Tag: against plastic bags

  • پلاسٹک بیگز پر پابندی غیر موثر : حکومت اب کیا کرنے جارہی ہے؟

    پلاسٹک بیگز پر پابندی غیر موثر : حکومت اب کیا کرنے جارہی ہے؟

    کراچی : ماحولیاتی آلودگی پیش نظر پلاسٹک کی تھیلیوں پر کئی بار لگائی جانے والی پابندی کے باوجود ملک بھر میں اس کا استعمال مکمل طور پر جاری ہے لیکن اس بار حکومت نے اس مسئلے کو حل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    پاکستان دنیا کے ان128 ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں پلاسٹک سے بنے شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی عائد ہے لیکن قانون پر عمل درآمد کرانے کیلئے حکومتی مشینری ناکام نظر آتی ہے۔

    حکومتی اور عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے نہ صرف چھوٹے دکاندار بلکہ بڑی بڑی مارکیٹوں اور ڈیپارٹمنٹل اسٹوروں میں پلاسٹک بیگز کھلے عام زیر استعمال ہیں۔

    تقریباً دو سال قبل سال2019کے ماہ اگست میں حکومت کی جانب سے اس قانون کا اطلاق کیا گیا تھا جس کے تحت پولیتھین سے بنے پلاسٹک کے تھیلے استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں کورونا وبا کے بعد معاشی صورتحال اور دیگر مسائل نے جنم لیا جس کی وجہ سے یہ معاملہ پیچھے چلا گیا تھا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اب دوبارہ اس مسئلہ کی جانب ہماری مکمل توجہ ہے اور گزشتہ ماہ تمام متعلقہ محکموں اور تاجر برادری کے ساتھ میٹنگ کی ہے اور اس مہم کو دوبارہ شروع کیا جائے گا تاکہ اس مسئلے کا حل نکالا جائے۔

    حمزہ شفقات نے اس بات پر زور دیا کہ اس حوالے سے عوام کے ذہنوں میں شعور اجاگر کرنا ہوگا کہ وہ پلاسٹک کی تھیلیوں کے نقصانات کو سمجھ سکیں۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا ماحول کے تحفظ کیلئے بڑا اقدام

    خیبرپختونخوا حکومت کا ماحول کے تحفظ کیلئے بڑا اقدام

    پشاور : خیبرپختونخوامیں پلاسٹک کےتھیلےبنانےوالوں اورخریدو فروخت کرنےوالوں کیخلاف کارروائی کے دوران 8579کلوگرام تھیلےضبط کرلیے جبکہ  پلاسٹک کےتھیلوں کے66 بڑے مراکز بھی سیل کردیئےگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواحکومت نے ماحول کے تحفظ کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے میں مصنوعی اورپلاسٹک کے تھیلوں کیخلاف بڑا آپریشن کیا۔

    پلاسٹک کے تھیلے بنانے والوں اور خرید و فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ، کارروائی سوات، شانگلہ، بونیر، لوئردیر، اپردیر، مالاکنڈ, چترال اور باجوڑ میں کی گئی۔

    آپریشن کے دوران مالاکنڈ ڈویژن میں8579 کلوگرام تھیلےضبط کرلیےگئے جبکہ مالاکنڈ ہی میں پلاسٹک کے تھیلوں کے 66 بڑے مراکز بھی سیل کردیئے۔

    کارروائی میں لوئردیر اور مالاکنڈ میں تھیلے بنانے والے 3 کارخانے بھی سربمہر کر دیےگئے۔

    یاد رہے اس سے قبل بھی وزیراعلیٰ کے پی کی ہدایت پر پولیس اور متعلقہ ادارے نے پشاور کے علاقے ٹاؤن تھری میں چھاپہ مار کر پلاسٹک بیگز تیار کرنے والی 2 بڑی فیکٹریوں کو سیل کردیا تھا جبکہ شہرمیں پلاسٹک بیگزکےتمام ہول سیل ڈیلرزکے اسٹورز بندکردیئےگئے۔

    حکومتی اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ضلع سوات، کوہاٹ، چارسدہ، ملاکنڈ میں بھی پلاسٹک بیگز کی فروخت کرنے والے ہول سیل ڈیلرز کے اسٹورز بند کردیے گئے۔

    مزید پڑھیں :  اسلام آباد میں 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد

    گذشتہ روز وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 14اگست یوم آزادی کے روز سے پلاسٹک کے بیگ کے استعمال پر پابندی کا اعلان کردیا۔

    خیال رہے کہ حکومت نے ضلع خیبر اور تمام سیاحتی مقامات کو باقاعدہ طور پر پولیتھن بیگ فری قرار دے دیا ہے ، پلاسٹک بیگز کو ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب قرار دیا جاتا ہے. ان بیگز کے ڈی کمپوز ہونے والے کئی صدیاں لگتی ہیں، سی باعث دنیا بھر میں پلاسٹک بیگز کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ 17 مئی 2019 کو وفاقی حکومت نے 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔