Tag: against-kite-flyers

  • لاہور میں کریک ڈاؤن، 77 پتنگ باز گرفتار، مقدمات درج

    لاہور میں کریک ڈاؤن، 77 پتنگ باز گرفتار، مقدمات درج

    لاہور: پنجاب کے دارالخلافہ لاہور میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ہے جس کے دوران 77 افراد کو گرفتار کر کے سینکڑوں پتنگیں اور چرخیاں برآمد کر لی گئیں۔

    لاہور میں پتنگ کی ڈور سے شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات میں اضافے کے بعد صوبائی انتظامیہ حرکت میں آگئی، شہر کے مختلف علاقوں میں تابڑ توڑ کارروائیاں کرتے ہوئے 77افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ماڈل ٹاؤن ڈویژن سے52 پتنگ باز لاہور کے تھانہ نشترکالونی کی حدود سے14، کوٹ لکھپت3اور کاہنہ سے8پتنگ بازوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق تھانہ اچھرہ میں5،لیاقت آباد11،نصیرآباد میں 4، تھانہ فیصل ٹاؤن میں4،تھانہ غالب مارکیٹ 2اورشادمان میں بھی گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ملزمان کے قبضےسے درجنوں کی تعداد میں پتنگیں اور مانجھے چرخیاں برآمد ہوئی ہیں جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی شہری کو پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں میں ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی بالخصوص اتوار کو بھر پور پتنگ بازی پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

  • نوجوان کی ہلاکت،  لاہور میں  پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    نوجوان کی ہلاکت، لاہور میں پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    لاہور : ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے شہر میں پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا اور کہا پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل نے کئی گھروں کے چراغ گل کئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقہ جات میں پتنگ بازی اور پتنگ سازی پر پابندی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے اگست اور رواں ماہ کے دوران پتنگ بازی کی خلاف ورزی پر 300 مقدمات میں 316 ملزمان گرفتار کئے ہیں، پتنگ ساز فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ سے مکمل کوارڈینشن اور تعاون جاری رہے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل نے کئی گھروں کے چراغ گل کئے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کیلئے دکانداروں سے پتنگوں کی بجائے موت خرید رہے ہیں، والدین کو اپنے بچوں کی پتنگ بازی کے حوالہ سے حوصلہ شکنی کیلئے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

    شہزاد اکبر نے مزید کہا آئندہ پتنگ بازی کرنے والوں کے والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز لاہور کے علاقے شاہدرہ میں گردن پر ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان بلال جاں بحق ہوگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پتنگ بازی پرپابندی کےقانون پرعمل نہ کرانا افسوس ناک ہے‘ عثمان بزدار

    وزیراعلیٰ پنجاب نے بھاٹی گیٹ میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے پراظہارافسوس اور لواحقین سے تعزیت کی اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنزسے رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی پرپابندی کے قانون پرعمل نہ کرانا افسوس ناک ہے، غفلت کے ذمے داروں کا تعین کرکے کارروائی کی جائے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پتنگ بازی پرپابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔