Tag: Afghanistan Blast

  • افغانستان : مدرسہ دھماکے سے لرز اٹھا، 10 طلباء سمیت 15 جاں بحق

    افغانستان : مدرسہ دھماکے سے لرز اٹھا، 10 طلباء سمیت 15 جاں بحق

    کابل : افغانستان کے شمالی شہر ایبک کے ایک مدرسے میں بدھ کو ہونے والے دھماکے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے۔

    طالبان کی عبوری حکومت سے وابستہ امور داخلہ کے ترجمان عبدالنفی تاکور نے کہا ہے کہ سمنگان کے مرکز میں واقع ایبک نامی قصبے میں موجود مدرسے میں نماز ظہر کے دوران شدید دھماکہ ہوا جس میں دس طلبہ سمیت 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی ذمے داری فی الحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت کابل سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال میں واقع ایبک میں ایک ڈاکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر نوعمر لڑکے تھے۔

    انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ سب بچے اور عام لوگ ہیں، ایک صوبائی اہلکار نے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کی تصدیق کی تاہم وہ ہلاکتوں کے اعداد و شمار فراہم نہیں کرسکے۔

    طالبان نے کہا ہے کہ دھماکے میں 10 طلباء ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے ٹویٹ کیا کہ ہماری جاسوسی اور سیکورٹی فورسز اس ناقابل معافی جرم کے مرتکب افراد کی شناخت اور انہیں ان کے اعمال کی سزا دینے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک درجنوں دھماکے اور دہشت گردی کے حملے ہوچکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر ذمہ داری داعش کے مقامی گروپ نے قبول کی ہے۔

  • افغان صوبے بغلان میں سڑک کنارے دھماکا، 8 افراد ہلاک

    افغان صوبے بغلان میں سڑک کنارے دھماکا، 8 افراد ہلاک

    کابل: افغان صوبے بغلان میں سڑک کنارے دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صوبے بغلان میں سڑک کنارے نصب بم کی زد میں مسافر بس آگئی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔

    دھماکے سے ہلاک ہونے والوں میں 4 بچے، 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، ہلاک اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق حملے کی ذمہ داری کسی شدت پسند تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

    ترجمان گورنر بغلان کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں: افغانستان کے شہر جلال آباد میں خودکش دھماکا، ہلاکتوں‌ کی تعداد 10 ہوگئی

    افغان میڈیا کے مطابق صوبے بغلان میں طالبان کا اثر و رسوخ زیادہ ہے اور بم دھماکوں میں افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان صوبے بدخشاں میں افغان فوج کے قافلے پر طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 9 اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو افغانستان کے شہر جلال آباد میں بس میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں بچے سمیت 10 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ 19 ستمبر کو بھی افغانستان میں انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوگئے تھے۔

  • افغانستان، نیٹو قافلے پر خود کش دھماکا، 3 غیر ملکی فوجی ہلاک

    افغانستان، نیٹو قافلے پر خود کش دھماکا، 3 غیر ملکی فوجی ہلاک

    کابل: افغانستان کے صوبے پروان میں غیر ملکی فورسز (نیٹو) کے قافلے پر خودکش کار بم دھماکا ہو اجس کے نیتجے میں 3 فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیٹو فورسز کا قافلہ افغان صوبے پروان سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران اچانک تیز رفتار گاڑی وہاں پہنچی اور پھر زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 2 افغانی اور 2 امریکی فوجی زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    افغان میڈیا کے مطابق حکومت اور نیٹو ترجمان نے دھماکے کو خود کش قرار دیتے ہوئے تصدیق کی کہ کارروائی میں غیر ملکی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک افغان اہلکار بھی ہلاک ہوا، دھماکے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی۔

    مزید پڑھیں: افغانستان کے شہر جلال آباد میں خودکش دھماکا، 19 افراد ہلاک، 20 زخمی

    گورنر پروان نے غیر ملکی میڈیا کو آگاہ کیا کہ تیز رفتار کار صبح 6 بجے کے وقت نیٹو قافلے کے درمیان آکر زور دار دھماکے سے تباہ ہوئی، مذکورہ کارروائی میں دہشت گردوں نے خود کش حملہ آور کو استعمال کیا جس کے اعضاء کو قبضے میں لے لیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے تلاشی کا عمل شروع کردیا۔

    واضح رہے کہ  افغانستان کے شہر گردیز میں دو روز قبل نماز جمعہ کی ادائیگی کے وقت 2 دہشت گردوں نے مسجد کے اندر خود کو دھماکوں سے اڑایا تھا جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: افغانستان: نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ، 30 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نائب صدر رشید دوستم کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے تھے، خوش قسمتی سے نائب صدر  حملے میں محفوظ رہے تھے۔

    کابل پولیس کے ترجمان کے مطابق دھماکا حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے داخلی دروازے پر پیش آیا تھا جہاں بڑی تعداد میں لوگ رشید دوستم کے استقبال کے لیے موجود تھے، ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد سیکیورٹی اہلکاروں کی تھی۔