسمات سہیلہ الکوزے اور مسافر حواد خالدی سونا دو بیگوں میں لے جا رہے تھے تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سونے کی مالیت لگ بھگ 10کروڑ76لاکھ پاکستانی روپےبنتی ہے ، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مذکورہ سونا سمیت مزید کارروائی کے لئے کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا۔

    یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں باچاخان ایئرپورٹ پر مسافرکروڑوں کا سونا اور غیرملکی کرنسی لیکرجہازتک پہنچ گیا تھا ، جس پر انٹیلی جنس اطلاع پر کسٹم اور دیگر اداروں کی دوڑیں لگ گئی۔

    بعد ازاں مسافر کے دستی سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ڈیڑھ کلو سے زائد سونے کے بسکٹ اور13ہزار سے زائد یورو برآمد کئے گئے۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ کسٹم نے مسافر کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

  • کراچی پولیس نے افغان شہریوں کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا

    کراچی پولیس نے افغان شہریوں کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا

    کراچی : شہر قائد میں پولیس نے پہلے سے مقیم افغان شہریوں کا ڈیٹا جمع کرنا شروع کردیا ، اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر ایک فارم کا اجراکیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے افغان باشندوں کے ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر انخلا خدشات کے پیشِ نظر افغان شہریوں کا ڈیٹا جمع کرناشروع کردیا اور آبادیوں کا فوری سروے کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے سے مقیم افغان باشندوں کا ڈیٹا فوری جمع کرانے کا حکم دیا ہے ، اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر ایک فارم کا اجراکیا جارہا ہے ، فارم میں افغانیوں کا شمار، خاندان کے افراد کی تعداد، رہائشی تفصیلات ہوں جبکہ قیام کی مدت، قیام کے اسٹیٹس وغیرہ سے متعلق سوالات شامل ہوں گے۔

    یاد رہے گذشتہ روز مرادعلی شاہ نے امن و امان سے متعلق اجلاس میں کہا تھا کہ افغان صورتحال کےپیش نظر پولیس ضروری اقدامات کرے، ہم نے بڑی محنت سے صوبے خاص طور پر کراچی میں امن قائم کیا ، اب امن کو کسی صورت خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اس کےلیے پولیس اپنا ہوم ورک کرے۔

    خیال رہے چند روز قبل ملک میں رہنے والے تارکین وطن کو8 سال بعد نادراکارڈ کے پراسیس کا آغاز کیا گیا ہے ، ذرائع نادرا کا کہنا تھا کہ 15 دن بعد پہلا نارا کارڈ پرنٹ ہو کر شہری کو مل جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا تھا کہ کراچی کے تینوں میگاسینٹر میں نارا کارڈ پراسیس کیا جارہا ہے ، 8 سال بعد اورنگی کے رہائشی کا نادرا کے رجسٹریشن کارڈ کا پراسیس کیا گیا۔