Tag: Afghanistan

  • امریکا افغانستان میں اپنی جنگی حکمت عملی تبدیل کرنے لگا

    امریکا افغانستان میں اپنی جنگی حکمت عملی تبدیل کرنے لگا

    واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکا اپنی جنگی حکمت عملی تبدیل کررہا ہے، جس کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان سے متعلق اپنے دیے گئے بیان میں جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے افغانستان میں مقامی فوجیوں پر حملے کیے جارہے ہیں اسی تناظر میں جنگی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

    امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ افغان فوج کو گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ ہلاکتوں کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود وہ جنگی کارروائیوں میں شریک ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے افغانستان کے صوبے بغلان میں طالبان نے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 30 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    افغانستان میں فورسز کی چوکیوں پر طالبان کا حملہ، 30 اہلکار ہلاک

    واضح رہے کہ چند روز قبل افغانستان میں شدت پسندوں کی جانب سے دو دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغان صوبے فریاب میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر 73 طالبان ہلاک جبکہ 31 زخمی ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ ماہ روس کی جانب سے ماسکو میں کثیر الملکی مذاکرات کا انعقاد کیا جارہا تھا جس میں طالبان کو مدعو کیا گیا تھا تاہم امریکی اور افغان حکام نے شرکت سے انکار کردیا تھا۔

  • ایشیاکپ: بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے دی

    ایشیاکپ: بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے دی

    دبئی: ایشیاکپ 2018 کے آج کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو تین رنز سے ہرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو تین رنز سے شکست دی، بنگلہ دیش کے محمود اللہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    ابوظہبی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے سات وکٹ پر 249 رنز بنائے، محمود اللہ چوہتر، امرالقیس باہتر اور لٹن داس اکتالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔

    جواب میں مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر 246 رنز بنائے یوں تین رنز کی کمی سے افغان ٹیم میچ نہ جیت سکی، حشمت اللہ نے اکہتر اور محمد شہزاد نے تریپن رنز بنائے۔

    ایشیا کپ:‌ دھون اور شرما کی سنچریاں، بھارت نے پاکستان کو 9 وکٹوں‌سے شکست دے دی

    افغانستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے سات رنز درکار تھے تاہم مستفیض الرحمان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چار رنز دے کر اپنی ٹیم کو تین رنز سے فتح دلائی۔

    علاوہ ازیں آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بھارت نے شیکھر دھون اور روہت شرما کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سب سے اہم ٹاکرے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے اور بھارت کو 238 مجموعے کا ہدف دیا جسے بھارتی ٹیم نے باآسانی حاصل کرلیا۔

  • ایشیا کپ: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی اور افغانی کرکٹرز پر جرمانہ عائد

    ایشیا کپ: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی اور افغانی کرکٹرز پر جرمانہ عائد

    دبئی: آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستان اور افغانستان کے کرکٹرز پر جرمانہ عائد کردیا.

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے دوسرے مرحلے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز میچ کے بعد تین کھلاڑیوں پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں.

    پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی، افغانستان کے کپتان اصغر افغان اور راشد خان آئی سی سی کے ایکشن کی زد میں آگئے، تینوں کھلاڑیوں پر پر میچ فیس کا پندرہ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    یاد رہے کہ حسن علی نے بولنگ کرتے ہوئے افغانستان کے بلے باز حمشت اللہ کی جانب گیند تھرو کی تھی، جس کی وجہ سے میچ میں‌ بدمزگی پیدا ہوئی.

    اسی طرح بلے باز اصغر افغان نے حسن علی کو کندھا مارا تھا، جب کہ افغان لیگ اسپنر راشد خان نے آصف علی کو آؤٹ کرنے کے بعد پویلین جانے کا اشارہ کیا تھا۔


    مزید پڑھیں: پاکستان نےافغانستان کوسنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دیدی

    تناؤ بھرے میچ میں ہونے  والی بدمزگی کا آئی سی سی نے نوٹس لے لیا، اب تینوں کھلاڑیوں کو میچ فیس کا پندرہ فیصد بہ طور جرمانہ ادا کرنا ہوگا.

    واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو جیت کے لیے 258 رنز کا ہدف دے دیا، جسے پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کیا.

  • ایشیا کپ 2018 : بنگلہ دیش کا مقابلہ آج افغانستان سے ہوگا

    ایشیا کپ 2018 : بنگلہ دیش کا مقابلہ آج افغانستان سے ہوگا

    ابوظہبی : ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں آج بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

    افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پہلے ہی سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں اس میچ کا نتیجہ سپر فور مرحلے پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک پانچ ون ڈے کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے بنگلہ دیش نے تین اور افغانستان نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    بنگلا دیش کا ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو عبرت ناک شکست

    یاد رہے کہ رواں ہفتے 15 ستمبر کو ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

    مشفق الرحیم 144 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے، انہیں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

  • افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے‘ ملیحہ لودھی

    افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے‘ ملیحہ لودھی

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ نئی پاکستانی حکومت افغانستان سے تعلقات کواہمیت دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے افغانستان کی صورت حال پر کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنا پہلا دورہ افغانستان کا کیا۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا دورہ افغانستان میں امن کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت افغانستان سے تعلقات کواہمیت دیتی ہے۔

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے، طالبان اورافغان حکومت میں سیزفائرسےامید پیدا ہوئی۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل کی شروعات کے لیے کوششوں کا حامی ہے، افغانستان پاکستان ایکشن پلان جامع مذاکرات کے لیے فریم ورک ہے۔

    ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ داعش، ٹی ٹی پی سے افغانستان ، پڑوسیوں سمیت دنیا کوخطرہ ہے، لچک نہ دکھائی توسیاسی حل کے لیے مذاکرات التوا کا شکارہوسکتے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کی اشرف غنی اور افغان ہم منصب سے ملاقات

    یاد رہے کہ تین روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کابل میں افغان ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے چیلنجز مشترکہ ہیں، مل کر نمٹنا ہوگا۔

  • ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ، افغانستان نے سری لنکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

    ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ، افغانستان نے سری لنکا کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

    ابو ظہبی: ایشیا کپ 2018 کا بڑا اَپ سیٹ کرتے ہوئے افغانستان نے سری لنکا کو 91 رنز سے شکست دے دی، 5 مرتبہ چیمپئن رہنے والا سری لنکا ایشیا کپ سے باہر ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا بڑا اَپ سیٹ کر دیا، پانچ مرتبہ کے چیمپئن کو ایشیا کپ سے باہر کر دیا۔

    افغانستان کی جانب سے جیت کے لیے دیے گئے 250 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری سری لنکن ٹیم 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے 91 رنز سے شکست ہوئی۔

    سری لنکن ٹیم نے آغاز ہی سے مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا، پہلے ہی اوور میں اپنی پہلی وکٹ گنوا دی تھی، دوسری وکٹ کے لیے تھرنگا اور ڈی سلوا کے درمیان 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اوپل تھرنگا 36، دھننجیا ڈی سلوا 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان، گل بدین نائب اور محمد نبی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سری لنکا کی جانب سے تھسارا پریرا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایشیا کپ 2018: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی


    قبل ازیں افغانستان نے ٹاس جیتنے کے بعد کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 249 رنز بنائے، رحمت شاہ 72 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھی سری لنکا کو سخت ہزیمت اٹھانی پڑی جب اس نے بنگال ٹائیگرز کے سامنے 137 رنز سے شکست کھائی۔

  • افغانستان میں خود کش حملہ، 68 افراد ہلاک مزید ہلاکتوں کا خدشہ

    افغانستان میں خود کش حملہ، 68 افراد ہلاک مزید ہلاکتوں کا خدشہ

    کابل: افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد68 تک پہنچ چکی ہے جبکہ سرکاری حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔

    افغان میڈیا کے مطابق ننگر صوبے کے علاقے مہمند درہ میں گزشتہ روز پولیس چیف کو تبدیل کرنے کے لیے مقامی افراد کا احتجاج جاری تھا کہ اسی دوران ایک زور دار دھماکا ہوا۔

    صوبائی گورنر کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خود کش حملہ آور نے مظاہرین کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اب تک 68 افراد ہلاک اور  165 کے قریب زخمی ہیں۔

    دہشت گردی کی کارروائی کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جبکہ ہلاک شدگان اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ آور نے ہجوم میں گھس کر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا تھا۔


    مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان کے متعدد دہشت گرد حملے، 56 افراد ہلاک


    افغان محکمہ صحت کے ڈائریکٹر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں انتہائی نگہداشست وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

    قبل ازیں طالبان نے متعدد افغانستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملے کیے جس کے نتیجے 56 افراد ہلاک ہوئے، عسکریت پسندوں نے مختلف علاقوں پر اپنا قبضہ بھی جمایا۔ افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے قندوز، جوزجان اور سرے پل کے علاقوں میں حملے کیے جس میں فوجی چھاؤنیوں کو نشانہ بنایا۔

  • فٹبال کے ذریعے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم ۔ افغانستان کی خالدہ پوپل

    فٹبال کے ذریعے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم ۔ افغانستان کی خالدہ پوپل

    کابل: ایک ایسا ملک جہاں خواتین کے گھر سے باہر قدم رکھنے کو ’گناہ‘ سمجھا جاتا ہو، وہاں ایک لڑکی کے گھر سے باہر نکلنے، اس کے میدان تک جانے، وہاں فٹبال کھلینے، اور پھر اسے معیوب خیال نہ کرنے کے جرم کو آپ کیا نام دیں گے؟

    آپ چاہے اسے جو بھی کہیں، لیکن افغانستان میں ایسی ہی ایک لڑکی کے لیے ’طوائف‘ کا لفظ استعمال کیا گیا، اور خالدہ پوپل اس لفظ کو سننے کی اس قدر عادی ہوچکی ہیں کہ اب انہیں اس لفظ سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    خالدہ کو یہ لقب ان کے فٹبال کھیلنے کے جرم کی پاداش میں ملا ہے۔ وہ افغانستان میں 2007 میں تشکیل دی جانے والی پہلی خواتین فٹبال ٹیم کی کپتان ہیں اور فی الحال اپنے ملک سے دور جلا وطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

    اپنے بچپن کے بارے میں بتاتے ہوئے خالدہ کہتی ہیں، ’مجھے فٹبال کھیلنے کی تحریک میری والدہ نے دی۔ وہ ایک روشن خیال خاتون تھیں اور انہوں نے ہمیشہ میری غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کی‘۔

    kahlida-2

    خالدہ کو کھیلنے کے لیے فٹبال اور جوتوں کی پہلی جوڑی ان کی والدہ نے ہی اپنی جمع پونجی سے خرید کر دی۔

    اپنے بچپن میں وہ اپنے خاندان کی دیگر لڑکیوں کے ساتھ گھر کے صحن میں ہی فٹبال کھیلا کرتیں۔ لیکن ابھی وہ گھر سے باہر جا کر بلندیوں کی طرف اڑان بھرنے کا سوچ ہی رہی تھیں کہ افغانستان میں طالبان داخل ہوگئے اور ظلم و جہالت کا ایک نیا دور شروع ہوگیا۔

    کھلی فضاؤں میں سانس لینے کی غرض سے خالدہ کچھ عرصہ کے لیے اپنے والدین کے ساتھ سرحد پار کرکے پشاور میں مقیم ہوگئی۔ وہ اس انتظار میں تھے کہ کب طالبان ان کا ملک چھوڑیں اور وہ واپس جا کر نئے سرے سے اپنی زندگی کا آغاز کریں۔

    وطن واپسی کے بعد، جب دارالحکومت کابل میں طالبان کا زور کچھ کم تھا، خالدہ اور ان کی والدہ نے لڑکیوں کے اسکولوں میں فٹبال اور دیگر کھیلوں کے کلب قائم کرنے کی تحریک شروع کی۔ اسکولوں میں ان کلبز کے قیام کے بعد افغانستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سے ملاقات کی گئی اور ان سے خواتین کی فٹبال ٹیم تشکیل دینے کی درخواست کی گئی۔

    مزید پڑھیں: ریو اولمپکس میں شریک پہلی بلوچ خاتون ایتھلیٹ

    خوش قسمتی سے اس وقت کے افغانستان فٹبال فیڈریشن کے صدر کریم الدین کریم نے اس تجویز کو قابل عمل سمجھا اور افغانستان کی پہلی خواتین فٹبال ٹیم تشکیل پائی۔

    اس ٹیم نے جس میں صرف 4 لڑکیاں موجود تھیں، ابتدا میں مالی مشکلات کے باوجود اپنا سفر جاری رکھا۔ ٹیم میں شامل کھلاڑی روشن خیال اور مہذب خاندانوں سے تعلق رکھتی تھیں اور انہیں اپنے والدین اور خاندان کی پوری حمایت حاصل تھی۔ کچھ ایسی بھی تھیں جنہیں فٹبال کا شوق تھا لیکن خاندان سے اجازت نہ ملنے کے باعث وہ اپنے گھروں کو چھوڑ آئی تھیں۔

    افغانیوں کے لیے اس بات کو تسلیم کرنا ذرا مشکل تھا۔

    افغانستان سے طالبان کا کنٹرول ختم ہونے کے باوجود ان کی سوچ لوگوں میں سرائیت کر چکی تھی اور لڑکیوں کا کھیلوں کے شعبہ میں جانا انتہائی برا خیال کیا جاتا تھا۔

    مزید پڑھیں: صنفی تفریق کو للکارتی مصر کی خواتین بائیکرز

    خالدہ پوپل بتاتی ہیں، ’فٹبال کیریئر شروع کرنے کے بعد مجھے اپنے اسکول میں شدید تفریق کا سامنا کرنا پڑا۔ میرے استاد مجھے کلاس سے باہر نکال دیتے تھے صرف اس لیے کیونکہ میں فٹبال کھیلتی تھی۔ مجھے اعتراض تھا کہ اگر مرد فٹبال کھیل سکتے ہیں تو ہم خواتین کیوں نہیں‘۔

    وہ بتاتی ہیں، ’لوگ ہم پر کچرا اور پتھر پھینکا کرتے تھے کیونکہ ہم فٹبال کھیلتی تھیں‘۔

    کچھ عرصہ بعد خالدہ نے فٹبال کو خواتین کی خود مختاری پر آواز بلند کرنے کے لیے علامتی طور پر استعمال کرنا شروع کردیا۔ وہ کہتی ہیں، ’فٹبال میرے لیے خواتین کے ایک بنیادی حق کی حیثیت اختیار کرگیا۔ اگر مرد اس قسم کے چھوٹے چھوٹے فیصلوں میں خود مختار ہیں، کہ انہیں کہاں جانا ہے، کیا بننا ہے، کیا کھیلنا ہے تو خواتین کیوں نہیں‘۔

    k3

    وہ بتاتی ہیں، ’طالبان کے دور میں افغان خواتین بھول گئیں کہ وہ انسان بھی ہیں۔ کیونکہ معاشرے نے انہیں انسان سمجھنا چھوڑ دیا۔ خواتین پر طالبان کے قوانین کی خلاف ورزی پر سرعام تشدد کیا جاتا تو بھلا کون انسان ایسے سلوک کا حقدار ہے‘۔

    سنہ 2011 میں خالدہ نے بے تحاشہ دھمکیوں کے بعد بالآخر افغانستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ اس بارے میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے خاندان اور زندگی کے درمیان ایک چیز کا انتخاب کیا اور ملک اور خاندان کو مجبوراً چھوڑ دیا۔

    اب وہ دنیا بھر میں خواتین کی فٹبال کے لیے کام کر رہی ہیں۔ وہ خواتین کی خود مختاری کے لیے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این وومین سمیت کئی اداروں کی رکن بن چکی ہیں اور اپنی جدوجہد کی داستان سنا کر دنیا کو مہمیز کرتی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں، ’میری آواز دنیا کی ان تمام خواتین کے لیے بلند ہوگی جو ظلم و جبر کی چکی میں پس کر اپنے انسان ہونے کی شناخت بھی بھول چکی ہیں۔ میں پہلے انہیں ان کی یہ شناخت واپس دلاؤں گی اس کے بعد ان کی شخصیت کی تعمیر کرنے میں ان کی مدد کروں گی‘۔

  • افغانستان: طالبان کے متعدد دہشت گرد حملے، 56 افراد ہلاک

    افغانستان: طالبان کے متعدد دہشت گرد حملے، 56 افراد ہلاک

    کابل: افغانستان میں طالبان نے متعدد دہشت گرد حملے کیے جس کے باعث 56 افراد ہلاک ہوئے جبکہ عسکریت پسندوں نے مختلف علاقوں پر قبضہ بھی کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان نے افغان صوبے قندوز، جوزجان اور سرے پل پر دہشت گرد حملے کیے جس کے باعث تقریباً 56 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شدت پسندوں نے صوبہ قندوز، سرے پل اور جوزجان میں تازہ حملے کیے اور فوجی چھاؤنیوں سمیت مختلف علاقوں پر قبضہ بھی کرلیا۔

    افغان حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ حملوں کے نتیجے میں درجنوں سیکیورٹی اہلکاروں کے اغوا ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، حکام نے ان حملوں کو شدید ترین قرار دیا ہے۔

    افغانستان میں فورسز کی چوکیوں پر طالبان کا حملہ، 30 اہلکار ہلاک

    حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد شامل ہے جبکہ جوابی کارروائیوں میں متعدد طالبان جنگجو بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز طالبان جنگجوؤں نے افغانستان کے صوبے بغلان میں فوجی اور پولیس چوکیوں پر حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 30 سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل افغانستان میں شدت پسندوں کی جانب سے دو دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغان صوبے فریاب میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر 73 طالبان ہلاک جبکہ 31 زخمی ہوئے تھے۔

  • خانہ جنگی کے باعث افغانستان میں رواں برس دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے: اقوام متحدہ

    خانہ جنگی کے باعث افغانستان میں رواں برس دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے: اقوام متحدہ

    نیویارک سٹی: اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں جاری خانہ جنگی کے باعث رواں سال دو لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال جنوری سے ستمبر تک افغانستان میں دو لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے کوارڈینیشن دفتر برائے انسانی معاملات نے اپنے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ تیس ہزار وہ افغان شہری ہیں جو صوبہ غزنی میں اگست کے وسط میں ہونے والی لڑائی کی وجہ سے عارضی طور پر بے گھر ہوئے تھے۔

    افغانستان میں ان دنوں طالبان نے حملے بھی تیز کردیے ہیں، قبل ازیں مختلف علاقوں میں جاری تنازعات کے سبب افغانستان میں گزشتہ برس 445,000 سے زائد افراد بے گھر ہوئے تھے۔

    کابل کے ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں 2 دھماکے، 20 افراد ہلاک

    خیال رہے کہ آج افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ریسلنگ ٹریننگ سینٹر میں 2 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    واضح رہے کہ علی الصبح بھی عسکریت پسندوں کی جانب سے افغانستان کے دو مختلف صوبوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے تنیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب افغانستان کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے آج امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کا دورہ کیا، وزیر اعظم عمران خان سمیت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔