Tag: afreeqi safeer

  • پاکستان سے تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں،ساؤتھ افریقی سفیر

    پاکستان سے تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں،ساؤتھ افریقی سفیر

    اسلام آباد : پاکستان میں جنوبی افریقہ کے سفیر ایم پینڈ یولو کومالو نے کہا ہے کہ ان کاملک پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

    دونوں ممالک کے مابین متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے، جس سے استفادہ کرنے کیلئے نجی شعبوں کو قریب لانے کی ضرورت ہے۔

    اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل شعبے کے صنعتکاروں کیلئے یہ سنہری موقع ہے کہ وہ جنوبی افریقہ میں اپنے یونٹ لگا کر جنوبی امریکہ سمیت باقی دنیا میں اپنی برآمدات کو بڑھا سکتے ہیں۔

    جنوبی افریقہ معدنیات کے شعبے میں بھی جدید ٹیکنالوجی اور مہارت رکھتا ہے ، لہٰذا پاکستان اس شعبے میں جنوبی افریقہ کے ساتھ تعاون بڑھا کر اپنے قدرتی وسائل سے بہتر استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کے سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے ، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ پاکستانی بزنس مینوں کو جنوبی افریقہ کے ساتھ تجارت بڑھانے کیلئے تعاون فراہم کرے گا۔