Tag: against-muslims

  • کورونا وائرس : سری لنکا میں متعصب فوج کا مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد

    کورونا وائرس : سری لنکا میں متعصب فوج کا مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد

    کولمبو : سری لنکا میں کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کرانے کے دوران متعصب فوج نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور مسلمانوں کی تذلیل کی جس کی ویڈیو وائرل ہونے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا میں بھی مسلمانوں کے خلاف فوج کا ظالمانہ رویہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں لاک ڈاؤن کے دوران کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کرانے کے دوران فوج نے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا اور ان کی تذلیل کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    اطلاعات کے مطابق سری لنکا میں مسلمانوں کی توہین اور تذلیل پر مبنی ویڈیو وائرل ہونے پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سری لنکا میں لاک ڈاؤن کے دوران کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کرانے کے دوران فوج نے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا اور ان کی تذلیل کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلمانوں کو سڑکوں پر ہاتھ کھڑے کرنے اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جب کہ ایک قصبے میں مسلمان شہریوں کو روڈ پر گھسیٹا بھی گیا۔

    ویڈیوز میں یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ دیگر قومیتوں کے افراد کے ساتھ نرم دلی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور انہیں معمولی تنبیہ کے بعد واپس گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ان ویڈیوز پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید احتجاج کیا تھا۔

    دوسری جانب سری لنکا کی حکومت نے مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے پر فوج کے خلاف انکوائری کا حکم دیدیا ہے، سری لنکن فوج  کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے تمام فوجی اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی جن کے خلاف مسلمان شہریوں پر تشدد کرنے یا غیر اخلاقی سزائیں دینے کے شواہد مل گئے۔

  • بی جےپی مسلمانوں سے سرعام نازیوں کی طرح سلوک کررہی ہے، وزیراعظم

    بی جےپی مسلمانوں سے سرعام نازیوں کی طرح سلوک کررہی ہے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بی جےپی قیادت آرایس ایس سے متاثرہے، بی جےپی مسلمانوں سے سرعام نازیوں کی طرح سلوک کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی کی مسلمانوں کیخلاف ہزرہ سرائی کی سخت مذمت کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی کےمسلم دشمن انٹرویو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا بی جے پی قیادت آرایس ایس کے نظریے سےمتاثرہے اور بھارت کے بیس کروڑ مسلمانوں سے سرعام نازیوں کی طرح سلوک کررہی ہے، نازی اس طرح یہودیوں سےمتعلق بات کرتے تھے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت ہندوتوا کے ایجنڈے کو پروان چڑھانے کیلئے کورونا کی صورت حال کا فائدہ اٹھارہا ہے، عالمی برادری نوٹس لے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم نے کہا تھا کہ بھارت کے حالیہ غیرقانونی اقدام کاتو وقت بھی قابل مذمت ہےکیونکہ مودی سرکاردنیاکی کرونا پرمرکوز توجہ سے ناجائز فائدہ اٹھاتےہوئے  کےہندوبالادستی کےایجنڈے(ہندوتوا)کو آگےبڑھانےکی کوشش کررہی ہے، اقوام متحدہ عالمی برادری بھارت کےہاتھوں سلامتی کونسل کی قراردادوں/عالمی قانون کی مسلسل پامالی روکیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اہلِ کشمیر کیساتھ یک زباں ہوکر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تازہ ترین بھارتی کوشش مسترد کرتے ہیں، پاکستان ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں کو ان کے حقِ خوداردیت کی فراہمی سے انکار کو دنیا کے سامنے عیاں کرتا رہے گا۔

    خیال رہے سبرامنیم سوامی نے ایک انٹرویومیں تمام حدیں پارکرتے ہوئے مسلمانوں کیخلاف کھل کرزہراگلاتھا جبکہ اس سے قبل بھی سبرامنیم سوامی سمیت بی جے پی کے دیگر انتہاپسند رہنما مسلمان مخالف جذبات کو بھڑکاتے اورمسلم دشمنی کامظاہرہ کرتے رہے ہیں۔

  • مذہب اسلام اور مقدس شخصیات کا احترام ملحوظ خاطر رکھا جائے، او آئی سی

    مذہب اسلام اور مقدس شخصیات کا احترام ملحوظ خاطر رکھا جائے، او آئی سی

    نیویارک : اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز مہم پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مہم کی مذمت کی اور کہا مذہب اسلام اورمقدس شخصیات کا احترام کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دین اسلام اورمقدس شخصیات،علامات کا احترام ملحوظ خاطر رکھا جائے۔

    او آئی سی کا کہنا تھا کہ نفرت انگیزمہم میں مسلمانوں کونشانہ بنائے جانے کی شدیدمذمت کرتے ہیں جبکہ گستاخانہ مقابلوں سے اشتعال کی کوششیں انتہائی قابل مذمت ہیں۔

    اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلمانوں کےجذبات کوٹھیس پہنچانے کی سرگرمیوں پر سخت تشویش ہے، مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کے واقعات میں خطرناک اضافہ ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اخلاقی، قانونی ذمہ داری کے ساتھ آزادی اظہار کا استعمال کیا جانا چاہیئے۔

    اجلاس میں قرارداد ترکی اور پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی جبکہ مشترکہ اعلامیے کی تجویز پاکستان اور ترکی کی جانب سے دی گئی تھی۔

    یاد رہے اگست میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نیدر لینڈز کی حکومت سے گستاخانہ حرکت فوری روکنے کا مطالبہ  کیا تھا۔

    او آئی سی کا کہنا تھا  کہ اس حرکت سے دنیا بھر کے ایک ارب 60 کروڑ مسلمانوں کے مذہبی جذبات متاثر ہوئے ہیں، وزیر خارجہ پاکستان نے تنبیہہ کی ہے کہ نیدر لینڈز کے ایک فرد کے عمل سے یورپ کا امن متاثر ہو سکتا ہے۔

    بعد ازاں نیدرلینڈز میں ہونے والا گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کردیا گیا تھا۔