Tag: Against inflation

  • "اتنی مہنگائی ہے جی کرتا ہے مرجائیں” شہری پھٹ پڑے

    "اتنی مہنگائی ہے جی کرتا ہے مرجائیں” شہری پھٹ پڑے

    اسلام آباد : موجودہ حکومت ملکی معیشت کے لیے1965 کی جنگ سے بھی زیادہ تباہ کن ثابت ہوئی ہے، پاکستان میں انیس سو پینسٹھ کے بعد مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، لوگوں کا کہنا ہے کہ اتنی مہنگائی ہے جی کرتا ہے مرجائیں۔

    فروری میں سی پی آئی مہنگائی کی شرح اکتیس اعشاریہ پانچ فیصد رہی، ادارہ شماریات کا کہنا ہے فروری میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح اٹھائیس اعشاریہ آٹھ اور دیہی علاقوں میں پینتیس اعشاریہ چھ فیصد رہی۔

    ادارہ شماریات  کی رپورٹ کے مطابق شہروں میں چکن ،خوردنی تیل، گھی، پھل، سبزیاں، دالیں، انڈے، چاول، گندم اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضا فہ ہوا۔

    کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوادیں، مہنگائی سے پسے عوام کا کہنا ہے کہ اتنی مہنگائی میں دل کرتا ہے کہ مرجائیں، انیس سو پیسٹھ کی جنگ کے دور میں بھی اتنی مہنگائی نہیں تھی، جتنی اب ہے، کما کما کر ہاتھوں میں چھالے پڑگئے ہیں لیکن پھر بھی گھر کا خرچ پورا نہیں ہورہا۔

     

  • تحریک لبیک پاکستان نے کل ہڑتال کی کال دے دی

    تحریک لبیک پاکستان نے کل ہڑتال کی کال دے دی

    کراچی : تحریک لبیک پاکستان نے کل 27 فروری بروز پیر کو پورے ملک میں مہنگائی کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔

    اس حوالے سے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعدرضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کل تحریک لبیک کی کال پر ملک بھرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پوری قوم ہمارے ساتھ ہے کل آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں مکمل ہڑتال ہوگی، ملک کا ہرطبقہ سمجھ چکا ہے کہ تحریک لبیک حقوق کی بات کررہی ہے۔

    سعد رضوی نے کہا کہ مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرہڑتال پر مجبور ہوئے، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافہ واپس لیتی تو ہم ہڑتال نہ کرتے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان غریب عوام کے حقوق کے لیے میدان عمل میں آچکی ہے، عوام ہڑتال کو کامیاب بنانے، اپنا حق حاصل کرنے اور مہنگائی سے نجات حاصل کرنے کے لیے تحریک لبیک پاکستان کا ساتھ دے۔

    دوسری جانب ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے کہا ہے کہ پیر 27فروری کو کراچی کی اجناس مارکیٹ، جوڑیا بازار اور اطراف کی دیگر مارکیٹیں کھلی رہیں گی، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کیخلاف احتجا ج میں ضرور شامل ہوں گے لیکن مارکیٹیں بند نہیں کریں گے۔

    یاد رہے کہ قبل ازیں مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی اور کچھ دیگر گروپ بھی احتجاج کرچکے ہیں۔ لیکن کسی نے شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان نہیں کیا تھا۔ جبکہ ان دنوں لاہور میں دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت اجتماعات اور ریلیوں پر پابندی ہے۔

  • پشاور : مہنگائی کیخلاف چیف جسٹس کا بڑا ایکشن

    پشاور : مہنگائی کیخلاف چیف جسٹس کا بڑا ایکشن

    پشاور : چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید خان نے ماہ رمضان میں مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی مہنگے داموں فروخت پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کمشنر پشاور سمیت دیگر ذمہ داران کو احکامات جاری کردیے۔

    چیف جسٹس قیصر رشید خان کے طلب کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل، کمشنر پشاور، سیکریٹری فوڈ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ماہ رمضان میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، غریب آدمی اپنےبچوں کیلئے افطاری تک خرید نہیں سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہاں پر ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی شروع ہوجاتی ہے جس سے ہر چیزمہنگی ہوجاتی ہے، مہنگائی عروج پر ہے لیکن حکومت نام کی کوئی چیز نظرنہیں آرہی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ گوشت 500 سے 800 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے، انتظامیہ کی کوئی کارروائی نظرنہیں آرہی، انتظامیہ کی کارگردگی صرف رپورٹس کی حد تک ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور غریب شہری کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا،
    جس کے جواب میں کمشنر پشاور نے بتایا کہ مہنگی چیزیں بیچنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کررہےہیں۔

    اس کے علاوہ کارروائی کے دوران گراں فروشون کیخلاف 329ایف آئی آر درج اور 20لاکھ سے زائد جرمانہ بھی وصول کیا گیا جبکہ7ہزار دکانوں کو سربمہر کیا،3ہزار سے زائد افراد کو وارننگ دی گئی۔

    چھوٹے موٹے جرمانوں سے کچھ فرق نہیں پڑتا، جومہنگے داموں چیزیں بیچتے ہیں ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، اسمگلنگ ہورہی ہے تواس کو روکیں، پہلے اپنے لوگوں کو چیزیں مہیا کریں۔

  • وزیراعظم کا پیر سے مہنگائی کے خلاف ایکشن پلان پرعمل درآمد کا اعلان

    وزیراعظم کا پیر سے مہنگائی کے خلاف ایکشن پلان پرعمل درآمد کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پیر سے مہنگائی کے خلاف ایکشن پلان پرعمل درآمد کا اعلان کردیا اور کہا اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کرنے کے لئے تمام وسائل کا استعمال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیر سے مہنگائی کے خلاف ایکشن پلان پرعمل درآمد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں کمی کیلئےتمام ریاستی وسائل استعمال کئےجائیں گے، ہم پہلے ہی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کی جانچ کر رہے ہیں، کہ کیا واقعی رسد میں کمی ہے یا مافیاکی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی جارہی ہے ۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یا دالوں اور پام آئل وغیرہ کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتیں اسکی وجہ ہیں، اگلے ہفتے سے ہم اپنی طے شدہ حکمت عملی نافذ کریں گے اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کا آغاز کریں گے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چینی کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی کافیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کریک ڈاون فعال انداز میں ہوگا اور ذخیرہ اندوزوں پرہاتھ ڈالا جائے گا۔

    اجلاس میں مہنگائی کی شرح سمیت مہنگائی میں کمی کے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت اشیائےخوردنوش کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

  • مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ن لیگی اور پی پی رہنماؤں کی پیشگوئی

    مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ن لیگی اور پی پی رہنماؤں کی پیشگوئی

    اسلام آباد : نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی، ملکی معیشت کیلئے کرائے پر لوگ لائے جارہے ہیں، ہمارا دفاعی بجٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس میں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن ارکان حکومت پر برس پڑے۔

    ن لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی موجودہ حکومت کو لے ڈوبے گی ملکی معیشت کیلئے کرائے پر لوگ لائے جارہے ہیں۔

    احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ملکی سلامتی کیلئےخطرہ بن چکی ہیں، ہمارا دفاعی بجٹ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر مہنگائی بم گرا رہی ہے، کسی کے دور حکومت میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جو اس بار ہوئی ہے۔

    اس موقع پر وزیر مملکت حماد اظہر نے اپوزیشن اراکین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی پی دور کے پہلے آٹھ ماہ میں ہم سے زیادہ مہنگائی تھی، یہ دونوں جماعتیں اپنے دور حکومت میں اکیس بار آئی ایم ایف کے پاس گئیں۔

    مزید پڑھیں: پیٹرول قیمتوں پر احتجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی: بلاول بھٹو

    حما داظہر نے مزید کہا کہ یہ لوگ پہلے کہتے تھے آئی ایم ایف کے پاس جاؤ لیکن اب پلے کارڈ اٹھا کر احتجاج کررہے ہیں۔

  • پیرس : مہنگائی کے خلاف مشتعل عوام کا احتجاج جاری، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

    پیرس : مہنگائی کے خلاف مشتعل عوام کا احتجاج جاری، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

    پیرس : فرانس میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج دن بہ دن زور پکڑتا جارہا ہے، سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائروں اور سامان نذر آتش کردیا۔

    غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہزاروں مشتعل افراد بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکسوں اور صدر عمانوایل میکرون کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

    شہر کی سڑکیں جنگ و جدل کا منظر پیش کررہی ہیں، شاہراہ شانزے لیزے پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، جھڑپوں میں300کے قریب افراد زخمی ہوگئے جبکہ مشتعل مظاہرین نے متعدد گاڑیاں بھی نذرآتش کردیں۔

    پیرس پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منشترکرنے کے لئے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا جارہا ہے، تازہ اطلاعات کے مطابق اب تک پولیس نے255مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ نے مظاہرین پر قابو پانے کے لیے تقریباً5000پولیس اہلکار تعینات کیے تھے تاہم ہزاروں مظاہرین کے سامنے پولیس اہلکار بھی بے بس نظر آئے تاہم پولیس نے مظاہرین کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے آنسو گیس کے شیل برسائے اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔