Tag: Afghanistan

  • افغان صدر کا طالبان کو حکومت سے مذاکرات کا مشورہ

    افغان صدر کا طالبان کو حکومت سے مذاکرات کا مشورہ

    کابل: افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو ملکی حکومت سے مذاکرات کا مشورہ دیتے ہوئے ملاقات کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان حکام چاہتے ہیں کہ طالبان ان سے بھی مذاکرات کرہیں جبکہ طالبان شروع دن سے ہی حکومت سے مذاکرات کرنے سے انکاری ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان افغان حکومت کو ایک کٹھ پتلی ریاست قرار دیتے ہیں، ان کے مطابق اشرف غنی ان کے کہنے پر کام کرتے ہیں جن کے وہ غلام ہیں۔

    افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ایک مرتبہ پھر طالبان کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب افغانستان میں امن کے لیے صحیح وقت ہے۔

    کابل میں یورپی یونین انسداد دہشت گردی کانفرنس میں اشرف غنی نے کہا کہ حقیقت پر مبنی امن کے لیے گزشتہ 18 برس میں ٹھیک وقت نہیں تھا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر یہ وقت ہاتھ سے نکل گیا تو نقصان کی ذمہ داری بڑی ہوگی۔ اشرف غنی نے طالبان اور افغان حکومت کے دوران دوطرفہ مذاکرات پر زور دیا۔

    کابل : طالبان کا مارٹر گولوں سے حملہ، چودہ افراد ہلاک اور 30 زخمی

    ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے خلاف ہیں، تاہم مذاکرات کے ذریعے تحفظات دور کیے جاسکے ہیں، جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ حال ہی میں طالبان نے دوحہ میں افغانستان کے بااثر شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں، تاہم مذکورہ مذاکرات سے متعلق اب تک کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی مکمل تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

  • قربانی کے جانور افغانستان غیر قانونی طریقے سے لے جانے پر پابندی عائد

    قربانی کے جانور افغانستان غیر قانونی طریقے سے لے جانے پر پابندی عائد

    پشاور : پشاور ہائی کورٹ نے قربانی کے جانور افغانستان غیر قانونی طریقے سے لے جانے پر پابندی عائد کردی اور صوبائی و وفاقی حکومت سمیت پولیس کو نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں قربانی کے جانور کے غیر قانونی ایکسپور سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت جسٹس ابراہیم اور جسٹس عبدالشکور نے کی۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سکندر شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے ، دوران سماعت وکیل یاسرخٹک نے عدالت کو بتایا کہ مویشیوں کی مصنوعی مہنگائی پیدا کی جارہی ہے اور بڑے جانور افغانستان لے جائے جارہے ہیں تاکہ لوگ قربانی نہیں کرسکیں۔

    اس موقع پر جسٹس ابراہیم نے ریمارکس دئیے کہ جس طرح کے حالات ہیں عید پر بڑے مرغ حلال کریں۔

    پٹیشنر نے کیس میں پرنٹ کے ذریعے جانوروں کے افغانستان لے جانے پر پابندی لگانے کی استدعا کی، دلائل سننے کے بعد عدالت نے جانوروں کے افغانستان  غیر  قانونی کاروبار پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے صوبائی و وفاقی حکومت سمیت پولیس کو نوٹس جاری کردیا۔

    درخواست گزار اشفاق خلیل نے عید الضحی پر قربانی کے جانور کے غیر قانونی ایکسپورٹ کیخلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

  • دوحہ مذاکرات میں جمیلہ افغان خواتین کی آواز بن گئیں

    دوحہ مذاکرات میں جمیلہ افغان خواتین کی آواز بن گئیں

    دوحہ: قطر میں طالبان اور افغان رہنماؤں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں حقوق نسواں کے لیے جدوجہد کرنے والی جمیلہ افغان خواتین کی آواز بن گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمیلہ ایک ویمن رائٹس ایکٹوسٹ ہیں جو افغانستان میں خواتین کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک اور تعلیم سے دوری پر سماج سے لڑتی آرہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمیلہ قطری دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں افغان رہنماؤں کے ساتھ شریک ہیں، جس کا مقصد فریقین کی توجہ خواتین کے مسائل اور حق تلفی کی طرف مبذول کرانا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمیلہ کا کہنا تھا کہ اس مذاکرات میں شرکت سے قبل افغان صوبے غزنی میں ایک خود کش حملے کی خبرموصول ہوئی، اس حملے میں میرے گھر کے افراد بھی زخمی ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ حملے کی خبر ملتے ہی ان کی آنکھیں نم ہوگئیں، موجودہ صورت حال سے نکالنے کے لیے مذاکرات بہت ضروری ہے، لڑائی مسئلے کا حل نہیں، اس طرح کوئی نہیں جیت سکتا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کا اب سوچنے کا انداز تبدیل ہورہا ہے، وہ افغانستان میں خواتین کے حقوق کے لیے بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

    افغان امن عمل: طالبان کے مذاکراتی وفد میں خواتین بھی شامل

    یاد رہے کہ رواں سال اپیرل میں ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ برائے پناہ گزین انجلینا جولی نے افغان امن مذاکرات میں خواتین کے کردار کو ایک بار پھر ناگزیر قرار دیا تھا۔

    افغان امن مذاکرات میں خواتین کی نمائندگی ناگزیر ہے: انجلینا جولی

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہزاروں افغان خواتین امن مذاکرات میں اپنی عدم شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کرچکی ہیں کہ طالبان سے مذاکرات میں اُن کے اور اُن کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن کون ہوگا۔

  • کابل : طالبان کا مارٹر گولوں سے حملہ، چودہ افراد ہلاک اور 30 زخمی

    کابل : طالبان کا مارٹر گولوں سے حملہ، چودہ افراد ہلاک اور 30 زخمی

    کابل : طالبان نے افغانستان کے صوبے فریاب میں مارٹر گولوں سے حملہ کردیا، حملے میں چودہ افراد ہلاک اور 30زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان کی جانب سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں، افغانستان کے شمالی صوبے فریاب کی مارکیٹ میں طالبان کی جانب سے مارٹر گولے فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک اور بچوں سمیت 30 زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فریاب کے پولیس سربراہ کے ترجمان عبدالکریم یورش کا کہنا تھا کہ ‘گزشتہ روز بھی خواجہ سبز پوش ضلع میں سیکیورٹی پوسٹ کے نزدیک حملہ کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مارٹر گولے حکومت کی جانب سے فائر کیے گئے تھے۔

    دریں اثناء غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی فرا اور ہرات میں طالبان کے علیحدہ حملے میں18افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے افغانستان کے سیکیورٹی اہلکاروں پر روزانہ کی بنیاد پر حملے کیے جارہے ہیں۔

    تین روز قبل بھی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طالبان کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور سو سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے اس سے ایک روز قبل افغان طالبان کے جنگجوؤں نے جنوبی افغانستان میں قائم ضلعی سینٹر پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 8 الیکشن ورکرز سمیت 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • کرکٹ ورلڈکپ 2019: افغانستان اور ویسٹ انڈیز آج مدمقابل ہوں گے

    کرکٹ ورلڈکپ 2019: افغانستان اور ویسٹ انڈیز آج مدمقابل ہوں گے

    لیڈز: آئی سی سی ورلڈکپ 2019 میں مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، آج افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ کے 42 ویں میچ میں آج افغانستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    افغانستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک 8 میچز کھیل چکی ہے اور اسے تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، پوائنٹس اسکورننگ ٹیبل پرافغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پرہے۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم اب تک 8 میچز کھیل چکی ہے جس میں وہ ایک ہی میچ جیت سکی اور 6 میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، 3 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اسکورننگ ٹیبل پر نویں نمبر پر ہے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے 10 ٹیمیں ایونٹ میں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کرنے کے بجائے تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلیں گی۔

    ایونٹ میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، بھارت، پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان شامل ہیں۔

    آئی سی سی ورلڈکپ کے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل اور سیمی فائنل سے قبل تمام ٹیمیں 9،9 میچز کھیلیں گی جن میں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی، 14 جولائی کو فائنل کھیلا جائے گا۔

  • افغان امن عمل، جرمنی نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

    افغان امن عمل، جرمنی نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

    برلن: افغانستان میں مستقل قیام امن اور طالبان سے مذاکرات کے لیے جرمنی نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزير خارجہ ہائيکو ماس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جرمنی افغان امن عمل میں ہرممکن اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے برلن میں ملاقات کی اس دوران افغان مسئلے پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے افغانستان ميں انسانی حقوق سميت اقليتوں اور عورتوں کی صورت حال ميں بہتری پر روشنی ڈالی۔

    اس موقع پر ہائیکو ماس کا مزید کہنا تھا کہ جرمنی قطر کے ہمراہ مذاکرات کے ماحول کو سازگار بنانے کے ليے تيار ہے، جس پر ہم منصب نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    طالبان اور امريکی نمائندگان کے درميان بات چيت کا اگلا دور آج سے دوحہ ميں شروع ہو رہا ہے، امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ مذاکرات دور فیصلہ کن نتیجہ نکالے گا۔

    امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا چھٹا مرحلہ گذشتہ ماہ دوحہ میں مکمل ہوا تھا، امن مذاکرات میں جنگ بندی کے اعلامیے پر خصوصی بات چیت کی گئی تھی۔

    امریکا، افغان طالبان مذاکرات کا چھٹا مرحلہ آج دوحہ میں ہوگا

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ امریکی واچ ڈاگ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان کی حکومت امن کے لیے تیار نہیں ہے جب کہ طالبان کے معاشرے میں دوبارہ انضمام تک ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

    واچ ڈاگ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی اعلیٰ قیادت کو طالبان کے معاشرے میں دوبارہ انضمام کے لیے باقاعدہ حکمت عملی کا تعین اور بد عنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات اور منشیات کے مسئلے سے نمٹنا پڑے گا۔

  • سیمی فائنل میں رسائی کی جنگ، پاکستان آج افغانستان سے ٹکرائے گا

    سیمی فائنل میں رسائی کی جنگ، پاکستان آج افغانستان سے ٹکرائے گا

    لیڈز: آئی سی سی ورلڈکپ کے سیمی فائنل راؤنڈ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم آج افغانستان سے ٹکرائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنا آٹھواں میچ افغانستان کے خلاف (آج) لیڈز کے مقام پر کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

    قومی کرکٹ ٹیم عالمی کپ میں ایک اور اہم میچ آج افغانستان کے خلاف کھیلے گی، ٹاپ فور کا مضبوط امیدوار بننے کے لیے پاکستان ٹیم کولیڈز میں کھیلا جانے والا میچ جیتنا لازمی ہے۔

    لیڈز میں پاکستانی ٹیم افغانستان سے ٹکراکر وارم اپ کا بدلہ چکانے کے لیے پرعزم ہے، ٹیم میں حسن علی یا حسنین کی شرکت متوقع ہے۔

    افغانستان کے خلاف اس اہم میچ کے لیے قومی ٹیم نے حکمت عملی تیار کرلی، افغانستان کو پیس اٹیک سے قابو کیا جائے گا، جبکہ منیجمنٹ لیڈز کی وکٹ کو دیکھتے ہوئے عماد وسیم کی جگہ فاسٹ بولر محمد حسنین یا حسن علی کو شامل کرنے پر غور کررہی ہے۔

    دوسری جانب سابق پاکستانی کرکٹر اور کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم اپنے روایتی انداز میں گر کر اٹھی ہے، مجھے تو ورلڈ کپ میں چیمپئنز ٹرافی جیسی فیلنگ آرہی ہے۔

    اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان کو آسان نہ سمجھیں، وسیم اکرم

    ایک انٹرویو کے دوران وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان اور بنگلادیش کو آسان نہ سمجھیں، قومی ٹیم سیمی فائنل کھیلے کے لیے افغانستان اور بنگلادیش کے خلاف میچز جیتنا ضروری ہیں۔

    خیال ہے کہ قومی ٹیم نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور پریکٹس کی، سیمی فائنل میں رسائی کا امکان زندہ رکھنے کے لیے پاکستان کو افغانستان اور بنگلا دیش سے اپنے میچز جیتنے ہوں گے۔

  • اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان کو آسان نہ سمجھیں، وسیم اکرم

    اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان کو آسان نہ سمجھیں، وسیم اکرم

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرنا پڑے گی، عوام کی آنکھوں میں خوشی دیکھ کر بہت اچھا لگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اگلے میچ میں پاکستان کی جیت کے چانسز ہیں لیکن افغانستان اور بنگلادیش کو آسان نہ سمجھیں، قومی ٹیم سیمی فائنل کھیلے کے لیے افغانستان اور بنگلادیش کے خلاف میچز جیتنا ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے چانسز ہیں اس لیے آئندہ میچز میں جیت کے لیے میدان میں اتریں، افغانستان کے پاس کھونے کو کچھ نہیں ہے جبکہ بنگلہ دیش بھی خطرناک ٹیم ہے، اس لیے دونوں ٹیموں کے خلاف جیت ضروری ہے۔

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرنا پڑے گی، ٹیم پہلی گیند سے ہی گیم پر کنٹرول رکھے ہوئے تھی اور کھلاڑی صبح سے ہی مطمئن اور پراعتماد اور خوش لگ رہے تھے، پاکستان کی جیت کا جشن دیکھ کر لگ رہا ہے کہ برمنگھم نہیں لاہور میں بیٹھے ہیں، شائقین کا جوش دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں، آج عوام کی آنکھوں میں خوشی دیکھ کر بہت اچھا لگا، سارے پاکستانی باہر نکل کر جشن منارہے ہوں گے۔

    ورلڈ کپ 2019، پاک افغان میچ کون جیتے گا؟ وزیر خارجہ کا دل چسپ تبصرہ

    سابق کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم ٹاس ہاری لیکن ہمت نہیں ہاری، عامر نے آتے ہی وکٹ لی، پھر شاہین نے زبردست اسپیل کیا، وہ بھرپور انداز میں واپس آچکا ہے، کپتان نے وکٹوں کے پیچھے شاندار کیچز لیے، محمد حفیظ تجربہ کار بیٹسمین ہیں، پارٹ ٹائم بولر کو آتے ہی چھکے چوکے نہیں مارنا چاہیں۔

    شاہین شاہ آفریدی کی شاندار کاکردگی پر وسیم اکرم نے کہا کہ شاہین آفریدی نئے گیند سے وکٹ لینے والا بولر ہے، اسے تسلسل سے کھلائیں، یہ پاکستان کا مستقبل ہے۔

  • افغان صدر دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

    افغان صدر دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

    اسلام آباد: افغان صدر اشرف غنی دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، دورے میں وہ صدر ڈاکٹرعارف الرحمان علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان صدر لاہور کا دورہ بھی کریں گے جہاں ایک بزنس فورم سے خطاب کریں گے فورم میں پاکستان اور افغانستان کی کاروباری شخصیات شرکت کری گے۔

    یہ افغان صدر کا اسلام آباد کا تیسرا دورہ ہے، وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر کے درمیان ایک غیررسمی ملاقات رمضان المبارک میں مکہ میں ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں ہوئی تھی۔

    پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کافی عرصے سے کشیدہ ہیں ۔ جس کی وجہ افغانستان سے پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے ہیں۔

    پاکستان سے بھاگے ہوئے کئی دہشت گرد اس وقت افغانستان میں پناہ لئے ہوئے ہیں، اسلام آباد کئی بار ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرچکا ہے، مگر کابل نے اس پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔

    پاکستان افغان سرحد کے ساتھ باڑ بھی لگارہا ہے جس پر افغان فورسز کی جانب سے مزاحمت کی جارہی ہے اور اسے روکنے کے لئے کئی بار حملے بھی کئے جس میں پاک فوج کے کئی جوان شہید ہوچکے ہیں۔

    امریکا اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں بھی پاکستان کا اہم کردار رہا ہے، دونوں فریقین میں تمام بات چیت قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے ہیں اور اگر مزید مذاکرات ہوئے تو وہ بھی قطر میں ہی ہوں گے۔

    امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی تین روز قبل ہی پاکستان کا دورہ کرکے واپس گئے ہیں، ان کے فورا بعد اب افغان صدر اشرف غنی اسلام آباد آرہے ہیں، اس لئے اس دورے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

  • طالبان کو یقین دہانی کرادی ہے کہ ہم غیرملکی فوج نکالنے کو تیار ہیں: مائیک پومپیو

    طالبان کو یقین دہانی کرادی ہے کہ ہم غیرملکی فوج نکالنے کو تیار ہیں: مائیک پومپیو

    کابل: امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ طالبان کو یقین دہانی کرادی ہے کہ ہم غیرملکی فوج نکالنے کو تیار ہیں، امید ہے طالبان سے یکم ستمبر تک افغان امن سمجھوتہ طے پاجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرخارجہ کا کابل میں افغان قیادت سے ملاقاتوں کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حقیقی پیشرفت حاصل کرلی ہے، سمجھوتے کا مسودہ بھی تیار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغان امن سمجھوتے کے سلسلے میں پاکستان کا کردار اہم ہے، امریکا مذاکرات کے نتائج سے متعلق ہدایات نہیں دے سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے افغان سرزمین اب دوبارہ دہشت گردی کا مرکز نہیں بنے گی، توقع ہے دہشت گردوں کو اب افغانستان میں محفوظ ٹھکانے نہیں ملیں گے۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو افغانستان کے غیر اعلانیہ دورہ پر ہیں، اس دوران انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔

    افغان فورسز اور طالبان کے درمیان چھڑپیں، 80 جنگجو ہلاک متعدد زخمی

    خیال رہے کہ امریکی وزیرخارجہ نے یہ دورہ ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب طالبان اور امریکی حکام کے مابین امن بات چیت کا ساتواں دور انتیس جون کو دوحہ میں ہونا طے ہے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم دہشت گردی کے واقعات بھی رک نہ سکے، گذشتہ روز افغانستان میں ملکی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 80 شدت پسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔