Tag: Afghanistan

  • افغانستان زلزلہ: پاک افغان سرحد پر ریسکیو 1122 کی امدادی کارروائیاں

    افغانستان زلزلہ: پاک افغان سرحد پر ریسکیو 1122 کی امدادی کارروائیاں

    لاہور: پاک افغان سرحد پر ریسکیو 1122 کی افغانستان میں زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، شدید زخمیوں کو ایمبولینسز میں پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 نے صوبائی حکومت کے احکامات پر پاک افغان بارڈرز پر اہلکار تعینات کردیے ہیں اور افغانستان میں زلزلہ زدگان کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا ہے کہ انگور اڈہ بارڈر پر آنے والے 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، ریسکیو نے زخمیوں کو شولم اسپتال وانا منتقل کردیا۔

    ڈاکٹر خطیر کے مطابق ریسکیو 1122 نے ضلعی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کے ہمراہ 3 ایمبولینسز خوست روانہ کیں، شدید زخمیوں کو ایمبولینسز میں پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ 22 جون کی رات 6.1 شدت کے زلزلے نے افغان صوبے پکتیکا میں تباہی مچا دی تھی، زلزلے میں اب تک ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے۔

  • گوانتاناموبے جیل سے افغان شہری رہا، امارت اسلامیہ کے حوالے

    گوانتاناموبے جیل سے افغان شہری رہا، امارت اسلامیہ کے حوالے

    چمن: امریکا نے گوانتاناموبے جیل سے افغان شہری کو رہا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان امارت اسلامیہ افغانستان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ امریکا نے افغان شہری اسد اللہ ہارون کو بدنام زمانہ جیل گوانتانامو بے سے رہا کر کے امارت اسلامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کی کوششوں کے نتیجے میں آج ہم گوانتانامو جیل سے اسد اللہ ہارون کی رہائی اور برسوں بعد ان کے خاندان کے ساتھ دوبارہ ملنے کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

    ذبیح اللہ نے کہا ہم اس سلسلے میں زمین ہموار کرنے پر اپنے برادر ملک قطر کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیں گے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ براہ راست اور مثبت بات چیت کے نتیجے میں گوانتانامو بے میں قید 2 قیدیوں میں سے ایک کی رہائی عمل میں آئی ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ آئی ای اے دوسرے ممالک میں زیر حراست افغانوں کی رہائی کو اپنا فرض سمجھتا ہے، اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ کسی بھی ملک میں کوئی افغان مظلوم نہ رہے۔

    ذبیح اللہ نے کہا ہم ان چند ممالک سے رابطے میں ہیں جہاں افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان کی جلد رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

  • شہباز شریف کی ملا حسن اخوند سے فون پر گفتگو، سرحد پر دو کراسنگ پوائنٹس کھول دیے گئے

    شہباز شریف کی ملا حسن اخوند سے فون پر گفتگو، سرحد پر دو کراسنگ پوائنٹس کھول دیے گئے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے افغانستان کے قائم مقام وزیر اعظم ملا حسن اخوند سے ٹیلیفونک گفتگو میں زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق میاں شہباز شریف اور ملا حسن اخوند کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی ہے، جس میں وزیر اعظم پاکستان نے انھیں آگاہ کیا کہ علاج اور آمد و رفت کے لیے پاک افغان سرحد پر غلام خان اور انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھول دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا، اور جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    شہباز شریف نے کہا پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، ہم نے علاج، آمد و رفت کے لیے غلام خان اور انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھول دیے ہیں، آنے والے دنوں میں مزید مدد جاری رکھیں گے۔

    افغانستان زلزلہ، جاں بحق افراد کی تعداد 950 تک جا پہنچی

    شہباز شریف نے افغان قائم مقام وزیر اعظم سے تعاون اور امدادی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، اور سنگین صورت حال کا سامنا کرنے والے افغان عوام کو مدد فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے مؤثر بارڈر مینجمنٹ سے تجارت اور نقل و حرکت کے لیے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

  • افغانستان زلزلہ، جاں  بحق افراد کی تعداد 950 تک جا پہنچی

    افغانستان زلزلہ، جاں بحق افراد کی تعداد 950 تک جا پہنچی

    کابل:افغانستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد نو سو پچاس ہوگئی، خوست اور پکتیا میں دل دہلا دینے والے مناظر سامنے آئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا نے افغانستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے سے 950 افراد کی اموات کی تصدیق ہوگئی ہے، زلزلے سے 600 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی صوبہ پکتیکا میں ہوئی جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔Imageامریکی جیولوجیکل کے مطابق زلزلے کا مرکز خوست شہر سے 27 میل دور تھا اوراس کی گہرائی 31 میل تھی، زلزلے سے کچے مکانات گر گئے اور زمین میں دراڑیں پڑگئیں، زلزلے سے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ آج افغان طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کابل سمیت افغانستان کے مختلف حصوں میں رات گئے6.1شدت کا زلزلہ آیا۔

    پکتیا سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو سو پچپن افراد جاں بحق جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں گھر بُری طرح متاثر ہوئے۔Imageذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ ننگرہار، لغمان،غزنی، میدان وردک، لوگر،خوست میں بھی زلزلےکےجھٹکےمحسوس کیےگئے، زلزلے کے نتیجے میں اب بھی کئی افراد ملبےتلے دبے ہوئے ہیں متاثرہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور پشاور سمیت شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9، گہرائی 40 کلو میٹر تھی، جب کہ زلزلے کا مرکز وسطی افغانستان تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلہ

    شہریوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 30 سے 40 سیکنڈز تک محسوس کیے گئے، تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

    واضح رہے کہ چند روز کے دوران پاکستان میں شدید زلزلے کا دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل جمعے کو بھی وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 5.1 شدت کا زلزلہ آیا تھاجس نے خوف وہراس پھیلا دیا تھا۔

  • افغانستان کو ایک اور شان دار اسپنر مل گیا

    افغانستان کو ایک اور شان دار اسپنر مل گیا

    ہرارے: دنیا کے بہترین لیگ اسپنرز میں شامل راشد خان کے بعد افغانستان کو ایک اور اچھا اسپنر مل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کلائی کے استعمال کے ساتھ اسپن بولنگ کرنے والے کھلاڑی نور احمد نے افغانستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں زبردست انداز میں ڈیبیو کیا ہے۔

    نور احمد کی بولنگ ٹیکنیک لفٹ آرم آرتھوڈاکس اسپن ہے، انھوں نے ٹی 20 کے ایک مقابلے میں زمبابوے کے خلاف 4 اوور میں صرف 10 رنز دیے، اور 4 وکٹیں حاصل کر لیں، ٹیم کی اچھی بولنگ کی وجہ سے ون ڈے کے بعد افغانستان نے ٹی 20 سیریز میں بھی 0-3 سے کلین سوئپ کر لیا ہے۔

    زمبابوے کے خلاف میچ میں افغانستان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹ پر صرف 125 رن ہی بنا سکی تھی، لیکن اس نے اپنے بولرز کی بدولت میزبان زمبابوے کو 90 رن پر روک دیا، اور میچ 35 رنز سے اپنے نام کیا۔

    میچ میں 17 سال کے بائیں ہاتھ کے اسپنر نور احمد کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز ملا، سیریز میں 103 رن بنانے والے نجیب اللہ زادران کو ’پلیئر آف دی سیریز‘ منتخب کیا گیا۔

    ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے زمبابوے نے اچھی شروعات کی تھی، 3 اوور کے بعد اسکور بغیر وکٹ کے 25 رن تھا، لیکن اس کے بعد ٹیم لڑکھڑا گئی اور اسکور 5 وکٹ پر 48 رنز ہوگیا، نور احمد نے مارومنی، کپتان کریگ ایرون، ڈونالڈ تریپانو اور کِلیو کی وکٹیں حاصل کر کے مخالف ٹیم کی جیت کی راہ روک دی۔

    دنیا کے بہترین بولز میں سے ایک لیگ اسپنر راشد خان نے 4 اوور میں صرف 8 رن دیے اور ایک وکٹ حاصل کی، راشد خان ٹی 20 میں 400 سے زیادہ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، اب نور احمد کے طور پر ٹیم کو ایک اور اچھا اسپنر مل گیا ہے۔

    اس مقابلے سے پہلے تک نور احمد نے ایک فرسٹ کلاس میچ میں 4 اور لسٹ اے کے 8 مقابلوں میں 16 وکٹیں حاصل کیں تھیں، ٹی 20 کے 37 میچوں میں انھوں نے 35 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل 12 رن دے کر 3 وکٹ ان کی بہترین کارکردگی رہی تھی، اب انھوں نے ٹی 20 کیریئر میں پہلی بار 4 وکٹیں لی ہیں۔

  • افغانستان اور ایران کا بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان پر سخت رد عمل

    افغانستان اور ایران کا بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان پر سخت رد عمل

    کابل/تہران: افغانستان اور ایران نے بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مذموم ریمارکس کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جنونی انتہا پسندوں کو دین اسلام کی توہین کی اجازت نہ دی جائے۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے جنونی انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی بھی اجازت نہ دی جائے۔

    ایران کی جانب سے بھی بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کی گئی ہے، ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی سفیر کو دفترِ خارجہ بلا کر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

    واضح رہے کہ مودی کا بھارت مسلمانوں کے لیے خطرناک خطہ بن چکا ہے، انتہا پسند مذہب کو کھلے عام سیاست میں بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔

    بھارتی انتہا پسند جماعت بی جے پی کے رہنما بے لگام ہو چکے ہیں، بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے گستاخانہ بیان دیا گیا، جس پر عرب ممالک میں نوپور شرما اور بھارت کے خلاف شدید احتجاج شروع ہو گیا ہے، مختلف عرب ممالک نے بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیا۔

    عمان کے مفتی اعظم کی جانب سے بھارت کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا ہے، کویت میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تصاویر کوڑا دن پر لگا دی گئیں، ادھر بی جے پی نے عرب ممالک کے احتجاج کے بعد نوپور شرما کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

  • پاکستان کی جانب سے افغان سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ

    پاکستان کی جانب سے افغان سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ

    اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سیلاب متاثرین کے لیے خیموں اور راشن پر مشتمل امدادی سامان روانہ کردیا گیا، وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکومت کی جانب سے افغان سیلاب متاثرین کے لیے امدادی پیکج روانہ کردیا گیا، خصوصی سی 130 طیارہ سیلاب زدہ علاقوں کے لیے خیموں اور راشن پر مشتمل امدادی سامان لے کر مزار شریف پہنچ گیا۔

    یہ پہلا طیارہ ہے جس نے نور خان ایئر بیس سے اڑان بھری، طیارے کی روانگی کے وقت افغانستان میں پاکستان کے سفیر، نور خان ایئر بیس پر موجود تھے۔

    دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ افغانستان پہنچ گئی، اس کے بعد مزید امدادی اقدامات کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، عالمی برادری کو اس گھڑی میں افغان عوام کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے۔

  • افغانستان اور آسٹریلیا میں عید منائی گئی

    افغانستان اور آسٹریلیا میں عید منائی گئی

    کابل: افغانستان اور آسٹریلیا میں آج عید الفطر منائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو افغانستان اور آسٹریلیا میں عید مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، افغانستان کے مختلف شہروں میں عید کے اجتماعات ہوئے۔

    افغان میڈیا کے مطابق امیر اسلامی امارت ہبۃ اللہ اخونزادہ نے قندھار میں نماز عید ادا کی اور پہلے آڈیو پیغام کے ذریعے عید کی مبارک باد دی۔ افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے عید الفطر کے خطبے میں گزشتہ 20 سال کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ امارت اسلامیہ کے مخالفین فوجی طاقت استعمال نہیں کر سکتے۔

    افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے عید الفطر کا خطبہ دیا

    خیال رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فلسطین سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کل عید ہوگی، عید آتے ہی بازاروں میں گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔

    تیونس کے بازار جگمگا رہے ہیں، فلسطین کی مارکیٹ میں بھی رونقیں عروج پر ہیں، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی لوگوں کا بازاروں میں رش لگ گیا ہے، ڈھاکا سے ہزاروں افراد اپنوں میں عید منانے کشتیوں کے ذریعے آبائی علاقوں کو روانہ ہو رہے ہیں۔

    سعودی عرب اور یو اے ای میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عید الفطر 2 مئی کو ہوگی

    گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کے بعد مملکت میں عید الفطر 2 مئی بروز پیر کرنے کا اعلان کیا گیا۔

    سعودی سپریم کورٹ نے اپیل کی تھی کہ شہری اپنے طور پر 29 رمضان کی شام شوال کا چاند دیکھنے کی کوشش کریں، شوال کا چاند کھلی آنکھ یا دوربین سے دیکھنے کی کوشش کی جائے، تاہم کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

  • کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، طلبہ سمیت 6 افراد ہلاک

    کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، طلبہ سمیت 6 افراد ہلاک

    کابل: افغان دارالحکومت کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا ہے، دھماکوں میں 6 افراد ہلاک جب کہ 11 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کو افغانستان کے شہر کابل میں 3 دھماکے ہوئے ہیں، دھماکے ٹیوشن سینٹر اور اسکول کے قریب ہوئے، جن میں 8 بچے زخمی ہوئے، دھماکوں کے بعد ہر طرف بچوں کے بیگز اور کتابیں بکھر گئیں۔

    کابل پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ افغان دارالحکومت کے دشت برچی کے نواحی علاقے میں لڑکوں کے اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جہاں دو دھماکوں کے نتیجے میں طالب علموں سمیت کم از کم 6 افراد ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہو گئے۔

    ترجمان خالد زدران نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ کابل کے مغربی علاقے میں عبدالرحیم شاہد ہائی اسکول کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکے ہوئے، بی بی سی کا کہنا ہے کہ دو دھماکے مبینہ طور پر خود کش تھے، جب کہ قریبی ٹیوشن سینٹر کو دستی بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

    فوری طور پر دھماکوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے، داعش کے دہشت گرد ماضی میں اس علاقے پر حملے کر چکے ہیں۔

    ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے اس وقت ہوئے جب طلبہ صبح کی کلاسوں سے نکل رہے تھے۔

  • افغان طالبان کے لیے بڑی خبر، ماسکو میں سفارت خانہ مکمل فعال ہونے کے قریب

    افغان طالبان کے لیے بڑی خبر، ماسکو میں سفارت خانہ مکمل فعال ہونے کے قریب

    چین: روس کی جانب سے ماسکو میں افغان سفارت خانہ مکمل فعال کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں چین میں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی روسی وزیر خارجہ سرگی لاوروف سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کے لیے افغان وزیر خارجہ متقی اس وقت چین میں ہیں، انھوں نے روسی ہم منصب سے ملاقات کی اور عالمی فورمز پر روس کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

    مولوی امیر خان متقی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ماسکو نے افغان سفارت خانے کے لیے مقرر کردہ نئے سفیر کو تسلیم کر لیا ہے۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ اسی طرح ماسکو میں واقع افغان سفارت خانہ بھی مکمل فعال کیا جائے گا۔ انھوں نے گزشتہ دنوں روسی وفد کی کابل آمد کا خیر مقدم کیا اور اسے تعلقات کی بہتری کے لیے اچھا قدم قرار دیا۔

    روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کے حوالے سے فعال کردار ادا کرنا چاہیے اور افغان حکومت کو تسلیم کرنے کا مسئلہ جلد از جلد حل کر دینا چاہیے۔

    سرگی لاوروف کا کہنا تھا افغان عوام سے تعاون ہمارے لیے اہم ہے، افغان سفیر ماسکو آ چکے ہیں، ہماری کوشش ہوگی ماسکو میں افغان سفارت خانہ پوری طرح فعال ہو۔