Tag: Afghanistan

  • ’’افغان شہری مجھے قتل کردے گا‘‘ خاتون کی مدد کی اپیل

    ’’افغان شہری مجھے قتل کردے گا‘‘ خاتون کی مدد کی اپیل

    ڈبلن: آئرلینڈ میں بیوی نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ مجھے افغانی نژاد شوہر سے بچائیں بصورت دیگر میرا قتل بھی ہوسکتا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان سے متعلق رکھنے والے شوہر نے اپنی آئرش بیوی کو حاملہ ہونے کی حالت میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اسے جیل کی سزا ہوگئی تھی۔

    تاہم اب وہ اپنی سزا پوری کرکے واپس آچکا ہے جس کے باعث اس کی بیوی کو تشویش ہے کہ وہ اسے قتل نہ کردے۔ سینان نامی خاتون کا کہنا ہے کہ میں اب بھی اس سے محبت کرتی ہوں لیکن اس نے ابھی تک اپنی روش نہیں بدلی ہے۔

    متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اسے متعدد بار بری طرح پیٹا گیا، مذکورہ شخص کی آئرلینڈ میں موجودگی دیگر خواتین کے لیے بھی خطرہ ہے، اسے فوری طور پر افغانستان دوبارہ ڈی پورٹ کیا جائے۔

    افغان شہری کو 2017 میں ڈبلن کورٹ نے تین سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم اب وہ اپنی سزا پوری کرکے واپس آچکا ہے، اور مسلسل سوشل میڈیا کی ذریعے اپنی بیوی سے دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

    تشدد کے باعث آئرش خاتون کی ناک کی ہڈیاں ٹوٹی تھیں جبکہ چہرہ بھی شدید متاثر ہوا تھا۔

  • اشرف غنی دوبارہ صدر منتخب، پاکستان کی مبارک باد

    اشرف غنی دوبارہ صدر منتخب، پاکستان کی مبارک باد

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ اشرف غنی کو افغانستان کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں، پاکستان نے اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام میں برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک میں مذہبی تاریخی اور روایتی تعلقات ہیں، پاکستان افغان بھائیوں کے بہتر مستقبل کیلئے دعاگو ہے۔

    ’’امید ہے اس کڑے وقت میں افغان قیادت بصیرت کے ساتھ آگے بڑھے گی، امید ہے افغان قیادت الزام تراشی کے بجائے ملکی مفاد میں فیصلے کرے گی۔ طالبان اور امریکا معاہدے نے انٹرا افغان مذاکرات کی راہ ہموار کی ہے‘‘

    امریکی ثالثی ناکام، افغانستان میں بہ یک وقت 2 صدور نے حلف اٹھا لیا

    دفترخارجہ کے مطابق افغانستان میں پائیدارامن اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان ذمہ داری سے امن عمل اور 19سالہ جنگ کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان اور افغانستان میں افغانوں کے ذریعے سیاسی حل کا حامی ہے، ایسا افغانستان چاہتے ہیں جو اپنے اور ہمسایوں کیلئے پر امن ہو۔

    پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ ہم افغان بھائیوں کے بہتر مستقبل کیلئے دعاگو ہیں، امید ہے اس کڑے وقت میں افغان قیادت بصیرت کے ساتھ آگے بڑھےگی، امید ہے افغان قیادت الزام تراشی کے بجائے ملکی مفاد میں فیصلے کرے گی۔

    کابل، اشرف غنی کی تقریب حلف برداری کے دوران راکٹ حملہ

    واضح رہے کہ صدارتی امیدوار اور گزشتہ دور کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے افغانستان کے انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے خود کو ملک کا صدر قرار دیا ہے۔

    دوسری جانب آج جہاں ایک جانب کابل کے صدارتی محل ارگ میں نومنتخب صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری جاری تھی تو قریب ہی واقع سپیدار محل جو کہ پہلے افغانستان کے چیف ایگزیکٹو کا دفتر تھا اس میں عبداللہ عبداللہ نے بھی صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔

  • افغانستان سے اتحادی فوج کا انخلاء رک سکتا ہے، امریکی سیکریٹری دفاع

    افغانستان سے اتحادی فوج کا انخلاء رک سکتا ہے، امریکی سیکریٹری دفاع

    واشنگٹن : امریکی سیکریٹری دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ افغان معاہدہ شرائط پر مبنی ہے، طالبان اور افغان حکومت میں سیاسی پیشرفت نہ ہوسکی تو ہماری فوج کا انخلا بھی رک سکتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے امریکی میگزین واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، مارک ایسپر نے کہا کہ امریکہ طالبان معاہدے پر عملدرآمد ہوا تو کچھ ماہ میں8600فوجی واپس بلالیں گے. افغان معاہدہ شرائط پر مبنی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں امریکی سیکریٹری دفاع نے کہا کہ طالبان اور افغان حکومت میں سیاسی پیشرفت بہت ضروری ہے، اگر دونوں فریقین میں سیاسی پیشرفت جاری رہی تو امریکا اور اتحادی 2021تک مکمل انخلا کرلیں گے اور اگر پیشرفت کا یہ سلسلہ رک  جاتا ہے تو بصورت دیگر ہماری فوج کا انخلا بھی رک سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ دوحہ میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ افغانستان سے غیرملکی افواج اٹھارہ ماہ کے اندر واپس چلے جائیں گی۔

    جنگ بندی کے حوالے سے آئندہ چند روز ميں شيڈول طے کرليا جائے گا، غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنگ بندی کے بعد طالبان افغان حکومت سے براہ راست بات کریں گے۔

    مزید پڑھیں : طالبان اور امریکہ کے درمیان طویل عرصے بعد جنگ بندی کا معاہدہ طے

    خیال رہے کہ اب تک افغانستان میں جاری جنگ کے دوران 2 ہزار 4 سو امریکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ سال2001 سے افغانستان میں جاری جنگ میں اب ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان میں امریکی فوج کی موجودگی کی ضرورت پر تذبذب کا شکار ہیں۔

  • کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    کرونا وائرس ایران سے افغانستان پہنچ گیا، 3 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

    کابل: دنیا بھر کو خوف میں جکڑ لینے والا کرونا وائرس ایران کے بعد افغانستان بھی پہنچ گیا، افغان صوبے ہرات میں کرونا وائرس کے 3 مریضوں کی تصدیق کردی گئی۔

    افغان وزارت صحت کے ایک اہلکار احمد امیر نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کردی ہے کہ افغان صوبے ہرات میں 3 افراد میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

    اہلکار کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد ایران سے واپس آئے تھے۔ ایرانی شہر قم سے، جہاں کرونا سے اب تک 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، مزید 36 افراد افغانستان واپس آئے ہیں، گو کہ ان میں کرونا کی علامات نہیں پائی گئی تاہم انہیں حفظ ماتقدم کے طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    کرونا وائرس کیس سامنے آنے کے بعد ہرات میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ایرانی شہر قم میں کرونا وائرس سے صرف 3 روز میں 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 43 تک جا پہنچی ہے، ترجمان وزارت صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قم میں کام کرنے والے چینی مزدوروں کی وجہ سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

    14 ایرانی شہروں میں تعلیمی ادارے اور سنیما، سب ویز، کیفے اور فوارے تک بند کر دیے گئے ہیں جبکہ قم میں تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    ایران نے بھی اپنے تمام سرحدی علاقوں اور متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور محکمہ صحت، ڈاکٹرز اور عملے کو الرٹ کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں بڑھتی مریضوں کی تعداد پڑوسی ملکوں کو متاثر کر سکتی ہے، ایران سے متحدہ عرب امارات واپس جانے والے جوڑے میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ قم سے لبنان پہنچنے والی 45 سالہ خاتون بھی کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔

    سعودی عرب نے اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے ایران کا سفر کرنے پر پابندی لگا دی جبکہ عراق، ترکی اور پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کردیں۔

    ایران سے واپس پاکستان آنے والے زائرین کی سرحد پر سخت اسکریننگ کی جارہی ہے۔

  • افغان مسئلے کے حل کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، شاہ محمود قریشی

    افغان مسئلے کے حل کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان مسئلے کے حل کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، خطے میں امن اور مفاہمتی عمل کے لئے پاکستان اپنی مثبت کوششیں جاری رکھے گا۔

    یہ بات انہوں نے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے اہم ملاقات کی۔

    شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ آمد پر زلمے خلیل زاد کا خیرمقدم کیا، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور افغان امن عمل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کےحل کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، افغان امن ومفاہمتی عمل کےلئے پاکستان مثبت کوشش جاری رکھے گا، افغان مہاجرین کی مرحلہ وار واپسی، وسائل اور وقت کا تعین ہوگا۔

    امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کی دیکھ بھال اور امن کی کوششوں کی تعریف کی۔،

  • افغان طالبان اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا

    افغان طالبان اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا

    واشنگٹن: افغان طالبان اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا نے کہا ہے کہ پُرتشدد کارروائیوں میں کمی کے لیے امریکا طالبان معاہدہ طے ہو گیا ہے، معاہدے کے تحت طالبان ایک ہفتے تک پُرتشدد کارروائیوں میں کمی لائیں گے۔

    امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے 7 روزہ جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان مسئلے کا حل سیاسی ہے، معاملے پر پیش رفت ہوئی ہے۔

    اس معاہدے کے بعد پُرتشدد کارروائیوں میں کمی پر مذاکرات اگلے مرحلے میں داخل ہوں گے، معاہدے کے ذریعے امریکی فوج کی خاصی تعداد میں واپسی کی راہ ہم وار ہوگی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدہ جاری رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ طالبان نے جو یقین دہانی کرائی ہے اس کی پاس داری کی جائے۔

    امریکا جنگ بندی پیش کش کا جواب دے ورنہ مذاکرات سے نکل جائیں گے

    میونخ میں افغان صدر اشرف غنی اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ملاقات میں افغان امن مذاکرات اور افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، نیٹو سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ طالبان کو تشدد میں کمی اور مذاکرات کے لیے نیت ظاہر کرنے کی ضرورت ہے، دیرپا افغان امن کے لیےانٹرا افغان مذاکرات ہونے چاہئیں۔ خیال رہے کہ افغان طالبان اور امریکا میں گزشتہ ایک سال سے جاری مذاکرات کا مقصد افغانستان میں 18 سال سے جاری جنگ کا خاتمہ ہے۔

    یاد رہے کہ تین دن قبل دوحہ میں افغان طالبان نے امریکا کو دھمکی دی تھی کہ جنگ بندی کی پیش کش کا جواب دیا جائے ورنہ مذاکرات سے نکل جائیں گے، طالبان نے امریکا کو 7 روز کے لیے جنگ بندی کی پیش کش کی تھی۔ طالبان کا کہنا تھا کہ عارضی جنگ بندی کا جلد جواب نہ دیا گیا توامن مذاکرات سے نکل جائیں گے، مذاکرات ختم کرنے کا انتباہ طالبان کے چیف مذاکرات کار عبدالغنی برادر نے دیا تھا۔

    افغان طالبان کی جانب سے افغانستان میں 7 روز کے لیے پرتشدد کارروائیاں بند کرنے کی پیش کش کا مقصد فریقین کے درمیان مذاکرات کے تحت حتمی معاہدے کی طرف بڑھنا ہے۔ اس سے چند روز قبل عبدالغنی برادر نے افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمایندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کی تھی، طالبان قطر دفتر کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں امریکا اور طالبان کے مابین مذاکرات اور مستقبل کے اقدامات پر بات ہوئی تھی۔

  • افغانستان میں جنگ بندی کیلئے طالبان نے پہل کردی

    افغانستان میں جنگ بندی کیلئے طالبان نے پہل کردی

    کابل: افغان طالبان نے امریکا کو مختصر جنگ بندی کی تجویز پیش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے امریکا کو مختصر جنگ بندی کی پیش کش کی ہے جس کا مقصد فریقین کے درمیان مذاکرات کے تحت حتمی معاہدے کی طرف بڑھنا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طالبان جنگ بندی چاہتے ہیں تاکہ فریقین مذاکرات کی میز کے ذریعے کوئی حتمی معاہدہ طے کریں اور افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوسکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کے ایک سینئر رہنما نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ یہ جنگ بندی 7 سے 10 دن تک کی ہوسکتی ہے۔ تاہم طالبان رہنماؤں اور امریکی انتظامیہ نے اب تک اس معاملے کی تصدیق نہیں کی۔

    ڈرون حملے کے بعد طالبان کا امریکی فوج پر حملہ

    بین الاقوامی تعلقات عامہ پر نظر رکھنے والے سینئر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے یہ آفر خوش آئند ہے۔ امریکا کے مثبت جواب سے فریقن کے درمیان مذاکرات کی فضا مزید خوشگوار ہوگی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ایرانی جنرل قاسیم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امریکا ایران کشیدگی پر طالبان کا اہم بیان سامنے آیا تھا، طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کشیدگی سے افغان امن عمل نہ متاثر ہوگا اور نہ ہی کوئی منفی اثر پڑے گا۔

    طالبان اور امریکا امن مذاکراتی عمل کے حوالے سے سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ طالبان، امریکی وفد کے درمیان مذاکرات آخری مراحل میں پہنچ گئے ہیں، طالبان اور امریکا نے امن معاہدے کو فائنل کرلیا ہے تاہم دستخط ہونا باقی ہے۔

  • افغانستان میں اغوا ہونے والے پاکستانی شہری کو رہا کردیا گیا

    افغانستان میں اغوا ہونے والے پاکستانی شہری کو رہا کردیا گیا

    اسلام آباد: پاکستانی سفارتخانے کی کوششیں رنگ لے آئیں، افغانستان میں گزشتہ روز اغوا ہونے والے سعید اللہ کو رہا کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں گزشتہ روز اغوا ہونے والے پاکستانی شہری سعید اللہ کو رہا کردیا گیا، سعید اللہ کو گزشتہ روز افغان این ڈی ایس نے کابل سے اغوا کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے نے معاملہ افغان وزارت خارجہ کے ساتھ اٹھایا تھا جس کے بعد سعید اللہ کی باحفاظت واپسی ممکن ہوسکی ہے۔

    واضح رہے کہ افغان خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کا پاکستانی شہریوں کے اغوا کا یہ تیسرا واقعہ تھا، پاکستانی سفارت خانے نے افغان دفتر خارجہ کے ساتھ معاملہ اٹھادیا۔

    مزید پڑھیں: افغانستان سے ایک اور پاکستانی اغوا

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں افغانستان میں پاکستانی طالب علم کو اغوا کرلیا گیا تھا، ڈاکٹر وقار کو خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اہلکاروں نے حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا اور پولیس مقدمہ درج کرنے سے بھی انکار کررہی تھی۔

    پولیس کا مؤقف تھا کہ ڈاکٹر وقار خفیہ پولیس کے پاس ہے لہٰذا مقدمہ درج نہیں کیا جاسکتا، پاکستانی حکام نے یہ معاملہ افغان وزارت خارجہ کے ساتھ اٹھا دیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی5اکتوبر کو ایک پاکستانی انجینئر کو این ڈی ایس کے اہلکاروں نے اغوا کیا تھا، پاکستانی حکام انجینئر کی بازیابی کیلئے افغان حکام سے مسلسل رابطے میں تھے۔

  • پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری، قونصلیٹ کھول دیا گیا

    پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری، قونصلیٹ کھول دیا گیا

    اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری آگئی، دونوں ممالک کے درمیان قربتیں بھی بڑھنے لگی ہیں، پشاور میں افغان قونصلیٹ کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں 55 روز بعد قونصلر سروسز بحال ہوچکے اور ویزا کا اجرا بھی شروع کردیا گیا ہے، جبکہ پشاور میں افغان قونصلیٹ کھول دیا گیا۔

    پاکستان نے سفارت کاروں اور عملے کو ہراساں کرنے پر 3نومبر کو قونصلر سیکشن بند کیا اور سفارتی مشن نے غیر معینہ مدت تک ویزہ کا اجرا بھی بند رکھنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکام نے ہراساں کرنے کے واقعات پر قابوپانے کی یقین دہانی کرائی۔ جبکہ سفارتکاروں کو ہرممکن تحفظ دینے کا بھی دعویٰ کیا ہے، پاکستانی سفارت خانہ روزانہ افغان شہریوں کو بغیر فیس3 ہزار ویزے جاری کرتا ہے۔

    افغان سفارتخانے کا پاکستانیوں کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ

    ویزا اجرا کے آغاز سے افغان شہریوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

    خیال رہے کہ رواں سال نومبر میں افغانستان میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیا جارہا تھا، جبکہ کئی مرتبہ پاکستانی سفارت کاروں کی گاڑیوں کو زبردستی روک کر انہیں واپس سفارت خانے جانے کو کہا گیا۔

    پاکستانی حکام کی طرف سے اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کو ایک وڈیو کلپ بھی جاری کی گئی تھی جس میں افغان حکام پاکستانی ڈپٹی ہیڈ آف دی مشن حسن وزیر اور ایک اور سفارت کار کی گاڑی کو روکتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

  • طالبان سے مذاکرات کی بحالی کے لیے اہم پیشرفت

    طالبان سے مذاکرات کی بحالی کے لیے اہم پیشرفت

    کابل: افغان طالبان سے دوبارہ مذاکرات کی بحالی سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد افغانستان پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منظرنامے پر زلمے خلیل زاد کا دورہ افغانستان اہم سمجھا جارہا ہے جس کا مقصد طالبان کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانا ہے، امریکی نمائندہ خصوصی اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق زلمےخلیل زاد افغان صدر اشرف غنی سے خصوصی ملاقات کریں گے اور ملک کی حالیہ سیکیورٹی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا، نمائندہ خصوصی ٹرمپ کا موقف افغان حکام کے سامنے رکھیں گے۔

    کابل : افغان طالبان کا حملہ : سیکیورٹی فورسز کے 23 اہلکار ہلاک ہوگئے

    خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک خفیہ طور پر افغانستان کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے امریکی فوجیوں سے ملاقاتیں کیں اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملے، اس دوران بھی طالبان سے دوبارہ بات چیت شروع کرنے پر زور دیا گیا۔

    جبکہ ٹرمپ نے طالبان سے مذاکرات کے لیے رضا مندی ظاہر کردی ہے۔

    ادھر افغان طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، دو روز قبل افغانستان کے وسطی صوبے غزنی میں افغان طالبان کے حملے میں افغان نیشنل آرمی کے 23اہلکار ہلاک ہوئے تھے تاہم افغان وزارت دفاع نے 23 کے بجائے 9 اہلکار کی ہلاکتوں کی تصدیق کی تھی۔