Tag: Afghanistan

  • پاکستان نے بھارت کو گندم افغانستان بھیجنے کی اجازت دے دی

    پاکستان نے بھارت کو گندم افغانستان بھیجنے کی اجازت دے دی

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو افغانستان گندم کی ترسیل کے لیے اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ میں بھارت کے ناظم الامور کو بلا کر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ گندم افغانستان بھیج سکتے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق افغان ٹرانسپورٹ کے ذریعے بھارت سےگندم واہگہ کے راستے طور خم جائے گی، بھارت سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کے ساتھ ساتھ ادویات بھی افغانستان جائیں گی۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام انسانی امداد کی سہولت کے لیے حکومتی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے، بھارتی ناظم الامور کو کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں جلد ضروری اقدامات کر لیں۔

    افغانستان کی امداد کیلیے پاکستانی پیشکش پر بھارت خاموش

    واضح رہے کہ چند دن قبل پاکستان کی جانب سے بھارت کو اس سلسلے میں پیش کش کی گئی تھی، تاہم پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت ڈبلیو ایف پی کے ٹرکوں کے ذریعے گندم افغانستان لے جا سکتا ‏ہے، اس سلسلے میں عالمی ادارۂ خوراک نے بھی تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم بھارت بضد تھا کہ سامان بھارتی ٹرکوں کے ذریعے جائے گا۔

  • افغانستان کی منجمد رقم، بڑی خبر سامنے آگئی

    افغانستان کی منجمد رقم، بڑی خبر سامنے آگئی

    جنیوا : عالمی بینک کے بورڈ نے منجمد ٹرسٹ فنڈ میں سے افغانستان کے لیے 280 ملین ڈالر کی امدادی رقم جاری کرنے کی حمایت کردی ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی بینک نے یہ رقم دو امدادی اداروں کو جاری کرنے کی حمایت کی ہے۔

    روئٹرز نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے عالمی فوڈ پروگرام اور چلڈرن فنڈ (یونیسف) کو  منجمد فنڈز سے 280 ملین ڈالر کی رقم جاری کی جائے گی تاہم اس کے لیے عالمی بینک کے افغانستان کی تعمیر نو کے لیے ٹرسٹ فنڈ (اے آر ٹی ایف) سے منسلک 31 ڈونرز کے جانب سے منظوری کی ضرورت ہے۔

    عالمی بینک کے بورڈ ممبران کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا تھا جس میں 1.5 ارب ڈالر کے ٹرسٹ فنڈ میں سے  500ملین ڈالر انسانی امدادی اداروں کو منتقل کرنے کا معاملہ زیر غور آیا تھا۔

    افغانستان کی 39 ملین عوام کو معاشی بدحالی، سردیوں میں خوراک کی کمی اور بڑھتی ہوئی غربت کا سامنا ہے۔

    افغانستان کی صورتحال سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی امداد جاری کرنے سے حالات بہتر ہو سکتے ہیں لیکن امریکی پابندیوں کے باعث عالمی مالیاتی اداروں کے لیے فنڈز کو افغانستان میں منتقل کرنا ہی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

    امریکی حکومت جبکہ کئی بار بینکوں کو یقین دہانی کروا چکی ہے کہ انسانی امداد کی غرض سے رقوم کا لین دین کیا جا سکتا ہے، اس کے باوجود امدادی اداروں کو خوراک اور ادویات جیسی بنیادی اشیا بھی افغان عوام تک پہنچانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

    ٹرسٹ فنڈ میں سے کسی بھی امدادی ادارے کو رقم منتقل کرنے کے لیے تمام ڈونرذ کی جانب سے منظوری کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ امریکہ اس فنڈ کا سب سے بڑا ڈونر ہے۔

  • یورپی یونین نے طالبان حکومت کیلیے بڑی مشکل کھڑی کردی

    یورپی یونین نے طالبان حکومت کیلیے بڑی مشکل کھڑی کردی

    برسلز : افغانستان کی نئی طالبان حکومت کے قیام کے بعد اسے مختلف ممالک کی جانب سے تسلیم کرانے کی کوششیں جاری ہیں اس سلسلے میں یورپی یونین نے طالبان حکومت کو مشکل میں ڈال دیا۔

    اطلاعات کے مطابق یورپی یونین نے کسی بھی حالت میں طالبان کو تسلیم نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے، اس حوالے سے یورپی یونین کے کمیشن کے صدر اورسولا فون درلین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں سماجی اور اقتصادی بحران پر قابو پانے کی کوشش کی جانی چاہیے اور افغانستان میں طاقت کے بل پر بننے والی طالبان کی حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔

    EU upset by Taliban government reveal - Global Village Space

    یورپی یونین کے کمیشن کی صدر کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب سنیچر کے روز سے قطر کے شہر دوحہ میں طالبان، امریکہ اور یورپی یونین کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک رپورٹ میں افغانستان کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان میں لاکھوں افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

    اس عالمی ادارے کی رپورٹ میں بیرونی امداد کی معطلی، حکومت افغانستان کے سرمایوں کے منجمد ہونے نیز طالبان کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں نے ملک کو غربت و افلاس کی انتہا پر پہنچا دیا ہے اور افغانستان ایک شدید معاشی بحران میں داخل ہوتا جا رہا ہے۔

    European Union Threatens Taliban With "Isolation" If Seizes Power

    ایمنسٹی انٹرنیشنل نے عالمی اداروں پر افغانستان کے خلاف پابندیاں کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کو انسانی المیہ کا سامنا ہے اور افغانستان کے موجودہ بحران کے پیش نظر اس ملک میں کئی ملین افراد کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو کروڑ اٹھائیس لاکھ افغان شہریوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے جو افغانستان کی آبادی کا نصف حصہ ہیں اور دس لاکھ افغان بچےغذائی قلت کا شکار ہو چکے ہیں۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے ہر ماہ بیس کروڑ ڈالر کی انسان دوستانہ مدد درکار ہے۔

    اس سے قبل طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بھی ایک خط میں امریکی کانگرس پر زور دیا تھا کہ وہ افغان عوام کے اثاثوں کو آزاد کرے جبکہ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ مغربی ممالک افغانستان میں جان بوجھ کر اقتصادی بحران پیدا کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ طالبان نے15 اگست کو افغانستان کا کنٹرول سنبھالا اور7 ستمبر کو عبوری حکومت تشکیل دی۔

  • پاکستان  کا افغانستان کو جان بچانے والی ادویات عطیہ کرنے کا اعلان

    پاکستان کا افغانستان کو جان بچانے والی ادویات عطیہ کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان نے افغان وزیرصحت کی درخواست پر افغانستان کو جان بچانے والی ادویات عطیہ کرنے کا اعلان کردیا اور افغان مریضوں کی سہولت کیلئےبارڈر پر ڈاکٹرز تعینات کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر جہاد پاکستان پہنچے ، جہاں انھوں نے حکومتی اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

    ملاتوں میں افغان وزیرصحت نے جان بچانے والی ادویات کی درخواست کی ، جس پر پاکستان نے افغانستان کو جان بچانے والی ادویات عطیہ کرنےکااعلان کر دیا۔

    پاکستانی حکام نے کہا کہ مریضوں کو پاک افغان بارڈرپرسہولیات کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

    افغان وزارت صحت نے اسپتالوں کوفعال بنانے کیلئے حکومت پاکستان سے درخواست کی ، ڈاکٹرقلندرجہاد نے کہا پاکستان افغان ٹیکنیشنز،نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو تربیت فراہم کرے۔

    پاکستانی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ افغانستان کی درخواست پر صحت کے شعبے میں مدد کریں گے، افغان عوام کو صحت کی سہولیات کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنا لیا ہے۔

    پاکستانی حکام نے مزید کہا کہ افغان مریضوں کی سہولت کیلئےبارڈر پر ڈاکٹر زتعینات کر دیےگئے ، افغان وفد صحت کے شعبے میں مزید مدد حاصل کرنے کے لئے قطر روانہ ہوگیا ہے ،افغان ہیلتھ منسٹر وفد سمیت دو ہفتے بعد پھر پاکستان آئیں گے۔

  • افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے اثرات خطرناک ہوں گے: اقوام متحدہ

    افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے اثرات خطرناک ہوں گے: اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ نے افغانستان میں بینکاری اور مالیاتی نظام پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے معاشی اور سماجی اثرات خطرناک ہوں گے۔

    اقوام متحدہ نے افغانستان میں بینکاری اور مالیاتی نظام پر رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مالیاتی اور بینکنگ ادائیگی کا نظام درہم برہم ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ افغان عوام کی جانب سے قرض ادائیگی میں ناکامی سے مالیاتی نظام تباہ ہوا۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغان بینکنگ سسٹم بچانے کے لیے مختصر مدت کے لیے ضروری لیکیوڈٹی یقینی بنائی جائے۔ افغان بینکنگ سسٹم ناکارہ ہو جائے تو کئی دہائیاں ٹھیک ہونے میں لگیں گی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے معاشی اور سماجی اثرات خطرناک ہوں گے، افغانستان کے بینکوں کو سہارا دینے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

  • افغانستان کے 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں ہی فروخت

    افغانستان کے 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں ہی فروخت

    بیجنگ: چین میں افغانستان کے چلغوزوں کی مقبولیت نے ریکارڈ قائم کر دیا، 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں ہی فروخت ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان سے چین پہنچنے والے 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں ہی فروخت ہو گئے، چین برآمد ہونے والے یہ چلغوزے آن لائن فروخت کیے گئے۔

    واضح رہے کہ چین افغانستان سے سینکڑوں ٹن چلغوزے درآمد کر چکا ہے اور وہاں چلغوزوں کی طلب میں بےتحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔

    افغانستان میں چینی سفیر وانگ یو نے ٹوئٹر پر لکھا کہ افغانستان سے اب تک چلغوزوں کی 10 فلائٹس چین پہنچ چکی ہیں، جب کہ 26 ٹن چلغوزے چند منٹوں میں ہی آن لائن فروخت ہو گئے۔

    افغانستان کی نئی طالبان حکومت اپنی معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں چین کے ساتھ چلغوزوں اور دیگر ڈرائی فروٹ کی تجارت شروع ہو چکی ہے۔

    چلغوزوں کے سلسلے میں افغانستان اور چین کے مابین باقاعدہ مذاکرات ہوئے تھے، چینی حکومت کی جانب سے جیسے ہی منظوری ملی، بڑی تعداد میں چلغوزوں کی افغانستان سے درآمد شروع ہو گئی، جس کے بعد چینی مارکیٹ میں افغانستان سے درآمد شدہ چلغوزوں کی طلب میں زبردست اضافہ ہو گیا ہے۔

    چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چلغوزوں کے بعد ہماری اگلی ترجیح افغانستان سے ڈرائی فروٹ کی بھی تجارت ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قطر میں افغان وزیر خارجہ نے چینی وزیر خارجہ کو چلغوزوں کا تحفہ پیش کیا تھا۔

  • روس کی جانب سے افغانستان کے لیے کئی طیاروں پر مشتمل بڑی انسانی امداد

    روس کی جانب سے افغانستان کے لیے کئی طیاروں پر مشتمل بڑی انسانی امداد

    کابل: روس سے انسانی امداد کی پہلی کھیپ افغانستان پہنچ گئی۔

    افغان میڈیا کے مطابق روس کی جانب سے انسانی امداد پر مشتمل سامان کی پہلی کھیپ کابل پہنچ گئی۔

    امارت اسلامیہ افغانستان کے حکام نے بتایا کہ 36 ٹن انسانی امداد لے کر 3 کارگو طیارے 18 نومبر بروز جمعرات کابل پہنچے اور ان کے حوالے کر دیے گئے۔

    طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ روسی امداد آٹا، تیل اور کمبلوں پر مشتمل ہے۔

    ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق افغانستان کے لیے روس کی انسانی امداد کُل 108 ٹن پر مشتمل ہے، اور اسے تین مراحل میں کابل پہنچایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ایک کھیپ آج پہنچی، جب کہ باقی دو کھیپ آنے والے دنوں میں افغانستان پہنچیں گی۔

    افغان حکام نے افغان عوام کی جانب سے روسی حکومت کا شکریہ ادا کیا، اور دیگر ممالک سے افغان عوام کے لیے امداد جاری رکھنے کی درخواست کی۔

    چند دن قبل افغانستان کے لیے روس کے خصوصی ایلچی ضمیر کابلوف نے کہا تھا کہ روس کی وزارت دفاع اور صحت افغانستان کے لیے انسانی امداد کی تیاری کر رہی ہے۔

    گزشتہ چند دنوں کے دوران ایران، پاکستان، ازبکستان، چین اور قطر سمیت کچھ ممالک نے افغانستان کو انسانی امداد اور طبی سامان کی فراہمی میں تعاون کیا ہے۔

  • کابل : سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ میں دھماکا

    کابل : سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ میں دھماکا

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے کوتائی سنگی میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    کابل پولیس کے مطابق شاہراہِ سیلو پر سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ کو اس وقت اڑا دیا گیا جب ایک اربن گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔

    پولیس کے مطابق واقعے میں 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے کا ہدف طالبان فورسز نہیں تھیں۔ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔

    واضح رہے کہ رواں برس اگست میں کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے ایک بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں سمیت 150 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

    ماضی میں بھی سردار داؤد ہسپتال کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ 2017 میں داؤد ہسپتال پر ہونے والے ایک حملے میں 30 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی تھی۔

  • بھارت پاکستان کو فائنل میں ملے گا، ہربھجن سنگھ کی ویڈیو مذاق بن گئی

    بھارت پاکستان کو فائنل میں ملے گا، ہربھجن سنگھ کی ویڈیو مذاق بن گئی

    ٹی20ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں افغانستان کی شکست کے بعد بھارت کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں، اب بھارتی ٹیم آج اپنا طے شدہ میچ کھیل کر واپسی کا ٹکٹ کٹوالے گی۔

    اس حوالے سے سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے میچ میں بھارت کی فتح کی امید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب پاکستان کا سامنا بھارت سے ہوگا۔

    تی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ٹو سے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے جنگ اپنے اختتام کو پہنچی ان حالات میں بھارت کی افغانستان سے حیران کن جیت نے جہاں شائقین کرکٹ کو حیران کیا وہیں کچھ چیزوں پر میچ فکسنگ کی باتیں بھی ہوئیں۔

    سوشل میڈیا پر میچ فکسنگ کے حوالے سے چلنے والی خبروں، تجزیوں اور میمز نے بھارتی شائقین کی خوشیوں کا مزہ کرکرا کردیا، جس کے جواب میں بھارتی کھلاڑی بھی میدان میں آگئے۔

    سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے بھارت اور افغانستان کے میچ سے متعلق سوشل میڈیا پر فکسنگ کے الزامات لگانے والے پاکستانی شائقین پر برہمی کا اظہار کیا جس کا سوشل میڈیا پر خوب مذاق اڑایا جا رہا ہے ۔

    ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور ہر کسی نے پاکستان کے کھیل اور بھارت کو شکست دینے پر ان کی تعریف کی۔

    اپنی ایک ویڈیو میں ہربھجن سنگھ نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے ناقدین کو سختی سے متنبہ کیا اور کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ بھارت آپ کو فائنل میں ملے گا۔

    واضح رہے کہ دنیا میں سب سے بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا دعویٰ کرنے والا بھارت چوتھی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی میلے میں سیمی فائنل میں پہنچنے سے قبل ہی باہر ہوگیا۔

    پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم اس کے بعد مسلسل تین مرتبہ پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئی تھی، جبکہ 2014 میں رنر اپ رہی اور 2016 میں سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔

    پانچ سال بعد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کے ورلڈکپ میں بھی بھارتی ٹیم کوئی اچھی پرفارمنس نہیں دے سکی اور سپر 12 کے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئی ہے۔

  • ٹی 20 ورلڈکپ: افغانستان نے ٹاس جیت لیا

    ٹی 20 ورلڈکپ: افغانستان نے ٹاس جیت لیا

    ابوظبی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ٹو کے اہم ترین میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، ٹاس کے بعد کمنٹیٹر نے افغان کپتان کے فیصلے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف آپ نے ٹاس جیت کر انہیں بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس پر افغان کپتان کا کہنا تھا کہ شارجہ میں ‘ڈیو فیکٹر’ کے باعث ایسا کیا مگر کامیابی نہ مل سکی۔

    محمد نبی نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے شرف الدین کی جگہ مجیب زردان کی ٹیم میں شمولیت ہوئی ہے۔

    اس موقع پر کمنٹیٹر نے کہا کہ بھارت میں آپ کی جیت کی دعائیں ہورہی ہیں تو جواب میں محمد نبی کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کرینگے بہترین کھیل پیش کریں۔

    نیوزی لینڈ کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے، کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

    دوسری جانب بھارتی شائقین اور کھلاڑی اب سیمی فائنل میں جانے کیلئے افغانستان کی جیت کی دعا کررہے ہیں ، نیوزی لینڈ میچ جیت کر ایک تیر سےدو نشانےلگاسکتا ہے اور بھارت اور افغانستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سفر تمام کرسکتا ہے۔

    اگر افغانستان آج اپ سیٹ کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو رن ریٹ پر دوسری سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ بھارت اورنمیبیا کےمیچ کےبعد پیر کوہوگا، مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ بھارت نمیبیا کو بڑے مارجن سے شکست دے۔