Tag: afghan taiban

  • افغان طالبان کابل پر قبضہ کرنے والے ہیں، امریکہ نے خبر دار کردیا

    افغان طالبان کابل پر قبضہ کرنے والے ہیں، امریکہ نے خبر دار کردیا

    واشنگٹن : امریکہ نے کہا ہے کہ کابل اب زیادہ دیر تک طالبان سے بچا نہیں رہ سکتا، ایک سے تین ماہ کے دوران افغان دارالحکومت طالبان کے کنٹرول میں جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے امریکی انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ طالبان 30 دنوں میں افغانستان کے دارالحکومت کابل کا رابطہ ملک کے باقی حصوں سے منقطع کر سکتے ہیں اور 90 روز کے اندر اس پر قبضہ بھی کرسکتے ہیں۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اب تک طالبان نے افغانستان کے آٹھ صوبائی دارالحکومتوں پر باقاعدہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

    ایک امریکی دفاعی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا کہ کابل کتنی دیر تک طالبان کے قبضے سے بچا رہ سکتا ہے؟ یہ نیا اندازہ امریکہ کے زیر قیادت غیرملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان کی جانب سے تیزی سے صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔

    تاہم انہوں نے بتایا کہ یہ حتمی نتیجہ نہیں ہے۔ افغانستان کی سکیورٹی فورسز زیادہ مزاحمت دکھا کر طالبان کو پیچھے دھکیل سکتی ہے۔

    یورپ کے اعلیٰ عہدیدار نے گزشتہ روز کہا تھا کہ طالبان کا افغانستان کے 65 فیصد حصے پر کنٹرول ہے۔ کابل میں ایک مغربی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ملک میں لڑائی اور تشدد کی وجہ سے شہری کابل کا رخ کر رہے ہیں اور یہ بتانا مشکل ہے کہ آیا طالبان جنگجو بھی شہر میں داخل ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سفارتی علاقوں میں خودکش حملہ آوروں کے داخل ہونے کا خدشہ ہے۔ بدھ کو بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد پر قبضہ افغان حکومت کے لیے تازہ ترین دھچکا ہے۔

    دریں اثنا افغان میڈیا کے مطابق افغان آرمی چیف جنرل ولی محمد احمد زئی کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ جنرل ہیبت اللہ علی زئی کو مقرر کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب بدھ کے روز افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کے ہاتھوں محصور شہر مزار شریف کا دورہ کیا۔ اس دورے سے ان کا مقصد شمالی علاقوں کی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینا تھا۔ افغان طالبان کی نظریں شمال کے مکمل کنٹرول پر ہے۔

  • طالبان سے امن معاہدہ جلد ہوجائے گا، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد

    طالبان سے امن معاہدہ جلد ہوجائے گا، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد

    واشنگٹن : امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغان امن معاہدے پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے امید ہے کہ طالبان سے امن معاہدہ جلد ہوجائے گا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، امریکی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ افغان امن معاہدے پربڑی پیشرفت ہوئی ہے، اس سلسلے میں افغان طالبان اور امریکا میں براہ راست مذاکرات قطر میں جاری ہیں۔

    زلمےخلیل زاد کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ طالبان سے امن معاہدہ جلد ہوجائے گا، ہماری پوری توجہ طالبان سے معاہدے پر ہے جس سے فوجیوں کی مشروط واپسی ہوگی، افغان امن عمل میں اتفاق رائے کیلئے دہلی جارہا ہوں، طالبان سے امن معاہدے کی تکنیکی تفصیلی میکیزم پربات ہونی ہے۔

    واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔

    اعلامیہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے رہنماؤں کو افغان مفاہمتی عمل میں مثبت پیش رفت سے آگاہ کیا، انہوں نے افغان امن عمل کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات کی۔

    ملاقات میں پاکستان کے تعاون، آئندہ کے مثبت اقدامات پر بھی توجہ مرکوز رہی، زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔