Tag: Afghanistan

  • افغانستان: پولیو ہیلتھ ورکرز پر قیامت ٹوٹ پڑی

    افغانستان: پولیو ہیلتھ ورکرز پر قیامت ٹوٹ پڑی

    کابل: افغانستان میں 8 پولیو ہیلتھ ورکرز کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو اقوام متحدہ کے نمائندے نے شمالی افغانستان کے چار مختلف علاقوں میں آٹھ پولیو ہیلتھ ورکرز جن میں 4 خواتین بھی شامل تھیں، کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم قتل ہونے والے ورکرز کے اہل خانہ کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

    ایلچی نے کہا کہ تشدد نے افغان حکام کو تخار اور قندوز میں گھر گھر پولیو ویکسینیشن مہم کو معطل کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

    واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے، رپورٹ کے مطابق صوبہ تخار میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کے ایک رکن کو قتل کیا گیا، جب کہ قندوز شہر میں 4 افراد کو قتل کیا گیا، صوبہ قندوز کے ضلع امام صاحب میں بھی ایک سوشل موبلائزر اور 2 ویکسی نیٹرز کو جان سے مارا گیا۔

    طالبان حکومت کا افغانستان میں اولین انسداد پولیو مہم کے آغاز کا فیصلہ

    ان حملوں کے نتیجے میں 21 فروری 2022 کو شروع ہونے والی پولیو کے قطرے پلانے کی قومی مہم کو قندوز اور تخار صوبوں میں معطل کر دیا گیا ہے، جس سے ہزاروں بچے غیر محفوظ ہو گئے ہیں اور جان لیوا بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    اقوام متحدہ سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بے حسی پر مبنی یہ بزدلانہ حملے بند ہونے چاہئیں، یہ ہر سطح پر ناقابل قبول ہیں، ہم طالبان حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر مجرموں کی نشان دہی کریں اور انھیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • روس یوکرین جنگ پر افغان طالبان کا بیان سامنے آ گیا

    روس یوکرین جنگ پر افغان طالبان کا بیان سامنے آ گیا

    کابل: یوکرین پر روسی حملے کے سلسلے میں افغان طالبان کا بیان سامنے آ گیا ہے، امارت اسلامیہ نے فریقین سے برادشت سے کام لینے کی اپیل کی ہے، اور کہا ہے کہ عام افغان شہریوں اور طلبہ کے تحفظ کا خیال رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کے مسئلے پر افغان وزارت خارجہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان یوکرین کی صورت حال کا قریب سے جائزہ لے رہی ہے اور ممکنہ عوامی نقصانات کے خدشات رکھتی ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ اس معاملے کے تمام فریقوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ برداشت سے کام لیں، ہر فریق کو چاہیے کہ ایسا مؤقف اختیار کرنے سے احتراز کرے جو جنگ کی مزید شدت کا باعث بنے۔

    امارت اسلامیہ نے اپنی غیر جانب دارانہ خارجہ پالیسی کے تحت ہر فریق سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے پر امن طریقے سے حل کرے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان وزارت خارجہ جنگ کے اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کرتی ہے کہ عام افغان شہریوں اور طلبہ کے تحفظ کا خیال رکھا جائے۔

  • یوریا کھاد افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    یوریا کھاد افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

     موچکو پولیس نے مسافر کوچ پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں یوریا کھاد کی بوریاں بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی فدا جانوری نے میڈیا کو بتایا کہ موچکو پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے، یوریا کھاد افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

    ایس ایس پی کیماڑی نے دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسافر کوچ سے150بوری یوریا کھاد برآمد کی گئی ہیں، ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ یوریا کھاد کی یہ بوریاں یہاں سے بلوچستان پہنچا کر افغانستان اسمگل کی جاتی ہیں، گرفتار ملزم کو کسٹمز حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق4جنوری کو وفاقی سیکریٹری داخلہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا تھا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے تھے۔

    ڈی آئی جی سی آئی اے نے آئی جی سندھ کی جگہ ان کی نمائندگی کی تھی، اجلاس میں یوریا کھاد، چینی اور آٹا اسمگلنگ کی روک تھام کے احکامات دیے گئے تھے۔

  • افغان طالبان نے برطانوی پاسپورٹ والے داعش ریکروٹ پکڑ لیے: دی گارجین کا انکشاف

    افغان طالبان نے برطانوی پاسپورٹ والے داعش ریکروٹ پکڑ لیے: دی گارجین کا انکشاف

    کابل: برطانوی اخبار دی گارجین نے انکشاف کیا ہے کہ افغان طالبان نے داعش کے 2 ریکروٹوں کو پکڑا ہے، جن میں ایک کے پاس برطانوی پاسپورٹ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے افغانستان سے انخلا کے بعد داعش میں عالمی بھرتی کی کوشش کا پہلا واقعہ سامنے آیا ہے، دی گارجین نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ طالبان نے داعش کے 2 مشتبہ برطانوی ریکروٹوں کو افغان سرحد پر پکڑا ہے۔

    داعش میں بھرتی دونوں برطانوی شہریوں کے پاس پاسپورٹ تھا، دونوں شہریوں کو ازبکستان سے ملنے والی اطلاعات کے بعدگرفتار کیا گیا جب وہ گزشتہ موسم خزاں میں شمالی سرحد سے افغانستان میں داخل ہو رہے تھے۔

    ان میں سے ایک کے پاس برطانوی دوسرے کے پاس یورپی پاسپورٹ تھا، دی گارجین نے طالبان ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ گرفتار افراد سے 10 ہزار پاؤنڈ اور نائٹ وژن چشمے بھی برآمد کیے گئے۔

    واضح رہے کہ سیکڑوں برطانوی شہری شام اور عراق میں داعش کے تحت رہنے کے لیے گئے تھے، لیکن یہ پہلا موقع ہے جب برطانیہ کے شہریوں کو مبینہ طور پر افغانستان میں اس گروپ میں شامل ہونے کی کوشش میں روکا گیا ہے، اور طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد آئی ایس میں بین الاقوامی بھرتی کی کوشش کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

  • پنجشیر کے نمائندوں نے امارتِ اسلامیہ کی حمایت کا اعلان کر دیا

    پنجشیر کے نمائندوں نے امارتِ اسلامیہ کی حمایت کا اعلان کر دیا

    کابل: پنجشیر کے نمائندوں نے امارتِ اسلامیہ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان ڈائریکٹر انٹیلیجنس کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجشیر کے نمائندوں نے امارتِ اسلامیہ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    ترجمان خلیل ہمراز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انٹیلیجنس چیف عبدالحق واثق نے گزشتہ روز پنجشیر میں علمائے کرام، با اثر افراد اور سرکردہ شخصیات سے ملاقات کی تھی۔

    افغانستان کا اقوام متحدہ سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا مطالبہ

    اس ملاقات میں پنجشیر میں سیکیورٹی کی صورت حال پر بات کی گئی، پنجشیر کے نمائندوں نے صوبے کی موجودہ صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا اور اپنے مسائل بیان کیے۔

    واضح رہے کہ افغان وزارت خارجہ نے سلامتی کونسل کی نگران کمیٹی کی رپورٹ، جس میں افغانستان میں بیرونی گروپوں کی سرگرمیاں بڑھنے کی خبر دی گئی ہے، مسترد کر دی ہے۔

    امارت اسلامیہ افغانستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ شواہد اور ثبوتوں کے بغیر ایسی بے بنیاد رپورٹوں کو افغانستان اور خطے کے مفاد میں نہیں سمجھتی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں بیرونی گروپوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، جب کہ امارت اسلامیہ کو جب سے حکومت ملی ہے، افغانستان میں بہترین امن و امان قائم ہے۔

  • افغانستان کا اقوام متحدہ سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا مطالبہ

    افغانستان کا اقوام متحدہ سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا مطالبہ

    کابل: افغان وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان سے متعلق ذمہ دارانہ رویہ اپنائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افغان وزارت خارجہ نے سلامتی کونسل کی نگران کمیٹی کی رپورٹ، جس میں افغانستان میں بیرونی گروپوں کی سرگرمیاں بڑھنے کی خبر دی گئی ہے، مسترد کر دی ہے۔

    امارت اسلامیہ افغانستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامیہ شواہد اور ثبوتوں کے بغیر ایسی بے بنیاد رپورٹوں کو افغانستان اور خطے کے مفاد میں نہیں سمجھتی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں بیرونی گروپوں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں، جب کہ امارت اسلامیہ کو جب سے حکومت ملی ہے، افغانستان میں بہترین امن و امان قائم ہے۔

    وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ امارت اسلامیہ دوحہ معاہدے پر پوری طرح کار بند ہے، اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیتی کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرے، اور دوسروں سے بھی اسی احترام کی توقع رکھتی ہے۔

    وزارت خارجہ نے کہا امارت اسلامیہ ایک ذمہ دار نظام کے طور پر اپنے موجود وسائل اور حالات کے مطابق افغانستان اور خطے کے امن کے لیے مثبت کردار کر رہی ہے۔

    وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ سلامتی کونسل سمیت تمام فریق ان حقائق کا ادراک کرتے ہوئے ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں۔

  • افغانستان کے لیے اچھی خبر، کئی پائلٹس واپس آ گئے

    افغانستان کے لیے اچھی خبر، کئی پائلٹس واپس آ گئے

    کابل: افغانستان سے طالبان کے آنے کے بعد بھاگنے والے متعدد پائلٹ واپس ملک پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب کی دعوت پر افغانستان چھوڑ کر مختلف ممالک جانے والے 5 پائلٹس افغانستان پہنچ گئے ہیں۔

    افغان وزیر دفاع نے افغانستان آمد پر پانچوں پائلٹس کا استقبال کیا اور انھیں نقد انعام بھی دیا، وزیر دفاع نے وطن لوٹنے والے افغان فضائیہ کے پانچوں پائلٹس کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پورے اطمینان سے افغانستان میں رہ کر ملک کی خدمت کریں۔

    پانچوں پائلٹوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ افغانستان کی خدمت کریں گے۔

    واضح رہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت کے عہدیدار ملک چھوڑ کر جانے والے مختلف شعبوں کے ماہرین سے رابطہ کر کے انھیں وطن واپس لانے کے معاملے پر کام کر رہے ہیں۔

    وطن چھوڑ کر جانے والوں کو یقین دلایا جا رہا ہے کہ وہ محفوظ رہ کر افغانستان میں کام کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ افغان وزیر دفاع ملا یعقوب مجاہد افغان طالبان کے بانی سربراہ ملا محمد عمر کے صاحب زادے ہیں۔

  • طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے لیے بڑی خبر

    طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے لیے بڑی خبر

    کابل: افغانستان میں خواتین کے لیے کئی سرکاری یونیورسٹیاں دوبارہ کھل گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کی طالبان حکومت پر خواتین کی تعلیم بہتر بنانے کے لیے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کے تناظر میں حکومت نے خواتین کی متعدد سرکاری یونیورسٹیاں دوبارہ کھول دی ہیں۔

    افغانستان میں 39 سرکاری یونیورسٹیاں قائم ہیں، وزارتِ تعلیم نے بدھ کے روز بتایا کہ ان میں سے 8 یونیورسٹیاں دوبارہ کھول دی گئی ہیں۔

    تاہم طالبان کی صنفی تقسیم کی پالیسی کے تحت مشرقی صوبے ننگر ہار کی یونیورسٹی میں طلبہ اور طالبات کے لیے صبح اور دوپہر الگ الگ کلاسیں ہوں گی۔

    وزارت تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ اور طالبات دونوں کے لیے بقیہ یونیورسٹیاں 26 فروری سے کھلیں گی۔ واضح رہے کہ طالبات کی تعلیمی اداروں میں واپسی کوئی 6 ماہ بعد ہوئی ہے، جب کہ سیکنڈری اسکول اب بھی طالبات کے لیے بند ہیں۔

    افغانستان میں لڑکیاں کب اسکول جا سکیں گی؟ طالبان کا اہم اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے وسط میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ مارچ کے آخر میں لڑکیوں کے لیے تمام اسکول کھل جائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ وزارت تعلیم 21 مارچ سے شروع ہونے والے نئے افغان سال کے بعد تمام لڑکیوں اور خواتین کے لیے اسکول کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم تعلیم کے خلاف نہیں ہیں، لڑکیوں کی تعلیم کے لیے الگ کلاسز اور ہاسٹلز کی تلاش کر رہے ہیں۔

  • افغانستان: طالبان حکومت کا بینکاری سے متعلق اہم فیصلہ

    افغانستان: طالبان حکومت کا بینکاری سے متعلق اہم فیصلہ

    کابل: افغانستان میں طالبان حکومت نے بینکاری کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا ہے، سرکاری سطح پر اب تمام مالیاتی انتظام بینکوں کے ذریعے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کابینہ کونسل کا اکیسواں اجلاس آج یکم فروری کو منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر دفاع اور وزیر زراعت نے اپنے شمالی علاقوں کے دوروں کی کارگزاری پیش کی، جب کہ وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ ناروے کی کارکردگی پیش کی۔

    اجلاس میں شمالی علاقوں کے کسانوں کے مسائل اور مطالبات پر بھی گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ بھی کئی اہم مسائل پر بحث ہوئی۔

    کابینہ نے مالیاتی اور غیر مالیاتی آمدنی کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ ساری آمدنی اب بینکوں کے ذریعے جمع کی جائے گی، اور کسی بھی ادارے کو اپنی آمدنی میں سے خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    کابینہ میں وزارت عدلیہ کی جانب سے غیر سرکاری رفاہی اداروں کے لیے تیار کی گئی پالیسی اور طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔

    کابینہ نے جلال آباد تا پشاور اور قندہار تا کوئٹہ بس سروس کی منظوری دے دی، اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ اس حوالے سے بقیہ مراحل جلد از جلد طے کر لیں۔

    شہدا اور معذوروں کے لیے قائم وزارت کو ذمہ داری سونپی گئی کہ سابقہ انتظامیہ کے معذور اور مفلوج اہل کاروں اور مرنے والے اہل کاروں کے پسماندگان سے تعاون کے لیے جامع پالیسی تشکیل دے کر کابینہ کو پیش کی جائے۔

    وزارت زراعت کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے زمین متعین کی جائے اور سروے رپورٹ کابینہ کو پیش کی جائے۔

  • پاکستان افغانستان کو نارکوٹکس کوٹے کی ادویہ کے علاوہ دیگر اہم ادویات فراہم کرنے کے لیے تیار

    پاکستان افغانستان کو نارکوٹکس کوٹے کی ادویہ کے علاوہ دیگر اہم ادویات فراہم کرنے کے لیے تیار

    اسلام آباد: پاکستان افغانستان کو نارکوٹکس کوٹے کی ادویہ کے علاوہ دیگر اہم ادویات فراہم کر رہا ہے، افغانستان کو سرکاری سطح پر 50 کروڑ روپے کی دوائیں فراہم کی جائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغانستان کو دوائیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، افغانستان کو سرکاری سطح پر ادویات فراہمی کا آغاز جلد ہوگا، اس سلسلے میں وزارت قومی صحت نے ایک رپورٹ بھی تیار کر لی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کو پاکستان کی جانب سے پچاس کروڑ روپے کی دوائیں فراہم کی جائیں گی، جب کہ افغان حکومت کو درکار دواؤں کی مالیت 40 کروڑ روپے ہے۔

    افغان حکومت نے پاکستان سے دواؤں کی فراہمی کی درخواست کی تھی، اور ادویات کی ایک فہرست بھی فراہم کی گئی ہے، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت افغانستان کی مطلوبہ فہرست کے مطابق دواؤں کی خریداری کرے گی، اور خریداری کی ذمہ داری پمز اسپتال کی ہے۔

    دی گئی فہرست کے مطابق افغانستان کو دل، معدہ و جگر، بلڈ پریشر، نفسیاتی امراض، اور جان بچانے والی دوائیں فراہم کی جائیں گی۔

    تاہم وزارت صحت کا کہنا ہے کہ افغانستان کو درکار بعض دوائیں فراہم نہیں کی جائیں گی، مارفین اور بپرینارفین سے تیار دوائیں نارکوٹکس کوٹے کی ہیں، یہ ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی فارما انڈسٹری نے بھی افغانستان کو ادویات عطیہ کی تھیں جن کی مالیت 17 کروڑ روپے کی تھی۔