Tag: Afghanistan

  • پڑوسی ملک میں بم دھماکہ، فائرنگ ، اہم شخصیت سمیت تین افراد ہلاک

    پڑوسی ملک میں بم دھماکہ، فائرنگ ، اہم شخصیت سمیت تین افراد ہلاک

    کابل : افغانستان میں دہشت گردی کے ایک واقعے میں ڈپٹی گورنر سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے، بم دھماکہ دارالحکومت کابل کے نو ویں پولیس ضلع میں ہوا۔

    افغانستان کے دارالحکومت کابل میں آج منگل کو بم دھماکہ اور فائرنگ کے واقعات میں ایک علاقائی ڈپٹی گورنر سمیت کم از کم تین افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

    افغانستان کی وزارت داخلہ کے مطابق کابل صوبے کے نائب گورنر محبوب اللہ محبی اپنی گاڑی میں نصب کئے گئے بم کے دھماکے میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے۔

    وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائیں نے بتایا کہ حملے میں ڈپٹی گورنر محبوب اللہ محبی کے سیکریٹری کی بھی ہلاکت ہوئی ہے جبکہ ان کے دو محافظ زخمی ہوگئے، یہ افسوسناک واقعہ کابل کے نواحی علاقے میکروریان میں پیش آیا۔

    اس حوالے سے کابل پولیس کے سربراہ کے ترجمان فردوس فرمارز نے میڈیا کو بتایا کہ کابل میں ہی ایک اور  واقعے میں بندوق برداروں نے ایک پولیس افسر کو گولی مار کرہلاک اور دوسرے پولیس اہلکار کو زخمی کردیا۔ یہ واقعہ شہر کی پولیس ڈسٹرکٹ نمبر بارہ میں پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں کابل کی صبح کا آغاز بالعموم ٹارگٹ کلنگ، ہلاکتوں، قتل اور بم دھماکوں سے ہورہا ہے تاہم ابھی تک کسی جنگجو گروپ کی جانب سے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

    اس کے عالاوہ گزشتہ ہفتے افغان حکومت کے ایک وکیل کو مشرقی کابل میں اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا جب وہ اپنے دفتر جارہے تھے۔

  • افغان طالبان اور افغان حکومت مذاکرات کا دوسرا دور آج شروع ہوگا

    افغان طالبان اور افغان حکومت مذاکرات کا دوسرا دور آج شروع ہوگا

    دوحہ: افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج دوحہ میں شروع ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں ملا برادر اور طالبان کے مذاکرات کار سے ملاقات کی ہے۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ ملاقات میں افغان امن معاہدے کی اہمیت پر زور دیا گیا، ملاقات میں معاہدے کے تحت طالبان قیدیوں کی رہائی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ادھر آج ملتان میں ایک نیوز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کی نوعیت پر اتفاق ہو گیا ہے، افغانستان میں امن عمل آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان کے کردار کو نہ صرف دنیا بلکہ اب افغان قیادت بھی سراہ رہی ہے۔

    افغان امن معاہدہ، زلمے خلیل زاد نے خبردار کردیا

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ ماضی میں افغانستان پاکستان پر انگلیاں اٹھاتا تھا، آج افغانستان نے 57 ممالک کے سامنے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ ایک طرف طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکرات کا عمل جاری ہے دوسری طرف افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات بھی ہو رہے ہیں، اکتوبر میں زلمے خلیل زاد نے ایک ٹویٹ میں متنبہ کیا تھا کہ طالبان اور افغان سیکورٹی فورسز کے درمیان جاڑی جھڑپوں سے امن معاہدے کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے کوششوں کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے اور پُر تشدد کارروائیوں میں کمی لانی چاہیے، افغان رہنماؤں کو ماضی کی غلط فہمیوں سے سبق سیکھنا چاہیے، امید ہے فریقین کی جانب سے پر تشدد کارروائیوں میں کمی لائی جائے گی۔

  • کابل  میں 23 راکٹ حملے، 8 افراد جاں بحق، پاکستان کی شدید مذمت

    کابل میں 23 راکٹ حملے، 8 افراد جاں بحق، پاکستان کی شدید مذمت

    کابل/اسلام آباد: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 23 راکٹ حملوں میں 8 افراد جاں بحق، جب کہ 31 زخمی ہو گئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق آج کابل میں مختلف مقامات پر ہوئے دھماکوں اور راکٹ حملوں کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہو گئے۔

    افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں نے راکٹ ایک چھوٹے ٹرک پر لادے تھے، اس بات کا پتا لگانے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ گاڑی سیکورٹی کے نوٹس میں آئے بغیر شہر کے اندر کیسے آگئی۔انھوں نے کہا کہ حملہ آج صبح کیا گیا جس میں رہائشی علاقوں میں مارٹر فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئی ہیں۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک راکٹ ایران کی ایمبیسی کے کمپاؤنڈ میں بھی گرا، سفارت خانہ ایران میں گرنے والے راکٹ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    طالبان نے کہا ہے کہ حملہ ان کی جانب سے نہیں کیا گیا، حملے میں 3 پولیس اہل کار بھی جاں بحق ہوئے، جب کہ 11 زخمی ہوئے۔

    واضح رہے کہ یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو دوحہ میں طالبان مذاکرات کاروں سے امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوشش میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

    پاکستان نے کابل میں راکٹ حملوں کی شدید مذمت کی ہے، دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملوں میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے، ہم متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کی افغان امن عمل کے لیے کوششیں آگے بڑھ رہی ہیں، ایسے وقت میں امن خراب کرنے والوں سے چوکنا رہنا ہوگا، پاکستان دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان نے کہا ہم افغانستان کے عوام کی مکمل حمایت اور ان کے ساتھ بھرپور اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔

  • افغانستان اور عراق سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ

    افغانستان اور عراق سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے افغانستان اور عراق سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے، رواں سال دسمبر تک افغانستان اور عراق سے2500 فوجی واپس آجائیں گے۔

    اس حوالے سے امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ افغانستان سے 2ہزار اور عراق سے 500 فوجی واپس بلائے جارہے ہیں، افغانستان میں اس وقت 4500 اور عراق میں3000 امریکی فوجی تعینات ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک سے امریکی فوجیوں کی کمی کا فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیا ہے، دوسری جانب سینئر ملٹری کمانڈرز نے افغانستان سے فوجیوں کی کمی کے فیصلے کی مخالفت کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک نے ٹرمپ کے فیصلے کی مخالفت کی ہے اس کے علاوہ سینٹریل کمانڈ کے سربراہ جنرل میک کینزی کی جانب سے بھی ٹرمپ کے اس فیصلے کی مخالفت کی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے امریکی کمانڈرز کا کہنا ہے کہ افغانستان سے افواج میں کمی کا فیصلہ موسم گرما تک مؤخر کیا جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا کے نئے قائم مقام وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا القاعدہ کو شکست دینے کے لیے پُرعزم رہا ہے اور القاعدہ کو شکست دینے کے قریب ہے لیکن اب ایک گمبھیر صورتحال ہے جہاں ہم قیادت سے معاون کے کردار میں آرہے ہیں۔

    وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا تھا کہ جنگوں کا خاتمہ سمجھوتا اور ساتھ مانگتا ہے، ہم نے چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے اور اپنا سب کچھ دیا،اب گھر واپسی کا وقت ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ہفتے ایک روزہ دورہ افغانستان متوقع

    وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ہفتے ایک روزہ دورہ افغانستان متوقع

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ہفتے ایک روزہ دورہ افغانستان متوقع ہے ،عمران خان کا یہ دورہ  انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا آئندہ ہفتے ایک روزہ دورہ افغانستان متوقع ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم افغان صدر کی دعوت پر افغانستان کا دورہ کررہے ہیں تاہم دورے کی تاریخ سیکیورٹی وجوہات پر پبلک نہیں کی جارہی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ افغانستان آئندہ ہفتے کے بیچ میں ہوگا، دورے کے دوران عمران خان افغان امن عمل، دوطرفہ تعلقات پر بات کریں گے اور یہ دورہ انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہوگا۔

    یاد رہے رواں سال ستمبر میں وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کےدرمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا جس میں پاک افغان تعلقات کومضبوط بنانےاورافغان امن عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کےدرمیان ٹیلیفونک رابطہ

    وزیراعظم نےافغان امن عمل میں پاکستان کی مستقل حمایت کایقین دلاتے ہوئے کہا تھا کہ مثبت کوششوں سےامریکاطالبان امن معاہدہ، انٹراافغان مذاکرات کا آغاز ہوا۔

    وزیراعظم نے دوحہ میں انٹرا افغان مذاکرات شروع کرنےکے اقدامات کی تعریف کی اور جنگ بندی اور تشدد میں کمی کیلئےتمام افغان جماعتوں کے کردارکی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ تمام افغان اسٹیک ہولڈرزکوتاریخی موقع سےفائدہ اٹھاناچاہیے۔

    وزیراعظم نےافغانستان کےدورےکی دعوت پرصدراشرف غنی کاشکریہ اداکیا، وزیراعظم عمران خان نےکہاوہ جلدافغانستان کادورہ کریں گے۔

  • کابل میں یونیورسٹی پر حملہ، 25 افراد ہلاک

    کابل میں یونیورسٹی پر حملہ، 25 افراد ہلاک

    کابل : افغانستان کے  دارالحکومت کابل میں  مسلح افراد نے یونیورسٹی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے۔

    اب تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق افغانستان میں کابل یونیورسٹی پر اُس وقت مسلح افراد نے حملہ کردیا جب وہاں ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب میں افغان اور ایرانی حکام موجود تھے، حملے کے نتیجے میں‌ 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق فائرنگ کی آواز سُن کر طلبا میں بھگدڑ مچ گئی اور طلبا نے جامعہ کی عقبی دیوار پھلانگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ حملے کے وقت یونیورسٹی میں ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب جاری تھی۔ تاحال ہلاکتوں اور زخمیوں سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے تاہم ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کتاب کی رونمائی کی تقریب میں ایران اور افغان کے اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔ حملے کی اطلاع کے بعد ایمبولینسوں کو کابل یونیورسٹی میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔

    یونیورسٹی میں حملہ عین اس وقت پیش آیا جب کابل یونیورسٹی میں ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب جاری تھی اور اس اہم تقریب میں ایران اور افغانستان کے حکام شریک تھے۔

    رپورٹ کے مطابق  اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے

  • ٹریفک حادثہ میں زخمی معروف کرکٹر دوران علاج جاں بحق

    ٹریفک حادثہ میں زخمی معروف کرکٹر دوران علاج جاں بحق

    کابل : افغانستان کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی نجیب تراکئی جو گزشتہ دنوں ٹریفک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے آج دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کرکٹ ٹیم کے معروف کھلاڑی 29 سالہ نجیب تراکئی خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کوما میں چلے گئے تھے۔

    افغانستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کھلاڑی نجیب ترکئی کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، بورڈ حکام نے ان کی موت پر اپنے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔

    نجیب اللہ ترکئی کے ساتھ چند روز قبل صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد میں ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس میں شدید زخمی ہوگئے تھے انہیں زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپننگ بلے باز کے انتقال پر کرکٹ سے پیار کرنے والے افغان شہریوں کے دل ٹوٹ گئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نجیب ترکئی نے 2014 میں ہونے والے ایشیا کپ میں ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے اپنا پہلا میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلا تھا جب کہ انہوں نے ٹو ٹوئنٹی میچز میں بھی حصہ لیا تھا۔

    واضح رہے کہ اوپنر نجیب ترکئی نے ایک ون ڈے اور 12 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں افغان ٹیم کی نمائندگی کی اور ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں 21 کی اوسط سے 258 رنز اسکور کررکھے ہیں۔

  • ویزا پالیسی تبدیل: افغانیوں کو پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا

    ویزا پالیسی تبدیل: افغانیوں کو پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کے لیے ویزا پالیسی تبدیل کردی، افغانیوں کو اب پاکستانی سرحد پر ویزا ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ویزا پالیسی تبدیل کردی، افغانیوں کو کابل میں پاکستانی سفارتحانے کے چکر لگانے سے نجات مل گئی، اب انہیں سرحد پر ویزا ملے گا۔

    نئی ویزا پالیسی کے تحت قیام اور ویزا کی مدت اور اندرج کی تعداد کو بھی بدل دیا گیا۔ سفارت اور کونسل خانہ ایک سال کے لیے وزٹ ویزا ملٹی پل انٹریز کے ساتھ جاری کرے گا۔

    افغان شہریوں کو 5 سال کے لیے بزنس ویزا بھی مل سکے گا جو پاکستان میں قابل توسیع ہوگا، افغان طلبا ایک سال کے بجائے اپنی تعلیم کے پورے عرصہ کے لیے ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں طور خم بارڈر پر مریضوں کو 6 ماہ تک کا ویزا دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان سے تجارت کرنے والوں کے لیے بارڈر مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغان امن عمل کامیاب ہوا تو خطے میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے مواقع ہیں، افغان راہداری تجارت کی سہولت کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

  • ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، افغان عوام اس دن کا انتظار کر رہے تھے: وزیر اعظم

    ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، افغان عوام اس دن کا انتظار کر رہے تھے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ آخر کار ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، اس دن کا انتظار افغان عوام کئی سالوں سے کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان 40 سال سے تنازعات اور خوں ریزی سے دوچار رہا ہے، پاکستان نے بھی افغان تنازعات کا خمیازہ بھگتا، دہشت گردی، قیمتی جانوں کا ضیاع اور بھاری معاشی نقصان اٹھایا گیا۔

    انھوں نے بیان میں کہا کہ اب ہماری مشترکہ کوششیں رنگ لے آئی ہیں، انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز ہو رہا ہے، افغان عوام کئی برسوں سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے، میں روز اوّل سے کہہ رہا ہوں کہ افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، واحد راستہ مذاکرات اور سیاسی تصفیہ ہی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا پاکستان نے افغان امن عمل کو آسان بنانے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے، اپنے حصے کی ذمہ داری کو پورا کرنے پر ہم خوشی محسوس کر رہے ہیں، اب افغان رہنما اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

    انھوں نے کہا افغان قیادت مل کر تعمیری انداز میں کام کریں، کوشش کریں کہ وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے کو محفوظ بنایا جا سکے، افغان حکام کی زیر قیادت یہ مفاہمتی عمل افغانستان، علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا ہم امید کرتے ہیں تمام فریق اپنے اپنے وعدوں کا احترام کریں گے، فریقین کو تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدم رہنا ہوگا، ہم مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے بلا جھجک پُر عزم رہیں گے، پاکستان امن اور ترقی کے اس نتیجہ خیز سفر میں اپنا کردار ادا کرے گا، ہم افغان عوام کے ساتھ مکمل حمایت اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

  • کابل : افغانستان کی پہلی خاتون فلم ڈائریکٹر پر قاتلانہ حملہ

    کابل : افغانستان کی پہلی خاتون فلم ڈائریکٹر پر قاتلانہ حملہ

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں معروف افغان اداکارہ اور ہدایت کار صبا سحر جو نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگئی تھیں، 20 گھنٹے کوما میں رہنے کے بعد ہوش میں آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کی پہلی فلم ڈائریکٹر اور اداکارہ 44 سالہ صبا سحر قاتلانہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہو گئی تھیں انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج کوما میں چلی گئی تھیں جس کے 20 گھنٹے بعد بدھ کی صبح اُنہیں ہوش آیا۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق تین نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے صبا سحر کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ کار میں سوار تھیں ان پر تین اطراف سے فائرنگ کی گئی۔

    ان کے ہمراہ اُن کا ڈرائیور اور دو محافظ بھی تھے، فائرنگ سے وہ اور ان کے محافظ بھی زخمی ہو ئے جب کہ بیٹا اور ڈرائیور محفوظ رہے، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    صبا سحر کے شوہر ایمل ذکی نے میڈیا بتایا ہے کہ صبا کے پیٹ میں چار گولیاں لگیں جس کے بعد وہ کوما میں تھیں اور تقریباً20 گھنٹے بعد انہیں ہوش آیا ہے، اُن کے بقول صبا کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

    صبا سحر فلم ڈائریکٹر اور اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ تربیت یافتہ سینئر پولیس افسر بھی رہ چکی ہیں، وہ اب تک کئی دستاویزی اور فیچر فلمیں بنا چکی ہیں۔

    صبا 10 سال سے زائد عرصے سے محکمۂ پولیس میں خدمات انجام دیتی آ رہی ہیں اور حال ہی میں ان کا تقرر صنفی امور کی نگرانی کرنے والی خصوصی پولیس فورس میں کیا گیا تھا۔