Tag: afghanistan earthquake

  • برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    برطانیہ کا افغانستان کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان

    لندن (02 ستمبر 2025): برطانیہ نے افغانستان زلزلہ متاثرین کو ایک ملین پاؤنڈز کی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

    برطانیہ کی حکومت نے پیر کی شام افغانستان میں ہلاکت خیز زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے ایک ملین پاؤنڈ کے ہنگامی پیکج کا اعلان کیا ہے، تاکہ اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کی امدادی کوششوں کو سہارا فراہم کیا جا سکے، اس امداد میں موبائل ہیلتھ ٹیمیں، ایمرجنسی ہیلتھ کِٹس، اور بے گھر لوگوں کے لیے پناہ گاہیں شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کی ٹیمیں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ کنڑ میں موجودہ اسپتالوں اور کلینکس پر زچگی کی صحت کی دیکھ بھال اور نفسیاتی مدد بھی فراہم کریں گی۔

    افغانستان زلزلہ

    اتوار کی شب مشرقی افغانستان میں مہلک زلزلہ آیا، جس نے صوبہ کنڑ اور ننگرہار میں سیکڑوں افراد کی جان لے لی ہے، جب کہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو گئے ہیں، طالبان حکومت کے مطابق زلزلے میں 800 سے زائد افراد کی زندگیاں تلف ہو گئی ہیں۔ حکومت نے اقوام عالم سے امداد کی اپیل بھی کی ہے۔

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    زلزلے کے بعد بین الاقوامی تنظیموں اور انسانی امدادی اداروں نے فوری امداد کے لیے وسائل متحرک کر دیے ہیں، جن میں خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات، اور عارضی رہائش شامل ہیں۔ دنیا بھر کے رہنماؤں اور ممالک نے متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے، اور متعدد ممالک نے افغانستان کو اس آفت کے بعد سنبھلنے میں مدد دینے کے لیے اضافی انسانی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔

    افغان حکومت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متعدد گاؤں مکمل تباہ ہو گئے ہیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کے باعث لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے زلزلہ متاثرین سے ہمدردی اور افغان عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہے، اور ان کی 20 ٹیمیں مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔

  • پاکستان کی افغانستان کو تباہ کن زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر ہر ممکن امداد کی پیشکش

    پاکستان کی افغانستان کو تباہ کن زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر ہر ممکن امداد کی پیشکش

    اسلام آباد(یکم ستمبر 2025): وزیراعظم پاکستان نے افغانستان کو تباہ کن زلزلے سے جانی اور مالی نقصان پر ہر ممکن امداد کی پیشکش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے غم کی اس گھڑی میں افغان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    وزیراعظم نے مشرقی افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر شدید رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ سینکڑوں قیمتی انسانی زندگیوں کے نقصان اور درجنوں قصبوں کی تباہی پر متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے متاثرین کے ساتھ دلی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

    دوسری جانب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے افغان زلزلہ متاثرین سے دلی تعزیت کی ہے، افغانستان میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

    صدر مملکت نے جاری پیغام میں کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرہ خاندانوں کے حوصلے کے لیے دعاگو ہوں، الّلہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا خوف ناک زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سو افراد جاں بحق اور ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق 2500 سے زائد شہری زخمی ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

  • افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    افغانستان میں زلزلہ، 800 افراد جاں بحق

    کابل (01 ستمبر 2025): افغانستان میں زلزلے سے 800 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی افغانستان میں 6 شدت کا خوف ناک زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سو افراد جاں بحق اور ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق 2500 سے زائد شہری زخمی ہیں۔

    امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور امدادی ٹیمیں اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

    زلزلے کے بعد افغان طالبان نے بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے امدادی کارروائیوں میں مدد کی اپیل کی ہے۔ بی بی سی کے مطابق زلزلے سے متاثرہ صوبہ کنڑ میں سینکڑوں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لاشوں کو منتقل کرنے کے ذمہ دار ایک طالبان عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایک گاؤں میں 21 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے۔

    خیال رہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقے دور دراز ہیں اور ان تک پہنچنا مشکل ہے، کچھ علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کر رہے جب کہ دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث رابطہ سڑکیں منقطع ہیں۔

    یاد رہے کہ 2022 میں مشرقی افغانستان میں 5.9 شدت کے زلزلے سے کم از کم ایک ہزار افراد جاں بحق اور 3 ہزار زخمی ہوئے تھے، یہ دو دہائیوں کے دوران ملک میں آنے والا سب سے بدترین زلزلہ تھا۔

  • ہرات زلزلے میں اموات 4 ہزار، 20 دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے

    ہرات زلزلے میں اموات 4 ہزار، 20 دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے

    کابل: افغانستان کے صوبے ہرات میں آنے والے ہولناک زلزلے میں اموات کی تعداد 4 ہزار تک پہنچ گئی، جب کہ 20 دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے صوبے ہرات میں آنے والے ہولناک زلزلے سے اموات کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، ہزاروں زخمی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، زلزلے میں 2000 مکانات منہدم ہوئے، جس سے بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔

    زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں زندہ بچ جانے والوں نے تیسری رات بھی کھلے آسمان تلے گزار دی ہے، جو دن بھر منہدم مکانات کا ملبہ ہٹا کر اپنے پیاروں کو تلاش کرتے رہے۔

    طالبان حکومت کے مطابق ایک ہزار سے زائد اہلکاروں پر مشتمل 35 ریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔